All posts by Khabrain News

شاہد آفریدی جونیئرلیگ میں ٹیم خریدنے کے خواہاں

لاہور: (ویب ڈیسک ) شاہد آفریدی پاکستان جونیئر لیگ کی فرنچائز ٹیم خریدنے کے خواہاں ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے جونیئرلیگ میں فرنچائز ٹیم خریدنے کی خواہش ظاہرکی ہے۔شاہد آفریدی نے بیان میں کہا کہ پاکستان جونیئر لیگ کی ٹیم خریدنے کا ارادہ تو ہے مگر یہ کام اکیلا نہیں کر سکتا ابھی قیمت کا بھی اندازہ نہیں۔ اس سلسلے میں ایک دو اداروں سے بات چیت چل رہی ہے ان کی معاونت سے اس پلان پر عمل کرنے کی کوشش کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جونیئر لیگ سے نہ صرف انڈر19 کرکٹرز کو سیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ ان کی مالی معاونت بھی ہوگی۔ہمیشہ سے اس بات کا قائل رہا ہوں کہ کوچنگ جونیئر سطح پرہونا چاہیے۔سینئرز کو صرف مینجمنٹ اور مناسب رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ جونیئرز کے لیے کام کرنا بڑی خوشی کی بات ہوگی۔

ٹی20 کی طرح ہاکی فائیومیں بھی پاکستان کی کامیابی کےروشن امکانات ہوسکتے ہیں، ریحان بٹ

لاہور: (ویب ڈیسک ) سابق اولمپئن اور کوچ ریحان بٹ کہتے ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی طرح ہاکی فائیو میں بھی پاکستان کی کامیابی کےروشن امکانات ہوسکتے ہیں۔
ریحان بٹ نے کہا یہ تیز ترین اور نیا فارمیٹ میں ہے جس میں بال میدان سے باہر نہیں جاتی اور سب کھلاڑیوں کو ہر وقت متحرک رہنا پڑتاہے۔ گولز کی تعداد زیادہ ہونے سے فینزبھی اس میں گہری دلچسپی لیں گے۔
انہوں نے کہا پاکستان کی ہاکی ٹیم سوئٹزر لینڈ کے شہرلوزانے میں ہاکی فائیو ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہے۔ یقین ہےکہ اس فارمیٹ میں ہمارے کھلاڑی بہت کچھ سیکھنے اور زیادہ بہتر پرفارمنس دینے کے قابل ہوں گے۔
کوچ ریحان بٹ کا کہنا تھا کہ کیمپ کے پہلے مرحلے میں فٹنس پر توجہ دی گئی، اب آخری مرحلے میں اسکلز ورک پر زیادہ فوکس کیاجارہاہے۔ اس وقت کیمپ میں 15 کھلاڑی ہیں جن میں حتمی 9 رکنی ٹیم کا انتخاب ہوگا۔ ایونٹ میں بھارت اور ملائیشیا کے ساتھ پولینڈ اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، کوشش ہوگی کہ بھارت اور ملائیشیا کو ہراکر فائنل میں جگہ بنائیں۔

عامر لیاقت مجھے نماز نہیں پڑھنے دیتے تھے، دانیہ شاہ کے شوہر پر سنگین الزامات

کراچی: (ویب ڈیسک ) عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ نے اپنے شوہر پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا ہے کہ عامر لیاقت مجھے نماز بھی نہیں پڑھنے دیتے تھے اور گھر میں قید رکھتے تھے۔
دانیہ شاہ نے عامر لیاقت کے ساتھ تقریباً 4 ماہ تک ازدواجی تعلقات کے بعد تنسیخ نکاح کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران دانیہ شاہ نے طلاق جیسے انتہائی قدم اٹھائے جانے کے بارے میں بات کی۔
میزبان نے دانیہ شاہ سے پوچھا کہ آپ تو بچپن سے عامر لیاقت کو پسند کرتی تھیں اور اس کا اعتراف آپ نے ایک انٹرویو میں بھی کیا تھا پھر اچانک کیا ہوا کہ آپ نے تنسیخ نکاح کا دعویٰ دائر کردیا؟
دانیہ شاہ نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ نہ میں نے عامر لیاقت کو دیکھا تھا نہ میں انہیں پسند کرتی تھی بلکہ عامر لیاقت نے مجھے کہا تھا کہ تم میڈیا پر یہ تمام باتیں کہنا۔ میں نے عامر لیاقت کو اپنے نکاح کے وقت دیکھا تھا۔ یہاں تک کہ میرے نام کے ساتھے ’’سیدہ‘‘ بھی عامر لیاقت نے ہی لگوایا تھا۔ حالانکہ میرا نام ’’دانیہ ملک‘‘ ہے۔
دانیہ شاہ نے عامر لیاقت پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ عامر لیاقت نے مجھے کبھی بھی گھر پر نوکروں کے سامنے عزت نہیں دی۔ ہاں میڈیا پر میرے ساتھ اچھے تھے لیکن جیسے ہی گھر پر پہنچتے تھے ان کا رویہ بدل جاتا تھا۔
دانیہ شاہ نے کہا کہ عامر لیاقت نے مجھے میرے گھر والوں سے دور کرنے کی بھی کوشش کی۔ دانیہ نے پیسوں کے لیے عامر لیاقت کے ساتھ شادی کرنے کے الزام کی بھی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس کے پیسوں یا چیزوں کی ضرورت نہیں ہے۔ میڈیا، دنیا اور لوگ کہہ رہے ہیں کہ دانیہ شاہ نے پیسے کے لیے عامر لیاقت سے شادی کی تو ایسی کوئی بات نہیں ہے۔
دانیہ شاہ نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ عامر لیاقت نے انہیں گھر میں قید کرکے رکھا ہواتھا۔ میزبان نے ان سے پوچھا کہ پھر آپ اس قید سے باہر کیسے نکلیں؟ تو دانیہ شاہ نے کہا کہ میری بھانجی پیدا ہونے والی تھی اور میری بہن کا آپریشن تھا اس لیے میں نے عامر لیاقت کے بہت ہاتھ پیر جوڑے کہ مجھے جانے دو میں نے عامر لیاقت کے ساتھ بہت اذیت میں وقت گزارا ہے۔
دانیہ شاہ نے کہا عامر لیاقت مجھے نماز بھی نہیں پڑھنے نہیں دیتا تھا۔ کہتاتھا نماز میں صرف دو رکعتیں ہوتی ہیں یہ کیسا عا لم ہوا جسے نہ عورت کی عزت کا پتہ ہے اور نہ نماز کا۔
دانیہ شاہ نے عامر لیاقت سے صلح کرنے کے حوالے سے کہا کہ عورت ذلیل ہونے کے لیے پیدا نہیں ہوئی۔ میں عامر لیاقت کے ساتھ نہ لڑائی کرنا چاہتی ہوں، نہ ان سے کچھ لینا چاہتی ہوں، میری سیدھی سی بات ہے کہ وہ مجھے طلاق دیں مجھے اس رشتے میں رہنا ہی نہیں ہے۔

’عید کے تہوار پر پہلا حق پاکستانی فلموں کا ہے‘،امر خان ڈاکٹر اسٹرینج کی نمائش پر مایوس

کراچی: (ویب ڈیسک ) اداکارہ امر خان نے سینما میں پاکستانی فلموں کو ہٹاکر ہالی ووڈ فلم ’’ڈاکٹر اسٹرینج‘‘ دکھائے جانے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ امر خان جو کہ عید الفطر پر ریلیز ہونے والی فلم ’’دم مستم‘‘ کی مرکزی اداکارہ اور اسی فلم کی مصنفہ بھی ہیں نے سینما گھروں سے پاکستانی فلموں کو ہٹا کر ہالی ووڈ فلم ’’ڈاکٹر اسٹرینج، دی ملٹی ورس آف میڈنس‘‘ دکھائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ امر خان نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں سینما مالکان کے اس عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ’’وہ فلم میکرز جنہوں نے 3 سال لگا کر فلمیں بنائیں اور کووڈ کی وجہ سے یہ فلمیں ریلیز نہ کی جاسکیں۔ تاہم بالآخر تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے جب پاکستانی فلمیں سینما گھروں میں ریلیز ہوئیں اور ان تمام فلموں کے ہاؤس فل گئے تو ایک غیر ملکی فلم کی وجہ سے ان کی 50 فیصد سے بھی زیادہ اسکرینز روک لی گئیں۔
امر خان نے کہا مسئلہ یہ نہیں ہے کہ آپ غیر ملکی فلموں پر پابندی لگائیں یا عوام جو ڈیمانڈ کررہی ہے انہیں وہ دیکھنے سے روک لیں، لیکن ایکوالٹی (مساوات) بھی کسی چیز کا نام ہے اور عید کے تہوار پر پہلا حق پاکستانی فلموں کا ہے۔
اداکارہ امر خان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا اپنے ملک کی فلم جیسی بھی ہو اس کے ساتھ ایک اپنائیت ہوتی ہے اور ان فلموں کا کمایا ہوا پیسہ اسی انڈسٹری میں واپس آئے گا۔ جب کہ ایک غیر ملکی فلم کا پیسہ دوسرے ملک میں جائے گا۔ عجیب بات یہ ہے کہ ہالی ووڈ فلم ’’ڈاکٹر اسٹرینج‘‘ کے بزنس کو کوئی فرق نہیں پڑتا اگر ایک سے ڈیڑھ ہفتہ یہ فلم پاکستانی سینماؤں میں نہ لگتی۔ لیکن پاکستانی فلموں کے اسکرین سے اتارے جانے پر ایک لوکل پروڈیوسر تباہ ہورہا ہے۔
امر خان کا کہنا تھا کہ مقامی فلموں کو بنانے میں، ہدایت کار، اداکار، رائٹر، کیمرہ مین، ٹیکنیشن، میک اپ آرٹسٹ سمیت بہت سے لوگوں کا خون پسینہ شامل ہوتا ہے۔ اب وقت ہے ہم سب کو اپنی فلموں کے لیے متحد ہونے کا۔
اداکارہ نے تمام لوگوں سے اپنی فلموں کو سپورٹ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہزاروں لوگ اس فلم انڈسٹری میں کام کررہے ہیں تاکہ اسے دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرسکیں، بہتر کوالٹی لاسکیں۔ اسلیے مہربانی کرکے اس بار پاکستان اور پاکستانی فلم میکرز کو جیتنے دیجئے۔ ڈاکٹر اسٹرینج کو آپ کی ضرورت نہیں ہے پاکستانی فلم میکرز کوہے۔

انٹرنیٹ پرڈانس کرتے بچے کی مشہور اینی میشن کی 26 سال بعد واپسی

سوئزرلینڈ: (ویب ڈیسک ) اگرآپ 35 سے 40 برس کے ہیں تو یاد ہوگا کہ ایک زمانے میں پیمپر باندھے بچے کی اینی میٹڈ گف بہت مقبول ہوئی تھیں جو انٹرنیٹ اٹیچمنٹ کے طور پر تیزی سے وائرل ہوئی تھیں۔ اس میں ایک بچے کو بے ساختہ ناچتے دیکھا جاسکتا ہے اور اب وہی بچہ دوبارہ بھیس بدل کر سامنے آگیا ہے۔
اسے 26 سال قبل دنیا میں یکساں طور پر مقبول ہونے والی میم کا درجہ حاصل تھا۔
اسے پہلی مرتبہ بنانے والے اینی میٹر مائیکل جیرارڈ، رابرٹ لیورے اور جان چیڈوِک نے ڈانس کرتے بچے کو اب تھری ڈی رخ دیا ہے اور اس میں کئی تبدیلیاں کی ہیں۔ لیکن اب اسے بطور این ایف ٹی یا نان فنجیبل ٹوکن کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔
اس بچے کی اینی میشنگ گف نے گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کیا تھا کیونکہ یہ سب سے زیادہ دیکھی اور ڈاؤن لوڈ کی جانے والی اینی میشن ویڈیو بھی تھی اور لوگ اسے اپنے ڈیسک ٹاپ پر بار بار دیکھا کرتے تھے۔ تاہم اب اس میں کچھ ری مکس میوزک بھی شامل کیا گیا ہے۔
اب اس کے رنگ اور وضاحت کو بڑھاکر اسے مزید حقیقی بنایا گیا ہے۔ ایک مقام پر اس بچے کے بہت سے سر بنائے گئے ہیں جو عہدِ جدید کی تیزرفتار اور ناقابلِ اعتبار زندگی کو ظاہر کرتے ہیں۔ ایک اور جگہ پر بچے کو پروں کے ساتھ بھی دکھایا گیا ہے۔
26 برس قبل اسے تھری ڈی اسٹوڈیو میکس کے اولین سافٹ ویئر پر بنایا گیا تھا جس کا مقصد لوگوں کو اینی میشن کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔ اس کے بعد ڈانسنگ بے بی کے پوسٹر چھپے، اسکرین سیور بنائے گئے اور ٹی شرٹ بھی چھاپی گئی تھیں۔ اگرچہ یہ ایک ہلکی پھلکی اور لو ریزولوشن تخلیق تھی لیکن اس نے پوری دنیا کو محظوظ کیا تھا۔

بیگ میں سماجانے والا ڈرون جو ایک گھنٹے تک 15 کلووزن اٹھاسکتا ہے

کیلفورنیا: (ویب ڈیسک ) نت نئے ڈیزائن کے نئے انقلابی ڈرون روزانہ ہی سامنے آرہے ہیں اور اب بیگ پیک میں سماجانے والا ایسا ڈرون سامنے آیا ہے جو 15 کلوگرام (33 پاؤنڈ) وزن اٹھا کر ایک گھنٹے ہموار انداز میں پرواز کرسکتا ہے۔
اس سے قبل اتنا وزن اٹھانے والے سارے ڈرون بہت بڑے اور بھاری بھرکم تھے لیکن اب خاص کاربن ڈھانچے پر مشتمل ایک ڈرون تیار کیا گیا ہے جسے ایک آدمی کسی مشکل کے بغیر پیٹھ پر لاد کر ایک سے دوسری جگہ لے جاسکتا ہے۔ اس طرح حادثات میں مدد، ادویہ اور خوراک پہنچانے میں یہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
کیلیفورنیا کی ریئل ٹائم روبوٹکس کمپنی نے اسے تیار کیا ہے۔ اس کا کاربن فائبر ڈھانچہ جدید انداز میں بنایا گیا ہے۔ اس کے پروپیلر بازو ایک خاص انداز سے فولڈ ہوکرسکڑ جاتے ہیں اور کم جگہ کی بنا پر ایک بیگ میں سماسکتے ہیں۔ اب تک اس طرح کے جتنے ڈرون بنائے گئے ہیں ان کے مقابلے میں نئے ڈرون کی وزن اٹھانے کی صلاحیت ڈھائی گنا زائد ہے۔
ایک ہی وقت میں اس پر کئی طرح کے کیمرے اور سینسر لگائے جاسکتے ہیں جن میں بصری، تھرل، کورونا اور لیڈار یونٹ شامل ہیں ۔ فلم سازی کے لیے کیمروں کو 360 درجے کے زاویئے پر گھمایا جاسکتا ہے۔
دوسری اہم بات یہ کہ ڈرون اپنے آپریٹر سے مسلسل رابطے میں رہتا ہے اور 11 کلومیٹر دوری کے باوجود یہ رابطہ برقرار رہا ہے۔ اس پر نصب 29400 ایم اے ایچ بیٹری ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد لگ بھگ ایک گھنٹے تک چلتی رہتی ہے۔
ڈرون کو تجارتی، عسکری اور امدادی کاموں کے لیے استعمال کیا جاسکتا جس کی تعارفی قیمت 25000 ڈالر رکھی گئی ہے۔

بایوپسی کے بغیر جلد کا سرطان شناخت کرنے والا دستی آلہ

نیوجرسی: (ویب ڈیسک ) ہاتھوں میں سماجانے والے ایک نئے آلے کی بدولت اب کسی بایوپسی کے بغیر جلد کے سرطان کی درست شناخت کی جاسکتی ہے۔
دنیا بھر میں اسکن کینسر کی شناخت کے لیے اس کا ایک باریک ٹکڑا نکال کر کئ روز تک تجربہ گاہ میں اس کا جائزہ لیا جاتا ہے جسے بایوپسی کہا جاتا ہے۔ لیکن اسٹیون انسٹی ٹیوٹ کا بنایا ہوا دستی آلہ ملی میٹر طولِ موج (ویولینتھ) سے کینسر کو دیکھ کر اس کے سرطانی اور غیرسرطانی ہونے کی نشاندہی کرسکتا ہے۔
سرطانی تشخیص کے لئے بایوپسی کا عمل وقت طلب اور تکلیف دہ ہوتا ہے۔ اس میں مشکوک مسے یا چھالے کا ایک چھوٹا ٹکڑا کاٹ کر تجربہ گاہ میں بھیجا جاتا ہے جبکہ اس کا زخم بھرنے میں ہفتوں لگ جاتے ہیں۔ اب یہ حال ہے کہ کئی مرتبہ بلاوجہ بار بار بایوپسی کرنا پڑتی ہے یوں جِلدی سرطان کی شناخت ایک معمہ بن چکی ہے۔
اب اسٹیونز انسٹی ٹیوٹ نے ایک نیا آلہ بنایا ہے جو کم خرچ ہونے کے ساتھ ساتھ فوری طورپر نتائج دکھاتا ہے اور تجربہ گاہی معیار کے عین مطابق بھی ہے۔ یہ ملی میٹر سطح پر بایوپسی کی تصویر کشی کرتا ہے اور یہ ٹیکنالوجی ایئرپورٹ پر اسکیننگ میں عام استعمال ہوتی ہے۔
آلہ جلد کی اسکیننگ کرتا ہے اوروہاں سے منعکس شدہ شعاعوں کا جائزہ لیا ہے۔ اس کا الگورتھم کئی اینٹینا سے بہترین تصویر بناتا ہے۔ یہ بلند وضاحت اور کسی رخنے کے بغیر چھوٹے سے داغ اور باریک مسے کو بھی دیکھ لیتا ہے۔
سب سے پہلے اس کا ایک بڑا ٹیبل ورژن بنایا گیا جس سے 71 افراد کی جلد اسکین کی گئی ۔ چند ہی سیکنڈ میں ہر مریض کا جائزہ مکمل ہوگیا اور ماہرین نے 97 فیصد درستگی اوراس کی سرطانی قسم معلوم کرنے میں 98 فیصد درستگی سے اس کا جائزہ لیا۔ یہ شرح جدید ترین ہسپتال کی تجربہ گاہ سے بھی بلند تھی۔
اگرچہ سرطانی تصویر کشی کے کئی آلات دستیاب ہیں لیکن وہ بہت مہنگے اور بڑے ہیں اور غریب ممالک کی پہنچ سے باہر ہیں۔ اس کے مقابلے میں نیا تیزرفتار دستی آلہ بہت کم خرچ اور مؤثر بھی ہے۔
ملی میٹر ویولینتھ کی وجہ سے روشنی جلد میں دو ملی میٹر تک سرایت کرجاتی ہے اور ابھار کا تھری ڈی نقشہ سا بناتی ہیں۔ پھر تصویر کو ایک سافٹ ویئر تک بھیجا جاتا ہے جہاں الگورتھم اس کے کینسر ہونے یا نہ ہونے کی پیشگوئی کرتا ہے۔ اس کے بعد بایوپسی سے مزید تصدیق کی جاسکتی ہے۔
اگلے مرحلے میں اسے مزید چھوٹا کیا جائے گا اور یوں صرف دو برس کے اندر اندر اس کا ایک ماڈل 100 ڈالر میں عام دستیاب ہوگا۔

وفاقی حکومت نے ایم ڈی بیت المال ظہیر عباس کھوکھر کو عہدے سے ہٹا دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) وفاقی حکومت نے ایم ڈی بیت المال کو عہدے سے ہٹا دیا۔
ایم ڈی بیت المال ظہیر عباس کھوکھر کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری لے لی گئی۔ ظہیر عباس کھوکھر کو پی ٹی آئی حکومت میں ایم ڈی بیت المال تعینات کیا گیا تھا۔

حکومت پاکستان کا بھارت کیساتھ تجارت بحال کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) حکومت نے بھارت کیساتھ تجارت بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پانچ سال بعد بھارت میں ایک با ر پھر ٹریڈ منسٹر تعینات کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹریڈ افسران کی تعیناتی سے متعلق گزشتہ دور حکومت میں بھجوائی گئی سمری کی منظوری دی ہے جس کے تحت بھارت سمیت پندرہ اسٹیشنز پر ٹریڈ افسران تعینات کیے جائیں گے۔ وزارت تجارت کے افسر قمر زمان بھارت میں ٹریڈ منسٹر ہوں گے۔ 2017 کے بعد سے بھارت میں پاکستان کا ٹریڈ منسٹر تعینات نہیں تھا جبکہ پڑوسی ملک کیساتھ 2019 سے تجارت معطل ہے۔
کوثر علی زیدی کابل جبکہ نعمان اسلم استنبول میں قونصلر جنرل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق عروج مہوش کو پیرس، آمنہ نعیم کو فرینکفرٹ، قرۃ العین فاطمہ کو لاس انجلس، محمد بلال کو برسلز، سرین اسد کو دوحہ اور زین عزیز کو ڈھاکہ میں ٹریڈ آفیسر تعیناتی کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ فہد رضا جنیوا، ڈاکٹر عامر تہران، غلام قادر بیجنگ اور عبدالمجید کو دوشنبے میں ٹریڈ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔
خیال رہے وزیراعظم شہباز شریف نے ٹریڈ افسران کی تعیناتی سے متعلق گزشتہ دور حکومت میں بھجوائی گئی سمری کی منظوری دے دی۔

سری لنکا کا معاشی بحران: پرتشدد مظاہرے، عوام نے سیاستدانوں کے گھروں کو آگ لگا دی

کولمبو: (ویب ڈیسک ) کئی ماہ سے جاری معاشی بحران سری لنکن کے وزیراعظم کی حکومت لے ڈوبا۔ مظاہرین نے ایک وزیر سمیت متعدد سیاستدانوں کے گھروں کو آگ لگا دی۔ جھڑپوں میں ایک رکن پارلیمنٹ سمیت تین افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے۔
سری لنکا کا معاشی بحران سیاسی بحران میں تبدیل، پرتشدد مظاہرے وزیر اعظم کی کرسی لے ڈوبے، مشتعل عوام نے سیاستدانوں کے گھروں کو آگ لگا دی۔ کئی روز سے جاری مظاہرے اس وقت پرتشدد شکل اختیار کر گئے۔ جب حکومتی رکن پارلیمنٹ نے اپنے حامیوں کے ساتھ مظاہرین پردھاوا بول دیا۔ مظاہرین نے رکن پارلیمنٹ کو جان سے مار دیا۔
صورتحال کشیدہ ہوئی تو وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ لیکن مظا ہرین کا غصہ کم نہ ہوسکا۔ مشتعل ہجوم نے سیاستدانوں کے گھروں کا گھیراؤ کرلیا، ایک سابق وزیر سمیت متعدد سیاستدانوں کے گھروں کو آگ لگا دی۔ مہندا راجا پاکسے کی رہائشگاہ کے باہر بھی ہزاروں کا مجمع اکٹھا ہوگیا۔ مظاہرین نے وزیراعظم کے بھائی، صدر گوتا بایا راجا پاکسے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔ صورتحال پر قابوپانے کے لیے ملک بھر میں کرفیو نافذ کر کے فوج کو طلب کیا گیا۔