All posts by Khabrain News

پی سی بی کا کورونا کے باعث اپنایا جانے والا بائیوسیکور ببل ختم کرنے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دنیا میں کورونا کی صورتحال کے سبب 2 برس قبل کرکٹ مقابلوں میں اپنایا جانے والا بائیو سیکور ببل ماحول ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان سمیع برنی نے بائیو سیکور ببل ختم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کوویڈ 19 کی صورتحال میں بہتری کے بعد کیا گیا ہے، کورونا کے آغاز پر پی ایس ایل کے میچز بند دروازوں میں کروا کر پی سی بی بائیو سیوکر ببل ماحول اپنانے والا دنیا کا پہلا کرکٹ بورڈ بنا تھا۔
بورڈ کے اس تاریخی فیصلے کے بعد مقابلوں میں شریک کرکٹرز اب کمروں میں بند نہیں رہیں گے، اس کا اطلاق سری لنکا ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے ہوگا جبکہ حالات موزوں ہونے پر جون میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل ہوم سیریز بھی بائیو سیکور ببل ماحول سے آزاد ہوگی۔
بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے سماجی فاصلہ رکھنے سمیت دیگر اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دوران مقابلہ کسی بھی کھلاڑی یا آفیشل میں علامات ظاہر ہونے پر رپیپڈ ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی صورت میں ضابطہ کے مطابق پی آر سی ٹیسٹ کے بعد آئسولیٹ کردیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں بورڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کپ کے فائنل میں بائیو سیکور ببل ماحول ختم کرنے کا تجربہ کیا گیا تھا، اس تجربہ میں کامیابی پر کرکٹ ایونٹس میں بائیو سیکورببل جاری نہ رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

ایک تقرری کیا ہوئی عمران خان اندھا اور بہرا ہو گیا: مریم نواز

اٹک: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہر روز ایک نیا جھوٹ بولتا ہے، چند دن پہلے کہتا ہے جھوٹا خط مارچ میں آیا تھا اور کل اپنے جھوٹ کا پول خود کھول دیا کہ مجھے پہلے سے پتہ تھا کہ پچھلے سال جولائی میں میرے خلاف سازش ہو رہی ہے۔ عمران خان کہتا ہے انٹیلی جنس آفیسر میری آنکھ اور کان تھا، ن لیگ جانتی ہے انٹیلی جنس آفیسر تمہاری آنکھیں اور کان نہیں تھا وہ تمہارا ہاتھ تھا جس سے تم سیاسی مخالفین کے ہاتھ دبوچتے تھے، ایک تقرری کیا ہوئی عمران خان کی آنکھیں، کان بھی گئے، اندھا اور بہرا ہو گیا۔
اٹک کی تحصیل فتح جنگ میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آپ کی عمران خان نحوست سے جان چھوٹ گئی۔ فتح جنگ نہیں اپنے گھرآئی ہوں، آپ کو خادم پاکستان دن رات کام کرنے والا وزیراعظم مبارک ہو۔مبارک ہو، اللہ نے عمران جیسی نحوست سے پاکستان کو آزاد کیا، نحوست آپ کا آٹا، چینی، بجلی کھا گئی۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اپنی کرسی کی نہیں شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کی تکلیف ہے، پی ٹی آئی چیئر مین اب اس تکلیف کی عادت ڈال لو، اب انشااللہ آنے والا دور نوازشریف، شہبازشریف کا ہے۔ ابھی شہبازشریف کوایک ماہ ہوا آٹا،چینی سستی ہوگئی۔ کبھی شہبازشریف کو چیری بلاسم، بوٹ پالش کرنے والا کہتا ہے، جس انسان نے ساری زندگی بوٹ پالش کیے ہوں اس کے علاوہ کچھ نہیں آتا، اتنے بڑے گھپلے کر کے گیا ہے، شہبازشریف اس کی نالائقی کی داستانیں سامنے لائے گا، خادم پاکستان فجر کی نماز کے بعد خدمت شروع کر دیتا ہے، عمران خان چارسال انتقام میں لگا رہا۔ ابھی شہبازشریف کوایک ماہ ہوا آٹا،چینی سستی ہوگئی۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار جیسی سوغات کو وزیراعلیٰ پنجاب بنایا گیا، انتقام پر لگا رہا وقت پر تیل نہیں منگوایا اور لوڈشیڈنگ ہوتی رہی۔ کیا بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی ہوئی؟ عمران خان کی نیچے سے کرسی کھسکی، اوپرسے دماغ کھسک گیا ہے، روز ٹی وی پر آ کر نئی، نئی کہانیاں سناتا ہے، کبھی کہتا ہے سازش ہو گئی، اس خط کا وجود ہی نہیں تھا، میں نے تو کہا یہ باقی عمر خط دکھا، دکھا کر پیسے مانگا کرے گا، ہرروزنیا جھوٹ بولتا ہے، رات کو کہا پچھلے سال جولائی سے جانتا تھا میرے خلاف سازش ہو رہی ہے، رات کو خود ہی اپنے جھوٹ کا پول کھول دیا، کہتا رہا دعا مانگتا ہوں عدم اعتماد لاؤ، اب عدم اعتماد کامیاب ہو گئی تو رونا کس بات کا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہر روز ایک نیا جھوٹ بولتا ہے، چند دن پہلے کہتا ہے جھوٹا خط مارچ میں آیا تھا اور کل اپنے جھوٹ کا پول خود کھول دیا کہ مجھے پہلے سے پتہ تھا کہ پچھلے سال جولائی میں میرے خلاف سازش ہو رہی ہے، کہتا ہے۔
ن لیگ کی نائب صدر نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی کا نام لیے بغیر کہا کہ عمران خان کہتا ہے انٹیلی جنس آفیسر میری آنکھ اور کان تھا، ہم جانتے ہیں تمہاری آنکھیں اور کان نہیں تھا، وہ تمہارا ہاتھ تھا جس سے تم سیاسی مخالفین کے ہاتھ دبوچتے تھے، ایک تقرری کیا ہوئی اس کی آنکھیں، کان بھی گئے، اندھا اور بہرا ہو گیا، وہ بیساکھیاں تھی اس کی۔ اس شخص سے بے فیض ہوا تو دھڑم سے حکومت زمین پر گر گئی، اب عوام کو کہتا ہے میرے ساتھ لانگ مارچ کے لیے اسلام آباد چلو، وہ لانگ مارچ، آزادی مارچ نہیں ’گوگی بچاؤمارچ‘ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علیمہ باجی کی سلائی مشینوں کے قصے سنے ہیں، اپنی بہن کوبچانے کے لیے عمران نے کبھی بیان نہیں دیا، قوم کوانڈوں،مرغیوں کے پیچھےلگادیا۔ عوام سے پوچھتی ہوں بتاؤ توشہ خان کون ہے؟ سن لوعمران خان فتح جنگ کو بھی پتا ہے کون ہے توشہ خان، لوگوں کوبھاشن دیتا تھا سابق وزرائے اعظم گاڑیاں ساتھ لے گئے، پروٹوکول کے تحت ایک گاڑی سابق وزیراعظم کو ملتی ہے، پی ٹی آئی چیئر مین ایک بی ایم ڈبلیو گاڑی ساتھ لے گیا، وزیراعظم ہاؤس فون کر کے کہتا ہے بی ایم ڈبلیو خراب ہو گئی دوسری گاڑی دیدو، نوازشریف، شاہدخاقان عباسی نے وزیراعظم ہاؤس سے جاتے ہوئے سرکاری گاڑی نہیں لیں، عمران خان 15 کروڑکی بی ایم ڈبلیولیکرچلتا بنا۔
ن لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ، کروڑوں، اربوں روپے ملازمین کے اکاؤنٹس میں منگوائے، عارف نقوی سے اس نے لاکھوں ڈالرلیے، غلط طریقے سے پیسے تم منگواؤ اور استعفیٰ الیکشن کمشنر دے، چیف الیکشن کمشنرعمران خان نے خود لگایا، اپنی چوری پکڑے جانے پرکہتا ہے الیکشن کمشنراستعفیٰ دے، کوئی استعفی نہیں دے گا، چوری کا حساب دینا ہو گا، مدینہ منورہ میں نعرے بازی سے سرشرم سے جھک گیا، یہ شخص سیاسی دشمنی میں اتنا آگے نکل گیا، اس نے پلاننگ کر کے مدینہ منورہ میں لندن سے بندوں کو بھیج کر نعرے لگوائے، حرم شریف میں مریم اورنگزیب کوگالی نکالی گئی۔ آسمان کا نظام حرکت میں آیا تو اس کا جھوٹا نقاب اترگیا، سعودی عرب میں ان غریب پاکستانیوں کا کیا قصورتھا۔ شیخ رشید کے بھتیجے کو پکڑا گیا تو کہتا ہے فون سعودی عرب چھوڑآیا، اسے پتا تھا فون مل گیا تو تانے، بانوں کا کھرا بھی بنی گالہ جائے گا، جب اس کو پتا چلا حکومت، سیاست ختم ہونے جا رہی ہے، اب کہتا ہے اسلام آباد میں ساتھ چلو، کیا عوام کے مقدر میں لانگ مارچ، فتنہ، فساد لکھا ہے یا ترقی بھی لکھی جانی چاہیے، جو روٹی، بجلی، ترقی عمران نے چھینی تھی وہ نوازشریف،شہبازشریف واپس دلواکررہیں گے۔

عامر خان اور رنبیر کپور جلد ایک ساتھ سلور اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے سپر اسٹار عامر خان اور رنبیر کپور جلد ہی مداحوں کو ایک فلم میں کام کرتے نظر آئیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان اور رنبیر کپور انوراگ باسو کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم میں ایک ساتھ اسکرین شیئر کر سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق فلم اس وقت ابتدائی مرحلے میں ہے اور انوراگ باسو دونوں سپر اسٹارز کیلئے اسکرین پلے تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ عامر اور رنبیر فلم کی حتمی شکل سے مطمئن ہوکر فلم میں کام کرنے کا فیصلہ کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق اگر سب کچھ صحیح رہا تو یہ فلم اگلے سال ریلیز کی جائے گی۔
واضح رہے کہ رنبیر کپور نے عامر خان کی فلم ‘پی کے’ کے اختتامی مراحل میں ایک مختصر سا کردار نبھایا تھا۔

امریکی وزیر خارجہ کا بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ امریکی وزیر خارجہ نے ٹیلیفون کیا ہے، عہدہ سنبھالنے پر انہوں نے مجھے مبارکباد دی جس پر ان کا مشکور ہوں۔
وزیر خارجہ نے مزید لکھا کہ ٹیلیفونک رابطے کے دوران باہمی، وسیع البنیاد تعلقات کو مضبوط بنانے، امن، ترقی اور سلامتی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ امریکی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران اتفاق ہوا کہ باہمی احترام کے ساتھ ملکر کام کرنا ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔

آئی ٹی برآمدات کو 15 بلین ڈالر تک لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو 15 بلین ڈالر تک لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے یہ بات ہواوے کمپنی کے مشرق وسطیٰ اور افریقہ ریجن کے صدر سے ملاقات کے دوران کہی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کمپنیوں کو ہر صورت سہولت فراہم کی جائے گی،ہواوے کے ساتھ تعاون سے نوجوانوں کومختلف ذرائع سےتربیت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہواوے کے ساتھ تعاون سےیونیورسٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔

عمران خان کے الزامات پر علیم خان کھل کر سامنے آگئے، مناظرے کا چیلنج

لاہور: (ویب ڈیسک) عمران خان کے الزامات پر علیم خان بھی کھل کر سامنے آگئے۔ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ٹی وی پر آکر مناظرے کا چیلنج دے دیا۔
علیم خان کا کہنا تھا کہ آپ کے پاس جو کچھ ہے بتا دیں، ہم بھی حقائق بتائیں گے، عزت سے میرا نام لیں میں بھی آپ کا عزت سے نام لوں گا، عمران خان نے مجھ پر 300 ایکڑ زمین لیگل کروانے کا الزام عائد کیا، یہ الزام جھوٹ ہے، حقائق کو مسخ کیا گیا، میرے پاس 300 ایکڑ نہیں 3 ہزار ایکڑ ہے، میں نے زمین ایکوائر نہیں کرائی بلکہ زمینداروں سے خریدی ہے۔

اتنی صلاحیت ہے کہ ڈالر کا ریٹ 5 روپے ہونا چاہیے، آصف زرداری

نواب شاہ: (ویب ڈیسک) سابق صدر پاکستان آصف زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ ہمارے پاس اتنی صلاحیت ہے کہ ڈالر کا ریٹ پانچ روپے پاکستانی کے مساوی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ اس لیے شروع نہیں کیا کہ چھوٹی سڑکیں اور ٹرام بنالوں۔
انہوں ںے نواب شاہ کے قریب واقع گاؤں میں منعقدہ استقبالیہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
مجھےسب اچھاہےکی رپورٹ دی جاتی ہے لیکن آج دیکھا کہ گاؤں کا راستہ خراب ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس لیے گاؤں گاؤں جا رہا ہوں تا کہ پتہ چلے کہ سڑکیں کیسی بنی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ میرے لوگوں نے مجھے بہت کچھ دیا ہے، صدربنا تو بلوچستان کے غم بہت کم کیے لیکن بلوچستان اورخیبرپختونخوا میں اب بھی بہت سے مسائل ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ مسائل کا حل طاقت کے ذریعے نکالتا ہوں، میں آپ لوگوں کے سامنے سرخرو ہوا، اگر بھاگ جاتا تو اپ کہتے اچھا تووہ تم ہو جو لندن میں رہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے حلقے کے لوگوں سے ہمیشہ محبت کی ہے اور کرتا رہوں گا، مجھے اپنے کارکنوں سے کوئی بھی دور نہیں کرسکتا، حلقے کےلوگوں نےمجھے ووٹ دے کرایوانوں تک پہنچایا۔

چین : عمارت گرنے سے ہلاکتیں 53 ہو گئیں، ایک خاتون 6 دن بعدزندہ بچ گئی

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں رہائشی عمارت گرنے سے ہلاک افراد کی تعداد تریپن ہو گئی۔ ایک خاتون کو چھ دن بعدزندہ نکال لیا گیا۔
صوبہ ہنان کے شہر چینگ شا میں 29 اپریل کو آٹھ منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہو گئی تھی۔
چینی حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، حادثے میں 53 افراد ہلاک ہوئے۔ ملبے سے اب تک 10 افراد کو زندہ نکالا گیا۔ ایک خاتون کو چھ دن بعدزندہ نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

شاہ رخ خان سے سرد جنگ کا معاملہ، اجے دیوگن نے وضاحت پیش کردی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اسٹار اجے دیوگن نے شاہ رخ خان کے ساتھ خراب تعلقات کی تردید کردی۔
بالی ووڈ میں فنکاروں کے درمیان خاموش تنازعات کی خبریں میڈیا کی زینت بنتی رہتی ہیں اور اس مرتبہ اجے دیوگن اور شاہ رخ خان کے درمیان تعلقات خراب ہونے کی خبریں گرم ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کی فلم ’جب تک ہے جان‘اور اجے دیوگن کی فلم ’سن آف سردار‘ کی باکس آفس پر ریلیز سے شروع ہونے والا تنازعہ اب تک جاری ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ تنازعہ اتنا اتنی شدت اختیار کرگیا ہے کہ دونوں اداکاروں کے تعلقات پر بھی منفی اثرات مرتب کررہا ہے۔
تاہم سپراسٹار اجے دیوگن نے شاہ رخ خان کیساتھ سرد مہری اور خراب تعلقات کی تردید کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ میرے اور کنگ خان کے تعلقات بہت اچھے ہیں اور ہم ایک دوسرے کی مدد بھی کرتے ہیں، میڈیا میں میرے اور شاہ رخ سے متعلق جو باتیں سرگرم ہیں وہ محض افواہ ہیں۔
اجے دیوگن نے بتایا کہ ہماری اکثر فون پر گفت و شنید ہوتی ہے، اگر ایک مشکل میں ہو تو دوسرا مدد کیلئے ساتھ کھڑا ہوتا ہے کیوں کہ ہم دوسرے پر بھروسہ اور یقین کرتے ہیں۔

بندر قتل کیس کے تمام ثبوت لے کر فرار

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جہاں پر ایک بندر قتل کیس کے تمام ثبوت لیکر فرار ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان میں پولیس نے قتل کیس کی سماعت کرنے والی عدالت کے سامنے ایک عجیب و غریب وضاحت پیش کی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ایک بندر کیس میں جمع کیے گئے شواہد لے کر بھاگ گیا تھا بندر جو شواہد لیکر فرار ہوا اُن میں قتل کا ایک ہتھیار (ایک چاقو) بھی شامل تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جے پور کے چندواجی علاقے کے ششی کانت شرما کی موت کی تحقیقات کر رہی ہے جوکہ 2016 میں ہوئی تھی۔ مسٹر شرما کے اہل خانہ نے الزام لگایا تھا کہ ان کا قتل کیا گیا جس کے لیے اُنہوں نے احتجاج بھی کیا تھا۔
احتجاج کے بعد پولیس نے پانچ دن بعد دو لوگوں راہول اور موہن لال کو گرفتار کیا تھا۔ انہیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ قتل کے ہتھیار سمیت تمام شواہد پر مشتمل بیگ کو پولیس اسٹیشن میں ایک درخت کے نیچے رکھا گیا تھا۔
مقدمے کی سماعت کئی سالوں میں کئی مراحل سے گزری اور جب حال ہی میں عدالت نے پولیس سے ثبوت پیش کرنے کو کہا تو انہوں نے کہا کہ ثبوت کو بندر نے چرالیا۔
پولیس نے عدالت میں ایک تحریری بیان دیتے ہوئے بنچ کو مطلع کیا کہ ان کے پاس موجود ثبوت چوری ہو گئے ہیں۔