All posts by Khabrain News

سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز؛ قومی ویمنز ٹیم کا کیمپ کل سے شروع ہوگا

لاہور: (ویب ڈیسک) سری لنکا کے خلاف 24 مئی سے شیڈول ہوم سیریز کے لیے قومی ویمنز ٹیم کا کیمپ کل سے کراچی میں شروع ہوگا۔
پاکستان اور سری لنکا کی اس سیریز میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز رکھے گئے ہیں۔
تربیتی کیمپ میں 26 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے تاہم کپتان بسمعہ معروف، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور فاطمہ ثنا دبئی میں انٹرنیشنل ویمن لیگ کی وجہ سے کیمپ کا حصہ نہیں ہوں گی۔
پاکستان اور سری لنکا کی ویمن ٹیموں کے درمیان تمام میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ ورلڈکپ میں ناقص ترین پرفارمنس کے بعد یہ قومی ویمن ٹیم کی پہلی سیریز ہوگی۔

ٹک ٹاک نے تخلیق کاروں کے لیے رقم کمانے کا نیا آپشن پیش کردیا

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) اس میں کوئی شک نہیں کہ ٹک ٹاک سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر راکٹ کی رفتار سے پرواز کررہا ہے اور اس سال بھی مقبولیت میں سب سے آگے ہے لیکن صارفین کے لحاظ سے نہیں بلکہ ویڈیو پر گزارے گئے کل وقت کے لحاظ سے اب بھی سرِ فہرست ہے۔
اس کے باوجود ممتاز ٹک ٹاکر ایک عرصے سے انتظامیہ سے خفا تھے جس میں ویڈیو چھوٹی ہونے کی وجہ سے اشتہارت کی شمولیت، ناکافی فنڈنگ اور دیگر مالیاتی ترغیبات شامل ہیں۔ اب ٹک ٹاک نے پلس پروگرام کے ذریعے اس کا ازالہ کرنے کی سنجیدہ کوشش کی ہے۔
اب پلس پروگرام کے تحت تخلیق کاروں کی ویڈیوز میں اشتہارات شامل کیے جائیں گے جس سے صارفین اچھی رقم بناسکیں گے۔ اس کے علاوہ آمدنی کی شراکت کی شفاف تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں۔
اس پروگرام کا دلچسپ پہلو یہ ہے کہ اشتہاردینے والے ادارے لگ بھگ 12 زمروں میں تقسیم ویڈیوز میں سے ایک کا انتخاب کرسکیں گے کہ آیا کونسی ویڈیو ان کے صارفین، کسی کلچر اور خاص ناظرین کے لحاظ سے موزوں رہے گی لیکن اس میں بھی ویڈیو کی مقبولیت، صارفین کے ردِ عمل کو سرِفہرست رکھا گیا ہے۔ اس طرح مشہور ترین ٹک ٹاکرز کی شکایت کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
پلس پروگرام کے تحت مشتہرین فیشن، گیمنگ، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں کی ویڈیوز میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکیں گے۔ اس طرح ٹارگٹ ایڈور ٹائزنگ کو فروغ مل سکے گا تاہم ’تصدیق شدہ یا ویریفائڈ کانٹینٹ‘ پر ہی اشتہار دکھائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ دیگر عامل کو بھی مدِ نظر رکھا گیا ہے۔
تاہم تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ اس نئی پیشکش میں ٹک ٹاک نے ویڈیو بنانے والوں کی بجائے مشتہرین کو زیادہ سہولت دی ہے لیکن دوسری جانب اس سے خود ٹک ٹاکر کی مالی آمدنی بڑھ سکے گی۔ فی الحال ایک لاکھ فالوورز والے ٹک ٹاکر ہی پلس پروگرام کے اہل ہوں گے۔
اب بھی یہاں چھوٹے ٹک ٹاکر کو کوئی خاص فائدہ نہ ہوگا۔ شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ لاکھوں فالوورز کے حامل کئی ٹک ٹاکرز نے مونیٹائزیشن پر کئی سوالات اٹھائے تھے اور ٹک ٹاک نے فی الحال انہیں ہی خوش کرنے پر عمل کیا ہے۔

برازیل میں دنیا کی معمر ترین خاتون موجود

براسیلیا: (ویب ڈیسک) برازیل میں ’میری گومس‘ نامی 121 سالہ ضعیفہ کو دنیا کی معمر ترین خاتون قرار دیا جارہا ہے تاہم گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے فی الحال تصدیق نہیں ہوئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق میری گومس 16 جون 1900ء کو پیدا ہوئیں اور اس حساب سے ان کی عمر 121 برس بنتی ہے۔ برازیل کی میڈیکل ٹیم نے ’موم جیزز‘ نامی گاؤں سے طویل العمر خاتون کا سراغ لگایا۔ دنیا کی معمر ترین خاتون کا شوہر اور ان کی کوئی اولاد دنیا میں نہیں رہی جس کے سبب وہ اپنی پوتی کے ہاں رہ رہی ہیں جو ان کا بہت خیال رکھتی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ میری گومس کے 13 پڑپوتے پوتیاں ہیں اور ان کی بھی 6 اولادیں ہیں۔ جاپان سے تعلق رکھنے والی خاتون کین تناکا کی 118 سال کی عمر میں انتقال کے بعد فرانیسی خاتون نن لوسیل کے پاس گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے دنیا کی عمر ترین خاتون ہونے کا اعزاز حاصل ہے جو 11 فروری 1904ء کو پیدا ہوئیں۔
برازیلین انتظامیہ کا ماننا ہے کہ میری گومس اب دنیا کی طویل عمر پانے والی شخصیت ہیں جبکہ اس کا فیصلہ ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم تحقیقات کے بعد کرے گی۔ مذکورہ خاتون 8 سال قبل خود سے کام کاج کیا کرتی تھیں لیکن اب ان کی صحت جواب دے چکی ہے۔

چندے کی پیٹی کے چوروں پر نظررکھنے والا سافٹ ویئر تیار

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) پاکستان ہو یا جاپان، ہر جگہ چندے کی پیٹیوں پر ہاتھ صاف کرنے والے موجود ہوتے ہیں۔ اب جاپانی مندروں میں ایسے چوروں کو پکڑنے کے لیے مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ پر مبنی سافٹ ویئر بنائے گئے ہیں۔
وجہ یہ ہے کہ بعض جاپانی مندر 24 گھنٹے کھلے رہتے ہیں اور بسا اوقات لوگوں کی آمدورفت محدود اور اسٹاف نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔ اب سی سی ٹی وی فوٹیج پر مشکوک افراد پر نظر رکھنے اور اس کی پیش گوئی کرنے والا ایک سافٹ ویئر بنایا گیا ہے۔
مصنوعی ذہانت کی بنا پر تیار پروگرام نوٹ کرتا ہے کہ کون چندہ پیٹی کے پاس رکا ہے، کون اس کے پیچھے جارہا ہے اور کون مشکوک حرکات میں ملوث ہے۔ یقین ہوجانے پر وہ اس کی تصاویر اور ویڈیو ایپ پر رجسٹر ہونے والے افراد کو فوری طور پر ارسال کردیتا ہے۔ ان میں مندر انتظامیہ، کمیٹی کے لوگ، پولیس اہلکار اور عام شہری بھی ہوسکتے ہیں۔
دو برس قبل کئی مندروں کی انتظامیہ نے سافٹ ویئر کمپنی سے رابطہ کیا تھا کہ وہ چندہ چوروں سے بہت پریشان ہیں کیونکہ لوگوں کی خطیر رقم چرالی جاتی ہے اور مجرم صاف بچ نکلتے ہیں۔ ناگویا میناٹو وارڈ میں واقع ایک مندر انتظامیہ نے بتایا کہ مختصر مدت میں چندے کے باکس کو بہت ہوشیاری سے لوٹا گیا ہے۔
کمپنی کا سافٹ ویئر ہر طرح کی سیکیورٹی کیمرے کے ساتھ کام کرسکتا ہے۔ اب جاپان بھر سے عبادت گاہوں کی انتظامیہ نے ان کے سافٹ ویئر میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

ن لیگ کے ایم پی اے کے والد کو قتل کر دیا گیا، وزیراعلیٰ کا نوٹس

پاکپتن: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی میاں نوید کے والد رانا احمد علی کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سینئر لیگی رہنما رانا احمد علی ارائیں خون میں لت پت اپنے کمرے میں مردے حالت میں پائے گئے، واقع کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں، فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ کا جائزہ لے رہی ہیں۔
اُدھر قتل کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی، لیگی کارکنوں اور شہریوں کی بہت بڑی تعداد ڈیرہ پر پہنچ گئی۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز شریف مسلم لیگ ن کے ایم پی اے کے والد کے قتل کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے میاں نوید علی سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے قتل کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ملوث ملزمان کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ یہ پولیس کے لئے ٹیسٹ کیس ہے۔ کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔

ملک میں معاشی ایمر جنسی نافذ کی جائے: ایف پی سی سی آئی کا وزیراعظم کو خط

کراچی: (ویب ڈیسک) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ملک میں معاشی ایمرجنسی نافذ کرنے کے لئے خط لکھ دیا ہے۔
وزیراعظم کو لکھے گئے ایف پی سی سی آئی کے خط کے مطابق گرتے زرمبادلہ ذخائر اور مہنگائی کی صورتحال باعث تشویش ہے، غیر ضروری اشیاء کی درآمد پر مکمل پابندی لگائی جائے، لاکرز میں رکھے ڈالرز کو بینکنگ چینل میں لانے کے لیے حکومت مراعات فراہم کرے۔
خط میں مزید لکھا گیا کہ مہنگی ایندھن و بجلی عوام کو سستی بیچنے کی روش کو فوری ترک کیا جائے،، ایندھن و پٹرول پر دی جانے والی سبسڈی سے خزانے پر بوجھ پڑ رہا ہے، سمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات لیے جائیں اور صوبوں کو پٹرول کی کھپت کم کرنے کا پابند کیا جائے۔

نیپرا نے گزشتہ سال بجلی کے بلیک آؤٹ پر 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیپرا نے جنوری 2021 میں ملک میں بجلی کے بلیک آؤٹ پر این ٹی ڈی سی پر پانچ کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے، جرمانہ بجلی کی بحالی میں تاخیر پرعائد کیا گیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 9 جنوری 2021 کو ملک میں بجلی کا بلیک آؤٹ ہوا تھا اور ملک میں بجلی کی مکمل بحالی میں تقریباً 20 گھنٹے لگے تھے۔
نیپرا نے معاملےکی مکمل تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی جس نےمعاملے کی تحقیقات کی اور اتھارٹی کو تفصیلی رپورٹ پیش کی، اتھارٹی نے این ٹی ڈی سی کو دلائل دینے کا موقع فراہم کیا، تاہم این ٹی ڈی سی بلیک آؤٹ کے حوالے سے تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا، اتھارٹٰی نے این ٹی ڈی سی پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔
نیپرا اعلامیہ کے مطابق اتھارٹی بلیک آؤٹ کے نتیجے میں متعلقہ پاور پلانٹس کے خلاف بھی الگ سے قانونی کارروائی کر رہی ہے، تاہم انہیں الگ سے نمٹایا جائے گا۔

عید تعطیلات کے بعد امریکی ڈالر کی قیمت میں بڑا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) عید کے بعد ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر امریکی ڈالر کی قدر میں بڑا اضافہ دیکھا گیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات کے بعد پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 94 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 185 روپے 69 پیسے سے بڑھ کر 186 روپے 63 پیسے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی کرنسی کی قیمت میں بھی 50پیسے مہنگا ہوا، جبکہ قیمت 187روپے 50 پیسے پر پہنچ گئی ہے۔

’واٹس ایپ ری ایکشن کا اجرا کردیا گیا ہے،‘ مارک زکربرگ

کیلیفورنیا، امریکا: (ویب ڈیسک) گزشتہ ماہ فیس بک کی مرکزی کمپنی میٹا نے واٹس ایپ کےلئے ردِ عمل (ری ایکشن) ایموجی کا اعلان کیا تھا اور اب کمپنی کے سربراہ مارک زکربرگ نے اس کا باقاعدہ اعلان فیس بک پر کیا ہے۔
زکربرگ نے چھ ایموجی اختتام پر لگائے ہیں اور لکھا ہے کہ واٹس ایپ ری ایکشن کا اجرا آج سے کیا جارہا ہے۔ اس کی بدولت صارفین فوری طورپر کسی بھی پیغام پر عین فیس بک کی طرح اپنا ردِ عمل ظاہر کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ مارک زکربرگ نے لکھا ہے کہ مزید ری ایکشنز جلد ہی جاری کئے جائیں گے۔
اگرچہ واٹس ایپ ری ایکشن پر عرصے سے کام جاری تھا لیکن اس کی بعض خبریں گزشتہ ماہ سے زیرِ گردش تھیں۔ تاہم واٹس ایپ کے ایڈوانس ورژن والے اینڈروئڈ فون صارفین نے کہا ہے کہ یہ ری ایکشن ایموجی انہیں دکھائی نہیں دے رہے۔ شاید کچھ روز بعد وہ انہیں استعمال کرسکیں گے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ واٹس ایپ ایک بہت وسیع ایپ ہے جس کے صارفین کی تعداد دو ارب افراد پر مشتمل ہے۔ اس سے قبل بھی فوری اعلان کے بعد پوری دنیا کے صارفین تک پہنچنے میں کچھ دن لگتے رہے ہیں۔ تاہم اس سے ملتی جلتی ایپ ٹیلی گرام پر ری ایکشن کی سہولت پہلے سے ہی موجود ہے اور واٹس ایپ جیسی ہی ایپ انسٹاگرام پر بھی فوری ری ایکشن ایموجی کا آپشن ایک عرصے سے دستیاب ہے۔
فی الحال اس ضممن میں چھ ری ایکشن جاری کئے گئے ہیں جن میں تھمبس اپ، دل، ہنستا چہرہ، حیرتناک چہرہ، اداس خدوخال اور شکریہ کے لیے جڑے ہوئے ہاتھ شامل ہیں۔

بہرے پن کی وجہ بننے والا اہم جین دریافت

لندن: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں نے ایک ایسے جین کا پتا لگایا ہے جو کان کے اندر موجود ارتعاشات محسوس کرنے والے انتہائی باریک ریشوں کی تشکیل میں اہم مدد کرتا ہے۔ توقع ہے کہ اس جین کو دوبارہ سرگرم کرکے سماعت سے محروم افراد دوبارہ سننے کے قابل ہوسکیں گے۔
ہم ایک عرصے سے بہرے پن کی جڑ کی تلاش میں ہیں اور اب ماہرین نے سماعت کا ایک ’ماسٹرسوئچ‘ تلاش کرلیا ہے۔ توقع ہے کہ اس سے آواز کی نعمت سے محروم افراد دوبارہ سننے کے قابل ہوسکیں گے۔ کیونکہ اس سے سماعت بحال کرنے کے نت نئے علاج سامنے آسکیں گے۔
اس میں کانوں کے اندر خاص خلیات ’کوکلیئرہیئرسیل‘ پر غور کیا گیا ہے۔ جب آواز کی لہریں ان سے ٹکراتی ہیں تو وہ برقی سگنل میں تبدیل ہوجاتی ہیں اور ہمیں سماعت کا احساس ہوتا ہے۔ بڑھاپے، کسی مرض یا پیدائشی طور پر یہ خلیات (سیلز) شدید متاثر ہوتے ہیں۔
دوسال قبل ماہرین نے ایک ایسا پروٹین دریافت کیا تھا جو رحمِ مادر میں ہی یہ تعین کرتا ہے کہ بچے کے کوکلیئر ہیئرسیل کی نشوونما ٹھیک ہوگی یا نہیں۔ اس کے بعد ماہرین نے غور کیا کہ اسی پروٹین تھراپی سے سماعتی ریشوں کو پھر سے ٹھیک کرکے سماعت بحال کی جاسکتی ہے۔
اب نئی تحقیق اسی خطوط پر جاری ہے جس میں اندرونی اور بیرونی ریشوں کے خلیات کے سماعت پر غور کیا گیا ہے۔ بیرونی ہیئر سیل پیدائش کی ابتدا میں بنتے ہیں اور بعد میں تشکیل نہیں پاتے۔ آوازکی امواج پر وہ کان کی گہرائی میں سکڑتے اور پھیلتے رہتے ہیں اور اندررونی ہیئر سیل کو آواز بڑھا کر پیش کرتے ہیں۔ اگلے مرحلے میں یہ ارتعاشات اعصابی خلیات (نیورون) تک پہنچتے ہیں اور یوں ہمیں دماغ کے اندرآواز کا احساس ہوتا ہے۔
ماہرین نے اب اندرونی اور بیرونی ہیئر سیل کی تشکیل اور انہیں باقاعدہ رکھنے والا ایک نظام دریافت کیا ہے۔ اس جین کو ٹی بی ایکس ٹو کا نام دیا گیا ہے۔ سرگرم ہونے کی صورت میں یہ جین عام خلیات کو اندرونی بالوں کے خلیات میں بدل دیتا ہے۔ جیسے ہی جین کام کرنے رکا تو کان کے ریشوں کے خلیات بیرونی خلیات میں ڈھلتے چلے گئے۔ یعنی جین سوئچنگ سے یہ ہیئرسیل کی قسم بدل سکتا ہے۔
اس تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ آخربعض اقسام کے خلیات تیزی سے تباہ کیوں ہوجاتے ہیں؟ اس تحقیق سے جین تھراپی اور سماعت کی بحالی کے در کھل سکیں گے۔