All posts by Khabrain News

امپورٹڈ حکومت کرپٹ اور نااہل، تباہی کا ذمہ دار کون ہے؟ عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کرپٹ اور نااہل ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ 8 مارچ کو جب تحریک عدم اعتماد جمع ہوئی تو ڈالر 178 روپے کا تھا اور آج ڈالر 250 روپے کا ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 8 مارچ کو مہنگائی کی شرح 16 اعشاریہ 5 فیصد تھی اور اب 38 فیصد ہو گئی ہے۔ امپورٹڈ حکومت کرپٹ اور نااہل ہے۔
عمران خان نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ اس تباہی کا ذمہ دار کون ہے؟

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب، ن لیگ نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے معاملے پر مسلم لیگ ن نےکل پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اتحادی اور آزاد ارکان بھی شامل ہوں گے، اجلاس کی صدارت حمزہ شہباز شریف کریں گے۔
ذرائع نے بتایا ہےکہ اپوزیشن اتحادنے اپنے تمام ارکان کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی ہے، اجلاس میں ڈپٹی اسپیکرکے انتخاب سے متعلق لائحہ عمل طےکیا جائےگا، اجلاس کے بعد مسلم لیگ ن اور اتحادی اکٹھے پنجاب اسمبلی جائیں گے۔
خیال رہےکہ مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے لیے پیپلز پارٹی کے رہنما علی حیدرگیلانی کو نامزدکیا ہے۔
یاد رہےکہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد منظورکی تھی۔

ہماری ایوی ایشن انڈسٹری پر ایئراسپیس دینے کیلئے بیرون ملک سے دباؤ ڈالا جارہا ہے، سعد رفیق

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر ہوا بازی سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہماری ایوی ایشن انڈسٹری پر ایئراسپیس دینے کیلئے بیرون ملک سے دباؤ ڈالا جارہا ہے، دوسرے ممالک کو ہمارے ساتھ کاروبار کرتے ہوئے پی آئی اے کو اپنا پارٹنر بنانا پڑے گا۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ازسرنو تعمیر شدہ مرکزی رن وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہوا بازی کے اداروں کے درمیان ہم آہنگی نہیں ، ایک دوسرے کو سپورٹ کرنے کے بجائے اداروں میں ایک دوسرے کے خلاف کشمکش ہے، پی آئی اے اور سول ایوی ایشن کو ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا چاہیے، اداروں کی جانب سے بس مطالبات ہی مطالبات ہیں، جو ادارہ کام کرے گا پھل بھی اسی کو دیا جائے گا جو کام نہیں کرے گا وہ مطالبہ بھی نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ایوی ایشن انڈسٹری پر ائیراسپیس دینے کے لیے بیرون ملک سے بھی بہت دباؤ ڈالا جارہا ہے، کوئی بھی دوسرا ملک ہمارے یہاں فلائٹ آپریشن چاہتا ہے تو اسے جوائنٹ وینچر کرنا پڑے گا، دوسرے ممالک کو ہمارے ساتھ کاروبار کرتے ہوئے پی آئی اے کو اپنا پارٹنر بنانا پڑے گا، اگر کسی ملک کو ہماری مارکیٹ کو استعمال کرنا ہے تو انہیں ہمارا شئیر ہمارے اسٹیٹ ائیرلائن کو دینا ہوگا۔
انہوں ںے کہا کہ ائیرپورٹ رن وے کے افتتاح پر سی اے اے کو مبارک دیتا ہوں لیکن اس میں بھی سات ماہ کی تاخیر کردی گئی، والٹن ائیرپورٹ ایک معمہ ہے جس پر بزنس ڈسٹرکٹ کے حوالے سے آج تک سی اے اے اور پنجاب حکومت میں کوئی معاہدہ بھی نہیں کیا جاسکا۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور ائیرپورٹ مسائل کی وجہ سے مسافر بہت خوار ہوتے ہیں، سی اے اے نے لاہور ائیرپورٹ پر 18 کاؤنٹر لگائے لیکن ایف آئی اے کا عملہ ہی نہیں، اگر ائیرپورٹ اپ گریڈیشن کے بعد اسی چیک پر ان کاؤنٹر ہوئے تو کیا وہاں عملے کی بجائے مسافروں کو بٹھایا جائے؟
انہوں نے کہا کہ میری استدعا ہے کہ ادارے اپنی استعداد کار بڑھائیں اور ایف آئی اے اور کسٹم جیسے ادارے اپنے عملے کی تعداد ائیرپورٹ پر پوری کریں، ڈی جی ایف آئی اے سے کہا ہے کہ کاؤنٹرز پر عملہ پورا کریں، لاہور ائیرپورٹ رش کے وقت مسافروں کی سہولت کے لیے انتظامات پر مجھے بریف کریں، یہ نہیں ہوسکتا کہ کام نہ ہو اور مطالبے ہی مطالبے ہوں۔
دریں اثنا سول ایوی ایشن اتھارٹی نے لاہور ائرپورٹ کا نیا رن وے کھول دیا، نیا رن وے 36 آر دو سال سے زائد عرصے کے لیے مرمت کے لیے بند تھا۔ اس دوران پروازوں کے لیے پرانا رن وے 36 ایل اس کھولا گیا تھا۔
سی اےاے کے مطابق نیا رن وے کھولنے سے متعلق تمام ملکی اور غیر ملکی ائر لائنز کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ نئے رن وے کھولنے سے متعلق سی اےاے نے نوٹم جاری کردیا ہے، سیکنڈری رن وے بھی کام کرتا رہے گا، نئے تعمیر ہونے والے رن وے پر جمبو طیارے لینڈ کرسکیں گے۔

مردان؛ شادی والے گھر میں چھت گرنے سے دو بچے اور خاتون جاں بحق

پشاور: (ویب ڈیسک) مردان میں شادی والے گھر میں چھت گرنے سے دو بچے اور خاتون جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔
مردان چقڑو پل مصری آباد میں کمرے کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں دو بچوں اور خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور بچوں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔
اطلاع موصول ہونے پر ریسکیو 1122 ایمبولینسں، ڈیزاسٹر ویکل اور ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، ریسکیو 1122 نے ملبے میں دبے افراد کو نکال دیا۔ ریسکیو 1122 میڈیکل ٹیم نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ایم ایم سی منتقل کردیا۔
جاں بحق افراد میں 6 سالہ عارف، 19 سالہ زوجہ محمد آصف، دو سالہ انس جب کہ زخمیوں میں 10 سالہ حارث، 60 سالہ محمد ظاہر اور 10 سالہ وارث شامل ہیں جن میں سے ایک بچے کی حالت تشویش ناک ہے۔
اطلاعات کے مطابق متاثرہ گھر میں آج شادی کی تقریب تھی کہ یہ اندوہناک واقعہ پیش آگیا۔

ن لیگ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے علی حیدر گیلانی کو نامزد کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے لیے پیپلز پارٹی کے رہنما علی حیدر گیلانی کو نامزد کر دیا۔
مسلم لیگ ن نے علی حیدر گیلانی کے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے کاغذات اسمبلی سیکرٹری آفس میں جمع کروا دیے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے سبطین خان 185 ووٹ لیکر اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے امیدوار سیف الملک کھوکھر نے 175 ووٹ حاصل کیے تھے۔
گزشتہ روز ہی پنجاب اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد منظور کی تھی۔

سپریم کورٹ کو بھی چاہیے اپنے اندر انصاف پیدا کرے، مراد علی شاہ

سہون: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو بھی چاہیے اپنے اندر انصاف پیدا کرے۔
سہون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بارش کے بعد آج ہونے والے نقصانات اور صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے دورے پر نکلا ہوں، دادو اور تھانہ بولا خان جاکر بھی صورتحال کا جائزہ لوں گا۔
انہوں نے کہا کہ منچھر جھیل پر آب پاشی والوں سے بریفنگ لی ہے اور مقامی افراد سے بھی صورتحال کے متعلق معلوم کیا ہے، منچھر کے علاقے میں کچھ کچے گھر گرے ہیں، متاثرین کے لیے راشن کا بھی انتظام کرنا ہے جس کے لیے ہدایت جاری کردی ہیں۔
سپریم کورٹ سے متعلق انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کونسل میں ججوں کے درمیان جو مسئلہ ہورہا ہے وہ بدقسمتی ہے، سپریم کورٹ کی طرف سب انصاف کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اسے بھی اپنے اندر انصاف پیدا کرنا چاہیے۔
وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ صدر مملکت آئینی ذمہ داری کے پابند ہیں، ایسا سوال نہیں کہ وہ حکومت سے تعاون نہ کریں۔

عراق: مقتدی الصدر کے حامیوں نے دوبارہ پارلیمنٹ ہاؤس پر دھاوا بول دیا

بغداد: (ویب ڈیسک) عراق میں مقتدی الصدرکے حامیوں نے ایک بارپھر پارلیمنٹ ہاؤس پر دھاوابول دیا۔
مظاہرین تین دنوں میں دوسری بارگرین زون میں داخل ہوگئے جہاں سرکاری دفاتراوررہائش گاہیں موجود ہیں۔
احتجاج میں ہزاروں افرادمقتدالصدرکی تصاویراورعراقی پرچم کے ساتھ شریک ہوئے۔
مظاہرین کو منتشرکرنے کیلئے فورسزنے شیلنگ اورواٹرکینن کا بھی استعمال کیا۔
یاد رہے کہ عراق کواکتوبرمیں ہونے والےانتخابات سے اب تک شدیدسیاسی بحران کا سامنا ہے۔

کامن ویلتھ گیمز، پاکستان اور جنوبی افریقہ کا میچ ڈرا

 

لندن: (ویب ڈیسک) کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کا جنوبی افریقہ کے خلاف افتتاحی میچ 2-2 سے ڈرا ہوگیا۔
برمنگھم ہاکی کلب میں کھیلے جانے والے میچ کے پہلے کوارٹر کے 14ویں منٹ میں جنوبی افریقہ کیجانب سے بیوچر نے شارٹ کارنر کے زریعے گول اسکور کیا۔ جسے 25 ویں منٹ میں پاکستان کے رضوان علی نے شارٹ کارنر کے زریعے گول کرکے میچ برابر کردیا۔
چوتھے کوارٹر میں گول کرکے جنوبی افریقہ نے ایک کے مقابلے میں دو گول کی برتری حاصل کرلی تاہم کھیل کے آخری لمحات میں افراز نے گول کرکے پاکستان کو ہار سے بچالیا۔
مینز ہاکی ایونٹ میں دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان کو پول اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور اسکاٹ لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کریں گی۔
پاکستان کا اگلا میچ 31 جولائی کو نیوزی لینڈ، اسکاٹ لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف میچز بالترتیب 3 اور 4 اگست کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ماضی میں کبھی بھی کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل نہیں جیتا، پاکستان کی بہترین کارکردگی میلبرن میں 2006 کے ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا جبکہ گرین شرٹس 2002 میں مانچسٹر میں ہونے والے گیمز کے دوران کانسی کا تمغہ جیتنے میں بھی کامیاب ہوئی تھی۔

جان ابراہم کی ’ایک ویلن ریٹرنز‘ ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر چھا گئی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی 2014 کی مشہور فلم ’ایک ویلن‘ کے سیکوئل نے ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر دھوم مچا دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو جان ابراہیم کی نئی فلم ’ایک ویلن ریٹرنز‘ ریلیز کے پہلے ہی دن 7 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
ایکشن اور تھرلر سے بھرپور فلم میں جان ابراہیم کے ساتھ دیشا پٹانی جبکہ ارجن کپور کے ساتھ تارہ ستاریا نے ہیروئن کا کردار نبھایا ہے جبکہ ان چاروں میں سے کون اصلی ویلن ہے فلم کی کہانی اس راز کے گرد گھومتی ہے۔
فلم 2014 کی’ایک ویلن‘ کا سیکوئل ہے جس میں شردھا کپور اور سدھارتھ ملہوترا کی محبت بھری کہانی دکھائی گئی تھی جبکہ نفسیاتی مسائل سےدوچار ویلن کا کردار ادا کرنے والے ریتیش دیش مکھ نے شردھا کا قتل کر دیا تھا۔

والدہ کی طبیعت ناساز، بشریٰ انصاری نے مداحوں سے دعا کی اپیل کردی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ و گلوکارہ بشریٰ انصاری کی والدہ آئی سی یو میں منتقل ہوگئیں۔
اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مداحوں کو یہ خبر دی ہے کہ ان کی والدہ کی طبعیت ناساز ہے۔
والدہ کی طبعیت کی خبر ملتے ہی اداکارہ کراچی سے لاہور روانہ ہوگئیں انہوں نے جہاز میں بیٹھے اپنی ایک تصویر شیئر کی جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ’ میں لاہور جا رہی ہوں، امی آئی سی یو میں ہیں، اللہ خیر، پیاری ماں‘۔
اداکارہ کی اس پوسٹ پر مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے ان کی والدہ کی صحتیابی کیلئے دعا ؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔