اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن مائنس ون چاہتی ہے، ایسا کسی صورت نہیں ہوسکتا۔
وزیراعظم عمران خان نے سینیئر وزراء کو بنی گالہ طلب کیا، جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرداخلہ شیخ رشید، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیراطلاعات فواد چودھری شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے پیدا ہونے والی موجودہ سیاسی صورتحال میں حکومتی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم نے عامر کیانی اور بابر اعوان کو قانونی کاروائی کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کریں گے کہ مستقبل میں کسی کو ہارس ٹریڈنگ کی جرات نہیں ہوگی، 27 مارچ کے جلسے میں قوم تبدیلی کے ساتھ نظر آئے گی، یہ چاہے جتنا بھی پیسہ لگا لیں، ان کا مقابلہ کروں گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ لوگ مائنس ون چاہتے ہیں ایسا کسی صورت نہیں ہوسکتا، شکرہے یہ مطالبہ کر رہے ہیں اس سے ہم اور اوپرجائیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی، اور ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔
All posts by Khabrain News
جے یو آئی کا اراکین قومی اسمبلی کے تحفظ کا فیصلہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) نے اراکین قومی اسمبلی کے تحفظ کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ترجمان جمعیت علمائے اسلام (ف) اسلم غوری کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ کارکن تھوڑی دیر بعد سندھ ہاؤس روانہ ہوں گے، جہاں غنڈہ گردی ہوگی وہاں ہمارے کارکن دفاع کے لئے موجود ہوں گے، غنڈوں کے جھتے پولیس کی نگرانی میں ریڈ زون میں داخل کئے جارہے ہیں۔
اسلم غوری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی بدمعاشی کا ہر حال میں مقابلہ کریں گے، راولپنڈی، اسلام آباد کے کارکن فوری طور پر اسلام آباد پہنچ جائیں، اگر کسی کارکن کو نقصان پہنچا تو ذمہ داری حکومت پر ہو گی۔
منحرف اراکین کیخلاف پی ٹی آئی کارکنوں کا مختلف شہروں میں احتجاج، نعرے بازی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے 12 باغی اراکین کے سندھ ہاؤس میں موجودگی اور سامنے آنے کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مختلف شہروں میں ان کے خلاف احتجاج کیا اورشدید نعرے بازی کی ہے۔
پی ٹی آئی کارکنان سندھ ہاؤس ریڈ زون میں داخل ہوگئے اور باہر احتجاج کیا۔ پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سندھ ہاؤس کے باہر دھرنا دیا گیا۔ پولیس کی بھاری نفری سندھ ہاؤس کے باہر پہنچ گئی اور پی ٹی آئی کارکنوں کو واپس جانے کی ہدایت کی۔
اس دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے اسلام آباد پولیس کے ایس پی سے تلخ کلامی کی اور سندھ ہاؤس کے باہر سے واپس جانے سے انکار کردیا۔ بعدازاں مظاہرین نے دھرنا ختم کردیا اور منتشر ہوگئے۔
ملتان میں تحریک انصاف کے منحرف اراکین قومی اسمبلی کے گھروں کے سامنے احتجاج کیا، یہ احتجاج انصاف یوتھ ونگ لاہور کی جانب سے مخصوص نشست پر رکن قومی اسمبلی بننے والی وجیہہ اکرم کے گھر کے باہر کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت صدر یوتھ ونگ پنجاب گلریز اقبال اور عمار بشیر نے کی۔
پشاورمیں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے پارٹی کے منحرف ایم این ایزکےخلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے وزیراعظم عمران خان کے حق اور ایم این اے نور عالم خان کے خلاف نعرے لگائے۔
کارکنوں کا کہنا تھا کہ عمران خان کے نام پرووٹ لینےوالے کس منہ سےاختلاف کررہے ہیں، عمران خان کے سپاہی ہیں اور منحرف ہونے والے ممبران قومی اسمبلی غدارہیں۔
دوسری طرف فیصل آباد میں رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کیخلاف مختلف مقامات پر فلیکسز آویزاں کیے گئے۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ضلع کونسل چوک اور جیل روڈ پر بینرز لگا دیئے، بینرز پر ووٹ فروش اور تم کتنی پارٹی بدلو گے کے نعرے تحریر تھے۔ ایڈیشنل جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی کامران گیلانی کی طرف سے بینرز لگوائے گئے۔
ایم این اے راجہ ریاض کے حلقے کے ووٹرز نے احتساب شروع کر دیا۔ چباں کے رہائشی حبیب اللہ نے ٹیلیفون پر راجہ ریاض سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہاؤس میں آپ کی تصاویر دیکھ کر پریشان ہیں۔ ہم نے عمران خان کی وجہ سے آپ کو ووٹ دیا تھا۔ آپ نے ہمارا ووٹ زرداری کی ٹوکری میں ڈال رہے ہیں۔
اس موقع پر راجہ ریاض نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ تین سال ہمارا کوئی کام نہیں ہوا، حکومت کو بار بار بار بار کہتے رہے۔
طالبان کا اقوام متحدہ کے افغانستان میں امدادی کام جاری رکھنے کے فیصلہ کا خیرمقدم
کابل: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان کے لیے خصوصی مشن کے ایک سال کی تجدید کی قرارداد منظور کرلی گئی جس کا طالبان حکومت نے خیر مقدم کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں نارروے نے افغانستان کے لیے خصوصی مشین UNAMA کی ایک سال تجدید کی قراردار پیش کی جسے 14 ووٹوں کی حمایت کے ساتھ منظور کر لیا گیا۔
روس نے ووٹنگ میں حصہ لینے سے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا کہ طالبان حکومت کے قیام کے بعد سے افغانستان میں پیدا ہونے والی حقیقی صورت حال سے سے لاعلم ہیں۔ روس نے یہ اعتراض بھی اُٹھایا کہ مسودے میں افغانستان کے نئے حکمرانوں کو زکر بھی ہونا چاہیئے تھا۔
طالبان کی حکومت کے قیان کے بعد اقوام متحدہ کے خصوصی مشن UNAMA کو معطل کردیا گیا تھا تاہم بعد میں ایک سال کے لیے بحال کردیا گیا تھا اور اب دوبارہ ایک سال کی تجدید کردی گئی ہے۔
یوں تو اقوام متحدہ نے خصوصی مشن کو کام کرنے کی اجازت دیدی ہے تاہم ابھی تک طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے۔ UNAMA اب مزید ایک سال تک افغانستان میں اپنے امدادی کام جاری رکھے گا۔
طالبان نے اقوام متحدہ کے مشن میں ایک سال کی تجدید کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ افغان عوام کی فلاح اور بہبود کے لیے کسی کو بھی کام کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی تاہم ترجمان طالبان نے ایک بار پھر افغان فنڈز کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکا میں ٹرک کی وین کوٹکر،گالف کھلاڑیوں سمیت9افراد ہلاک
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس میں منی ٹرک اوروین میں تصادم سے 9 افراد ہلاک ہوگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں ٹرک نے وین کوٹکرماردی جس کے نتیجے میں نیومیکسیکو یونیورسٹی کی گالف ٹیم کے6 ارکان اورکوچ سمیت 9افراد ہلاک ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منی ٹرک 13سال کا لڑکا چلا رہا تھا۔ٹرک میں اسپئیرٹائرلگا ہوا تھا جوبریک لگنے پرصحیح طورپررک نہ سکا اورٹرک وین سے جا ٹکرایا۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ حادثہ معلوم ہوتا ہے جس میں کسی مجرمانہ پہلو کا امکان نہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
روس کا یوکرین میں طیاروں کی مرمت کے پلانٹ پرکروزمیزائل حملہ
کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کا کہنا ہے کہ روس نے لویو شہر میں طیاروں کی مرمت کے پلانٹ کوکروز میزائل سے نشانہ بنایا۔
یوکرین کے فوجی حکام کے مطابق روس نے لویوشہرمیں ائیرپورٹ کے نزدیک طیاروں کی مرمت کے پلانٹ پرکروز میزائل سے حملہ کیا۔میزائل بحراسود سے فائرکئےگئے تھے۔
لویوشہرکے مئیرکے مطابق روسی فوج نے متعدد کروز میزائل فائرکئے جس کے نتیجے میں طیاروں کی مرمت کا پلانٹ تباہ ہوگیا۔حکام نے مزید بتایا کہ پلانٹ پرکروز میزائل حملے میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا کیونکہ وہاں کوئی کام نہیں ہورہا تھا۔
دوسری جانب دارالحکومت کیف کے مئیرنے شہرپربڑے روسی حملے کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔
ایران کوجوہری ہتھیارحاصل کرنے نہیں دیں گے،امریکی نائب وزیرخارجہ
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کا کہنا ہے کہ امریکی قیدیوں کی رہائی تک ایران سے جوہری معاہدہ ممکن نہیں ہے۔
امریکا کی نائب وزیرخارجہ وینڈی شیرمن نے عرب میڈیا کوانٹرویو میں کہا کہ جب تک ایران کی قید میں موجود بے گناہ امریکی شہری گھرواپس نہیں آجاتے ایران سے جوہری معاہدہ ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا اس وقت بائیڈن انتظامیہ کی اولین ترجیح امریکی شہریوں کی بحفاظت وطن واپسی کوممکن بنانا ہے۔
ایران سے بلاواسطہ مذاکرات کے بارے میں امریکی نائب وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ کیونکہ مذاکرات ابھی ختم نہیں ہوئے تواس کی تفصیل نہیں بتائی جاسکتی تاہم یہ بات حتمی اوریقینی ہے کہ ایران کوجوہری ہتھیارحاصل نہیں کرنے دئیے جائیں گے۔
ایران نے گزشتہ ہفتے 2 برطانوی شہریوں کورہا کیا تھا۔ برطانیہ نے قیدیوں کی رہائی کے بدلے ایران کوبھاری رقم ادا کی تھی۔
ٹیسٹ سیریز میں یاسر شاہ کی بہت کمی محسوس ہو رہی ہے، ثقلین مشتاق کا اعتراف
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے اعتراف کیا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں یاسر شاہ کی بہت کمی محسوس ہو رہی ہے، یاسر شاہ کی انجری کا ایشو نہیں بلکہ اصل مسئلہ اس کا آؤٹ آف فارم ہونا ہے۔
لاہور ٹیسٹ کے حوالے سے ورچوئل پریس کانفرنس میں ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ یاسر شاہ محنت کر رہا ہے، جب ہم سمجھیں گے کہ یاسر اب مکمل فٹ اور بہترین فارم میں ہے تو اس کو بلا لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ کے ڈرا سے ٹیم کا مورال بلند ہے لیکن اب ہم بھی قذافی اسٹیڈیم میں نتیجہ چاہتے ہیں، خالی باتیں اچھی نہیں لگتی، تیسرے ٹیسٹ میں مشکل کرکٹ کھیلنا پڑے گی اور اس کے لیے تیار ہیں۔ تینوں شعبوں میں اچھی پرفارمنس دے کر ہی سیریز جیت سکتے ہیں۔
ثقلین مشتاق نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ میں لڑکوں نے مثالی فائٹ کی جس پر فخر ہے، دوسرے ٹیسٹ کا جس طرح اختتام ہوا، وہ تاریخی لمحہ تھا۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ لوگ ناممکن سمجھ رہے تھے، پاکستانی پلیئرز نے اسے ممکن کر دکھایا اور ایشیز سیریز جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کیخلاف ایک ہزار گیندیں کھیلنا بڑی بات ہے۔
پچز پر باتیں ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسا کہنا درست نہیں اور راولپنڈی میں خراب موسم کی وجہ سے کھیل متاثر ہوا، اگر وہاں میچ پورا ہوتا تو کافی جاندار کرکٹ ہو پاتی۔
ثقلین مشتاق نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ کی وکٹ ٹیسٹ کرکٹ کے معیار کے مطابق تھی اور دوسرے ٹیسٹ میں دونوں ٹیموں کا مکمل ٹیسٹ ہوا، ٹیسٹ کرکٹ کے تمام تقاضے اس وکٹ پر پورے ہوئے اور اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملی۔
انہوں نے فواد عالم کے انداز پر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فواد عالم کا بیٹنگ اسٹائل رنز کی رکاوٹ میں نہیں ہے، فواد عالم کو پہلی اننگز میں بہت اچھا گیند پڑا جس سے آؤٹ ہوئے، یقین ہے کہ وہ لاہور میں بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہیں گے۔
آسٹریلوی اسپنر نیتھن لائن کے بارے میں سوال پر قومی ہیڈ کوچ کا موقف تھا کہ وہ 100 سے زیادہ ٹیسٹ کھیل چکا اور اس کی باڈی لینگویج زبردست ہے، اس کی پرفارمنس اچھی ہے جبکہ وکٹ زیادہ ملنا یا نہ ملنا کھیل کا حصہ ہے۔
ثقلین مشتاق کے مطابق سب کی سوچ ایک ہو تو وہ ہی ٹیم کہلاتی ہے، اسپورٹ اسٹاف کھلاڑیوں کے یقین کو پختہ کرنے میں مدد کر رہا ہے، خالی تیکنیک ہی سب کچھ نہیں ہوتی بلکہ بہت سی چیزیں پرفارمنس میں مدد کرتی ہیں۔ ہم سب مل کر کوشش کر رہے ہیں کہ پاکستان کو ایک بہترین ٹیم بنانے میں کامیاب ہوں۔
ون ڈے سیریز اور ٹی ٹوئنٹی میچ کے اسکواڈ پر بات کرتے ہوئے ثقلین مشتاق کا موقف تھا کہ شان مسعود سمیت جو بھی منتخب نہیں ہوا، وہ ہمارے پلان کا حصہ ہیں۔
گوگل کلاس روم : مشکل ہوم ورک کے لیے نیا ٹول
پالو آلٹو، کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) گوگل نے مشکل ترین ہوم ورک کے لیے ایک مددگار ٹول ’گوگل کلاس روم‘ کے نام سے پیش کیا ہے۔ اس میں ایک سے زائد طلبا و طالبات مل کر کام کرسکتے ہیں، اس میں اساتذہ رہنمائی بھی کرسکتے ہیں اور ساتھ ہی طاقت ور آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹول بھی اس میں مدد فراہم کرتا ہے۔
اگرچہ یہ ٹول سادہ انداز میں پہلے سے موجود ہے لیکن اب اس میں مزید بہتری کی گئی ہے۔ اس پر بچے اپنا کام پوسٹ کرسکتے ہیں۔ اسکول میں جمع کراسکتے ہیں اور اساتذہ اسے دیکھ کر دوبارہ بھیج سکتے ہیں۔ دوسری جانب اساتذہ اور طالب علم انٹرایکٹو انداز میں سیکھ سکتے ہیں۔
کسی جگہ پھنس جانے والے طالب علموں میں آئی ٹی اور ڈیپ لرننگ کی بدولت رہنما اشارے بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔ مثلاً اگرکسی بچے نے ریاضی کے جواب میں “.5” لکھا ہے اور دوسرے نے اس کی بجائے “1/2” لکھ دیا تو وہ دونوں کو درست جواب قرار دے گا۔
علاوہ ازیں گوگل اے آئی ریاضی کے سوال دیکھ کراشارہ دیتا ہے کہ اس کا تعلق الجبرا سے ہے، ریاضی سے ہے یا پھر جیومیٹری کا کوئی مسئلہ ہے۔ اگر استاد چاہیں تو اس آپشن کو بند بھی کرسکتے ہیں۔
اسی طرح طالب علم کسی جواب کو وہیں چیک کرواسکتے ہیں۔ چیک بٹن دبا کر ہاتھوں ہاتھ اس کا نتیجہ سامنے آجاتا ہے۔ پہلے مرحلے میں غلطی ہونے پر سافٹ ویئر مدد کا اشارہ بھی دیتا ہے۔ اگر آپ ہار چکے ہیں تو اسکرین کے ایک کونے پر مددگار کورس، ویڈیو اور دیگر سہولیات مل جائیں گی۔
گوگل کا خیال ہے کہ بچوں کو اگر مدد یا اشارہ دیا جائے وہ ہوم ورک کی جانب زیادہ آمادہ ہوتے ہیں۔ اگر سافٹ ویئر کوئی مدد نہ کرے تو طالب علم جلد ہی حوصلہ ہار کر اسے چھوڑ سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سافٹ ویئر الگورتھم مختلف طریقے سے طالب علم کی مدد کرتا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وبا کے لاک ڈاؤن میں اس قسم کے ٹول اور پروگرام بہت مقبول ہوئے اور اب گوگل نے اس میں مزید بہتری پیدا کی ہے۔
تھائی لینڈ میں غصیلے بندروں کو ’ٹھنڈا‘ رکھنے کےلیے سوئمنگ پول قائم
تھائی لینڈ: (ویب ڈیسک) موسمِ گرما کے آتے ہی تائیون میں ’بندروں کے شہر‘ سے مشہور علاقے میں بندروں کو پرسکون رکھنے کے لیے کئی سوئمنگ پول بنائے گیے ہیں۔
لوپ بیوری نامی اس شہر میں مکاک بندر نہ صرف آپس میں گروہ بناکر لڑتے ہیں بلکہ آنے والے سیاحوں کو بھی نقصان پہنچاتے رہتےہیں۔ درجہ حرارت بڑھتے ہی بندروں کےدرمیان مار پیٹ بڑھ جاتی ہے جسے بندروں کی جنگ بھی کہا جاتا ہے۔ بسا اوقات دونوں طرف سے سینکڑوں بندر باہمی گتھم گتھا ہوجاتے ہیں۔
تاہم گزشتہ دوبرس سے یہ واقعات بڑھ گیے تھے۔ ماہرین کے مطابق اس کی وجہ بندروں کی بھوک یا گرمی سےبے چینی ہوسکتی ہے۔ اسی لیے صوبائی حکومت نے ایک مندر کے پاس ایک نیا تالاب بنایا ہے کہ جہاں بندر ڈبکیاں لگا کر خود کو ٹھنڈا رکھ سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ بازار سمیت مختلف مقامات پر بھی کئی سوئمنگ پول بنائے گئے ہیں۔ اب ان تالابوں پر بندروں کا مکمل قبضہ ہے ۔ تھائی لینڈ جنگی حیات کے ایک افسر نے امید ظاہر کی کہ شاید گرمی کی حدت بندروں کو غصیلا بنارہی ہے اور ساتھ ہی وہ غذا کی کمی سے بھی مار پیٹ پر اتر آتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ تمام تالاب بندروں سے بھر چکے ہیں جہاں وہ پانی پی رہے ہیں، نہاتے ہیں اور وہاں موجود کھلونوں سے کھیل رہے ہیں۔ یہ منظر دیکھ کر عام شہریوں کو بھی اطمینان ہوا ہے کیونکہ شاید اس طرح وہ بندروں کی گھنٹوں جاری رہنے والی خوں ریز لڑائیوں سےمحفوظ رہیں گے۔
دوسری جانب جنگلی حیات کے افسران نے عوام سے کہا ہے کہ وہ بندروں کو پھل اور دیگر کھانے وغیرہ دیتے رہیں تاکہ وہ بھوکے نہ رہیں کیونکہ یہ جانور خالی پیٹ میں انتہائی طیش میں آسکتا ہے۔