All posts by Khabrain News

عوام پر مہنگائی کا ایک اور وار، درجہ دوم کا گھی 8 روپے فی کلو تک مہنگا

لاہور: (ویب ڈیسک) گھی کی قیمتیں پھر بڑھا دی گئیں، درجہ دوم گھی 8 روپے کلو تک مہنگا کردیا گیا، قیمت 444 روپے کلو سے بڑھا کر452 روپے کلو ہو گئی۔
عوام پر مہنگائی کا ایک اور وار، پانچ کلو ڈسپنسر پیک کی قیمت 2220 روپے سے بڑھ کر 2260 روپے ہوگئی۔ رواں ماہ 10 مارچ کو درجہ دوم گھی 14 روپے مہنگا کیا گیا تھا۔ مجموعی طور پر رواں ماہ قیمتوں میں 22 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔
کمپنیوں کی جانب سے پرچون دکانداروں سے نئی سپلائی کے آرڈرز نئی قیمتوں میں لئے جانے لگے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گھی کے بغیر کوئی ہانڈی یا پکوان نہیں پکتا۔ مہنگائی نے گھر کا بجٹ بری طرح تباہ کردیا ہے۔

جوبائیڈن کا پیوٹن کو جنگی مجرم ہونے کا طعنہ، روس نے بیان ناقابل معافی قرار دیدیا

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) جوبائیڈن کی جانب سے پیوٹن کو جنگی مجرم کہنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے روس نے امریکی صدر کا بیان ناقابل معافی قرار دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ روسی صدر یوکرین پر حملے کے ذمہ دار ہیں، یوکرین میں ہونے والی تباہی پر انہیں جنگی مجرم سمجھتا ہوں۔ وائٹ ہاوس کے ترجمان جین ساکی نے جوبائیڈن کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے ان کے دل کی آواز قرار دیا، جین ساکی کے مطابق یوکرین میں تباہی دیکھنے کے بعد یہ امریکی صدر کا ذاتی ردعمل تھا۔
روس کی جانب سے امریکی صدر کے بیان کی سخت مذمت کی گئی ہے اور بیان کو ناقابل قبول اور ناقابل معافی قرار دیا گیا ہے، روسی صدر کے ترجمان دمتری پیسکوو کاکہنا تھا کہ کسی بھی سربراہ مملکت کی جانب سے ایسا بیان کسی طور قبول نہیں۔
صدر پیوٹن کے ترجمان نے مزید کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں امریکی حملوں کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

عدم اعتماد کے روز انتشار کا خدشہ، سپریم کورٹ بار نے آئینی درخواست تیار کر لی

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ بار نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے روز تصادم روکنےکے لیے آئینی درخواست تیار کر لی ہے۔
صدر سپریم کورٹ بار کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد سے متعلق درخواست آج سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی، درخواست میں وزارت داخلہ، وزارت دفاع، آئی جی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو فریق بنایا جائے گا۔
درخواست کا مسودے میں کہا گیا ہے کہ عدم اعتماد کا عمل پرامن انداز سے مکمل ہو، عدم اعتماد آرٹیکل 95 کے تحت کسی بھی وزیراعظم کو ہٹانے کا آئینی راستہ ہے۔مسودے میں کہا گیا ہے کہ سیاسی بیانات سے عدم اعتماد کے روز فریقین کے درمیان تصادم کا خطرہ ہے، سپریم کورٹ تمام اسٹیک ہولڈرز کو عدم اعتماد کا عمل پرامن انداز سے کرنے کا حکم دے۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ تحریک عدم اعتماد میں عمران خان کے خلاف ووٹ ڈال کر آنے والوں کو 10 لاکھ سے مجمعے سے گزر کر جانا ہو گا۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے بھی پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے روز ہی ڈی چوک پر جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس کے باعث صورت حال کشیدہ ہونے کا خدشہ ہے۔

پاکستان میں پہلا روزہ کب ہوگا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

کراچی: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے یکم رمضان المبارک 3 اپریل کو ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند 29 شعبان بروز ہفتہ 2 اپریل کو نظر آنے کے واضح امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 2 اپریل کو مطلع صاف اور کہیں کہیں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل سعودی ایمریٹس سوسائٹی کے چیئرمین اور عرب یونین برائے فلکیات کے رکن ڈاکٹر الابراہیمی الجروان نے اعلان کیا تھا کہ سعودی عرب میں رمضان کا چاند یکم اپریل کو نظر آنے کا امکان ہے اور پہلا روزہ 2 اپریل بروز ہفتے کو ہوگا۔

پنجاب : سرکاری ملازمین کیلئے 15 فیصد ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس کی منظوری

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے وفاق کی طرز پر 15فیصد ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس کی منظوری دے دی۔
چیف سیکرٹری پنجاب کے دفتر سے جاری ہینڈ آؤٹ کے مطابق پنجاب کے سرکاری ملازمین کے لیے وفاق کی طرز پر منظور 15فیصد ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس کی سمری حتمی منظوری کے لیے صوبائی کابینہ کو بھجوائی جائے گی۔
ہینڈ آؤٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی حکام نے لاہور میں احتجاج کرنے والی سرکاری ملازمین کی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔مذاکرات میں اتفاق کیا گیا کہ گزشتہ سال دیے گئے 25 فیصد اسپیشل الاؤنس کے لیے اہلیت کے معیار میں کسی کو غیر ضروری طور پر محروم نہ رکھا جائے، محکمہ اسکولز اور ہائر ایجوکیشن ملازمین کا پے اینڈ سروس پروٹیکشن کا مسئلہ پنجاب سروس ٹربیونل کے فیصلے کی روشنی میں 30روز کے اندر حل کرے گا۔
محکمہ صحت لیڈی ہیلتھ ورکرز کی اپ گریڈیشن کی سمری 30 دن میں بھجوائے گا۔

سندھ میں طلبہ اور اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کیلئے جدید سسٹم کا افتتاح

کراچی: (ویب ڈیسک) محکمہ تعلیم سندھ کی طرف سے یورپی یونین اور یونیسیف کے تعاون سے اسکولوں میں طلبہ ، اساتذہ اور اسٹاف کی حاضری یقینی بنانے کے پروگرام ’سندھ اسکول ڈیلی مانیٹرنگ سسٹم‘ کا افتتاح کردیا گیا۔
ڈیجیٹل ایجوکیشن ایک بہت بڑا سنگ میل ہے جس کے تحت اینڈرائیڈ ایپلی کیشن کے ذریعے طلبہ و اساتذہ کی روزانہ کی بنیاد پر حاضری ہوسکے گی۔
پروگرام کی افتتاحی تقریب میں سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ سمیت یورپی یونین کے ہیڈ آف کوآپریشنز اوویڈیو مک اور یونیسیف کے ڈپٹی نمائندے ڈاکٹر اناؤسا کابور نے شرکت کی۔
اس موقع پر سید سردار شاہ نے کہا کہ جدید سسٹم سے طلبہ کی حاضری اور اساتذہ کی بہترنگرانی کی جائےگی، پہلے مرحلے میں 30اضلاع کے اسکول سسٹم میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اچھی چیزوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، ملک کے تعلیمی نظام کو ٹھیک کرنے کے لیے بہت کام کی ضرورت ہے۔
یونیسیف کے نمائندہ ڈاکٹر انوسا کبورے نے کہا کہ اسکولز بند ہونے سے بہت سارے بچے پڑھائی چھوڑ گئے تھے جس سے پاکستان میں تعلیم کی فراہمی کے عمل میں مداخلت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یونیسیف کا سندھ حکومت کے محکمہ تعلیم کے ساتھ دیرینہ تعاون رہا ہے جس کو ہم مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔

حکومت سندھ ہاؤس اسلام آباد پر حملے کی تیاری کررہی ہے: پی پی کا الزام

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی نے وفاقی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ عمران خان حکومت دہشتگردی پر تلی ہے اور اب سندھ ہاؤس اسلام آباد پر حملے کی تیاری کی جارہی ہے۔
پی پی اراکین نے حکومت کو خبر دار کیا ہے کہ سندھ ہاؤس میں املاک یا کسی رکن کو نقصان پہنچا تو اس کی ساری ذمہ داری نیازی سرکار پر ہوگی، سندھ ہاؤس پر حملہ آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہو گا، اس کا پہلے سے تدارک انتہائی ضروری ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این ایز عبدالقادر پٹیل، آغا رفیع اللہ، جاوید شاہ جیلانی، عبدالقادر مندوخیل، عابد بھائیو، احسان مزاری ، نوید ڈیرو اور مہرین بھٹو نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے پارلیمنٹ لاجز میں ہونے والی حالیہ دہشتگردی کے بعد حکومت سندھ سے درخواست کی تھی کہ انہیں سندھ ہاؤس میں رہائش دی جائے اور سندھ پولیس کو تعینات کیا جائے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری جانیں پارلیمنٹ لاجز میں محفوظ نہیں، یہ ان کا آئینی اور قانونی حق ہے کیونکہ اسلام آباد پولیس گلو بٹ بن چکی ہے۔

لاہور میں گلے پر ڈور پھرنے سے 24 سالہ نوجوان جاں بحق

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں گلے پر ڈور پھرنے سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کے مطابق اقبال ٹاؤن میں گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق نوجوان کی شناخت 24 سالہ دانیال کے نام سے ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اقبال ٹاؤن میں ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

کراچی سے 15 ہزار موٹر سائیکلیں چوری کرنیوالا ملزم گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) پولیس نے 15 ہزار موٹر سائیکلیں چوری کرکے فروخت کرنے والے موٹر سائیکل لفٹر کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم آصف کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے، ملزم چوری کی موٹر سائیکل 8 سے 25 ہزار روپے میں فروخت کردیتا تھا۔
پولیس کا کہناہےکہ موٹر سائیکل لفٹر نے ویڈیو بیان میں 15 ہزار موٹرسائیکلیں چوری کرکے حب منتقل کرنے کا اعتراف بھی کیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے بتایا کہ اس کا باپ ٹارگٹ کلر تھا جو پولیس مقابلے میں مارا گیا جب کہ وہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چوری کرکے بلوچستان لے جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ اب تک 12 گاڑیاں اور 10 سے 15 ہزار موٹر سائیکلیں چوری کر چکا ہے، اس نے گاڑیاں گلشن حدید ،ماڈل کالونی اور بنگالی پاڑے سے چوری کیں، اس سے قبل وہ 4 مرتبہ گرفتار ہوچکا ہے۔

سندھ میں لمپی سکن کی بیماری سے ہزاروں مویشی متاثر

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ میں پالتو مویشیوں میں پھیلنے والی بیماری لمپی سکن کے باعث ہزاروں مویشی متاثر ہوئے ہیں۔ یہ بیماری جانوروں سے جانوروں میں منتقل ہوتی ہے، طبی ماہرین کے مطابق بیماری سے گوشت اور دودھ متاثر نہیں ہوتا اور انسانوں کو بھی منتقل نہیں ہوتی۔
ریسرچرز کے مطابق جانوروں کو یہ بیماری لاحق ہو جائے تو بخار اور جلد پر گٹھلیاں بن جاتی ہیں، جانور کھانا پینا چھوڑ دیتا ہے ، جس سے دودھ کی پیداوار کم ہو جاتی ہے۔ کمزوری اور خارش کے باعث جانور کی موت واقع ہو جاتی ہے۔
بڑے جانوروں میں لمپی اسکن سے حفاظت کلئے پنجاب میں اقدامات پہلے ہی شروع ہو چکے ہیں۔ ویٹرنری ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے یماری سے حفاظت کی ویکسین بھی تیار کرلی ہے،،جسکی تیس ہزار خوراکیں سندھ کو بھجوا دی گئی ہیں۔
محکمہ لائیو اسٹاک پنجاب کے مطابق جانور بیماری میں مبتلا ہو تو اسے دیگر جانوروں سے علیحدہ کرکے علاج کیا جاتا ہے۔