All posts by Khabrain News

روسی حملہ عالمی معشیت کیلئے تباہ کن ہے، آئی ایم ایف

نیویارک: (ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ روس یوکرین کی جنگ دنیا کی معشیت کے لیے تباہ کن ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ روس کے حملے کے اثرات دنیا کی معیشت پر ترقی کی رفتار میں کمی کا باعث بنے گی جبکہ مہنگائی میں اضافے کی شکل میں سامنے آنے کے ساتھ ساتھ عالمی معیشت کو لمبے عرصے کے لیے ایک نئے سانچے میں ڈھال سکتی ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پناہ گزینوں کی لہر اور دوسرے انسانی مسائل کے علاوہ اس جنگ سے افراط زر بڑھے گی جبکہ خوراک اور توانائی کی اشیا مہنگی ہوں گی۔ جنگی صورت حال کے اثرات کاروبار میں خلل، سپلائی چینز کی بندش اور یوکرین کے ہمسایہ ممالک میں ترسیلات کی کمی کی صورت میں سامنے آ سکتے ہیں۔
آئی ایم ایف کے مطابق دنیا بھر میں تجارت اور کاروبار بری طرح متاثر ہوں گے جبکہ سرمایہ کاروں میں غیریقینی کی صورتحال بڑھے گی جس سے اثاثوں کی قیمتیں گر جائیں گی۔ مالی حالات تنگی کی طرف جائیں گے اور ابھرتی ہوئی مارکیٹس سے سرمائے کا اخراج ہو سکتا ہے۔
افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں خوراک کے سامان کی قلت کا بھی خدشہ ہے جہاں مصر جیسے ممالک اپنی گندم کا 80 فیصد روس اور یوکرین سے درآمد کرتے ہیں۔

ق لیگ اتحادی، وزارت اعلیٰ سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا، پرویزخٹک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چوہدری برادران نے مشکل وقت میں وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دیا،اب بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اورکھڑے رہیں گے.
میڈیا پر وزیر دفاع پرویزخٹک کی جانب سے ق لیگ کو وزارت اعلیٰ نہ دینے کا بیان چلا تھا جس پر مونس الہٰی کا بھی ردعمل آیا، وزیردفاع پرویزخٹک نے مسلم لیگ ق کے حوالے سے چلنے والی خبروں سے متعلق سختی سے تردید کردی ہے۔
وزیردفاع نے اپنے حوالے سے چلنے والی خبروں کومن گھڑت اوربے بنیاد قراردیتے ہوئے کہا کہ میڈیا پرایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ وزیر دفاع نے اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ مسلم لیگ ق ہماری اتحادی ہے اور رہے گی۔
مسلم لیگ ق نے ہرمشکل وقت میں وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دیا ہے اور اب بھی چوہدری برادران ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
اس سے پہلے میڈیا پریہ خبریں آئی تھیں کہ وفاقی حکومت نے مسلم لیگ ق کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینے سے صاف انکارکردیا ہے۔
وفاقی وزیر پرویزخٹک کا حوالہ دے کر کہا گیا کہ قومی اسمبلی کی پانچ نشستوں پر وزیراعلیٰ بنانے کا مطالبہ قبول نہیں ۔وزیراعلیٰ نہیں بنا سکتے ن لیگ بناتی ہے تو بن جائیں۔
پرویزخٹک کے حوالے سے یہ بیان چلنے پر مونس الہیٰ کا کہنا تھا کہ پرویزخٹک سے ہردوسرے روز بات ہوتی بیان کی وضاحت پرویزخٹک خود کریں۔

اسلام آبادکےبلدیاتی انتخابات نئےآرڈیننس کےتحت نہیں ہوسکتے،اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آبادہائیکورٹ نے اسلام آبادلوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021 کالعدم قرار دےدیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نےلوکل گورنمنٹ ایکٹ کے بجائے نئے آرڈی نینس کے تحت اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کروانے سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ اسلام آبادکےبلدیاتی انتخابات نئےآرڈیننس کےتحت نہیں ہوسکتے۔لوکل گورنمنٹ آرڈیننس سے متعلق فیصلہ جسٹس محسن اخترکیانی نے سنایا۔
سابق یو سی چیئرمین،سی ڈی اے مزدور یونین اور دیگر درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا گیا۔لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی موجودگی میں آرڈی نینس کے ذریعے نیا بلدیاتی نظام لانے کو چیلنج کیا گیا تھا۔
لوکل گورنمنٹ آرڈیننس میں چیئرمین کا کردار محدود کرنے پر بھی اعتراض اٹھایا گیا تھا۔ آرڈیننس کے باقاعدہ قانون نہ بن پانے پر منتخب نمائندوں کے مستقبل پر بھی سوال اٹھایا گیا تھا۔
حکومتی وکیل نے بتایا تھا کہ 19 نومبر کو پارلیمنٹ کا سیشن ختم ہوا، 23 نومبر کو آرڈیننس جاری ہوا۔

عمران خان کا وقت ختم ہوچکا،10 دن میں اگلی حکومت آرہی ہے، مراد علی شاہ

کراچی : (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کا وقت ختم ہوچکا،10 دن میں اگلی حکومت آرہی ہے۔172سے زائد اراکین تحریک عدم اعتماد کی تائید کریں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت ناکام ہوگئی ہے۔ایم کیوایم سے بات ہوئی تھی، ان کے مطالبات پر غور کیاگیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ایم کیوایم کے مطالبات میں ایسا کچھ نہیں تھا جس پر اعتراض ہو۔
ان کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی کا انٹرویو بھی آگیا ہے ابھی اور بھی معاملات واضح ہوجائیں گے۔لوگوں کو عمران خان اور حکومت سے نفرت ہوگئی ہے۔وزیراعظم سب کا وقت ضائع کررہے ہیں ،ان کا وقت ختم ہوچکاہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ 172سے زائد اراکین تحریک عدم اعتماد کی تائید کریں گے۔ہفتے 10دن میں اگلی حکومت آرہی ہے۔تحریک عدم اعتماد میں جتنا تاخیر کریں گے 28مارچ سے آگے نہیں جائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی سے مارچ نکلا تو پی ڈی ایم نے شرکت کی۔عمران خان کے لیے 10لاکھ لوگ اکھٹے نہیں ہوں گے۔وزیراعظم نے کس کے ایما پر عوام کو تکلیف پہنچائی نہیں معلوم ،وزیراعظم عمران خان عجیب شخصیت ہیں ، جس بات سے منع کیاجائے وہ کرتےہیں،

حجاب پر پابندی کا فیصلہ، بھارتی شہروں میں دفعہ 144 نافذ

کرناٹک : (ویب ڈیسک) بھارت میں مسلمان خواتین اپنی آزادی اور روایات کی جنگ لڑ رہی ہیں، کرناٹک کے شہر بنگلورو اور اڈوپی سمیت کئی اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔
دفعہ کرناٹک ہائی کورٹ کے مسلم طالبات پر حجاب کی پابندی برقرار رکھنے کے فیصلے کے بعد لگائی گئی، جس کے بعد شہروں میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا۔
انتظامیہ کے مطابق حجاب کیس میں ہائی کورٹ کے فیصلے کے پیش نظر کرناٹک میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔
کئی اضلاع میں سکولوں کو بھی بند کرنے کے آرڈرز دئیے گئے تھے۔
یاد رہے گزشتہ روز بھارت میں حجاب تنازعہ میں کرناٹک ہائی کورٹ کا متعصبانہ اور مسلم مخالف فیصلہ سامنے آیا تھا، کرناٹک ہائی کورٹ نے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کو مسترد کردیا تھا۔
کرناٹک ہائی کورٹ کی تین رکنی بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ حجاب پہننا اسلام کا لازمی جُز نہیں، یونیفارم پر نافذ پابندیاں مناسب تھیں، طلبا اس پر اعتراض نہیں کرسکتے۔
کرناٹک ہائی کورٹ کا حجاب سے متعلق تعصب پر مبنی فیصلے کے بعد بھارت میں جگہ جگہ مظاہرے شروع ہو گئے ہیں، ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد بھارت کے مختلف علاقوں میں باحجاب خواتین احتجاج ریکارڈ کرا رہی ہیں۔

200سےزائد ارکان کی تائید بلاول کی خواہش ہوسکتی ہے لیکن حقائق نہیں،شاہ محمود

لاہو ر : (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے200سےزائد ارکان کی تائید بلاول کی خواہش ہوسکتی ہے لیکن حقائق نہیں ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کہہ رہےہیں کہ ان کو 200سے زائدارکان کی تائید حاصل ہے۔200سےزائد ارکان کی تائید بلاول کی خواہش ہوسکتی ہے لیکن حقائق نہیں ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اتحادیوں سے مسلسل 3 سال کا تعلق قائم ہے۔اپوزیشن والے اتحادیوں کے لیے مشکلات پیدا کرتے رہے ہیں،
انہوں نے اسلاموفوبیا کی قرارداد پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا سے متعلق ہمارا موقف دنیا نے تسلیم کرلیا۔اسلام و فوبیا کی بڑھتی لہر کے خلاف ہمار ی آواز سنی گئی
ان کا کہنا ہے کہ قرارداد میں 15مارچ کو اسلام و فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن قرار دیاگیا۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے اسلامو فوبیا کے خلاف پاکستان کی قرارداد کی منظور کر لی ہے

پی سی بی کا 50 سال بعد قذافی اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ

لاہو ر : (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 50 سال بعدلاہو ر کے قذافی اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم کے نام کی تبدیلی غیرسیاسی اور کمرشل بنیادوں پر کی جائے گی۔نئے نام کے لیے مختلف سپانسرز سے بات چیت جاری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دوسرے شہروں میں موجود انٹرنیشنل اسٹیڈیمز کے نام کی تبدیلی بھی زیرغور ہے۔اسٹیڈیمز کےناموں کی تبدیلی سے پی سی بی کو نفع حاصل ہوگا۔

امریکہ کی یوکرین کے لیے 13 ارب 60 کروڑ ڈالر کی امداد کی منظوری

امریکہ : (ویب ڈیسک) امریکہ نے یوکرین کے لیے 13 ارب 60 کروڑ ڈالر کی امداد کی منظوری دے دی.
امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرین کے لیے امداد کے بل پر دستخط کردئیے۔امریکی امداد یوکرینی مہاجرین اور دفاعی ضروریات کے لیے استعمال ہوگی۔
امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ ملک کے دفاع کے لیے ہم یوکرینی عوام کے ساتھ ہیں،ہم یوکرین کی ہر طرح سے مدد جاری رکھیں گے۔

فتح عمران خان کی ہی ہو گی، جو قانون کو ہاتھ میں لے گا اُسے نہیں چھوڑیں گے: شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ فتح وزیراعظم عمران خان کی ہی ہو گی، 63 اے کی خلاف ورزی کرنیوالا ووٹ نہیں ڈال سکے گا۔ جو قانون کو ہاتھ میں لے گا اُسے نہیں چھوڑیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ فضل الرحمان پر افسوس ہے کہ وہ آج کل مولا جٹ بنے ہوئے ہیں اور عجیب و غریب بیانات دے رہے ہیں۔ ایسی باتیں کررہے ہیں کہ ڈنڈےلےآئیں گے، فضل الرحمان سے کہتاہوں یہ سب بھاگ جائیں گےآپ دھرلئےجائیں گے۔ نہ ہم آپ کوچھیڑیں گےنہ آپ قانون کوچھیڑیں ، اگرآپ قانون کوچھیڑیں گےتوہم آپ کونہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جیتےیاہارےفائدہ عمران خان کاہی ہوگا، نسلی اوراصلی لوگ عمران خان کیساتھ کھڑےہونگے،ہم عمران خان کیساتھ کھڑےہیں۔ عمران خان جیتےگالیکن اگررزلٹ کچھ اورہواتو3ہفتےمیں عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہوجائےگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کوعدم اعتماد کاحق حاصل ہے،سپیکر63اےکےتحت کسی بھی ممبرکاووٹ ڈالنےسےقبل ووٹ منسوخ کرسکتاہے۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی بڑھتی قیمتیں، درآمدی بل میں 100 فیصد سے زائد اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باعث گذشتہ آٹھ ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات اور خام تیل کے درآمدی بل میں 100 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کے جاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے فروری کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات 117 فیصد اضافے سے 6 ارب 25 کروڑ ڈالر رہیں جبکہ گذشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران پیٹرلیم مصنوعات کی درآمدات 2 ارب 88 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔
آٹھ ماہ کے دوران خام تیل کی درآمدات 80 فیصد اضافے سے 3 ارب 16 کروڑ ڈالر رہیں جبکہ ایل این جی درآمدات 105 فیصد اضافے سے 3 ارب 80 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ اسی طرح جولائی سے فروری کے دوران پٹرولیم مصنوعات اور خام تیل کی مجموعی درآمدات 101 فیصد اضافے سے 12 ارب 94 کروڑ ڈالر رہیں۔
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باعث پاکستان کے آئل درآمدات کے بل میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے سبب روپیہ بھی دباو کا شکار ہے اور گذشتہ 8 ماہ کے دوران روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت 13 اعشاریہ 7 فیصد بڑھ چکی ہے۔