All posts by Khabrain News

شوکت خانم اسپتال کراچی اگلے سال کے آخر میں کھولنے کا شیڈول: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم نے کہا ہے کہ شوکت خانم اسپتال کراچی اگلے سال کے آخر میں کھولنے کا شیڈول ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ شوکت خانم اسپتال پشاور اور لاہور کے شوکت خانم سے بڑا ہوگا، شوکت خانم اسپتال کراچی جدید ترین مشینوں سے لیس ہوگا۔

صدارتی ایوارڈ یافتہ گلوکار پٹھانے خان کی آج 22 ویں برسی

کوٹ ادو: (ویب ڈیسک) صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی کے حامل گلوکار پٹھانے خان کی 22 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس موقع پر مقامی میرج ہال میں تقریب کا اہتمام کیا جائے گا اور گھر میں قرآن خوانی کی جائے گی۔ پٹھانے خان 1926کو کوٹ ادو کی بستی تمبو والی میں پیدا ہوئے تھے اور ان کا اصل نام غلام محمد تھا۔
پٹھانے خان 9 مارچ 2000 کو 74 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔

کراچی میں پاک آسٹریلیا ٹیسٹ کی تیاریاں زورو شور سے جاری

کراچی: (ویب ڈیسک) پنڈی کے بعد کراچی میں پاک آسٹریلیا ٹیسٹ کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں، 24 سال بعد نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے میچ کو نتیجہ خیز بنانے کی کوششیں بھی ہو رہی ہیں۔
چوبیس سال بعد کینگروز کا تاریخی دورہ پاکستان جاری ہے، راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ کے بعد اب دونوں ٹیموں کا کراچی میزبان بنے گا۔ راستوں کو پھولوں سے سجایا جانے لگا، صفائی ستھرائی کا کام بھی تیز ہوگیا۔ کراچی ٹیسٹ کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ کی ہدایت پر پچز پر کام جاری ہے، آوٹ فیلڈ کو بھی خوبصورت بنایا جائے گا۔
نیشنل سٹیڈیم میں دو پچز کا اضافہ کیا گیا ہے، جمعرات اور جمعہ کو دونوں ٹیمیں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی جبکہ کراچی ٹیسٹ کا آغاز 12 مارچ سے ہو گا۔
آسٹریلیا نے کراچی میں 8 ٹیسٹ میچز پاکستان کے خلاف کھیلے لیکن ایک بھی نہ جیت سکا، 1956 سے 1998 تک ان مقابلوں میں قومی ٹیم نے 5 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ 3 ڈرا ہوئے۔

محکمہ موسمیات کی آج خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان میں بارش کی پیشگوئی

لاہور: (ویب ڈیسک) موسم کا حال بتانے والوں نے آج بھی خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج خیبرپختونخوا میں پشاور، چترال، دیر، سوات اور دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ بلوچستان میں کوئٹہ، زیارت، چمن میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

روس کے یوکرین پر حملے، مزید ٹینک اور جنگی سامان بھجوا دیا، شہریوں کا انخلا جاری

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کے یوکرین پر پرحملے جاری ہیں، روس نے کریمیا کے راستے مزید ٹینک اور جنگی سازوسامان یوکرین پہنچا دیا۔ بڑے شہروں سے لوگوں کا انخلا بھی جاری ہے، امریکا نے روسی تیل اورگیس کی درآمد پر پابندی لگا دی، 130ڈالر فی بیرل پر پہنچی تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ روس اوریوکرین جنگ پر امریکا نے روسی تیل اور گیس کی درآمد پر پابندی کا بڑا اعلان کر دیا جس سے یورپ میں گیس کی قیمتیں آسمان پر اور تیل کی عالمی مارکیٹ میں بھونچال کا خدشہ ہے۔ صدر بائیڈن نے روسی تیل اور گیس پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلےسے امریکا میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھیں گی لیکن آزادی کےلیے یہ قیمت ادا کرنی پڑتی ہے، پیوٹن یوکرین میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ پابندیوں سے بے نیازروس نے کریمیا سے مزید ٹینک اورفوجی سازوسامان یوکرین پہنچا دیا، فضائی حملوں میں گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے، کیف، خرکیف، سومی، ماریو پول سمیت دیگر شہروں کا محاصرہ جاری ہے، امریکا نے روس پر لانگ رینج میزائل حملوں کا بھی الزام عائد کردیا۔ دوسری جانب یوکرین کے صدر زیلنسکی کے موقف میں کسی حد تک لچک آئی ہے اور وہ نیٹو کی رکنیت پر اصرار کے مطالبے سے دست بردار ہوگئے ہیں۔

ملک میں کورونا کی وبا: 24 گھنٹے میں 6 افراد انتقال کر گئے، 758 نئے مریض

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا کی پانچویں لہر کے وار کم ہونے لگے۔ ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ صفر سات فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 30 ہزار 287 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 لاکھ 16 ہزار 150 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 758 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 5 لاکھ 3 ہزار 128، سندھ میں 5 لاکھ 70 ہزار 688، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 17 ہزار 503، بلوچستان میں 35 ہزار 399، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 592، اسلام آباد میں ایک لاکھ 34 ہزار 700 جبکہ آزاد کشمیر میں 43 ہزار 140 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اگر اس کو رہنے دیا تو نہ آنیوالی نسلیں معاف کرینگی نہ ہماری قبریں، آصف زرداری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق صدر پاکستان آصف زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ کو نکالنے کا وقت آگیا۔ انہوں ںے کہا کہ اس کو میں بہت جلد نکالوں گا۔
ڈی چوک اسلام آباد پہ پیپلزپارٹی کے عوامی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج بلاول کے ساتھ آپ کا پیار اور محبت دیکھی، میرا دل بہت خوش ہوا۔
انہوں ںے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ سلیکٹڈ کو باہر نکالیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری قوتوں کو مل کر ملک کو آگے لے جانا پڑے گا۔
آصف زرداری نے کہا کہ مائنس سلیکٹڈ ، اس کو باہر نکالیں گے اور آپ کی حکومت لائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کو میں بہت جلد نکالوں گا۔
سابق صدر پاکستان نے کہا کہ اگر اس کو رہنے دیا تو نہ آنے والی نسلیں معاف کریں گی نہ ہماری قبریں۔

چوہدری برادران کمٹمنٹ نبھانے والے ہیں، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا آئینی حق ہے، آئینی، قانونی اور سیاسی انداز میں ان کا مقابلہ کریں گے۔
اپنے بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کو شکست دیں گے، عمران خان منتخب وزیراعظم ہیں ، عمران خان سے استعفیٰ مانگنے والے یہ لوگ کون ہوتے ہیں؟
وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم سے بات ہوئی، وہ بھرپور طریقے سے مقابلہ کریں گے، اپوزیشن والے ایک دوسرے پر بھی اعتماد نہیں کرتے، ان کے کسی الٹی میٹم سے ہرگز خوف زدہ نہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے ناراض ارکان سے رابطہ کیا ہے اور انہیں سمجھایا بھی ہے کہ چوہدری برادران کمٹمنٹ نبھانے والے ہیں۔

جو بائیڈن نے روسی تیل اور گیس کی تمام درآمدات پر پابندی لگا دی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے ملک میں روسی تیل اور گیس کی درآمدات پر پابندی کا اعلان کردیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ روسی تیل اور گیس اب امریکی بندرگاہوں پر قابلِ قبول نہیں۔ ہم روس کے صدر ولادمیر پوٹن کو جنگ میں کوئی ’مالی معاونت‘ فراہم نہیں کرنا چاہتے۔
جوبائیڈن نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ یورپی اتحادیوں کے ساتھ مشاورت سے کیا ہے تاہم وہ پابندی میں امریکہ کا ساتھ دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ یورپی اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تا کہ روسی تیل اور گیس پر انحصار کم کرنے کے لیے “طویل مدتی حکمت عملی” تیار کی جا سکے۔
واضح رہے کہ اس پابندی سے روسی معیشت کو ایک تباہ کن دھچکا پہنچنے کی توقع ہے جو ملک کی آمدنی کا 40 فیصد سے زائد تیل اور گیس کی پیداوار پر انحصار کرتی ہے۔

اب میں عمران خان کو ایک دن بھی چین سے نہیں بیٹھنے دوں گا، بلاول بھٹو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اب میں عمران خان کو ایک دن بھی چین سے نہیں بیٹھنے دوں گا، عدم اعتماد اس لشکر کا جمہوری ہتھیار ہے۔
وفاقی دارالحکومت کے ڈی چوک میں عوامی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے جیالوں کو سلام پیش کرتا ہوں، یہ بہادر اور وفادار لوگ 10 دن سے سلیکٹڈ سرکار کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، کراچی سے 27 فروری کو نکلے اور پھر تعداد میں اضافہ ہوتا رہا، آج ہم ڈی چوک بھی پہنچ گئے، جیالے جو کہتے ہیں وہ کر کے دکھاتے ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ آپ 3 سال سے اس کٹھ پتلی سے ٹکرا رہے ہو، ہم نے اسے پہلے دن ہی بے نقاب کر دیا تھا، یہ الیکٹڈ نہیں سلیکٹڈ ہے، اب میں عمران خان کو ایک دن بھی چین سے نہیں بیٹھنے دوں گا، عدم اعتماد اس لشکر کا جمہوری ہتھیار ہے، کٹھ پتلی کو اس قوم پر مسلط کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں غیر جمہوری طریقے سے مسلط ہونے والے کٹھ پتلی کو گھر بھیجنا ہے، عمران خان سے پورے پاکستان کا اعتماد اٹھ چکا ہے، اب وقت آ چکا ہے پارلیمان کا اعتماد بھی اس سے اٹھ جائے، پہلے بھی یوسف رضا گیلانی کو اسمبلی سے جتوا کر تاریخ رقم کی تھی، وزیراعظم کے پسینے چھوٹ رہے ہیں، گالیاں دینے پر مجبور ہو گیا، عوام کو کہتا تھا کہ مہنگائی ہے مگر گھبرانا نہیں، اب تو عدم اعتماد کی تحریک پیش ہو گئی، ہم نے جمہوری حملہ کر دیا ہے، وزیراعظم صاحب گھبرانے کا وقت آ گیا ہے، ہماری عمران خان سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں، انہوں نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے۔ پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل عوام دشمن اور غریب دشمن ڈیل ہے، ہماری بات نہیں مانی گئی اور پھر بوجھ عام آدمی پر آگیا، تم سب صوبوں کے حقوق پر ڈاکے مارنے کی کوشش کررہے ہو، ہم جمہوریت پر ڈاکہ برداشت نہیں کر سکتے،
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس شخص نے پاکستان کے عوام کا معاشی قتل کیا، اس کی معاشی پالیسی عام آدمی کو تکلیف اور امیر کو ریلیف پہنچانا ہے، قائد عوام نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس شخص نے ملک کی خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا، اس شخص نے پاکستان کو دنیا میں تنہا کر دیا، اس شخص نے سی پیک کو بھی سبوتاژ کرنے کی کوشش کی، قائد عوام نے اس پارٹی کی بنیاد کشمیر کاز پر رکھی تھی، کشمیر کے مسئلے پر قومی اتفاق رائے بنانا اس کا کام تھا جو نہیں ہوا، ہم دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کو برداشت نہیں کریں گے، اس نے رات کے اندھیرے میں دہشت گردوں سے ڈیل کرنی شروع کر دی، ہم یہ برداشت نہیں کر سکتے، اب نوجوانوں کا وقت ہے، پوری قوم ایک پیج پر آ چکی ہے، ہم قائد عوام کا جمہوری پاکستان بنانے نکلے ہیں، ہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو مکمل کرنے نکلے ہیں، ہم سارے صوبوں کو اپنے وسائل کا مالک بنانا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاکہ جیالے کی خاص پہچان ہے، آپ کی محبت دیکھ کر میرا دل بہت خوش ہوا، آج بلاول کے ساتھ آپ کا پیار اور محبت دیکھی، وقت آگیا ہے سلیکٹڈ کو باہر نکالیں گے، جمہوری قوتوں کو مل کر ملک کو آگے لے جانا پڑیگا، مائنس سلیکٹڈ ، اس کو باہر نکالیں گے اور آپ کی حکومت لائیں گے، عمران خان کو بہت جلد میں باہر نکال دوں گا، اگر اس کو رہنے دیا تو نہ آنے والی نسلیں معاف کریں گی، نہ ہماری قبریں، جمہوری قوتوں کو مل کر ملک کو آگے لے جانا پڑےگا، لانگ مارچ کر لیا، عدم اعتماد بھی کر لیا، اب یہ بھی کر کے دکھائیں گے۔