All posts by Khabrain News

دھانی مین آف دا میچ، شاہد آفریدی بھی کارکردگی سے خوش

لاہور: (ویب ڈیسک) فاسٹ بالر شاہنواز دھانی نے پی ایس ایل 7 کے پہلے پلے آف میں اپنی شاندار کارکردگی سے شاہد آفریدی کو بھی متاثر کیا۔
پی ایس ایل 7 کے فائنل میں جگہ بنانے والی ٹیم ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی کی بالنگ نے دھوم مچا دی۔ سابق کپتان فاسٹ بالر کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے۔
انہوں نے کوالیفائر جیت کر فائنل میں جگہ بنانے پر ملتان سلطانز کو مبارکباد دی۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ دھانی نے بہترین کارکردگی دکھائی اور اپنی صلاحیتوں کے مطابق شاندار بالنگ کی۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے شاہنواز دھانی کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ دھانی کو سیلیبیریشن کی بجائے اپنی کارکردگی بہتر بنانی چاہیے۔
دھانی نے لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں 4 اوورز میں صرف 19 رنز دے کر 3 شکار کئے اور مین آف دا میچ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

نور مقدم قتل کیس کا محفوظ فیصلہ آج سنا یا جائے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سیشن کورٹ اسلام آباد میں نور مقدم قتل کیس کا محفوظ فیصلہ آج سنا یا جائے گا۔
نور مقدم قتل کیس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر سمیت 12 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ملزم ظاہر جعفر، ذاکر جعفر،عصمت آدم، افتخار، جمیل، جان محمد پر فرد جرم عائد تھی۔
تھراپی ورک کے طاہر ظہور سمیت دیگر 6 ملزمان پر بھی فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ملزم ظاہر جعفر اس کے والدین اور دیگر ملزمان اڈیالہ جیل میں ہیں۔ظاہر جعفر کے والدین پر نور مقدم قتل کیس میں اعانت جرم کا الزام ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے نور مقدم قتل کیس کا فیصلہ 4 ہفتے میں کرنے کا حکم دیا تھا۔ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے نور مقدم قتل کیس کا فیصلہ محفوظ کیاتھا۔مقدمہ 4 ماہ 8دن چلا، عدالت نے 22 فروری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر نے دوران سماعت عدالت میں پیشی کے دوران مختلف بہانے بھی بنائے اور خود کو ذہنی مریض ثابت کرنے کی کوشش کی تھی۔ظاہر جعفر کا میڈیکل کروانے کی بھی درخواست دی گئی تھی جس کو عدالت نے مسترد کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم کو 20 جولائی 2021 کو اسلام آباد میں قتل کر دیا گیا تھا۔ اسلام آباد کے تھانہ کوہسار کی حدود میں قتل ہونے والی نور مقدم کے والد شوکت علی مقدم نے بیٹی کے قتل کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ رات کو تھانہ کوہسار سے کال آئی کہ نور مقدم کا قتل ہو گیا ہے اور جب میں نے موقع پر پہنچ کر دیکھا تو میری بیٹی کا گلا کٹا ہوا تھا۔
پاکستان کے سابق سفیر شوکت علی مقدم کی مدعیت میں قتل کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مسلم لیگ ن نے بھی پیکا آرڈیننس 2022 کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن نے بھی پیکا آرڈیننس 2022 کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے درخواست دائر کی۔
درخواست میں وزارت قانون، صدر پاکستان اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پیکا قانون میں آرڈیننس کے ذریعے تبدیلی آئین سے متصادم ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ پیکا آرڈیننس پر عملدرآمد روکا جائے۔
ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیکا ترمیمی آرڈیننس کو کالعدم قرار دیا جائے، حکومت کیخلاف تنقید کی اجازت نہیں، تنقیدکی تو 5 سال جیل میں گزارنے پڑیں گے، پیکا آرڈیننس آئین کی خلاف ورزی ہے، یہ حکومت نہیں آرڈیننس فیکٹری ہے، پیکا ترمیمی آرڈیننس آئین کے آرٹیکل 89 سے متصادم ہے۔

کوئٹہ میں سبزی کی قیمتوں میں ایک بار پھر 70روپے تک اضافہ

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) کوئٹہ میں سبزی کی قیمتوں میں ایک بارپھر 70روپے تک اضافہ ہو گیا جس کی وجہ سے شہریوں کی قوت خرید ختم ہو کر رہ گئی ہے۔
کوئٹہ میں مہنگائی کا بےلگام جن کسی کےقابومیں نہیں آرہا، سبزیوں کی قیمتوں میں پھرسےاضافہ ہونے لگا، شہرکےمختلف علاقوں میں ٹماٹر 100 سے 120 روپے، گوبھی 30 روپےاضافے کے ساتھ 80 روپے، بھنڈی 220 روپے، فراسبین 130 روپے، ادرک اور لہسن 400 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ دن بدن مہنگائی بڑھنے سےان کی معاشی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔
سبزیوں کےنرخ بڑھنے کی بنیادی وجہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہے جس سےٹرانسپورٹ کرایوں سمیت دیگر اخراجات بڑھ گئے ہیں۔
آڑھتیوں کاموقف ہے شہرکے مختلف علاقوں میں بکنے والی سبزیوں کے نرخ سبزی منڈی کے مقابلے 70 فی صد زائد ہیں، بازار میں سبزی فروش زیادہ کمانے کے چکر میں مصنوعی گرانی بھی کرتے ہیں۔

2016ءسے 2022ءتک لاہور قلندرز کی کارکردگی کا جائزہ، ٹاس جیتنے میں بدقسمت رہی۔ رپورٹ: عبدالستار خان

(سپیشل رپورٹ: عبدالستار خان)
ٹاس جیتنا‘ ہارنا کرکٹ میچز میں ٹاس جیتنے کو اہمیت حاصل رہی ہے۔ ٹاس جیتنے والے کپتان کے پاس یہ اختیار ہوتا ہے کہ وہ موسم کی صورتحال‘ پچ کی صورتحال اور مخالف ٹیم کی کمزوری اور مضبوطی کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کرتا ہے کہ اس کی ٹیم کو پہلے کھیلنا چاہئے یا بعد میں۔ اس معاملے میں لاہور قلندر قدرت کے سامنے مجبور تھی۔ 2016ءسے 2019ءکے دوران ہونے والی پی ایس ایل سیریز میں لاہور قلندر کی قسمت ٹاس جیتنے کے حوالے سے بہت کمزور رہی۔ 2016 ءسے 2019ءکے چار پی ایس ایل سیریز کے 36 میچوں میں صرف 12 میچوں میں ٹاس جیت سکی۔ جبکہ 24 میچوں میں ٹاس ہار گئی تھی۔ ٹاس جیتنے کے حوالے سے لاہور قلندر کی قسمت پہلے کی نسبت بہت بہتر ہوئی جب 2020 ءاور 2022ءموجودہ سیریز کے دوران لاہور قلندر 33 میچوں میں 20 میچوں میں ٹاس جیتی جبکہ 13 میچوں میں ٹاس ہاری۔ 2016 ءسے 2019ءکے پی ایس ایل کی چار سیریز میں ہر سال کے الگ الگ اعداد و شمار کی جانچ پڑتال سے پتہ چلتا ہے کہ 2016 ءکی پی ایس ایل سیریز کے آٹھ میچوں میں لاہور قلندر صرف ایک ہی میچ میں ٹاس جیت سکی جبکہ سات میچوں میں ٹاس ہار گئی۔2017ءکی پی ایس ایل سیریز کے آٹھ میچوں میں لاہور قلندر صرف تین میچوں میں ٹاس جیتی۔ جبکہ پانچ میچوں میں ٹاس ہار گئی۔ 2018ءکے دس میچوں میں پانچ میں ٹاس جیتی اور پانچ میں ہار گئی۔ 2019ءکے دس میچوں میں صرف تین میچوں میں ٹاس جیتی جبکہ سات میچوں میں ٹاس ہار گئی۔ 2020ءسے موجودہ 2022ءکی پی ایس ایل کی تین سیریز میں ہر ایک سال کی اعداد و شمار کی جانچ پڑتال بتاتی ہے۔ 2020ءمیں تیرہ میچوں میں لاہور قلندر نے آٹھ میچوں میں ٹاس جیتا جبکہ تین میچوں میں ٹاس ہارا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہوجاتی ہے کہ 2020ءکی پی ایس ایل سیریز کرونا کی وجہ سے معطل رہی۔ پی ایس ایل کے حوالے سے espncricinfo.com میں موجود ڈیٹا اور ریکارڈ کو دیکھا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ 2020ءکی سیریز پندرہ مارچ کو کرونا کی وجہ سے تعطل کا شکار ہوگئی تھی پھر چودہ نومبر 2020ءسے سترہ نومبر 2020ءتک میچز ہوئے۔ 2021ءکے دس میچوں میں لاہور قلندر چھ میچوں میں ٹاس جیتی اور چار میچوں میں ہار گئی۔ 2021ءکی پی ایس ایل کی سیریز بھی تعطل کا شکار رہی۔espncricinfo.com کے اعداد و شمار کے مطابق سیریز 21 فروری 2021 ءسے 28 فروری 2021ءتک رہی جبکہ دوسری قسط 9 جون 2021ءسے 18 جون 2021ءتک رہی۔
2022ءکی موجودہ پی ایس ایل سیریز کے 29 جنوری 2022 ءسے 21 فروری 2022 ءکے دوران ہونے والے 9 میچوں میں لاہور قلندر صرف تین میچوں میں ٹاس جیت سکی جبکہ 6 میچوں میں ٹاس ہار گئی۔ ٹاس جیتنے یا ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنا یا پہلے باﺅلنگ کرنا بھی میچ کی ہار جیت میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پی ایس ایل کی سیریز کے 162 میچوں میں پی ایس ایل کی ٹیموں کے کپتانوں نے 139 میچوں میں پہلے باﺅلنگ کا فیصلہ کیا۔ جب کہ 23 میچوں میں پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے باﺅلنگ کرنے کے فیصلے کے حوالے سے 80 فیصد کامیابی ملی۔ اس معاملے میں بھی لاہور قلندر بڑی حد تک بدقسمت ثابت ہوئی۔ اس معاملے میں بھی پی ایس ایل سیریز کو دو حصوں میں بانٹنا پڑے گا۔ پی ایس ایل کی 2016 ءسے 2019ءکی چار سیریز میں لاہور قلندر کو 34 مرتبہ پہلے باﺅلنگ کرنا پڑی لیکن صرف چھ میچ جیت سکی اور 28 میچ ہار گئی۔ اسی طرح سے لاہور قلندر کو 16 مرتبہ پہلے بیٹنگ کرنا پڑی۔ جس میں لاہور قلندر آٹھ مرتبہ جیتی اور آٹھ مرتبہ ہار گئی 2016 ءسے 2019 ءکی پی ایس ایل کی چار سیریز کے اعداد و شمار کی جانچ پڑتال بتائی ہے کہ 2016 ءمیں لاہور قلندر کو سات مرتبہ پہلے بیٹنگ کرنا پڑی۔ بدقسمتی سے صرف 2 میں جیت سکی پانچ میں ہار گئی۔ اسی طرح سے صرف ایک ہی میچ میں پہلے باﺅلنگ کرنا پڑی اور وہ میچ بھی لاہور قلندر ہار گئی۔ 2017ءمیں لاہور قلندر کو 8 میچوں میں 4 میچوں میں پہلے بیٹنگ کی۔ لاہور قلندر صرف ایک میچ جیت سکی جبکہ تین میچوں میں لاہور قلندر کو شکست ہوئی لاہور قلندر کو چار میچوں میں دوسری اننگز میں بیٹنگ کرنا پڑی۔ دو میچ جیت سکی دو ہار گئی۔ 2019ءمیں چھ میچ کھیلے۔ تین میچوں میں پہلی اننگز بیٹنگ کی صرف ایک جیت سکی۔ دو ہار گئی تین میچوں میں پہلے باﺅلگ کی اور تینوں میچ ہار گئی۔ 2020 ءسے موجودہ 2022ءسیریز کے دوران ہونے والے میچوں میں لاہور قلندر کی پوزیشن پہلے کی نسبت بہتر رہی چاہے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے یا پھر پہلے باﺅلنگ کرتے ہوئے یا پھر پہلے باﺅلنگ کرتے ہوئے 2020ءسے موجودہ سیریز 2022ءکے اعداد و شمار کی جانچ پڑتال سے یہ بات سامنے آئی ہے

سیلز ٹیکس کی عدم وصولی پر ایف بی آر اور سوئی سدرن کے مابین بینک اکاونٹس منجمد کرنے کا تنازع

کراچی: (ویب ڈیسک) سیلز ٹیکس کی عدم وصولی پر ایف بی آر نے سوئی سدرن کے بینک اکاونٹس منجمد کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا تاہم گیس ترسیلی کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹیکس جمع کرنے والے ادارے کے نوٹسز کو قانونی معیار سے عاری ہونے کی وجہ سے سندھ ہائی کورٹ نے معطل کردیا۔
ایف بی آر لارج ٹیکس پیئر آفس کراچی کی جاری پریس ریلیز کے مطابق سوئی سدرن سیلز ٹیکس کی مد میں 23 ارب روپے کی نادہندہ ہے اور واجبات میں سے صرف 31 کروڑ روپے وصولی ہوسکی ہے اور گیس کی ترسیلی کمپنی کے اکاؤنٹس اس لیے منجمد کیے تھے تاکہ واجب الادا رقم ریکور کی جائے۔
دوسری جانب سوئی سدرن کا کہنا ہے کہ لارج ٹیکس پیئر یونٹ نے قانونی عمل کی پیروی کیے بغیر اور آزاد فورم یعنی اپیلٹ ٹریبونل کے فیصلے کا انتظار کیے بغیر بینکوں کو ریکوری کے نوٹسز جاری کیے جسےسندھ ہائی کورٹ نے معطل کردیا۔

‘اپوزیشن جماعتیں حکومتی اتحادیوں کو کچھ آفر کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں’

لاہور: (ویب ڈیسک) حسان خاور نے کہا ہے کہ سیاسی منظر نامے سے غائب ہوتی غیر متحدہ اپوزیشن واپسی کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے، اپوزیشن جماعتیں حکومتی اتحادیوں کو کچھ آفر کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نمبرز پورے ہونے کی دعویدار اپوزیشن جماعتیں حکومتی اتحادیوں کے در پر ماری ماری پھر رہی ہیں، نمبر گیم پوری ہوتی تو اپوزیشن لانگ مارچ کینسل کر کے فوراً تحریک عدم اعتماد لاتی، اپوزیشن جماعتیں حکومتی اتحادیوں کو کچھ آفر کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ ن لیگ 1997 میں بھی ق لیگ کی مدد سے الیکشن جیت کر ان کو دھوکہ دے چکی ہے، جہانگیر ترین گروپ گزشتہ تین سال کی طرح آئندہ بھی حکومت کے ساتھ کھڑا رہے گا، فی الوقت جہانگیر ترین گروپ کے ساتھ ایسا کوئی اختلاف نہیں جو حکومت کے لیے تشویش کا باعث ہو۔

سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان، 750 پوائنٹس کی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تجارتی لین دین کے دوران 750 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس میں 750 پوائنٹس کی کمی سے 44ہزار 385 کی سطح پر پہنچ گیا۔ واضح رہے کہ روس کے یوکرین پر حملے کے سبب ایشیائی سٹاک مارکیٹس میں گراوٹ کا رجحان ہے، جاپان کی سٹاک مارکیٹ میں 1عشاریہ2فیصد جبکہ چین کی سٹاک مارکیٹ میں 1فیصد کمی ہوئی ہے۔آسٹریلیا، سنگاپوراوردیگرسٹاک مارکیٹوں میں 3فیصدتک مندی دیکھی گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں تیل کےنرخوں میں بھی اضافہ ہوا،قیمت 100ڈالرفی بیرل سےزائدہوگئی، ٹریڈنگ کے دوران سونےکی فی اونس قیمت 16ڈالربڑھ گئی۔

عمران نیازی کالے قانون کو مخالفین کے خلاف استعمال کرنا چاہتے ہیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ جو حکومت کو آئینہ دکھائے یہ اسے دن دیہاڑے گولیاں مارتے ہیں یا اٹھا کر تشدد کرتے ہیں، عمران نیازی کالے قانون کو مخالفین کے خلاف استعمال کرنا چاہتے ہیں، آئین کے تحفظ کیلئے ہر قدم اٹھائیں گے۔
ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین اور قانون ہر شخص کو اظہار آزادی اور معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے مگر عمران خان کی حکومت مخالفین اور میڈیا کی آواز کو دبانے کے لیے آرڈیننسز لا رہی ہے، صدارتی آرڈیننس کے ذریعے پیکا قوانین میں ترامیم کالا قانون ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سیاسی مخالفین کے لیے نیب کو استعمال کیا، اب میڈیا کی آزادی سلب کرنے کے لیے ایف آئی اے کو استعمال کیا جا رہا ہے، حکومت کے ہر کالے قوانین کا مسلم لیگ ن عدالتوں میں مقابلہ کریگی۔

جنگ کی بجائے بات چیت سے مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں: یوکرینی صدر

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ہم کسی صورت جنگ نہیں چاہتے، آج بھی مسئلہ بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں مگر روسی صدر بات کرنے سے انکاری ہیں۔
یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ جنگ میں صرف یوکرین اور روس کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا نقصان ہوگا، روس کے حملے کا بھر پور جواب دیں گے،ہم اپنی بقا کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔ یوکرینی وزیر خارجہ نے بھی روسی حملے پر شدید ردعمل دیا، انہوں نے کہا کہ روس نے یوکرین پر بڑے پیمانے پر حملہ کیا، یوکرین اپنا دفاع کرے گا، فتح ہماری ہوگی۔ یوکرینی وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ روس نے بیلسٹک اور کروز میزائلوں سے حملہ کیا ہے، دارالحکومت کیف، ماریوپول، اڈیسا اور دیگر شہروں پر حملے ہوئے ہیں۔