لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری گلوکارہ نور جہاں کی مداح نکل آئیں اور شادی کی تقریب سر بکھیر دیئے۔
تقریب میں عظمیٰ بخاری نے ملکہ ترنم نور جہاں کا گانا آجا ہو بیلیا گایا اور اپنے خاندان کی شادی میں ڈھولک بھی خوب بجائی۔
ن لیگ پنجاب کی ترجمان نے گانے اور ڈھولک سے سرُ ملا کر محفل کو کشتہ زعفران بنا دیا، انہوں نے تقریب میں گولڈن گوٹہ سے مزین ہلکے سبز رنگ کا لباس زیب تن کررکھا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق کی شادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز سمیت معروف شخصیات نے شرکت کی تھی۔
All posts by Khabrain News
مری میں شدید برفباری کی پیش گوئی
مری: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی نے آج رات سے 25 فروری جمعہ تک مری میں شدید برفباری کی پیش گوئی کردی۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) راولپنڈی نے کہا کہ سیاحوں کی سہولت کےلیےٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔ برف باری کے دوران ضلعی انتظامیہ کے حکم پر آٹھ ہزار سے زائد گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ مری میں تقریبا3500گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے ۔
بیان کے مطابق مری کے ٹول پلازہ اور داخلی راستوں پرخصوصی چیکنگ و آگاہی پمفلٹ کی تقسیم کےلئے پکٹس قائم کر دی گئی ہیں۔ مکینکلی فٹ گاڑی اور لائسنس ہولڈر ڈرائیور ز کو ہی مری جانے کی اجازت دی جائے گی۔
مری آنے والے سیاح موسم کی شدت اور رش کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفرکا انتخاب کریں۔ سخت سردی کے پیش نظر گاڑی میں اضافی گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیاءضرور رکھیں ۔ سیاح ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر اپنی گاڑی میں مکمل ٹول کٹ لازمی رکھیں۔
چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے کہا کہ سیاح سفر کو محفوظ اور پر سکون بنانے کےلئے دی گئی سفر ی ہدایات پر عمل کریں۔ دوران سفر کسی قسم کی ٹریفک پرابلم ہونے کی صورت میں ہیلپ لائن 0519269200 یا 03097770598 پر رابطہ کریں۔
راولپنڈی میں غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کرنے والا سفاک باپ گرفتار
راولپنڈی: (ویب ڈیسک)راولپنڈی میں غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کرنے والے سفاک باپ کو گرفتار کرلیا گیا۔
چونترہ پولیس کے مطابق سفاک ملزم نےچھریوں کے وار کر کے اپنی بیٹی کوقتل کیا، ملزم محمد امتیاز نے ایک ہفتہ قبل اپنی بیٹی کو قتل کیا، سفاک ملزم کو ہیومن انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سےگرفتار کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کا اندوہناک قتل افسوس ناک واقعہ ہے، ملزم کو کڑی سزا دلوانے کے لئے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
وکلا تنظیموں نے پیکا ترمیمی آرڈیننس مسترد کردیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر کی وکلا تنظیموں نے پیکا ترمیمی آرڈیننس مسترد کردیا۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اعلامیہ کے مطابق پیکا آرڈیننس اور الیکشن ایکٹ میں ترمیم چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ترمیم کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا، سپریم کورٹ بار پیکا آرڈیننس مخالفوں کے گلے کاٹنے اور آزادی اظہار پر یقین رکھنے والوں کی آواز دبانے کا ایجنڈا ہے۔ حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے ایسے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق کالے قانون نافذ کرنے والوں کو سمجھنا چاہیے شیشے کے گھر میں رہ کر پتھر نہیں مارے جاتے، موجودہ دور جیسی پابندیاں آمرانہ دور میں بھی نہیں لگائی گئیں، فیک نیوز کا مسئلہ غور طلب ہے مگر خلاف آئین اور بنیادی حقوق کے خلاف کوئی اقدام نہ کیا جائے۔
دوسری طرف پریونیشن الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016 میں ترمیم پر سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے مذمتی قرار داد منظور کرلی۔
قرار داد میں کہا گیا کہ پیکا میں ترمیم کا آرڈیننس رات کے اندھیرے میں جاری کیا گیا۔ صدر اور وزیر قانون نے آرڈیننس کے ذریعے پارلیمنٹ کو بائی پاس کیا ہے۔ پیکا ترمیمی آرڈیننس وزارت قانون کا مزید ایک مجرمانہ فعل ہے۔ آرڈیننس اس آنا کی غمازی ہے جو آمرانہ طرز حکومت چاہتی ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ پیکا میں ترمیم فیک نیوز کے نام پر صحتمند تنقید کو دبانے کے مترادف ہے۔ ایسے قانون کا مقصد نام نہاد مقدس گائے جیسے حکمران کو تنقید سے مبرا بنانا ہے۔ اس وقت اس کالے قانون کے اجراء کے لئے کوئی ہنگامی صورتحال نہیں ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے سینئر صحافی محسن بیگ کی ایف آئی کا مقدمہ اخراج کی درخواست پر تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ہے۔
پاکستانی صحافیوں کی تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے صدر پاکستان کی جانب سے جاری پیکا ترمیمی آرڈیننس کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
عدالت میں دائردرخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آئین میں اظہار رائے کی آزادی شامل ہے، موجودہ حکومت کے دور میں میڈیا کو بند کیا جا رہا ہے، صحافیوں پر غیر اعلانیہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں، نیا ترمیمی آرڈیننس خبریں اور تنقید کی حوصلہ شکنی کیلئے ہے۔
دوسری جانب پیکا ترمیمی آرڈیننس 2022 کو لاہور ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ پیکا ترمیمی آرڈیننس صحافیوں کی آواز دبانے کے لیے لایا گیا ہے، حکومت پیکا ترمیمی آرڈیننس لا کر اپنے مذموم مقاصد پورا کرنا چاہتی ہے، پارلیمنٹ کی موجودگی میں صدارتی آرڈیننس جاری کرنا غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت پیکا ترمیمی آرڈیننس 2022 کو کالعدم قرار دے۔
سیاسی ساکھ کو سامنے رکھتے ہوئے ملکی مفاد میں فیصلے کرینگے: پرویز الٰہی
لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ سیاسی عمل کی وجہ سے رابطے سب کے ساتھ ہوتے ہیں، تاہم فیصلے مشاورت اور سوچ سمجھ کر ملکی مفاد میں کیے جاتے ہیں، اپنی سیاسی ساکھ کو سامنے رکھتے ہوئے ملکی مفاد میں فیصلے کریں گے۔
پنجاب اسمبلی کے سپیکر سے وفاقی وزیر سیفران صاحبزادہ محبوب سلطان اورایم این اے صاحبزادہ امیر سلطان نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی ، جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ جو ملک کے مفاد میں ہوگا وہ انشااللہ کریں گے، خاص طور پر اپنی سیاسی ساکھ کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کریں گے، پاکستان مسلم لیگ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوامی خدمت میں اپنا بھر پور کردارادا کر رہی ہے۔
صاحبزادہ محبوب سلطان اور ایم این اے صاحبزادہ امیر سلطان نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی۔
محبوب سلطان نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کا وزارت اعلیٰ کا دور صوبے کا سنہری دور تھا، اس دور میں عوام خوشحال تھے، یہی وجہ ہے کہ عوام آج بھی ترقی کے اس دور کو اچھے الفاظ میں یاد کر رہے ہیں۔
پوٹن کا یوکرین میں فوج بھیجنے کا فیصلہ احمقانہ ہے، امریکا
جنیوا: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں اپنی تقریر میں امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے مشرقی یوکرین کے علاقوں ڈونیسک اور لوہانسک میں فوج بھیجنے کے روسی صدر کے بیان کو بکواس قرار یتے ہوئے روس پر کڑی تنقید کی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سفیر نے یوکرین کی موجودہ صورت حال کی جانب توجہ دلاتے ہوئے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے فوج بھیجنے کے بیان پر کڑی تنقید کی اور اس مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے مزید کہا کہ روسی صدر نے منسک معاہدے کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ روس اپنے جارحانہ عزائم کا اظہار کر رہا ہے جس کے نتائج سنگین ہوں گے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے کہا ہے کہ امریکا یوکرین میں باغیوں کے زیر تسلط علاقوں کو تسلیم کرنے اور امن دستے کے نام پر اپنی فوجیں بھیجنے پر روس پر آج سخت پابندیاں عائد کرے گا جس کے لیے اتحادیوں اور شراکت داروں سے رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے لوہانسک اور ڈونیسک کو خود مختار ریاست تسلیم کرتے ہوئے اپنی فوجیں بھیجنے کا اعلان کیا تھا جس کی عالمی رہنماؤں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
افغان خاتون پولیس افسران ملک و قوم کی حفاظت کو تیار ہیں، ترجمان طالبان
کابل: (ویب ڈیسک) ترجمان طالبان سہیل شاہین نے بتایا ہے کہ افغانستان کی کابل اکیڈمی آف پولیس سے 40 خواتین پولیس افسران تدریسی عمل اور تربیت مکمل کرکے ملک اور قوم کی خدمت کے لیے تیار ہیں۔
طالبان کے دوحہ دفتر کے ترجمان اور اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کے نمائندے سہیل شاہین نے ٹویٹر پر بتایا کہ کابل اکیڈمی آف پولیس سے 40 خاتون پولیس افسران نے گرجویشن مکمل کرلی ہے۔
ترجمان طالبان سہیل شاہین نے مزید لکھا کہ یہ تربیت یافتہ خواتین افسران آزاد افغانستان میں اپنے عوام اور ملک کی خدمت کے لیے سیکیورٹی فورسز کا حصہ بننے جارہی ہیں۔
علاوہ ازیں طالبان رہنما سہیل شاہین نے ایک اور ویڈیو بھی شیئر کی جس میں 30 سال سے بند اناج کے ذخیرے کی جگہ کو کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے اور اس میں خواتین کو روٹیاں پکاتے دیکھا گیا ہے۔
سہیل شاہین نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اناج گاہ میں خواتین ملازمین بھی اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔ افغان ایک باوقار اور خود انحصاری کی زندگی کے مستحق ہیں۔ عالمی پابندیاں کے باوجود ہم مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی قوتوں کی جانب سے طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے لیے لڑکیوں کے اسکول کھولنے اور خواتین کی ملازمتوں پر واپسی کی شرط رکھی گئی تھی جس میں سے پہلی شرط رواں ماہ پوری کردی گئی ہے۔
اسرائیل میں پہلی بار سپریم کورٹ میں ایک مسلمان جج مقرر
تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک مسلمان کو سپریم کورٹ میں جج مقرر کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے ملک کے معروف وکیل اور جج خالد کبوب کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کر دیا ہے جب کہ مزید دو خواتین کو بھی سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا ہے۔
صیہونی ریاست میں 20 فیصد آبادی عربوں پر مشتمل ہے اور اس اعتبار سے سپریم کورٹ میں عرب ججز بھی مقرر کیے جاتے رہے ہیں لیکن ہمیشہ قرعہ فال عربی النسل مسیحی جج کے نام نکلتا ہے۔
اسرائیل کی ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی مسلمان کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا ہے اس طرح 63 سالہ خالد کبوب اسرائیلی سپریم کورٹ کے پہلے مسلم جج بن گئے۔
تل ابیب یونیورسٹی سے اسلام اور تاریخ میں اعلیٰ ڈگری کے حامل قانون دان خالد کبوب اس وقت تل ابیب میں جج کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے اور اب ان سمیت 4 ججز کی سپریم کورٹ میں تقرری کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 1999 میں مسلم وکیل عبدالرحمان زعبی کی سپریم کورٹ میں تقرری کی گئی تھی تاہم یہ تقرری عارضی طور پر کی گئی تھی۔
برکینا فاسو میں سونے کی کان میں خوفناک دھماکا، 60 کان کن ہلاک
اواگادوگو: (ویب ڈیسک) جنوب مغربی افریقی ملک برکینا فاسو کی سونے کی کان میں ہونے والے خوفناک دھماکے میں 60 کان کن ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق براعظم افریقہ میں سب سے زیادہ سونا پیدا کرنے والے ملک برکینا فاسو کی سونے کی کان خوفناک دھماکے میں دب گئی جس میں 150 سے زائد کان کن ملبے تلے دب گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ غیر قانونی کان تھی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکا سونے میں استعمال ہونے والے کیمیکل کے ذخیرے میں ہوا۔ ہلاکتوں میں اضافہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے اور حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث ہوا۔
ریسکیو ادارے کی ٹیم نے ملبے سے 60 کان کنوں کی لاشیں نکالی ہیں جب کہ ملبے تلے دبے 100 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا ہے جہاں درجن سے زائد کان کنوں کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ برکینا فاسو میں 800 سے زائد سونے کی کانیں ہیں اور یہ ملک سونا برآمد کرنے والے افریقہ کے اہم ممالک میں شامل ہوتا ہے تاہم کان کنی کے روایتی طریقے اپنانے اور احتیاطی و حفاظتی اقدامات نہ کرنے کے باعث ایسے حادثات ہوتے رہتے ہیں۔
اسحاق ڈار کی ورچوئل حلف لینے کی درخواست غیر آئینی قرار
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سینیٹر اسحاق ڈار کی ورچوئل حلف لینے کی درخواست کو غیر آئینی قرار دیدیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسحاق ڈار کے نام جوابی خط میں واضح کیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 65 اور سینیٹ کے رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ کی رول 6 کے تحت منتخب رکن ایوان میں آ کر ہی حلف اٹھا سکتا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ کے رول 7 کے تحت کسی بھی سینیٹر کو حلف اٹھانے کے بعد رول پر دستخط کرنا بھی ضروری ہے، آئین و قانون کے تحت ویڈیو لنک کے ذریعے یا کسی دوسرے فرد کے سامنے حلف اٹھانے کی گنجائش نہیں۔
جوابی خط میں مزید کہا گیا ہے کہ حلف اٹھانا ہے تو سینیٹر کو ایوان میں آنا ہوگا، لہذا آئین اور قانون کے تحت آپ کی درخواست قابل قبول نہیں۔
اسحاق ڈار نے دو فروری کو چیئرمین سینیٹ کا خط لکھ کر اپنے حلف کے بارے میں آگاہ کیا تھا اور درخواست کی تھی ان کا ورچوئل حلف لے لیا جائے۔
اسحاق ڈار نے اپنے خط میں کہا تھا کہ 3 مارچ 2018ء کو سینیٹ کی نشست پر میرا انتخاب چیلنج کرنے کا قانونی تنازع حل ہو چکا ہے۔ سپریم کورٹ نے 21 دسمبر 2021ء کو سول اپیل مسترد کر دی ہے۔ عدالتِ عظمیٰ کا 8 مئی 2018ء کا ممبر شپ کی معطلی کا حکم نامہ ختم ہو گیا۔ الیکشن کمیشن نے 10 جنوری 2022ء کا میری سینیٹ کی نشست پر کامیابی معطلی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ قانونی رکاوٹیں دور ہونے کے بعد بطور منتخب سینیٹر حلف اٹھانے کے لیے تیار ہوں۔ تاہم برطانیہ میں زیر علاج ہونے کے سبب فی الحال ذاتی طور پر آنے سے قاصر ہوں۔ بطور سینیٹر مجھ سے ویڈیو لنک کے ذریعے حلف لیا جائے۔ بذریعہ ویڈیو لنک حلف کا طریقہ سپریم کورٹ میں پہلے ہی زیرِ استعمال ہے۔
اسحاق ڈار کا خط میں کہنا تھا کہ ممکن نہ ہو تو چیئرمین سینیٹ آئین کے آرٹیکل 255 کے تحت برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر یا کسی مجاز شخص کے ذریعے حلف لینے کا انتظام کریں۔
اسحاق ڈار نے چیئرمین سینیٹ کو لکھے گئے خط میں آئین کے آرٹیکل 255 کی ذیلی شق 2 کا حوالہ بھی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس آئینی شق کے تحت چیئرمین سینیٹ کسی شخص کو منتخب رکن سے حلف لینے کے لیے مقرر کر سکتے ہیں۔
لیگی رہنما نے خط کے ہمراہ لندن میں اپنے معالج کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ بھی ارسال کی تھیں۔