All posts by Khabrain News

جعلی چیک مقدمہ، ن لیگی ایم این اے ملک سہیل خان عدالت سے فرار

گوجرانوالہ: (ویب ڈیسک) جعلی چیک کے مقدمے پر ضمانت خارج ہونے پراین اے 56 اٹک 2 سے ن لیگی رکن قومی اسمبلی ملک سہیل خان گوجرانوالہ کی سیشن عدالت سے فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک سہیل 6 کروڑ روپے کے جعلی چیک کے مقدمہ میں عبوری ضمانت پر تھے، ایڈیشنل سیشن جج صابر سلطان نے لیگی ایم این اے کی ضمانت خارج کر دی، بحٹ کے دوران ممبر قومی اسمبلی عدالت میں موجود رہے، درخواست ضمانت کے فیصلہ پر ن لیگی ایم این اے عدالت میں پیش نہ ہوئے۔
ایف آئی آر کے مطابق ایم این اے کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن میں جعلی چیک کا مقدمہ درج ہے، مقدمہ بوگس چیک کے الزام میں 29 جنوری کو درج کیا گیا، ملزم کے متعدد پیٹرول سٹیشن ہیں۔
مدعی مقدمہ نے موقف اپنایا کہ پیٹرول اسٹیشن پر پیٹرول اور ڈیزل سپلائی کرتا تھا، پیٹرول اور ڈیزل کی مد میں ملزم نے بذریعہ چیک 6 کروڑ روپے ادا کیے، چیک بینک میں جمع کروایا تو کیش نہیں ہوا۔

پی ایس ایل7: ایلمینیٹر1، زلمی کا ٹاس جیت کر یونائیٹڈ کیخلاف بیٹنگ کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے ایلمینیٹر میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 کا ایلیمینٹر مرحلہ شروع ہوچکا ہے جس کے پہلے میچ میں پشاور زلمی کی کپتانی وہاب ریاض اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کے سپرد ہے۔
ساتویں ایڈیشن میں دونوں ٹیمیں ہم پلہ ہیں، ایک ایک میچ جیتا، مجموعی طور پر آخری پانچ مقابلوں میں زلمی کو تین دو کی برتری حاصل ہے۔

روس جنگ کا میدان بنا ہوا اور یہ وہاں چلے گئے: شیری رحمٰن کی وزیراعظم پر تنقید

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ روس جنگ کا میدان بنا ہوا ہے اور یہ اس وقت وہاں چلے گئے ہیں، مودی کو وزیراعظم ڈیبیٹ کا چیلنج کررہے ہیں، پہلے پاکستان میں تو ڈیبیٹ کرلیں۔
پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے کراچی میں واقع کلفٹن میں اپنی رہائش گاہ پر ایڈمنسٹریٹر مرتضٰی وہاب کے ہمراہ پر پریس کانفرنس کی۔
پریس کانفرنس پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کی تیاریوں اور حکمت عملی کے حوالے سے تھی جس میں شیری رحمٰن نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی پالیسی عوام دشمن ہیں جس نے ستر سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔

نور مقدم قتل کیس، فیصلے سے انصاف کی حقیقی معنوں میں جیت ہوئی : فروغ نسیم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ نور مقدم قتل کیس کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، فیصلے سے انصاف کی حقیقی معنوں میں جیت ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ نور مقدم قتل کیس میں عدالت نے ملزم ظاہر جعفر کو سزائے موت سنا دی، مرکزی ملزم کے والدین سمیت نو ملزمان کر بری کر دیا گیا۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شریک ملزمان چوکیدار اور مالی کو دس ،دس سال قید کی سزا سنائی جبکہ تھراپی ورکس کے تمام ملزمان کو بری کردیا۔
ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے محفوظ فیصلہ سنایا جس میں کہا گیا ہے کہ مالی اور چوکیدار نے واقعہ ہونے پر کسی کو اطلاع دی نہ روکنے کی کوشش کی جو جرم میں معاونت کے زمرے میں آتاہے۔
اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر قانون کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس، پراسیکیوشن سروس اور پراسیکیوٹر کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے بہترین طریقے سے کیس کے شواہد اور دلائل پیش کیے، نور مقدم قتل کیس کو بہترین طریقے سے منتقی انجام تک پہنچایا گیا ہے اور فیصلہ آنے سے نظام عدل مزید مضبوط ہوا ہے۔
فروغ نسیم نے کہا کہ موجودہ حکومت کا مقصد قانون کی حکمرانی، عورتوں اور بچوں کے حقوق کی مکمل حفاظت ہے، عورتوں اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے کیسز میں اس طرح کے مضبوط فیصلے ہمارا مقصد ہے، عورتوں اور بچوں کے حقوق پامال کرنے والوں کو کڑی سے کڑی سزا یقینی بنانا ہماری ترجیح ہے، اینٹی ریپ ایکٹ کے نفاذ سے اس قسم کے گھناؤنے جرائم میں یقینی کمی واقع ہوگی۔

بلوچستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کیخلاف سکیورٹی فورسز کا آپریشن، دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بلوچستان میں امن دشمنوں کیخلاف کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے ایک اور دہشتگرد کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقے سمبازا میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے دہشتگردوں کو پکڑنے کے لیے آپریشن کیا، دہشتگرد ملحقہ قبائلی اضلاع میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔
بیان کے مطابق اس دوران سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ غار میں چھپے دہشتگردوں نے بھاگنے کی کوشش کی اور اندھا دھند فائرنگ کی اسی دوران فورسز کیساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں 1 دہشت گرد مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کیا گیا، بھاری تعداد میں یہ اسلحہ دہشت گردوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز کے خلاف استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
بیان کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے مرتکب افراد کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، پاکستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔

سونے کی قیمت میں اچانک بڑا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) روس کے یوکرین پر حملے کے نتیجے میں سونے کی عالمی اور مقامی قیمت میں بڑا اضافہ ہوگیا۔
یوکرین پر روسی حملے کے بعد عالمی سطح پر سونے سمیت دیگر اہم کموڈٹیز کی قیمتوں میں تیز رفتاری کے ساتھ اضافے کا رجحان غالب ہوگیا اور بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یک دم 77 ڈالر کے اضافے سے 1972 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی مارکیٹ کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی، جمعرات کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 3400 روپے اور 2915 روپے کا ریکارڈ اضافہ کیا گیا۔
نتیجے میں ملک کے مختلف شہروں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 30 ہزار 300 اور فی 10 گرام قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 11 ہزار 711 روپے ہوگئی۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 30 روپے کے اضافے سے 149 0روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 25.72 روپے کے اضافے سے 1277.43 روپے ہوگئی۔

نور مقدم قتل کیس میں ظاہر جعفر کو سزائے موت پر مریم نواز کا رد عمل آ گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا نور مقدم قتل کیس کے مرکزی مجرم ظاہر جعفر کو سزائے موت پر رد عمل سامنے آ گیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے نور مقدم قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم ظاہر جعفر کو سزائے موت سنا دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مریم نواز نے لکھا کہ ظاہر جعفر کے جرائم صرف عصمت دری اور قتل تک ہی محدود نہیں تھے، ظاہرجعفر نے پیسا اور اثر و رسوخ متاثرہ کی ساکھ پر حملے کے لیے استعمال کیا۔ شاید یہ واحد جرم ہے جہاں متاثرہ شخص ملزم بن جاتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نور مقدم کی عصمت دری اور قتل سے انسانیت کے ضمیر پر لگے زخم شاید کبھی مندمل نہ ہوں۔

خیبرپختونخوا میں شجرکاری مہم شروع، وزیراعلیٰ محمود خان نے پودا لگا کر افتتاح کیا

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں موسم بہار کی شجرکاری مہم سال 2022 کا آغازکردیا گیا ،وزیراعلیٰ محمود خان نے سی ایم ہائوس لان میں پودا لگا کرمہم کا افتتاح کیا۔
مہم کے تحت صوبے میں 10 کروڑ سے زائد پودے لگائے جائیں گے، محکمہ جنگلات نے 10 کروڑ سے زائد پودے مفت تقسیم کئے ہیں، وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں بلین ٹری منصوبے کے100 فیصد اہداف حاصل کئے ہیں، ٹین بلین ٹری کے تحت مزید ایک ارب پودے لگائے جائیں گے، مہم کے تحت فارسٹ ریجن-1 میں 3 کروڑ 40 لاکھ، ریجن-2 میں 4 کروڑ 20 لاکھ جبکہ ریجن-3 میں 2 کروڑ 60 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جنگلات کا تحفظ اور شجرکاری کا فروع شروع دن سے موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ماحولیاتی آلودگی کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات

ماسکو: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات ہو گئی۔
وزیراعظم عمران خان اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات چیت کی گئی۔ دونوں ملکوں کے درمیان توانائی، اقتصادی وتجارتی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان کے دوران افغانستان کی صورتحال اوراسلاموفوبیا کا موضوع بھی زیربحث آئے گا۔
روسی صدر سے ملاقات سے قبل وزیراعظم نے روس کے جنگ عظیم دوئم میں شہید ہونے والے سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔
وزیر اعظم عمران خان نے ماسکو میں دوسری جنگ عظیم میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے گمنام فوجیوں کے مقبرے پر پھولوں کی چادر چڑھائی تھی۔

یوکرین پر حملہ نا قابل قبول ہے: ترک صدر طیب اردوان

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے روسی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین پر حملہ نا قابل قبول ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی نے روس کی یوکرین پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اس حوالے سے ترک صدر کا کہنا تھا کہ یوکرین اور روس کے درمیان کشیدگی مذاکرات کے ذریعہ حل ہونی چاہیے۔
ادھر یوکرین کے دارالحکومت کیف میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور یوکرینی وزارت داخلہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ روس کے 3 ہیلی کاپٹر مار گرائے ہیں۔