All posts by Muhammad Saqib

اسمگلنگ کا خطرناک طریقہ : کسٹم اہلکاروں نے مسافر سے منشیات برآمد کرلی

محکمہ کسٹم اور ٹیکس اہلکاروں نے بڑی مقدار میں نشہ آور پاؤڈر”کوکین” کی اسمگلنگ ناکام بنا دی، بیرون ملک سے آنے والے ایک مسافر کے پیٹ میں چھپائے گئے کوکین کے کیپسول برآمد کرلیے گئے۔

ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے ریاض اور جدہ میں کوکین اسمگلنگ کی 2 کارروائیوں کو ناکام بناتے ہوئے اسمگلرز کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان سے مجموعی طورپر ڈْیڑھ کلو گرام کوکین برآمد کرلی گئی۔

سعودی ذرائع ابلاغ نے زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی کے حوالے سے کہا ہے کہ منشیات اسمگلنگ کی دو الگ الگ کارروائیوں میں کسٹم اہلکاروں نے کوکین اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

اتھارٹی کی جانب سے جاری تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پرمتعین کسٹم اہلکاروں نے ایک مسافرکو روکا جس پر شک تھا کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہو سکتا ہے۔

مسافرکے سامان کی تلاشی لینے پر اس سے کچھ برآمد نہ ہوا جس پر اہلکاروں نے مسافر کی تفصیلی تلاشی لی ایکسرے لینے پر معلوم ہوا کہ اس کے پیٹ میں غیرمعمولی سائز کے کیپسول ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ مذکورہ مسافر کے پیٹ سے کوکین کے91 کیپسول برآمد ہوئے جن میں 588 گرام کوکین بھری ہوئی تھی۔ اسمگلنگ کی دوسری کارروائی کو جدہ کی بندرگاہ پرناکام بنایا گیا جس میں بحری جہاز سے آنے والے ایک شخص کے پیٹ سے برآمد ہونے والے کیپسولوں سے 658 گرام کوکین برآمد کرلی گئی۔

کسٹم اہلکاروں نے ملزمان کو محکمہ انسداد منشیات کے سپرد کردیا جہاں ان کے خلاف مقدمہ دائر کرکے انہیں فوجداری عدالت کے حوالے کیا جائے گا۔

پنجاب میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری

محکمہ داخلہ پنجاب نے 19 اکتوبر کو صوبے میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگادی۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 12 ربیع الاوّل کے دن ون ویلنگ، سائلینسر کےبغیر موٹر سائیکل چلانے پر پابندی ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

پیٹرول کی قیمت بڑھنے پر سوشل میڈیا پر دلچسپ میمز کا طوفان آگیا

حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں بڑے اضافے کے بعد جہاں عوام سیخ پا ہیں وہیں سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے میمز کے ذریعے تنقید کی جارہی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 44 پیسے اور پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49 پیسے کے بعد غم و غصے کا اظہار سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر کررہے ہیں۔

ٹوئٹر پر گزشتہ چند گھنٹوں میں ہزاروں ٹوئٹس کی جاچکی ہیں جب کہ میمرز بھی کسی سے پیچھے نہیں۔ صارفین کے دلچسپ تبصرے حکومت پر تیر کی طرح برس رہے ہیں۔

رضوان احمد نامی صارف نے بھارت کی ایک سڑک کی تصویر شیئر کی جس میں گاڑی گڑھے میں دھنسی ہوئی دکھائی دی۔

صارف نے دلچسپ تبصرہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمت دیکھتے ہوئے گاڑی نے بھی خودکشی کرلی۔

ایک اور صارف نے دلچسپ ویڈیو شیئر کی جس میں بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ گانا گارہے ہیں۔

حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا، 12روپے سے زائد کا بڑا اضافہ

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے 44 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کر دیا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جو  فوری طور پر نافذالعمل ہوں گی۔

جاری اعلامیے کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 44 پیسے کا  اضافہ کیا گیا ہے جب کہ پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49 پیسے اور مٹی کا تیل 10 روپے 95 پیسے منہگا کیا گیا ہے۔ لائٹ ڈیزل آئل 8 روپے 84 پیسے منہگا کیا گیا ہے۔

 

حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا، 12روپے سے زائد کا بڑا اضافہ

 

قیمت میں اضافے کے بعد ایک لیٹر پیٹرول 137روپے 79 پیسے کا ہو گیا ہے جب کہ ایک لیٹر مٹی کا تیل 110روپے26 پیسے کا ہو گیا ہے۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 134 روپے 48 پیسے ہو گئی ہے جبکہ ایک لیٹر لائٹ ڈیزل آئل 108 روپے 35پیسے کا ہو گیا ہے۔

ایشیا کپ 2023 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی

کراچی: کرکٹ شائقین کے لیے اچھی خبر ہے کہ ایشیا کپ 2023 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی۔

ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ایشیا کپ 2023 کی میزبانی پاکستان کو دے دی گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ 2023 پاکستان میں کھیلا جائے گا۔

اے سی سی میٹنگ کی صدارت بھارت کے جے شاہ نے کی، بھارتی بورڈ نے پاکستان کی میزبانی کو منظور کیا۔

ایشیا کپ 2023 ون ڈے فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔

 واضح رہے کہ کورونا وائرس کے سبب ایشیا کپ ٹی 20 بھی ملتوی کردیا گیا تھا، ایشیا کپ سری لنکا میں شیڈول تھا۔

سربراہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ کورونا کے سبب ایشیا کپ کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔

کچھ دیر قبل پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ کی بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی سے دبئی میں ملاقات ہوئی تھی، یہ ملاقات ایشین کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کے موقع پر ہوئی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا کو انڈین لیگ کا فائنل دیکھنے ‏کی دعوت دی تھی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ رمیز راجہ دعوت کے باوجود آج ہونے والا ‏آئی پی ایل کا فائنل نہیں دیکھیں گے۔

سابق کرکٹرز کےدرمیان غیر رسمی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں باہمی کرکٹ کی بحالی پر تبادلہ ‏خیال کیا گیا تھا ملاقات میں ایشین بلاک کو متحرک کرنے پر بھی بات جیت ہوئی تھی۔

گرانٹ بریڈ برن ہیڈ آف نیشنل ہائی پرفارمنس کی کوچنگ سے مستعفی

لاہور: گرانٹ بریڈ برن نے ہیڈ آف نیشنل ہائی پرفارمنس کی کوچنگ کا عہدہ چھوڑ دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گرانٹ بریڈ برن نے ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کی کوچنگ کا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔

گرانٹ بریڈ برن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کام کے دوران مختلف چیلنجز سے نمٹنے پر فخر ہے، بھرپور تجربہ اور مواقع فراہم کرنے پر پی سی بی کا مشکور ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کے موجودہ اور سابقہ ملازمین، کھلاڑیوں اور آفیشلز نے ان کے ساتھ بہت تعاون کیا، پاکستان میں ہمیشہ خود کو محفوظ تصور کیا۔

گرانٹ بریڈ برن کا کہنا تھا میری اہلیہ اور تینوں بچوں نے بھی بہت قربانیاں دیں، کووڈ 19 کے دوران ان کے لیے پاکستان کا سفر کرنا مشکل ہو گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا اپنی فیملی کو ترجیح دینے اور کوچنگ کے نئے مواقع تلاش کرنے کا وقت ہے۔

یوٹیلٹی اسٹورز پر مہنگائی کا طوفان،کوکنگ آئل 110 روپے فی لیٹر تک مہنگا ہوگیا

یوٹیلٹی اسٹورز  پر مختلف اشیا کی قیمتیں پھر بڑھ گئیں، مختلف برانڈز کا گھی 15 سے 49 روپے فی کلو مہنگا ہوگیا،کوکنگ آئل کی قیمت میں 14 سے110 روپے فی لیٹر اضافہ ہوگیا۔ 

کپڑے دھونےکے 2 کلو پاؤڈرکی قیمت میں بھی 10 سے 21 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے، باڈی لوشن کی 100 گرام قیمت 20 روپےتک بڑھ گئی ہے۔

جوتے چمکانے والی 42 ملی گرام کریم کی قیمت میں 10 روپے ،کپڑوں کے لیے 500 ملی لیٹر لیکوئڈ بلیچ کی قیمت میں 20 روپے اور ایک لیٹر ٹائلٹ کلینرکی قیمت 41 روپے تک بڑھادی گئی ۔

مختلف برانڈز کے شیمپوز کی 180 ملی لیٹر قیمت میں 4 روپے،نہانے کے صابن کی 60 گرام قیمت میں 15 روپے ، ہینڈ واش کی 228ملی لیٹر قیمت میں 9 روپے ،شربت کی 800 ملی لیٹر  بوتل کی قیمت میں 40 روپے اضافہ ہوگیا۔

اچارکی 300 گرام قیمت 20 سے 44 روپے تک بڑھا دی گئی ہے ، نوڈلز اور کیڑے مار ادویات ، ڈش واش سمیت متعدد اشیائے ضروریہ بھی مہنگی کردی گئی ہیں ۔

 ترجمان کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کا اثریوٹیلٹی اسٹورزپربھی پڑاہے۔

چین، افغانستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے: ذبیح اللہ مجاہد

افغان نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ چین افغانستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، ان کے ملک کے اثاثوں کو منجمد کرنا افغان عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ افغان نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں معاشی صورت حال معمول کی طرف آ رہی ہے، سڑکوں کی تعمیر سمیت بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ نائب وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ داعش ان کے لیے کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے، گذشتہ دنوں ان کے کئی لوگوں کو گرفتار اور ان کی محفوظ پناہ گاہوں کو تباہ کیا، ان کی حکومت نے داعش کی موجودگی کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے اْگئی۔

 وزیراعظم عمران خان نے موجودہ صورت حال پر پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا، وزیراعظم نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کے معاملے پر کوئی کشیدگی نہیں ہے اس معاملے پر قیاس آرائیاں زیادہ کی گئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ میرے اور فوجی قیادت میں جو تعلقات ہیں اس سے بہتر نہیں ہوسکتے، ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں ہے، تکنیکی خامی تھی جو دور ہوگئی یہ معاملہ جلد حل ہوجائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت چاہتی تھی کہ افغان صورتحال کے تناظر میں ڈی جی آئی ایس آئی کام جاری رکھتے، ہمیں اپنے منشور پر عملدرآمد کرنے پر توجہ دینی ہے۔

افغانستان میں استحکام ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہوگا

ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی اجلاس میں افغانستان کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی، رکن قومی اسمبلی شیر علی ارباب نے اعلیٰ سطح پارلیمانی وفد افغانستان بھیجنے کا مطالبہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی پہلی کوشش ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران پیدا نہ ہو، افغانستان میں استحکام ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہوگا۔

اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ہندو ارکان اسمبلی کا مذہب کی جبری تبدیلی کا بل مسترد ہونے کا شکوہ کیا گیا، لال چند ملہی نے کہا کہ مذہب کی جبری تبدیلی روکنے کے لیے قانون سازی کی اشد ضرورت ہے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے لیے سب سے زیادہ اقدامات کیے ہیں، مذہب کی جبری تبدیلی کے خلاف بل میں کچھ مسائل ہیں، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے، خود یہ سارا معاملہ دیکھ رہا ہوں۔

حکومت کو مہنگائی کا احساس ہے

وزیراعظم نے ارکان اسمبلی کو حلقوں میں زیادہ وقت گزارنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبے ایم این ایز کی مشاورت سے شروع کریں گے، صحت کارڈ، احساس کارڈ بھی ارکان اسمبلی کی مشاورت سے دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں اب بھی خطے میں پیٹرول کی قیمت سب سے کم ہے، ہم لوگوں کو سمجھا نہیں پارہے ہیں کہ مہنگائی کی وجوہات کیا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی کا احساس ہے، مہنگائی کنٹرول کرنے کی ہر ممکن کوشش ہے، عالمی منڈی میں چیزوں کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔

ہری پور میں باراتیوں کی گاڑی کو حادثہ، دلہا سمیت 5 افراد جاں بحق

ہری پور:

غازی کے علاقے خالو میں باراتیوں کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جس میں دلہا سمیت5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

 ہری پور کے علاقے غازی کے قریب خالو میں باراتیوں کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں دلہا سمیت 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ بارات غازی سے آزاد کشمیر جارہی تھی، کہ تیز رفتاری کے باعث حاثے کا شکار ہوگئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع  ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو حویلی کہوٹہ اسپتال منتقل کردیا۔ جاں بحق ہونے والوں کاتعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ دلہا خواجہ مبشر، اس کا والد خواجہ منیر ہری پور کے علاقہ خالو میں عرصہ دراز سے رہائش پذیر تھے،اور حویلی کہوٹہ میں بارات لینے گئے تھے، جاں بحق ہونے والوں میں دلہا اور اس کا والد، دادا ، پھوپھا اور چچا شامل ہیں۔