کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 48 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت 175 روپے 75 پیسے سے بڑھ کر 176 روپے 23 پیسے ہو گئی ہے۔
All posts by Khabrain News
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال 100 انڈیکس میں 350.67 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کی برقرار ہے، 100 انڈیکس میں 350.67 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 45012.18 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.77 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 11 کروڑ 21 لاکھ 99 ہزار 460 شیئرز کا لین دین ہوا۔ جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔
‘سیاسی عمل میں رابطے سب کیساتھ ہوتے ہیں، جو ملک کے مفاد میں ہوگا وہ کرینگے’
لاہور: (ویب ڈیسک) چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سیاسی عمل کی وجہ سے رابطے سب کے ساتھ ہوتے ہیں، جو ملک کے مفاد میں ہوگا وہ انشااللہ کریں گے۔
چودھری پرویز الٰہی سے صاحبزادہ محبوب سلطان اور صاحبزادہ امیر سلطان نے ملاقات کی، جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صاحبزادہ محبوب سلطان اور صاحبزادہ امیر سلطان نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی۔
اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ سیاسی عمل کی وجہ سے رابطے سب کے ساتھ ہوتے ہیں، تاہم فیصلے مشاورت اور سوچ سمجھ کر ملکی مفاد میں کیے جاتے ہیں، خاص طور پر اپنی سیاسی ساکھ کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کریں گے، پاکستان مسلم لیگ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوامی خدمت میں اپنا بھر پور کردارادا کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کا وزارت اعلیٰ کا دور صوبے کا سنہری دور تھا، اس دور میں عوام خوشحال تھے، یہی وجہ ہے عوام آج بھی ترقی کے اس دور کو اچھے الفاظ میں یاد کر رہے ہیں۔
عدم اعتماد تحریک کا معاملہ: اپوزیشن کی قیادت آج سر جوڑ کر بیٹھے گی
لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت مخالف عدم اعتماد کی تحریک کے معاملے پر اپوزیشن کی بڑی قیادت آج لاہور میں سر جوڑ کر بیٹھے گی۔ عدم اعتماد کی تحریک کی تاریخ اور مطلوبہ ارکان کی تعداد بارے مشاورت ہوگی۔
آصف علی زرداری اور شہباز شریف کی بلاول ہاؤس میں ملاقات ہوگی، جس میں دونوں جانب سے سینئر قیادت بھی شریک ہوگی۔ بلاول بھٹو نے بھی مذاکراتی ملاقات میں شریک ہونے کا فیصلہ کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے دورے کے بعد لاہور پہنچیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری بھی شہباز شریف کے ساتھ عشائیے پرملاقات میں شریک ہوں گے۔ ملاقات میں تحریک عدم اعتماد کیلئے مطلوبہ ارکان اور تاریخ پر مشاورت ہوگی، آئندہ سیاسی لائحہ عمل کو حتمی شکل بھی دی جائے گی۔ ملاقات میں مسلم لیگ ن کی جانب سے شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ، سعد رفیق اور مریم اورنگزیب شریک ہوں گی۔
زراعت ہماری معیشت کا 25 فیصد حصہ، مکئی کی پیداوار میں اضافہ ہوا: رضا باقمر
قصور: (ویب ڈیسک) گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ زراعت ہماری معیشت کا 25 فیصد حصہ ہے، مکئی کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، اسٹیٹ بینک فنانسنگ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بیک رضا باقر نے قصور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک زرعی شعبے کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہا ہے، مکئی کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، اوکاڑہ اور قصور میں مکئی کی بہترین پیداوار ہوئی، الیکٹرانک ویئر ہاؤسز میں فنانسنگ بڑھانا چاہتے ہیں، بینکنگ ایسا شعبہ ہے جس میں کارکردگی کا آسانی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے، اسٹیٹ بینک فنانسنگ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
‘آئی ایم ایف کے 1 ارب ڈالر قرض سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کو سہارا ملے گا’
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے 1 ارب ڈالر قرض اور حالیہ سکوک بانڈز کے اجراء سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کو سہارا ملے گا۔
موڈیز کی عالمی سکوک بانڈز کے حوالے سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے جنوری 2022 میں سکوک بانڈز کا اجراء کیا، اس سے قبل 2017 میں پاکستان نے اسلامی بانڈز کی نیلامی کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے سے ایک ارب ڈالر قرض کی وسط ملنے اور غیر ملکی بانڈز نیلامی سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوگا جن پر عالمی ادائیگیوں کی وجہ سے دباؤ ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرونی سرمایاکاری اور ایکسپورٹس بڑھ جائیں تو پاکستان کو غیر ملکی قرضوں سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔
یوکرین نے پاکستان سے مدد مانگ لی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) یوکرین نے روس کے ساتھ کشیدگی پر پاکستان سے مدد مانگ لی۔
پاکستان میں تعینات یوکرین کے سفیر مارکیان چوچک نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان یوکرین پر روسی حملے کے پیش نظر ہماری مدد کرے تاکہ روسی جارحیت کے خلاف کامیاب ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین روسی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ روس یوکرین پر حملہ کر کے قبضہ کرنے کا خواہشمند ہے اور گزشتہ 6 ماہ میں یوکرین سرحد پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد روسی فوجی تعینات ہو چکے ہیں۔
یوکرینی سفیر نے کہا کہ روسی حملے سے پوری دنیا میں کشیدگی پھیل جائے گی، اسی لیے پاکستان جوہری طاقت ہے وہ تنازع کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ روس عالمی قوانین اور وعدوں کی پاس داری کرے اور کسی بھی جارحیت سے باز رہے جبکہ طاقت کے استعمال کے بجائے بات چیت سے مسائل حل کرے۔ یوکرین کو 20 فروری 2014 سے بیرونی فوجی جارحیت کا سامنا ہے۔
مارکیان چوچک نے کہا کہ امن، سلامتی اور ملک و قوم کا دفاع یوکرین کی اولین ترجیح ہے اور اس پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پی ایس ایل سیون کے پلے آف مرحلے کا کل سے آغاز
لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل سیون کے پلے آف مرحلے کا کل سے آغاز ہو گا، پہلے کوالیفائر میں ملتان سلطان او ر لاہور قلندرز آمنے سامنے ہوں گے۔
لاہور میں پی ایس ایل سیون فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا۔ ایونٹ کا پہلا کوالیفائرملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان شیڈول ہے۔ شام ساڑھے سات بجے قذافی سٹیڈٰیم میں زور کا جوڑ پڑے گا۔ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرزپی ایس ایل سیون میں دو مرتبہ آمنے سامنے آ چکے، کراچی میں ہونے والا مقابلہ سلطانز کے نام رہا تو لاہور میں قلندرز نے میدان مار لیا۔
ایونٹ کے بہترین بلے باز کے لیے بھی دونوں ٹیموں کے درمیان تگڑا مقابلہ جاری ہے۔ لاہور قلندرز کے فخر زمان 521 رنز بنا کر سر فہرست ہیں، 479 رنز کے ساتھ محمد رضوان کی دوسری پوزیشن ہے۔ ریکارڈ نومقابلے جیت کر پلے آف تک پہنچنے والی ٹیم ملتان سلطان جیت کے لیے پر عزم ہے۔
دوسری جانب ٹیم لاہور قلندرز نے بھی فتح کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے پر نظریں جما لیں۔ دونوں ٹیمیں اب تک ایک ایک مرتبہ پی ایس ایل کا فائنل کھیل چکی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے آج پودا لگا کر موسمِ بہار شجرکاری مہم 2022 کا آغاز کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ دور میں موسمیاتی تبدیلی سب سے بڑا خطرہ ہے، ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو اس خطرے بچانے کے لیے درخت لگائے۔
اسکاؤٹس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے تقریب کے شرکا کو عالمی دن کی مبارک پیش کی اور کہا کہ آج کا یہ دن ملک کے نوجوانوں کو تحفظ دینے کے لیے چنا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں آج اپنے نوجوانوں کو بتانا چاہتا ہوں ہمارا ملک ان ممالک میں سے جسے ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ خطرہ ہے، یہ شجرکاری مہم ملک کو ماحولیاتی تبدیلی سے بچانے کے لیے چلائی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو نعمتیں دی ہے، خاص طور پر اللہ نے پاکستان کو 12 موسم دیے ہیں، یہاں ہر قسم کے درخت لگائے جاسکتے ہیں، اللہ کا حکم ہے کہ اس کی نعمتوں کی قدر کرو، بدقسمتی سے موسمیاتی تبدیلی کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ انسانوں نے اللہ کی دی گئی نعمتوں کی قدر نہیں کی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر انسانیت کو مستقبل میں کسی قسم کا خطرہ ہے تو وہ صرف موسم کی تبدیلی ہے، اس لیے ہم نے ’اسپرینگ پلانٹیشن‘ کے تحت 54 کروڑ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک بھر میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے جس کے مکمل ہونے کے بعد ملک تبدیل ہوجائے گا، ہم نے گزشتہ 60 سالوں میں انگریزوں کے لگائے گئے درخت بھی ختم کردیے۔
فیصل آباد: پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے سبب آٹا، چینی، دالوں اور برائلر کے نرخ بھی بڑھ گئے
فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات مرتب ہونا شروع ہوگئے، آٹا، چینی، دالوں اور برائلر گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا، شہری دہائیاں دینے لگے۔
فیصل آباد میں رواں ہفتےبرائلر گوشت کی قیمت میں 65 روپے فی کلو کا بڑا اضافہ دیکھا گیا، نرخ 284 روپے فی کلو سے بڑھ کر 349 روپے تک پہنچ گئے۔ دال چنا کی فی کلو قیمت 20 روپے اضافے کے بعد 200 روپے تک پہنچ گئی۔
چینی کی فی کلو قیمت 90 روپے فی کلو سے بڑھ کر 100 روپے فی کلو ہوگئی، دال ماش، دال مسور اور چاول کی قیمت میں بھی 10 سے 15 روپے فی کلو کا اضافہ دیکھا گیا۔ چقندر 42 روپے فی کلو سے بڑھ کر 60 روپے فی کلو، بند گوبھی کی قیمت 54 روپے فی کلو سے بڑھ کر 70 روپے فی کلو ہوگئی۔
شہریوں نے حکومت سے اشیائے خور و نوش کی قیمتوں پر قابو پانے کا مطالبہ کیا، واضح رہے کہ مارکیٹ کمیٹی ریٹ لسٹوں پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ہوچکی ہے۔