All posts by Khabrain News

سندھ ہائیکورٹ میں دعا زہرہ کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرہ کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
سماعت کے دوران لڑکی کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، والدین نے سرٹیفکیٹ دینے کی کوشش کی تاہم عدالت نے والدین کو سرٹیفکیٹ پیش کرنےسے روک دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ جوپیش کرناچاہتےہیں، لاہورمیں عدالت کے روبرو پیش کریں، سپریم کورٹ اور وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے پابند ہیں۔ سماعت کے بعد دعا کی ماں باپ سے مختصر ملاقات کرائی گئی اور پولیس لڑکی کو ہمراہ لے گئی۔
دعا زہرہ کی والدہ کا کہنا تھا کہ میری بیٹی مان گئی تھی، وہ بیان دینےوالی تھی مگر پولیس اسے لیکرچلی گئی، جج صاحب نےدوبارہ بیان نہیں لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرےساتھ پورےکیس میں ظلم ہواہے۔

لانگ مارچ:رپورٹ میں صرف زرتاج گل اور ملیکہ بخاری کی تعریف، پی ٹی آئی خواتین ارکان بھڑک اٹھیں

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے گزشتہ روز خواتین ارکان قومی اسمبلی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ ملاقات میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی اور عامر ڈوگر بھی موجود تھے.
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو لانگ مارچ کے دوران خواتین کے کردار کی رپورٹ پیش کی گئی، شاہ محمود قریشی نے رپورٹ میں ملیکہ بخاری اور زرتاج گل کی تعریف کی، رپورٹ کے مطابق ملیکہ بخاری اور زرتاج گل نے پولیس تشدد اور شیلنگ کا سامنا کیا۔
جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات میں موجود دیگر خواتین ارکان رپورٹ پر سیخ پا ہو گئیں۔
خواتین ارکان نے کہا ڈی چوک پر بدترین شیلنگ ہم نے برداشت کی اور رپورٹ میں ہمارا ذکر ہی نہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ آپ کو رپورٹ پیش کی گئی وہ ہمیں بھی دکھائی جائے، ہم ڈی چوک کے محاذ پر شیلنگ سے بے حال ہوئیں لیکن میدان نہیں چھوڑا، سڑکوں پر ہم نے مقابلہ کیا اور سارا کریڈٹ کنٹینر پر موجودہ افراد کو دیا جا رہا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے خواتین ارکان کی جدوجہد کو سراہا۔

وزیر اعظم کی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے حکومت کا بڑا اقدام، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت کر دی۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی ہے کہ برآمدی صنعتوں کے خام مال پر تمام ٹیکس ختم کئے جائیں، وزیرِ اعظم نے کہا کہ سیاحت، فارما، آئی ٹی، ای کامرس، بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ اور زراعت پر ٹاسک فورس بنائی جارہی ہے. حکومت پاکستان میں ایکپسورٹ کوالٹی کی زرعی اجناس کی پیداوار یقینی بنا رہی ہے. تاریخ میں پہلی مرتبہ پالیسیوں کے تسلسل کی بات ہم نے کی ہے. ملکی معیشت اور عام آدمی کی فلاح سیاست سے بالاتر ہے.
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے امریکن بزنس کونسل کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں فارما، فوڈ پراسیسنگ، آئی ٹی سیکٹر، ای کامرس، ریٹیل سیکٹر، ٹیکسٹائل، سپورٹس اور لاجسٹکس کے شعبوں کے نمائندوں شریک تھے۔
ملاقات میں وفاقی وزراء سید نوید قمر، مخدوم مرتضی محمود، مریم اورنگزیب اور متعلقہ اعلی افسران نے بھی شرکت کی، شرکاء نے کہا کہ حکومت کی پالسیوں کی بدولت سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے. بجٹ سے پہلے حکومت کی تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت خوش آئند ہے.
وزیرِ اعظم نے سیکٹری کامرس اور سیکٹری سرنایہ کاری بورڈ کو سرمایہ کاروں کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی، کہا ایک ہفتے کے اندر تمام مسائل کا سدِ باب کرکے رپورٹ پیش کی جائے.

مہنگائی کی ستائی عوام کو ایک اور جھٹکا، لاہور میں گھی مزید 24 روپے کلو مہنگا

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہورمیں درجہ اول گھی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، مختلف برابڈز اور کمپنیوں کی جانب سے درجہ اول گھی کی قیمتوں میں 24 روپے کلو تک اضافہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق درجہ اول کا گھی ہول سیل میں 20 روپے اضافے سے 566 روپے فی کلوگرام ہوگیا جبکہ صارفین کو پرچون میں گھی 24 روپے اضافے سے 570 روپے فی کلوگرام میں ملے گا۔
دوسری جانب درجہ دوم گھی کی قیمت دوسرے دن پھر بڑھا دی گئی، 536 روپے والا گھی 14 روپے اضافے سے 550 روپے فی کلوکردیا گیا، گزشتہ روز درجہ دوم گھی 8 روپے مہنگا کیا گیا تھا، 2 دنوں میں گھی کے دام 22 روپے کلو تک بڑھ گئے ہیں۔

شیخوپورہ: درینہ دشمنی پرنامعلوم ملزمان کی فائرنگ، 4 افراد جاں بحق

شیخوپورہ : (ویب ڈیسک) کالا شاہ کاکو میں چار افراد دیرینہ دشمنی کی بھینٹ چڑھ گئے، نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ سے 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
ذرائع کے مطابق 4 افراد شیخوپورہ فیروزوالہ کچہری میں پیشی پر آ رہے تھے واپسی پر نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں چاروں افراد موقع پر ہی چل بسے۔
پولیس کے مطابق مرنے والے چاروں افراد کا تعلق مریدکے سے تھا، جاں بحق افراد میں باپ بیٹا بھی شامل ہیں، عرصہ دراز سے بٹ گروپ اور قصائی گروپ میں دشمنی چلی آ رہی ہے۔
مقامی پولیس نے بتایا کہ دونوں گروپوں کے 50 سے زائد افراد قتل ہوچکے ہیں، قتل ہونے والے 4 افراد میں سے تین کا تعلق بٹ گروپ سے تھا، کچھ عرصہ قبل دونوں گروپوں میں صلح بھی کرائی گئی تھی۔

ٹرمپ کے خلاف بھی توشہ خانہ کیس کھل گیا

امریکا : (ویب ڈیسک) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف بھی توشہ خانہ کیس کھل گیا ہے۔
ہزاروں مالیت کے تحائف موجود نہیں، یا پھر ان کا پتہ نہیں، اصلاحاتی کمیٹی نے نیشنل آرکائیوز کو خط لکھ دیا، غیر ملکی تحائف کا مکمل ریکارڈ دینے میں ناکامی پر امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی نے ٹرمپ کے خلاف تحقیقات شروع کردیں۔
ڈیموکریٹ رکن کانگریس کا کہنا ہے یہ معلوم نہیں کہ ٹرمپ کو کن غیر ملکیوں نے کتنی مالیت کے تحائف دیے۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ محکمہ خارجہ سے معلومات موصول ہوئی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ‘اس ذمہ داری کو ترجیح نہیں دی’ اور اس قانون کی تعمیل کرنے میں ناکام رہی جو صدر ٹرمپ کے عہدہ صدارت کے آخری سال کے دوران غیر ملکی تحفے کی رپورٹنگ کو کنٹرول کرتا ہے۔
محکمہ خارجہ نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ میں غیر ملکی تحائف وصول کرنے والے کچھ سرکاری اہلکاروں کی شناخت کے ساتھ ساتھ ان غیر ملکی تحائف کے ذرائع کا تعین کرنے سے بھی قاصر ہیں۔
نگران کمیٹی اب نیشنل آرکائیوز سے ان غیر ملکی تحائف کے بارے میں معلومات طلب کر رہی ہے جو ٹرمپ اور ان کے خاندان کے افراد کو سابق صدر کے دور میں ملے تھے۔
یہ تحقیقات ڈیموکریٹس کی جانب سے ٹرمپ انتظامیہ کے تحت وفاقی ریکارڈ اور اخلاقیات کے قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے کانگریس کے اختیار کو استعمال کرنے کی ایک اور کوشش ہے۔

معاشی بحران اور لوڈشیڈنگ کا عذاب، وزیراعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی بحران اور لوڈشیڈنگ سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اہم اجلاس طلب کرلیا، قومی اقتصادی کونسل کی اہم بیٹھک بھی آج شیڈول ہے۔
ملک میں معاشی مسائل اور بجلی بحران کے حل کیلئے وزیر اعظم شہبازشریف متحرک،تمام مصروفیات منسوخ کر دیں۔آج طلب کئے گئے اجلاس میں روز بروز بڑھتی مہنگائی ، عوام پر اس کے اثرات اور بنیادی اشیا کی فراہمی یقینی بنانے سے متعلق معاملات زیر غور آئیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں آٹے کے مسئلے کے حل کیلئے شہباز سپیڈ سے سستے آٹے کی فراہم شروع کروا دی ہے، صوبے میں 100 موبائل سٹورز نے کام شروع کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے لئے صوبہ خیبر پختونخوا کو ایبٹ آباد اور پشاور زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، سستے آٹے کی فراہمی کا منظم سلسلہ بتدریج پورے خیبر پختونخوا میں پھیلایا جائے گا، ایبٹ آباد اور پشاور زون میں 50 ہزار سے زیادہ آٹے کے تھیلے فروخت کئے گئے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ایبٹ آباد اور پشاور زونز میں الگ الگ موبائل سٹورز کے ذریعے سستا آٹا فراہم کیا جا رہا ہے، ایبٹ آباد میں دو روز کے دوران 22 ہزار 70 سستے آٹے کے تھیلے فروخت کئے گئے ہیں، پشاور زون میں دو روز میں 23 ہزار 400 سے زائد سستے آٹے کے تھیلے عوام کو فروخت کئے۔ صوبہ خیبرپختونخوا کے عوام کو 40 روپے کلو آٹے کی فراہمی کے لئے 13 جون تک موبائل سٹورز کی تعداد بڑھا کر 200 کر دی جائے گی۔

ایم کیو ایم رہنماؤں نے بلدیاتی انتخابات شیڈول کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) ایم کیوایم رہنماؤں نے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا، عدالت نے الیکشن کمیشن اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے۔
ایم کیوایم رہنما کنور نوید جمیل کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ نئی حلقہ بندیوں اور قانون سازی سے قبل الیکشن نہیں ہونا چاہیے، الیکشن کمیشن نے لوکل باڈیز الیکشن کا اعلان غیرقانونی طورپر کیا، الیکشن کمیشن نے بلدیاتی الیکشن کے تین نوٹیفکیشن کورم پورا ہوئے بغیر جاری کئے جو غیرآئینی اور غیر قانونی ہے ۔

پشاور میں نانبائیوں کا مہنگائی، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور میں نانبائیوں نے مہنگائی، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا، حکومت کو روٹی کی قیمت بڑھانے یا آٹے پر سبسڈی دینے کے لیے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیدی۔
پشاور میں نانبائیوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے صدر سے پریس کلب تک ریلی نکالی اور مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ آٹے کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔ روٹی کی قیمت کا نیا نرخنامہ انتظامیہ جاری نہیں کر رہی۔
نانبائیوں نے مطالبہ کیا کہ روٹی کی قیمت بڑھائی جائے یا آٹا سستا کریں، مظاہرین نے حکومت کو ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ روٹی کی قیمتیں بڑھائی جائیں یا پھر آٹے پرسبسڈی دی جائے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ضلع بھر میں ہڑتال کی جائیگی، بعد ازاں مظاہرین پر امن طور پر منشتر ہو گئے۔

آئندہ وفاقی بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کریں گے: شازیہ مری

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کریں گے، اگرہم یہ کہہ دیں کہ بجٹ میں سب اچھا ہونے جا رہا ہے تو یہ مناسب نہیں ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمران خان خود ایمنسٹی کے خلاف تھے لیکن انہوں نےدھڑا دھڑ ایمنسٹی دی، عمران خان کو گالی دیکر مسئلہ حل نہیں ہوگا، ہر حکومت کو چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب ترین طبقہ نہیں بلکہ متوسط طبقہ بھی پسا ہے، اگر آپ کی آمدن 40 ہزار سے کم ہے تو آپ ماہانہ 2 ہزار روپے وظیفے کے مستحق ہیں، عمران خان نے کبھی اپنی تقاریر میں اپنی کارکردگی کے بارے میں نہیں بتایا، عمران خان خیبرپختونخوا حکومت کے پروٹوکول کا مزہ لے رہے ہیں اور بنی گالہ کے محل میں بیٹھے ہیں۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ ملک معاشی مشکلات سے گزر رہا ہے مگرعوام آج بھی پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہیں، عمران خان ملک کے خلاف بیانات دے رہے ہیں، آپ سے اگر کرسی چھنی ہے تو کم از کم یہ توبتا دیں 4 سال میں آپ نے کیا 4 کام اچھےکیے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کہتا تھا آلو اور ٹماٹر کے دام کیلئے وزیراعظم نہیں بنا، سابق حکومت نے میڈیا کی زبان بندی کی، سابق وزیراعظم نے کرسی جانے کےغم میں عوام کومس گائیڈ کرنا شروع کر دیا، گزشتہ حکومت عوام کی بہتری کیلئے ایک بھی منصوبہ شروع نہیں کرسکی، جب آپ سے کرسی چھن جاتی ہے تو نیو کلئیر پروگرام پر بیان بازی شروع کر دیتے ہیں، گزشتہ 4 سال میں مہنگائی میں بہت اضافہ ہوا ہے۔