اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ائیر لائن کو منافع بخش ادارہ بنانے اور مستقبل میں خسارہ سے بچنے کے لیے پانچ سال کا بزنس پلان پیش کر دیا گیا۔ پلان کے تحت طیاروں، مسافروں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ کارگو اور کمرشل سرگرمیوں پر بھی خاص توجہ دی جائے گی تاہم کامیابی کے لیے چار نکات پر عملدرآمد لازمی کرنا ہوگا۔
وزارت خزانہ کو پیش کیے گئے بزنس پلان میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی فنانشل ریسٹرکچرنگ، 2019 کی پالیسی پر مکمل عمل لازمی کرنا ہوگا ، 2024 میں ادارہ منافع کمانا شروع کر دے گا جبکہ پلان کے تحت طیاروں کی تعداد 29 سے بڑھ کر 49 کرنے کی تجویز ہے۔ فضائی بیڑا 16 بڑے، 27 درمیانے اور 6 ٹربو پراپیلر جدید طیاروں پر مشتمل ہوگا۔
مسافروں کی تعداد 52 لاکھ سے بڑھ کر 90 لاکھ سالانہ ہونے سے اثاثے 1 ارب 19 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 2026 میں 2 ارب 18 کروڑ ڈالر ہو جائیں گے۔ برطانیہ، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور خلیج جیسے فائدہ مند روٹس پر مزید پروازیں شروع کرنے کے ساتھ ساتھ باکو، ہانگ کانگ، استنبول، کویت، تہران، ارمچی اور سنگاپور کے نئے روٹس بھی کھولے جائیں گے۔
All posts by Khabrain News
ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ، نئی قیمت کا اعلان
کراچی: (ویب ڈیسک) عوام کو فروری میں ایل پی جی مزید 10 روپے مہنگی ملے گی۔ اوگرا نے نئی قیمت کا اعلان کر دیا۔
فروری 2022 کے لئے اوگرا نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ گھریلو سلنڈر کی قیمت 120 روپے اضافے سے 2 ہزار 440 روپے جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت 458 روپے اضافے سے 9 ہزار 387 روپے ہوگئی جبکہ کھلی ایل پی جی 207 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
ایل پی جی کی پیداواری قیمت میں 8 ہزار 628 روپے فی میٹرک ٹن کا اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث اس کی قیمت ایک لاکھ 28 ہزار 433 روپے فی میٹرک ٹن سے بڑھ کر ایک لاکھ 37 ہزار روپے سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔ ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ایل پی جی پر لگے تمام ٹیکس ختم کرے تاکہ غریب عوام کو سستی ایل پی جی دستیاب رہے۔
سپریم کورٹ: سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی شق 74 اور 75 کالعدم قرار
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے بلدیاتی اختیارات کیس میں ایم کیو ایم کی درخواست نمٹا دی۔ عدالت نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی شق 74 اور 75 کالعدم قرار دے دی۔
سپریم کورٹ نے سندھ میں بلدیاتی اداروں کے اختیارات سے متعلق فیصلہ سنا دیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ لوکل گورنمنٹ اختیارات کے تحت مقامی حکومتوں کے پاس بلدیاتی اختیارات ہیں، آرٹیکل 140 کے تحت لوکل گورنمنٹ کا قیام عمل میں آتا ہے، سندھ حکومت بااختیار بلدیاتی ادارے قائم کرنے کی پابند ہے، ماسٹر پلان بنانا اور اس پرعملدرآمد بلدیاتی حکومتوں کے اختیارات ہیں۔
منی لانڈرنگ کا مقدمہ: شہباز اور حمزہ کی عبوری ضمانتوں میں 10 فروری تک توسیع
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی اسپشل سینٹرل کورٹ نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں نامزد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 10 فروری تک توسیع کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر چالان کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
اسپشل سینٹرل کورٹ کے جج اعجاز اعوان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔ حمزہ شہباز نے عدالت پیش ہو کر حاضری لگوائی تاہم شہباز شریف کورونا کے باعث پیش نہیں ہوئے اور حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔
عدالتی استفسار پر وکیل نے بتایا کہ شہباز شریف کو کورونا کا شکار ہوئے سات روز گزر چکے ہیں، کل دوبارہ ٹیسٹ ہوگا۔ ایف آئی اے کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کے پیش نہ ہونے پر عدالت ضمانت کینسل کرسکتی ہے۔
دوران سماعت ایف آئی اے کے وکیل نے بیان دیا کہ وہ درخواست ضمانت پر بحث کے لیے تیار ہیں، ملزمان کے وکیل نے کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں دس فروری تک توسیع کر دی۔
پٹرول پمپس پر پٹرول فراہمی کی بندش اور ذخیرہ اندوزی پر 13 فلنگ سٹیشنز سیل، مینجر گرفتار
پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور کی انتظامیہ نے پٹرول پمپس پر پٹرول کی فراہمی کی بندش اور ذخیرہ اندوزی پر 13 فلنگ سٹیشنز سیل کرتے ہوئے مینجروں کو گرفتارکرلیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر بھرمیں فلنگ سٹیشنوں کا معائنہ کیا گیا، پمپس پر پٹرول کی فروخت کی بندش اور ذخیرہ اندوزی پر 13 فلنگ سٹیشن سیل کئے گئے، کارروائی کے دوران 13 فلنگ سٹیشنوں کے مینجروں کو گرفتار کیا گیا۔
کورونا ایس او پیزکی خلاف ورزی پر شہر بھر میں 22 ریسٹورنٹ مینجروں کو گرفتار کیا گیا، ریسٹورنٹس میں پابندی کے باوجود ریسٹورنٹس میں کھانا کھلایا جا رہا تھا۔
بولان، قصور اور دریا خان میں ٹریفک حادثات، 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
لاہور: (ویب ڈیسک) بولان، قصور اور دریا خان میں ٹریفک حادثات میں 8 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
بولان کے علاقے بی بی نانی کے قریب دو وینز ٹرکرا گئیں، حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ تیرہ زخمی ہوئے۔ دریاخان میں تیز رفتار کار بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا گئی، جس سے دو نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
قصور میں دھند کے باعث کوسٹر نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا، حادثے میں دو طالب علم موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ پھالیہ میں کالج کی وین کو ڈمپر نے ٹکر مار دی، حادثے میں 11 طالبات زخمی ہوگئے۔
پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں چور دوسروں کا احتساب کر رہے ہیں: شاہد خاقان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں چور دوسروں کا احتساب کر رہے ہیں، فرار ہونے والے مشیروں کو حساب دینا ہوگا، یہاں کرسیاں چھوڑنے کا نہیں ان سے چمٹے رہنے کا رواج ہے، نواز شریف علاج مکمل ہوتے ہی واپس آ جائیں گے۔
سابق وزیراعظم و رہنما مسلم لیگ نون شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کو صرف اپوزیشن نظر آتی ہے، کیا چیئرمین نیب سے کسی دن یہ سوال نہیں ہوگا، وزیراعظم کے مشیر فرار ہوگئے، فرار ہونیوالے مشیران اپنے اثاثوں کا جواب دیں، احتساب میں یہ نہیں ہوتا کہ جعلی کیسز بنائے جائیں، نیب کا تماشہ لگا رہے گا، لانگ مارچ عوام کیساتھ اظہار یکجہتی ہوتا ہے۔
ادھر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کا بحران ہو یا چینی کا، آج کسان کھاد کی عدم دستیابی پر دہائیاں دے رہا ہے، نیا پاکستان بنانیوالوں نے ملک کیساتھ کھیل کھیلا، ن لیگ کے خلاف کیسز میں 4 سال سے ایک پائی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی، الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی نے عمران خان کو چور ڈکلیئر کر دیا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ کیا کبھی وزراء کے منہ سے سنا کہ مہنگائی بہت زیادہ ہوگئی، خیبرپختونخوا میں پادری کا قتل ہوگیا ابھی تک ملزمان کی نشاندہی نہیں ہوئی، عمران نیازی نے ن لیگ کے قائدین کو جیل میں ڈالا کوئی بات نہیں، آج مارکیٹ میں بخار کی دوا دستیاب نہیں۔
صائمہ نور نے کامیاب شادی کا راز بتا دیا
کراچی: (ویب ڈیسک) لالی وڈ کی مایہ ناز فلم سٹار صائمہ نور نے کامیاب شادی کا راز بتا دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صائمہ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ “جو ملے اس پر رب کا شکر ادا کرنا، زیادہ اچھا کھانے، پہننے کا ہرگز نہ سوچنا، جو مل گیا اس پر راضی ہو جانا کامیاب شادی کا راز ہے”۔ ایک مداح نے صائمہ سے سوال کیا کہ کیا انہیں کبھی شادی کی کمی محسوس ہوئی، کیا شادی کے رشتے میں اولاد ہونا بہت ضروری ہے۔
جواب میں فلم سٹار نے کہا کہ اولاد کی کمی کیوں محسوس ہو گی، اللہ پاک میری بیٹی کو لمبی زندگی دے، آمین۔
شام کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے دمشق کے قریب اسرائیل کے میزائلوں کو تباہ کر دیا
دمشق: (ویب ڈیسک) شام کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے دارالحکومت دمشق کےقریب اسرائیل کے میزائلوں کو تباہ کر دیا۔
سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے دمشق کے مضافات میں کئی میزائل فائر کئے جنہیں فضائی دفاعی سسٹم نے تباہ کر دیا، میزائلوں کا ملبہ گرنے سے چند عمارتیں تباہ ہو گئیں۔
رجسٹرار آفس نے تاحیات نااہلی کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے سپریم کورٹ بار کی جانب سے تاحیات نااہلی کے خلاف درخواست اعتراضات لگا کر واپس کر دی۔
ذرائع کے مطابق تاحیات نااہلی کے معاملہ پر سپریم کورٹ بار کی درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراض لگاتے ہوئے کہا ہے کہ تاحیات نااہلی کے معاملہ پر سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بینچ فیصلہ دے چکا۔ دوسری طرف سپریم کورٹ بار نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔