All posts by Khabrain News

اسرائیلی صدر پہلے سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ اہلیہ کے ہمراہ متحدہ عرب امارات پہنچ گئے جہاں ان کا استقبال وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد النہیان نے کیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے صدر اسحاق اسحاق ہرزوگ اپنی اہلیہ مشعل ہرزوگ کے ہمراہ 2 روز سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔ یہ کسی بھی اسرائیلی صدر کا یو اے ای کا پہلا دورہ ہے۔
ایئرپورٹ پر اسرائیلی مہمانوں کا پُرتپاک استقبال وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد النہیان نے کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں اسرائیلی صدر نے بتایا کہ وہ ولی عہد شیخ محمد بن زائد النہیان کی ذاتی دعوت پر متحدہ عرب امارات آئے ہیں۔
سرکاری دورے کے دوران اسرائیلی صدر ولی عہد کے علاوہ دبئی کے حکمراں محمد بن راشد المکتوم سے بھی ملاقات کریں گے۔
ایک ماہ قبل اسرائیل کے وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے بھی متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے دوران سفارتی و تجارتی تعلقات سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں گزشتہ برس بحال ہوگئے تھے۔

تاحیات نااہلی کیس سے کوئی تعلق نہیں، جہانگیر ترین

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا ہےکہ تاحیات نااہلی کیس سے کوئی تعلق نہیں، یہ کیس سپریم کورٹ بار نے از خود دائر کیا۔
جہانگیرترین بذریعہ ہیلی کاپٹر مردان کے علاقے تخت بھائی پہنچے جہاں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے عبدالسلام آفریدی اور پارٹی کے دیگر کارکن اور عہدیدار بھی موجود تھے۔
میڈیا سے گفتگو میں جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ تاحیات نااہلی کیس سے کوئی تعلق نہیں اور یہ کیس سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے از خود دائر کیا ہے، وکلا کا خیال ہے کہ تاحیات نااہلی انصاف پر مبنی نہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ کیس میں فریق ہوں نہ بار نے مجھ سے کوئی مشورہ کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون نے تاحیات نا اہلی کے خلاف عدالت عظمیٰ میں آئینی درخواست دائر کی تھی۔

شام: داعش کے ہساکہ جیل حملے میں 330 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، رپورٹ

شام کے صوبے ہساکہ میں جیل پر داعش کے حملے اور مختلف تصادمات کے نتیجے 330 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
جیل پر ہوئے 20 جنوری کو داعش کے بڑے حملے اور کُرد فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادمات میں برطانوی وار مانیٹر نے ہلاکتوں کے اعداد و شمار پیش کیے جس میں بتایا گیا کہ گزشتہ دس دنوں میں 330 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جن میں عام شہری بھی شامل ہیں۔
وار مانیٹر جو شام کے اندرونی ذرائع پر منحصر کرتا ہے، نے یہ بھی بتایا کہ تصادمات میں 246 داعش کارکنان، 79 کرد فورسز کے اہلکار اور 7 عام شہری ہلاک ہوئے۔
سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے سربراہ رمی عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ بھی ہوسکتا ہے کیونکہ متعدد افراد یا تو شدید زخمی ہیں یا لاپتہ ہیں یا مزید ہلاکتوں کی معلومات ابھی پہنچی نہیں ہیں۔

رافیل نڈال نے آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل جیت کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

ٹینس کی دنیا کے اسٹار رافیل نڈال نے آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل جیت کر 21 بار ‘گرینڈ سلم’ کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسپین سے تعلق رکھنے والے رافیل نڈل نے آسٹریلین اوپن کے فیصلہ کن معرکے میں روسی حریف ڈینل میڈویڈوو کو شکست دی اور اکیس بار گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے والے پہلے ٹینس کھلاڑی بن گئے، دونوں کے درمیان فائنل میچ ساڑھے پانچ گھنٹے سے زائد جاری رہا۔
رافیل نڈال نے اپنے کیریئر میں دوسری بار آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل جیتا تاہم اب وہ ٹینس کے مرد مقابلوں میں سب سے زیادہ گرینڈ سلم ٹائٹل رکھنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔
اسپیشن کھلاڑی کو فائنل میں روسی حریف کے خلاف پہلے دو سیٹس میں مات ہوئی بعد ازاں انہوں نے کم بیک کرتے ہوئے اگلے تینوں سیٹس اپنے نام کرلیے۔
خیال رہے کہ اس فائنل کو دوسرا طویل میچ قرار دیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل 2012 میں نواک جوکووچ اور رافیل نڈال کے درمیان آسٹریلین اوپن کا فائنل 5 گھنٹے 53 منٹ تک جاری رہا تھا اس میچ میں اسپیشن اسٹار کو شکست ہوئی تھی۔

جائیداد کے معاملے پر والد کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے والا بدبخت شخص گرفتار

صادق آباد پولیس نے بزرگ والد پر تشدد کرنے اور قتل کرنے کی دھمکیاں دینے والا ناخلف بیٹے کو حراست میں لے لیا۔
راولپنڈی کے علاقے صادق آباد میں علی اصغر نامی شخص نے جائیداد کے معاملے پر والد کو تشدد کا نشانہ بنایا اور جان سے مارنے کی کوشش کی۔
متاثرہ شخص نے تھانہ صادق آباد میں اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تحریری درخواست جمع کرائی، جس میں انہوں نے لکھا کہ ’میرے بیٹے علی اصغر نے جائیداد اپنے نام کروانے لے لیے مجھ پر تشدد کیا اورجان سے مارنے کی دھمکیاں دیں‘۔
بزرگ شہری کی درخواست پر صادق آباد پولیس نے فوری مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایس پی راول بابر جوئیہ نے کہا کہ رشتوں کا تقدس پامال کرنے اور والد پر بہیمانہ تشدد کرنے والے ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے عدالت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ والدین جیسی عظیم ہستی پر تشدد ناقابل تصور اور افسوس ناک امر ہے ملزم کسی رعایت کا مستحق نہیں ہے۔

جلد ریٹائرمنٹ کے اعلان میں کن چیزوں نے اہم کردار ادا کیا، ثانیہ نے بتا دیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے جلد ریٹائرمنٹ کے اعلان کی وجہ سے متعلق انکشاف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثانیہ مرزا نے ایک بار پھر اعتراف کیا کہ انہیں اتنی جلدی ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کرنا چاہیے تھا کیوں کہ یہ اعلان کسی کے لیے بھی کسی دھچکے سے کم نہ تھا جسے سن کر سب جذباتی ہوگئے تھے۔
ثانیہ نے بتایا کہ ریٹائرمنٹ کا خیال ان کے ذہن میں کئی عرصے سے تھا اور وہ اس حوالے سے سوچ بھی رہی تھیں لیکن ریٹائرمنٹ کے اعلان کے وقت پریس کانفرنس کے دوران صحافی ہکا بکا رہ گئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریٹائرمنٹ کے اعلان کے وقت میں نے سوچا کہ اب 35 سال کی ہو گئی ہوں تو لوگوں کو اس (ریٹائرمنٹ) کی کسی نہ کسی وقت پر توقع کرنی چاہیے تھی۔
ثانیہ نے بتایا کہ ان کی گھٹنے کی 2 اور ایک کلائی کی سرجری ہوئی ہے اور اب ان کے جسم کو ریکور ہونے میں زیادہ وقت لگتا ہے۔
ٹینس اسٹار کا کہنا تھا کہ ماں بننے کے بعد میری ترجیحات میں تبدیلی آگئی ہے اور پھر کورونا سمیت تاخیر سے ریکوری نے ان کے ریٹائرمنٹ کے اعلان میں اہم کردار ادا کیا اس لیے اس سیزن کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا شاید میں اب بھی اپنے جسم سے زیادہ توقعات رکھ رہی ہوں ، امید کرتی ہوں ہم ایسے معجزاتی حل تلاشں کرلیں جس سے میرا جسم جلد ریکور ہو سکے اور جو میرا فیصلہ تبدیل کر سکے۔

میو اسپتال میں کروڑوں کے گھپلوں کا انکشاف

ماسک، پی پی ای کٹس، کاٹن گاز، پٹیوں سمیت دیگر کےٹینڈزمیں من پسند کمپنیوں کو نوازا گیا، ذرائع

محکمہ صحت کے اعلیٰ احکام، ایم ایس ، سی ای او میواسپتال سمیت دیگر ملوث، ذرائع

17فروری 2021 کو ہونےوالے ٹینڈر میں رحمان کارپوریشن نے 68روپے میں ماسک مہیا کیئے۔

ساڑھے 37ہزار ماسک کا ٹھیکہ 25لاکھ 50 ہزار میں ہوا۔

چھ ماہ بعد 4اگست 2021 کو نیاٹینڈر کھولا جاتاہے۔

نئے ٹینڈر میں ماسک 180 روپے میں خریدا گیا۔

فرم کو نوازنے کیلئے کوئنٹٹی ساڑھے 37ہزار کی بجائے اڑھائی خریدی گئی۔

ماسکوں کی خرید داری کی مد میں 4 کروڑ 50 لاکھ روپے کا ٹیکہ لگایاگیا۔

روئیز اینڈ روئیز فرم نے حفاظتی کٹ کا ریٹ 389 روپے دیا۔

ڈیڑھ لاکھ حفاظتی کٹس کا ٹھیکہ 5 کروڑ 83 لاکھ 50 ہزار میں ہوا۔

نئے ٹینڈر میں حفاظتی کٹ 389 کی بجائے 592 روپے میں خریدی گئی۔

8 کروڑ 88 لاکھ میں حفاظتی کٹس خریدی گئی۔

سرجیکل گاز، کاٹن اور پٹیاں بنانے والی کمپنی کریم انڈسٹریز ٹیکنیکل میں توپاس ہوگئی۔

دو نمبر لگا کر سکیورٹی کسی دوسری یعنی میڈیسن کمپنی کی سی ڈی آر لگا دی۔

اس وقت کے اے ایم ایس پرچیز ڈاکٹر محمود اختر ملک نےکمپنی کو مسترد کردیا

مسترد کیئےجانے پر متعلقہ کمپنی رویو میں چلی گئی

اسی دوران 27 ستمبر کو اےایم ایس پرچیز کو ہٹا دیاجاتاہے۔

رویو میں اسی کمپنی کو دوبارہ ٹھیکہ دےیاجاتاہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا فاتحاانہ آغاز پشاور زلمی کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 9 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کردیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کا پانچواں میچ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا، جس میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے پال اسٹرلنگ اور الیکس ہیلز نے ہدف کے تعاقب اننگز کا آغاز کیا اور جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے پشاور زلمی کے بالروں پر خوب لاٹھی چارج کیا اور ان کی ایک نہ چلنے دی۔ اوپنرز نے 112 رنز کی شراکت داری قائم کی، بعد ازاں پال اسٹرلنگ 57 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوکر پویلین روانہ ہوئے۔ انہوں نے 25 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
دوسرے اینڈ پر ہیلز نے اسی دوران 33 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری اسکور کی، اسٹرلنگ کے بعد اُن کا وکٹ پر ساتھ دینے کے لیے رحمان اللہ آئے، جنہوں نے میچ کو اختتام پر پہنچایا۔
ایلکس ہیلز نے 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اسلام آباد یونانئِتڈ نے 169 رنز کا ہدف 16 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر باآسانی حاصل کیا۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پشاور زلمی اننگز
پشاور زلمی کی جانب سے ٹام کوہلر اور یاسر خان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ٹام کوہلر کھاتہ کھولے بغیر ہی صفر پر آؤٹ ہو گئے۔
جس کے بعد حیدر علی آئے اور یاسر خان کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم 26 کے مجموعی اسکور پر یاسر خان بھی 14 رنز بنا کر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ نئے آنے والے بیٹسمین حسین طلعت بھی صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
حیدر علی بھی 15 رنز بنانے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا شکار بنے۔ جب پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑا گئی تب شعیب ملک نے شرفانے ردرفورڈ کے ساتھ مل کر محتاط انداز اپناتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا لیکن شعیب ملک بھی 25 رنز پر محمد وسیم کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔
نئے آنے والے بیٹسمین بین کٹنگ بھی 26 رنز پر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب کہ شرفانے ردرفورڈ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے شاندار 70 رنز بنائے یوں پشاور زلمی نے تمام اوورز کھیلتے ہوئے 168 رنز اسکور کیے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو کو فتح کے لیے 169 رنز کا ہدف دے دیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے شرفانے ردرفورڈ سب سے زیادہ 70 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی اور فہیم اشرف نے 2، 2 جب کہ محمد وسیم اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

معروف پاکستانی اداکارہ نیلو بیگم کی آج پہلی برسی

لاہور: پاکستانی فلموں کی معروف اداکارہ نیلو بیگم کی پہلی برسی آج منائی جا رہی ہے۔

نامور اداکارہ نے سپرہٹ فلم ’سات لاکھ‘ کے گانے ’آئے موسم رنگیلے سہانے‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھوا اور پیچھے مڑ کر نہ دیکھا۔ اداکارہ کو فلم ’زرقا‘ میں شاندار اداکاری پر نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

سرگودھا کے نواحی قصبے بھیرہ کے مسیحی گھرانے میں 30 جون 1940 کو آنکھ کھولنے والی سنتھیا الیگزینڈر فرنینڈس فلمی دنیا کی نیلو بنی۔ فلم ڈائریکٹر ریاض شاہد سے شادی کے بعد انہوں نے اسلام قبول کیا اور ان کا نام عابدہ رکھا گیا۔
نیلو بیگم نامور فلم اسٹار شان کی والدہ تھیں۔ نیلو بیگم نے 1956 میں ہالی وڈ فلم ’بھوانی جنکشن‘ کے ذریعے فلمی صنعت میں قدم رکھا مگر پاکستانی فلم انڈسٹری میں انہیں شہرت 1957 کی سپرہٹ فلم ’سات لاکھ‘ کے گانے ’آئے موسم رنگیلے سہانے‘ میں پرفارم کرنے سے ملی۔

نیلو بیگم نے اپنے فنی کیریئر میں دوشیزہ، عذرا، زرقا، بیٹی، ڈاچی، جی دار، شیر دی بچی اور ناگن جیسی سپرہٹ فلموں میں کام کیا۔

نیلو بیگم طویل عرصہ کینسر کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد 30 جنوری 2021 کو اس دار فانی سے رخصت ہوگئیں۔

عاطف اسلم کی فٹ پاتھ پر بیٹھے گلوکاری کرتے ویڈیو وائرل

لاہور: (ویب ڈیسک)
پاکستان سمیت بھارت میں بھی اپنی آواز کے سحر سے دلوں میں جگہ بنانے والے گلوکار عاطف اسلم کی فٹ پاتھ پر گٹار تھامے گلوکاری کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
عاطف اسلم کی ویڈیو شاہ زیب عباسی نامی صارف کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی جس میں انھیں طلبا کے درمیان زمین پر بیٹھے گنگناتے دیکھا جاسکتا ہے۔صارف نے مزید لکھا کہ’ اُنہوں نے عاطف اسلم کو بتایا کہ آج اُن کے دوست کی سالگرہ ہے اور درخواست کی کہ اس دوست کے لیے ایک گانا گنگنادیں جس کے بعد گلوکار نے اس درخواست پر برتھ ڈے بوائے سے اس کی عمر پوچھی اور گِٹار لا کر گانا شروع کردیا ‘
صارف کے ویڈیو شیئر کرتے ہی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔