All posts by Khabrain News

نیب افسران اور ان کے اہل خانہ کے اثاثے ڈیکلیئر کرنے کا حکم

لاہور : (ویب ڈیسک) پبلک اکائونٹس کمیٹی نے نیب افسران، ان کے بچوں، بہن بھائیوں اور والدین کے اثاثے ‏ڈیکلئرکرنے کا حکم دے دیا۔
پی اے سی نے نیب افسران کی تنخواہوں اورمراعات ‏کی ‏تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ چیئرمین کمیٹی نورعالم خان نے کہا کہ جوادارہ حکومت کا ایک ‏پیسہ بھی لے گا اس کا آڈٹ ضرور ہوگا۔
پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین پی اے سی نورعالم خان کی زیرصدارت ہوا، چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ نیب جوبھی ‏وصولیاں کرتا ‏ہے وہ قومی خزانے میں جمع ہونی چاہئیں۔ جوسوالنامہ آپ دیگرملزمان کوبھجواتے ہیں، وہی اپنےرشتہ داروں کوبھی بھیجیں۔ پی اے سی نے قائم مقام چیئرمین نیب ظاہرشاہ سے ایڈن ہائوسنگ اسکیم سے پلی بارگین کی ‏تفصیلات طلب کرلیں۔ رکن کمیٹی سینیٹرسلیم مانڈی والا نے کہا نیب کا دعویٰ ‏ہے کہ اب ‏تک 820 ارب روپے کی ریکوریاں کی گئیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق صرف 15 ارب ‏روپے قومی خزانے میں جمع کروائے گئی، قائم مقام چیئرمین نیب ‏نے بتایا کہ نیب کا ایک ہی ‏اکائونٹ ہے جس میں تمام وصولیوں کی رقم رکھی جاتی ہے، آڈیٹرجنرل جب چاہے نیب ‏کے اکائونٹس کا آڈٹ کرسکتا ہے۔
چئیرمین پی اے سی نورعالم خان نے کہا کہ اداروں کا کام کرپشن کوروکنا ہ۔ سیاسی ‏انتقام لینا نہیں۔۔۔کمیٹی رکن سینیٹرشبلی فرازنے سوال اٹھایا کہ قانون میں ‏تبدیلیوں کے بعد کیا ‏نیب آزادانہ طورپرکام کرسکے گا؟ قائم مقام چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے صرف قانون پرعمل ‏کرنا ہے۔
قانون سازی پرسوال اٹھانے کا کوئی اختیارنہیں۔ ‏چیئرمین کمیٹی بولے شبلی ‏صاحب قانون سازی پربات کرنی ہے توسینیٹ یا قومی اسمبلی میں کریں۔

آئی سی سی رینکنگ: سدرہ امین کی 13 درجے ترقی

لاہور : (ویب ڈیسک) آئی سی سی نے ویمن ون ڈے فارمیٹ کی رینکنگ جاری کردی، سدرہ امین 19 درجے ترقی حاصل کر کے 35 ویں نمبر پر پہنچ گئیں۔
سدرہ امین نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں 218 رنز بنائے تھے، فہرست میں کپتان بسمہ معروف 26 ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ منیبہ علی کی بہترین بیٹنگ کی بدولت چار درجے ترقی ، 54 ویں نمبر پر آگئیں۔

فیفا ورلڈ کپ ٹرافی لاہور پہنچ گئی

لاہور : (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ ٹرافی 2022 ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئی، ٹرافی کی رونمائی آج نجی ہوٹل میں ہوگی، ٹرافی آذربائجان سے لاہور لائی گئی ہے۔ ٹرافی کو لاہور کے بعد سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔
لاہور کے نجی ہوٹل کے ہال کو فٹبال کے میدان کی طرح ڈھال دیا گیا ہے، ہال کے ایک سائیڈ پر پلئیرز چینج روم بنایا گیا ہے جبکہ ہال کی دوسری طرف فٹبالز رکھے گئے ہیں۔
ہال کے درمیان چھوٹی فٹبال پچ بھی بنائی گئی ہے، تقریب میں قومی و غیر ملکی فٹبالرز شرکت کریں گے، جبکہ مختلف گلوکار بھی اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔

ہفتے کی چھٹی بحال، سرکاری افسران کے فیول میں 40 فیصد کٹوتی: وفاقی کابینہ کے فیصلے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے ہفتے کی چھٹی بحال کرنے کی منظوری دے دی، سرکاری افسران کیلئے 40 فیصد فیول کٹوتی کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں توانائی کی بچت کا پلان پیش کیا گیا، اجلاس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور خاتمے سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے ہفتے کی چھٹی بحال کردی ہے، وفاقی کابینہ اراکین اور سرکاری افسران کیلئے 40 فیصد فیول کٹوتی کی بھی منظوری دے دی گئی ہے، تاہم مارکیٹوں کو جلد بند کرنے کے حوالے سے فیصلہ نہیں ہوسکا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں توانائی بحران اور لوڈ شیڈنگ سے بچنے کے لیے وزارت توانائی کی جانب سے بجلی بچت کا 8 نکاتی فارمولا پیش کیا گیا، بجلی بچت سےمتعلق تجاویز وزیراعظم ورکنگ گروپ نےتیارکیں۔
پلان میں تجویز دی گئی ہے کہ بجلی کی بچت کے لیے ہفتے میں 5 دن کام کیا جائے، ہفتے کی چھٹی کی فوری طورپر بحالی ناگز یر قرار دی گئی ہے۔
وزارت توانائی کے پلان کے مطابق سرکاری ملازمین ہفتے میں ایک دن گھرسے کام کریں، نجی شعبہ بھی ایک دن گھرسے کام کرنے کو ترجیح دے، بجلی بچت پلان کے مطابق سرکاری تیل کے کوٹے میں کمی کرنے کی تجویز بھی پلان میں شامل کی گئی۔
پلان میں گلیوں، شاہراہوں پرلگی لائٹس جزوی طور پر آن رکھنے کی تجویز دی گئی ہے،مارکیٹس، شادی ہالز رات 10 بجے بند کیے جائیں، جبکہ وزارت توانائی کی جانب سے توانائی کی بچت کیلئے بھرپورا ٓگاہی مہم چلانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اجلاس میں توانائی بحران اور لوڈ شیڈنگ کم کرنے کے طریقوں اور ذرائع پر بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ایندھن کے زیادہ معاہدے نہیں کیے تھے ہم ان مسائل کو فوری طور پر حل کر رہے ہیں، ن لیگ نے جومنصوبے شروع کیے تھے پی ٹی آئی انہیں نہ چلا سکی۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 4 سال میں بھی ن لیگ کے منصوبوں کو آن لائن نہ کیاجاسکا، ایل این جی پلانٹ 61.6 فیصد کارکردگی کے ساتھ دنیا کا سب سے کارآمد منصوبہ ہے، ن لیگی حکومت کے دوران 2018 میں وہاں پہلی ٹربائن آچکی تھی، ابھی تک آن لائن نہیں کی گئی۔

پاکستان اور جرمنی کا تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور جرمن ہم منصب اینالینا باربیک نے اسلام آباد میں ہونیوالی ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
ملاقات کے بعد جرمن وزیر خارجہ اینالینا باربیک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جرمنی پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار اور ساتواں بڑا انویسٹر ہے، گذشتہ برس دونوں ممالک نے 2.5 ارب ڈالر کی تجارت کی۔ پاکستان، روس یوکرین تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے، مسئلہ کشمیر کا حل بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتے ہیں۔ بی جے پی رہنما کے گستاخانہ بیان کی مذمت کرتے ہیں، بھارت کو اس معاملے پر معافی مانگنا ہو گی۔ جرمن ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں افغانستان، خطے اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغانستان کو سب سے زیادہ عالمی برادری کی توجہ کی ضرورت ہے، امید ہے افغان حکومت عالمی برادری کی امنگوں پر پورا اترے گی۔
جرمن وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں، افغانستان کےعوام کو بھوک اور افلاس کا سامنا ہے۔ عالمی برادری کو افغان مسئلے سے صرف نظر نہیں کرنا چاہئے۔ افغانستان کے مسائل کا پاکستان پر براہ راست اثر پڑتا ہے، پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کو پناہ دی۔ افغان عوام کے حالات بہتر بنانے کیلئے معاشی مدد کی ضرورت ہے، روس یوکرین تنازعہ سے کھانے پینے کی اشیا کا بحران پیدا ہو رہا ہے۔مقبوضہ کشمیر سمیت تمام حل طلب معاملات مذاکرات سے حل ہونے چاہئیں۔

ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاری مکمل

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) بلوچستان میں مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں نے ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاری مکمل کر لی ہے، حکومت اور اتحادیوں نے فیصلے کی منظوری دے دی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مخلوط حکومت میں شامل سیاسی جماعتوں نے ڈپٹی اسپیکر سردار بابر موسی خیل کے خلاف ہوم ورک مکمل کرلیا، آئندہ چند روز میں ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں جمع کرائی جائے گی۔
جبکہ نئے ڈپٹی اسپیکر کے لئے ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے قادر علی نائل کے نام پر اتفاق کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق صوبے میں مزید سیاسی تبدیلیوں کا بھی امکان ہے۔

بی جے پی رہنما کی جانب سے گستاخانہ بیان پر طارق جمیل کا ردعمل آگیا

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی رہنما کی جانب سے گستاخانہ بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مولانا طارق جمیل نے کہا کہ نبی کریمﷺ کی شان میں سرعام گستاخی انتہائی قابل مذمت ہے، ایسی حرکتیں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لیے ہر تھوڑے عرصے میں کہیں نا کہیں کی جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کو یک زبان ہو کر ایسے گستاخانہ اقدامات کی عالمی سطح پر بھرپور مذمت اور آواز اٹھانی چاہیے۔
یاد رہے کہ بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں اسلام اور نبی کریمﷺکے حوالے سے گستاخانہ گفتگو کی۔
بی جے پی کی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر بھارت سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جب کہ وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر شخصیات نے بھی بیان کی شدید مذمت کی ہے۔

دعا منگی کیس: پولیس حراست سے فرار مرکزی ملزم زوہیب گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) پولیس نے دعا منگی کیس میں فرار مرکزی ملزم زوہیب کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق کشمور میں مقابلے کے بعد دعا منگی کیس کے مرکزی ملزم زوہیب قریشی کو گرفتار کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہےکہ دعا منگی کیس میں نامزد ملزم زوہیب قریشی طارق روڈ میں مال سے فرار ہوا تھا، ملزم بلوچستان سے گاڑی چوری کرکے فرار ہوا تھا، پولیس ناکہ بندی کرکے مین ہائی وے پر کھڑی تھی کہ اس دوران پولیس کو دیکھ کر ملزم نے فائرنگ کی جس کے بعد جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزم گرفتار ہوگیا۔
پولیس کےمطابق ملزم کے خلاف گاڑی چوری کے 18 مقدمات درج ہیں اور ملزم کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔
واضح رہےکہ دعا منگی کو 30 نومبر 2019 کو ڈیفنس سے اغوا کیا گیا تھا۔

امریکا میں بجلی بحران کا خطرہ منڈلانے لگا

امریکا : (ویب ڈیسک) گرمی کی شدت میں اضافے سے سپر پاور امریکا میں بھی بجلی بحران کا خد شہ پیدا ہوگیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کیلی فورنیا ، ٹیکساس، رکنساس اور ایری زونا سمیت کئی امریکی ریاستوں میں بجلی بندش کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
بجلی بحران کے بڑھتے خدشات کے پیش نظر امریکی صدر جوبائیڈن نے ہنگامی اقدام کیا ہے جس کے تحت جنوب مشرقی ایشیائی ملکوں سے سولر پینل کی درآمد پر ٹیرف میں 2 سال کی چھوٹ دے دی ہے۔

گستاخانہ ریمارکس: جماعت اسلامی کا بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاج کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) جماعت اسلامی نے 9 جون کو اسلام آباد میں بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاج کا اعلان کر دیا۔
لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہا کہ ہر صورت سفارت خانے تک پہنچیں گے، بھارتی سفیر کو نکالنے تک احتجاج جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ میڈیا سے گزارش ہے کہ بھارتی خبروں،کھلاڑیوں اور اداکاروں سمیت ہر چیز کا بائیکاٹ کرے، بھارت میں نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کی گئی ، بی جے پی کے ترجمان کے بعد ایک اور لیڈر نے گستاخی کی۔
جماعت اسلامی کے رہنما کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے عرب ممالک کو ہوش آیا اور انہوں نے سوشل میڈیا پر بھارت کے خلاف مہم چلائی، ہم پاکستانی حکومت کے منتظر رہے کہ یہ بھی کوئی آواز اٹھائیں گے۔
امیر العظیم نے مطالبہ کیا کہ حکومت بھارت سے تمام تعلقات ختم کرکے سفیر کو واپس دلی بھیجے، 10 جون کو جماعت اسلامی پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کرے گی۔