All posts by Khabrain News

چیئرمین نیب کی تعیناتی کیلئے چیف جسٹس پاکستان سے مشاورت کی درخواست مسترد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے چیئرمین نیب کی تعیناتی کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان سے مشاورت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے شہری محمد فہد کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ چیف جسٹس پاکستان کی مشارت کے بغیر نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی روکی جائے، عدالت عظمیٰ نے 2001 میں فیصلہ دیا جس پر تاحال عمل نہیں کیا گیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ نے نیب آرڈی نینس کے سیکشن 6 میں ترمیم کا حکم دیا تھا جو چیئرمین نیب کی تعیناتی سے متعلق ہے، 20 برس گزرنے کے باوجود نیب آرڈی نینس میں چیئرمین کی تعیناتی سے متعلق شق میں ترمیم نہیں کی جا سکی، لہذا وزارت قانون کو چیئرمین نیب کی تعیناتی کے طریقہ کار میں ترمیم کی ہدایت کی جائے۔
درخواست گزار نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی میں قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کی مشارت سے چیئرمین نیب کا تقرر ہوتا ہے جب کہ سپریم کورٹ نے سیکشن 6 میں ترمیم کر کے چیف جسٹس کی مشاورت کا کہا جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں کیا گیا۔
دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ عدالت عظمیٰ کے جس فیصلے کا آپ نے حوالہ دیا اس کے بعد کئی فیصلے آ چکے ہیں، اس فیصلے میں سپریم کورٹ کی صرف آبزرویشن تھی۔ یہ اختیار پارلیمنٹ کا ہے اور عدالت پارلیمنٹ کو ہدایات نہیں دے سکتی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے دلائل کے بعد درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب کالعدم قرار دینے کی درخواست پر حمزہ شہباز کو نوٹس جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے انتخاب کو کالعدم قرار دینے کیلئے درخواست پر حمزہ شہباز کو نوٹس جاری کر دیئے۔ عدالت نے اسی درخواست پر اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی معاونت کیلئے طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے تحریک انصاف کی رکن اسمبلی زنیب عمیر سمیت تین ارکان اسمبلی کی درخواست پر ابتدائی سماعت اپنے چیمبر میں کی۔ درخواست گزار رکن اسمبلی کے وکیل اظہر صدیق نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد منحرف اراکین کی پوزیشن واضح ہو چکی ہے اور منحرف اراکین کے ووٹ منفی ہونے سے حمزہ شہباز اکثریت نہیں رکھتے.
پنجاب حکومت کے وکیل اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل طیب جان نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا اور نشاندہی کی کہ درخواست گزار تحریک انصاف کی اراکین ہیں. انکے پاس اسمبلی سے رجوع کرنے کا اختیار ہے.سرکاری وکیل طیب جان نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار حمزہ شہباز کے خلاف تحریک عدم اعتماد لا سکتے ہیں، اس لیے درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔
طیب جان نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست کو مسترد کیا جائے. درخواست پر مزید کارروائی 20 جون کو ہوگی.۔

ڈالر کی پھر اونچی اڑان، انٹر بینک میں مزید مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں تیزی

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں ایک مرتبہ پھر بڑا اضافہ ہو گیا جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق امریکی کرنسی ایک بار پھر روپے کو روندتی ہوئی مزید 94 پیسے مہنگی ہو گئی ہے، انٹر بینک میں ڈالر 201 روپے کا ہو گیا ہے، جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 202 روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ اسٹاک ایکس چینج میں 235 پوائنٹس اضافہ ہوا ہے جس سے 100 انڈیکس 41 ہزار 812 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

ملتان میں کرکٹ کا میلہ سج گیا، شاہین اور کالی آندھی کل آمنے سامنے ہونگے

ملتان : (ویب ڈیسک) ملک میں ایک بار پھر کرکٹ کی بہار آنے کو تیار ہے، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ون ڈے کل کھیلا جائے گا، تین میچز کی سیریز آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔
پی سی بی کے مطابق ملتان اسٹیڈیم میں شام 4 بجے کرکٹ ایکشن شروع ہوگا، گرین شرٹس اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پہلے ون ڈے میں مدمقابل ہوں گی، قومی ٹیم نے مہمانوں کو شکست دینے کے لیے کمر کس لی، ملتان کی شدید گرمی میں قومی کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس کی۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 16 سال بعد پاکستان میں ون ڈے میچ کھیلے گی، 2006 میں ہونے والی سیریز میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو تین ایک سے شکست دی تھی، ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے خلاف 1991 کے بعد ون ڈے سیریز جیت نہیں سکی۔
شاہینوں نے کیربیئنز caribbeans کو گزشتہ 7 ون ڈے سیریز میں شکست دی ہے، تاہم ویسٹ انڈیز کو مجموعی طور پر پاکستان پر برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 134 میچز کھیلے جا چکے ہیں جس میں 71 مرتبہ کالی آندھی جبکہ 60 میں گرین شرٹس کو کامیابی ملی ہے۔

یوکرین کے فوجی اڈے کو تباہ کر دیا، روسی فوج کا دعوٰی

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کے فوجی اڈے کو تباہ کر دیا ہے جبکہ یوکرین کا کہنا ہے کہ ڈونیٹسک اور لوہانسک میں کئی بار روسی فوجیوں کو پیچھے دکھیلا ہے۔
روسی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ یوکرینی ٹینکوں اور دیگر ہتھیاروں کو تباہ کرنے کیلئے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کا استعمال کیا گیا، انہوں نے مزید کہا کہ اوڈیسا کے قریب یوکرین کے فوجی کارگو طیارے کو بھی مار گرایا گیا ہے جو ہتھیاروں سے بھرا ہوا تھا۔
یوکرین نے بھی روسی وزارت دفاع کے ترجمان کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایک روسی میزائل کو روک لیا گیا تھا، باقی نے فوجی تنصیبات کو تباہ کر دیا۔
دوسری جانب یوکرین نے روس کے سرحدی علاقے میں ایک گاؤں پر حملہ کیا جس میں ایک پل اور فیکٹری کو نقصان پہنچا۔

ملک میں بجلی کا بحران، شارٹ فال 6 ہزار 99 میگا واٹ ہو گیا، عوام کا جینا محال

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں بجلی کا بحران جاری ہے، شارٹ فال 6 ہزار 99 میگا واٹ ہو گیا، پیداوار 19 ہزار901 اور طلب 26 ہزار میگا واٹ ہے۔ شدید گرمی میں بجلی کے بار بار تعطل کے سبب عوام کا جینا محال ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کا جینا محال ہو گیا، لائن لاسز والے علاقوں میں دورانیہ زیادہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی سے 4 ہزار 193میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے ، سرکاری تھرمل پلانٹس 1 ہزار 261 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 11ہزار 565 میگاواٹ ہے۔ونڈ پاور پلانٹس 1ہزار347 میگاواٹ اور سولرپلانٹس سے پیداوار118 ہے ، بگاس سے چلنے والے پلانٹس 181 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں جبکہ جوہری ایندھن 1ہزار 237 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
اسلام آباد ریجن میں 6گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔بجلی کے تعطل کے سبب شدید گرم موسم میں عوام کا جینا محال ہے، کاروبار میں بھی کمی آنے لگی۔ شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ حکومت کے تمام تر دعووں کےباوجود صورتحال میں کوئی قابل ذکر تبدیلی نہیں آ رہی، حکومت باتوں کی بجائے سنجیدہ اقدامات اٹھائے۔

نیب کے ہوتے حکومتی معاملات نہیں چل سکتے : شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جب تک نیب کا ادارہ رہے گا حکومتی معاملات نہیں چل سکتے، ٹھنڈے دماغ سے سوچنا چاہئے کہ نیب کا ادارہ ہے کیا اور اس نے کیا کیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کی آج بھی کوشش ہے وہ دوبارہ عہدے پر آجائیں، چیئرمین نیب روزانہ کی اجرت پر کام کرتے رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیب نے ایک پیسے کی کرپشن نہیں روکی، اگر کرپشن پکڑنی تو کوئی کمی نہیں، بدعنوانی روکنے کیلئے ایف آئی اے سمیت دیگر ادارے موجود ہیں، سیاست پر اثرانداز ہونا ہے تونیب کی ضرورت ہے، نیب ملک کا سب سے کرپٹ ادارہ ہے، چیئرمین نیب کو جوابدہ ہونا پڑے گا، 22 سال میں کتنے سیاستدانوں کو جیل میں ڈالا اور جرم ثابت ہوا؟
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اکتوبر 2023 میں انشااللہ الیکشن ہوجائیں گے، ریٹائرڈ افسران اگر الیکشن چاہتے ہیں تو پھر الیکشن ہو جائیں گے، ملکی معیشت تباہ ہو رہی تھی تو ریٹائرڈ افسران 8 مارچ سےقبل کہاں تھے، آج سے ساڑھے 3 گھنٹے سے کم لوڈشیڈنگ ہوا کرے گی۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت جاری، مزید تین نوجوان شہید

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، چوبیس گھنٹوں کے دوران قابض فورسز نے تین نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
بھارتی فورسز نے کپواڑہ میں ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔ دونوں نوجوانوں کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا گیا۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کا سلسلہ جاری تھا۔ گزشتہ شب بھی بھارتی فورسز نے ضلع بارہمولہ میں ایک نوجوان کو شہید کردیا تھا۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام

لندن : (ویب ڈیسک) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اپنے خلاف پارٹی میں بغاوت کے باوجود اعتماد کے ووٹ میں 211 ارکان کی حمایت کے ساتھ کامیاب ہو گئے ہیں۔
برطانیہ کی حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کے 359 ارکان پارلیمان نے بورس جانسن پر اعتماد کے ووٹ کی کارروائی میں حصہ لیا، بورس جانسن کو جیت کے لئے 180 ووٹ درکار تھے، 211 ارکان نے ان کے حق میں اور 148 ارکان نے ان کے خلاف ووٹ دیے۔
1922 کمیٹی آف بیک بینچ کنزرویٹوز کے چیئرمین سر گراہم بریڈی نے خفیہ رائے شماری کے بعد اعلان کیا کہ پارلیمانی جماعت کو وزیر اعظم پر اعتماد ہے۔
کنزرویٹوز پارٹی کے 54 اراکان نے عدم اعتماد کیلئے 1922 کمیٹی آف بیک پینچ سے رجوع کیا تھا۔
کامیاب ہونے کے بعد برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ پارلیمنٹ نے متاثر کن اور حتمی فیصلہ دے دیا ہے، آج کا نتیجہ سیاست اور ملک کے لیے اچھا ہے، اب ہمیں بطور حکومت اور پارٹی متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ایجنڈے کو جاری رکھیں گے، معیشت کو مضبوط کرنے اور یکساں مواقع فراہم کرنے کا موقع ملا، اعتماد کے حوالے سے ساتھیوں نے 2019 سے بھی بڑا مینڈیٹ دیا۔

پنجاب اور سندھ میں آج موسم شدید گرم، خیبرپی کے اور گلگت بلتستان میں بارش متوقع

لاہور: (ویب ڈیسک) موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج پنجاب اور سندھ میں موسم شدید گرم رہے گا، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب میں موسم شدید گرم رہے گا، لاہور میں درجہ حرارت 45، بہاولپور اور ملتان میں 46، فیصل آباد اور سرگودھا میں 47 تک جانے کی پیشگوئی ہے۔ سندھ میں دادو، موہنجو داڑو، نوابشاہ میں پارہ 48 کو چھونےکی توقع ہے، خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات اور دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثرعلاقوں میں بھی آج موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیارہ درجہ حرارت 32 سے 34، قلات میں 29 سے 31، گوادر اور جیونی میں 35 سے 37، نوکنڈی میں 38 سے 40، تربت میں 43 سے 45، سبی میں 47 سے 49 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ صوبہ کے بیشتر علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔