All posts by Khabrain News

مذاکرات میں ڈیڈلاک، کسان اتحاد کا دھرنا تیسرے روز جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد میں کسان اتحاد کا دھرنا تیسرے روز میں داخل ہوگیا ہے، مطالبات کے حق میں کسانوں کی بڑی تعداد خیابان چوک پر موجود ہے۔ کسان رہنمائوں کے وفد نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ سے مذاکرات کیے۔
رہنما کسان اتحاد کا مطالبہ ہے کہ وفاقی حکومت ہمیں فی یونٹ کی قیمت مختص کرکے دے تب ہم احتجاج ختم کریں گے، ہمارا احتجاج پرامن ہے، ہمیں کوئی جلدی نہیں، اپنا حق لے کر یہاں سے اٹھیں گے۔
مہنگی بجلی۔مہنگے کھاد اور بھاری ٹیکسوں سے پریشان کسانوں کا دھرنا اسلام آباد میں جاری ہے۔مظاہرین نے مطالبات کی منظوری کے بغیر دھرنا ختم نہ کرنے کا اعلان کردیا۔ کسان اتحاد کے ایک وفد نے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کے ساتھ مذاکرات کیے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے کسانوں کا ابتدائی طور پر ٹیوب ویل کے مطالبہ منظورکیا گیا ہے جبکہ دیگر مطالبات بھی جلد منظور کیے جانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: حکومت اور کسان مظاہرین کے مذاکرات ناکام، ڈی چوک کیطرف پیش قدمی کی تیاری
تاہم کسان رہنمائوں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت ہمیں فی یونٹ کی قیمت مختص کرکے دے تب ہم احتجاج ختم کریں گے۔ دھرنے میں موجود کسانوں کا کہنا ہے کہ ہمارا احتجاج پرامن ہے۔ ہمیں کوئی جلدی نہیں۔ اپنا حق لے کر یہاں سے اٹھیں گے۔ دھرنے کے شرکاء کھلے آسمان تلے موجود ہیں۔
ریڈ زون میں جانے سے روکنے اور سیکورٹی کیلئے پولیس کی نفری بھی تعینات ہے۔

نیب سے پوچھا جائے کہ جھوٹے کیس کس کے کہنے پر بنائے گئے ؟، خاقان عباسی

کراچی : (ویب ڈیسک) رہنما مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نیب سے پوچھا جائے کہ جھوٹے کیس کس کے کہنے پر بنائے گئے ؟ سابق چیئرمین نیب نے لوگوں کی زندگیاں خراب کی ہیں وہ جواب دہ ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان نے کہا کہ انصاف کے نظام کو درست کرنے کی ضرورت ہے، سابق چیئرمین نیب عوام کو حقائق بتائیں، احتساب کرنے والوں کو خود سب کے سامنے حساب دینا ہوتا ہے، یہ معاملات ایسے نہیں چلتے ، ایک دن ان کو حساب دینا ہوگا، جواب حکومتیں نہیں لیتیں، عدالتیں لیتی ہیں، عدالتوں میں لوگ 6،6 سال سے کیسز چلاتے ہیں، ہم کہتے ہیں کہ انصاف کے نظام کو چلنا چاہیے، 4 سال کی غفلت 4 ماہ میں ٹھیک نہیں ہوتی۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ تیل کی قیمتیں حکومت نہیں اوگرا طے کرتی ہے، اوگرا عالمی منڈی کی قیمتیں اور دیگر عنصر کو شامل کرکے قیمتوں کا تعین کرتی ہے، بجلی کے معاملات نیپرا کا ادارہ دیکھتا ہے حکومت نہیں دیکھتی، نیپرا اور اوگرا آزاد ادارے ہیں، پہلے 30 دن بعد تیل کی قیمت کا تعین کیا جاتا تھا، اب ہر 15 روز بعد تیل کی قیمت کا تعین کیا جاتا ہے، تیل میں کوئی سیلز ٹیکس شامل نہیں ہے، حکومت جتنا ریلیف عوام کو دے سکتی ہےدے رہی ہے، امید ہے آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوجائیں گی۔

ڈالر کی قدر میں مزید کمی

کراچی : (ویب ڈیسک) امریکی ڈالر قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے 63 پیسے سستا ہوگیا۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق ڈالر ایک روپے 63 پیسے سستا ہونے کے بعد انٹر بینک میں 228 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

کراچی کا ایماندار پولیس اہلکار، شہری کا گرا ہوا پرس اور پیسے اسے ڈھونڈ کر واپس کیے

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی کے ایماندار پولیس اہلکارنے شہری کا گرا ہوا پرس اور پیسے اسے ڈھونڈ کر واپس کر کے نئی اعلی مثال قائم کر دی۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹریفک پولیس کراچی احمد نواز نے جمعرات کے روز اپنے دفتر میں سلطان آباد ٹریفک سیکشن ضلع ویسٹ کے کانسٹیبل نیاز علی کو اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی سر انجام دہی کے دوران ایمانداری کی اعلی مثال قائم کرنے کے اعتراف میں تعریفی سند اور انعام دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹریفک پولیس کانسٹیبل نیازعلی این ایل سی چوک سلطان آباد ٹریفک سیکشن ضلع ویسٹ میں ڈیوٹی پر تھا جب اسے ایک شہری کا پرس ملا جس میں شناختی کارڈ بینک کارڈ اور تیرہ ہزار روپے نقد موجود تھے۔
ٹریفک پولیس کانسٹیبل نیازعلی نے پرس میں موجود شناختی دستاویزات کی مدد سے حقیقی مالک سے رابطہ کیا اور تصدیق کے بعد اسے پرس واپس لوٹا دیا۔

کتے سونگھ کر انسان کے ذہنی دباو کی نشاندہی کرنے کے ماہر

آئرلینڈ : (ویب ڈیسک) کتے منشیات، دھماکہ خیز مواد یا کسی خاص خوشبو کا تعاقب کرنے کیلئے تو مشہور ہیں، لیکن نئی تحقیق کے مطابق کتا انسان کو سونگھ کر یہ بھی پتا لگا سکتا ہے کہ انسان دباو کا شکار ہے۔
ماہرین کے مطابق کتے میں صلاحیت ہے کہ وہ پسینے اور سانس سے انسان کی کیفیت کا اندازہ لگا سکتا ہے، جس کے بعد ماہرین کا ماننا ہے کہ کتے کی اس حس میں اسے مہارت دینے کے بعد اسے مریضوں کے امدادی کاروائیوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
مالکوں کی جانب سے اپنے چار پالتو کتوں کو اس ٹیسٹ کیلئے بھیجا گیا، اور 700 میں سے 650 سے زیادہ آزمائشوں میں، انہوں نے کامیابی سے پسینے یا سانس کے نمونے کی نشاندہی کی جو تناؤ والے شخص سے لیا گیا تھا۔
آئرلینڈ کے شہر بیلفاسٹ کی کوینز یونیورسٹی کے سکول آف سائیکالوجی میں پی ایچ ڈی کی طالبہ کلارا ولسن کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے معلوم ہوتا ہے کہ انسان جب دباؤ کی حالت میں ہوتے ہیں تو پسینے اور سانس سے مختلف قسم کی بو خارج کرتے ہیں اور کتے اسے سونگھ کر بتا سکتے ہیں کہ ہم دباؤ میں ہیں یا نہیں۔ چاہے کتے اس انسان سے واقف ہوں یا نا ہوں۔
اس ٹیسٹ کیلیے سائنس دانوں نے 36 لوگوں کو ریاضی کے مشکل سوال حل کرنے کے لیے کہا، جس سے پہلے اور بعد میں ان سے پسینے اور سانس کے نمونے حاصل کیے گئے، جسے کتے باآسانی پہچاننے میں کامیاب ہو گئے۔

عمران خان کے الزامات مسترد، سازشی نظریات بدقسمتی ہیں صداقت نہیں، ڈونلڈ بلوم

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکہ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے الزامات کو ایک بار پھر مسترد کردیا،امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ سازشی نظریات بدقسمتی ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ آزاد ،خوشحال اور مضبوط پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں، معمول کی سفارتی ملاقاتوں میں ایشوز پر کبھی اتفاق ہوتا ہے کبھی نہیں ہوتا ہے، توانائی کی بڑھتی ضروریات پوری کرنے کیلئے پاکستان سے تعاون کریں گے، ہم موسمیاتی تبدیلی پر کام کر رہے ہیں جوموجودہ وقت کا اہم مسئلہ بن چکا ہے، علاقائی سلامتی پاکستان اوراس کے ہمسایہ ممالک کےلیے اہم مسئلہ ہے۔
امریکی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے نئے راستے تلاش کرے گا، پاکستان کو بین الاقوامی تجارتی طریقے کو تبدیل کرنے پر سوچنا ہوگا، پاکستان کے پاس افراد قوت ، ہنر اور مہارت بہت زیادہ ہے، امریکہ اور پاکستان مل کر عملی طور پر مسائل سے نمٹتے ہیں۔

کمیشن خور مافیا ہمیشہ این آر او لے لیتا، جیلیں صرف غریبوں کیلئے ہیں: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کمیشن خورمافیا ہمیشہ این آر او لے لیتا ہے، جیلیں صرف غریبوں کے لئے بنی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ پاکستان میں ہر کیس کے پیچھے بڑا چہرہ ہوتا ہے، لوگ چہرے دیکھتے ہیں، کیس نہیں،عوامی حمایت کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ جہاں ہر چیزبکتی ہو، وہاں قوم نہیں بنتی، 50 کروڑ سے کم کرپشن کی کھلی چھٹی ہے، یہ مٹھائی بھی اپنے گھرمیں بانٹتے ہیں۔

ٹی 20 سیریز، پاکستان اور انگلینڈ چھٹے معرکے میں آج پھر مد مقابل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا چھٹا ٹی 20 آج لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں، ایک روزہ آرام کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں آج پھر قذافی اسٹیڈیم میں اِن ایکشن ہوں گی، 7 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز میں پاکستان کو 2-3 کی برتری حاصل ہے۔
ٹی 20 سیریز کا چھٹا میدان مارنے کے لیے قومی کھلاڑی پرجوش ہیں، پرستار بھی انتظار میں بے قرار ہیں، تین دو کی برتری سے قومی شاہینوں کا جذبہ جوان ہے اور سیریز اپنے نام کرنے کی ٹھان لی جبکہ مہمان انگلش پلیئر نے بھی کم بیک کرنے پر نظر یں جما لیں۔
سیریز کے پہلے مرحلے کے چار میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے جس میں سے دو میں پاکستان اور دو میں انگلینڈ نے فتح حاصل کی جبکہ لاہور میں کھیلے گئے پانچویں میچ میں گرین شرٹس نے 6 رنز سے کامیابی سمیٹی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز کا چھٹا میچ آج پاکستان وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

نسیم شاہ کا علاج بورڈ کیلئے درد سر، پہلے ہسپتال سے ہوٹل اب گھر منتقل

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کا علاج پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے درد سر بن گیا، نسیم کو پہلے ہسپتال داخل کرایا، کورونا مثبت آنے پر آئسولیشن کے لیے ٹیم ہوٹل منتقل کیا اور اب گھر روانہ کر دیا گیا۔
کراچی سے لاہور آتے ہوئے نسیم شاہ کو سینے میں انفیکشن پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے تمام ٹیسٹ ہوئے، پہلے نمونیا اور پھر کورونا مثبت آ گیا۔
قومی فاسٹ باؤلر کو ہسپتال سے ٹیم ہوٹل منتقل کردیا گیا اور پھر رات گئے اس فیصلے کو بھی تبدیل کر دیا گیا کہ وہ اپنے گھر پر 2 روز تک آئسولیشن کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے فیصلے کے بعد فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو ہوٹل سے ان کے گھر منتقل کر دیا گیا۔
قومی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شامل باقی میچز کے لیے دستیاب نہیں ہیں جبکہ وہ اتوار کو ٹیم کے ہمراہ نیوزی لینڈ روانہ ہوں گے۔

بطور وزیر اعلیٰ ایسے فیصلے کئے جس سے خاندان کے کاروبار کو نقصان پہنچا:شہباز شریف

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف منی لانڈرنگ کیس میں لاہور کی سپیشل کورٹ میں پیش ہوئے۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف کی آج کابینہ کی میٹنگ تھی پھر بھی وہ لاہور آئے ہیں جبکہ حمزہ شہباز بیمار ہیں، وکیل نے حمزہ شہباز کی میڈیکل گراؤنڈ پر حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔
سماعت کے دوران شہباز شریف نے کمرہ عدالت سے واپس جانے کی اجازت مانگ لی اور کہا میں عدالتی حکم پر پیش ہوا ہوں، میری اسلام آباد میں مصروفیات ہیں، میں جانا چاہتا ہوں عدالت اجازت دے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ میرے خلاف جھوٹا منی لانڈرنگ کا کیس بنایا گیا، 20 سال وزیر اعلیٰ رہا، جس دوران ایسے فیصلے کیے جس سے خاندان کے کاروبار کو نقصان پہنچا، میں نے شوگر ملز کو سبسڈی دینے کی سمری مسترد کی، میں نے انکار کیا اور کہا کہ یہ پنجاب کی غریب عوام کا پیسہ ہے، مجھے سفارش بھی آئی مگر میں نے سمری مسترد کی۔
وزیراعظم کے وکیل نے کہا کہ ایف آئی آر درج ہوئی تب شہباز شریف جیل میں تھے، ایف آئی آر کے متن میں کم اجرت والے ملازمین نے یہ نہیں کہا کہ یہ اکاؤنٹس شہباز شریف کے کہنے پر کھلے ہیں، استغاثہ کہتا ہے کہ چار ارب روپے کی چینی کی فروحت کو چھپایا گیا، دیکھنا یہ ہے کہ کیا ایف آئی اے کو کارروائی کرنے کا اختیار ہے؟ اس میں ایف بی آر یا انکم ٹیکس والے کاروائی کرسکتے ہیں۔
بعدازاں لاہور کی عدالت نے وزیراعظم شہبازشریف کو واپس جانے کی اجازت دے دی جس کے بعد شہباز شریف کمرہ عدالت سے واپس روانہ ہو گئے۔