All posts by Khabrain News

عامر خان کی نئی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ تنازع کی زد میں آگئی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی نئی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ تنازع کی زد میں آگئی ہے اور مخالفین فلم کے بائیکاٹ کا مطالبہ کررہے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز لال سنگھ چڈھا کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر فلم کے خلاف ٹرینڈ چلا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ عامر خان کی مذکورہ فلم کا بائیکاٹ کیا جائے کیوں کہ انہوں نے فلم میں بھارتی فوج کا یونیفارم پہن کر ذہنی معذوری جیسا کردار نبھایا اور فوج کا بہت مذاق بھی اڑایا، امید ہے عوام اس کچرا فلم کا بائیکاٹ کریں گے۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ لال سنگھ چڈھا ہالی ووڈ کی مشہور فلم ’فوریسٹ گمپ‘ کا چربہ ہے، عامر خان اور کرینہ کپور کو یہ فلم کاپی کرنے کے لیے 14 سال لگے، اس طرح کی فلم کو روکا جائے۔
اسی طرح ایک اور مخالف نے اداکار کے ماضی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عامر خان نے کہا تھا کہ بھارت کے شہری عدم برداشت کا شکار ہیں، تو ایسا شخص جس کے لیے بھارت محفوظ نہیں تو اسے اس ملک میں اپنی فلم ریلیز بھی نہیں کرنی چاہیے، لال سنگھ چڈھا کا ہر حال میں بائیکاٹ کیا جائے۔
خیال رہے کہ مذکورہ فلم رواں سال 11 اگست کو ریلیز کی جائے گا، لال سنگھ چڈھا میں عامر خان کے ساتھ کرینہ کپور نے مرکزی کردار نبھایا ہے۔ جبکہ فلم میں ہدایت کاری کے فرائض ادویت چوہان نے انجام دیے ہیں۔

کور ہیڈ کوارٹرز پشاور میں تقریب، شہداء کے اہلخانہ کو اعزازت سے نوازا گیا

پشاور: (ویب ڈیسک) کور ہیڈ کوارٹرز پشاور میں عسکری اعزازت دینے کی تقریب ہوئی جس میں شہداء کے اہلخانہ کو اعزازت دیئے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق کور ہیڈ کوارٹرز پشاور میں فوجی جوانوں کو اعزازت سے نوازنے کی تقریب ہوئی، تقریب میں شہدا کے اہل خانہ اور رشتہ داروں سمیت فوجی افسران نے شرکت کی۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے دوران 43 شہدا کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا، دو افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری) دیا گیا، 15 افسران کو تمغہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی استعفوں کی تصدیق کے لیے طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کے لیے طلب کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے اراکین اسمبلی نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے فلور پر مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا، شاہ محمود قریشی نے وزارتِ عظمیٰ کے الیکشن کے دوران تقریر میں کہا تھا ہم اس ایوان سے مستعفی ہوتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ نئے الیکشن کروائے جائیں۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اسپیکر نے پی ٹی آئی کے استعفے دینے والے ارکان کو طلب کیا ہے۔ جس کے لیے مستعفی اراکین کو مراسلے جاری کردیے ہیں۔
ترجمان کے مطابق سپیکرنے پی ٹی آئی اراکین کوتصدیق کیلئے 6 جون کو طلب کیا ہے اور پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان کی تعداد 131 ہے۔ استعفوں کی تصدیق کا عمل جمعہ 10 جون تک جاری رہے گا اور روزانہ 30 مستعفی ارکان سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔
ترجمان قومی اسمبلی نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے مستعفی اراکین کو قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے قاعدہ 43(2)(b) کے تحت تفویص اختیارات کو بروکار لاتے ہوئے مراسلہ جاری کیا۔
واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد پی ٹی آئی چیئر مین نے ایک ماہ کے دوران درجنوں جلسے کیے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ نئے الیکشن کروائے جائیں۔ بصورت دیگر لانگ مارچ کیا جائے گا، ایک لانگ مارچ 25 مئی کو کیا گیا تاہم عمران خان نے حکومت کو مزید چھ دن کا وقت دیا کہ فوری طور پر الیکشن کا اعلان کیا جائے اگر اعلان ہو جاتا ہے تو باقی معاملات پر حکومت کیساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔

فتح استنبول کا 569 واں سال مکمل، طیب اردگان کا سلطان محمد فاتح کو زبردست خراج عقیدت

استنبول: (ویب ڈیسک) ترکی میں فتح استنبول کے 569 واں سال مکمل ہونے پر اتاترک نیشنل گارڈن میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ترک صدر طیب اردگان نے سلطان محمد فاتح کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترک صدر اور خاتون اول نے نیشنل گارڈن کا افتتاح پودا لگا کر کیا، اس دوران عوام کی بڑی تعداد قومی پرچم کے ساتھ افتتاحی تقریب میں شریک ہوئی۔
دوسری جانب فتح استبنول کے اعزاز میں شاندار لائٹ شو ہوا جس میں جدید ٹیکنالوجی اور لیزر شعاعوں سے عظیم فتح کے مناظر کی عکاسی کی گئی، سلطان محمد فاتح اور آیا صوفیہ کے مناظر بھی دکھائے گئے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ استنبول کی فتح دانشمندانہ منصوبوں، عظیم کوششوں، ہنر مندانہ تیاریوں، بے مثال قربانیوں اور پختہ عزم کا نتیجہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم شمالی شام میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور ہم یہ جنگ اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک انہیں جڑ سے اکھاڑ نہیں پھینکیں گے۔
ترکی نے اتوار کے روز استنبول پر عثمانی فتح کی 569 ویں سالگرہ منائی اور اسے ایک نئے دور کی شروعات قرار دیا۔

پی ٹی آئی منحرف ایم پی اے نے الیکشن کمیشن کا فیصلے چیلنج کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کی منحرف خاتون ایم پی اے زہرہ بتول نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔
پی ٹی آئی کی منحرف رکن زہرہ بتول نےسپریم کورٹ میں دائر کی جانے والی اپیل میں موقف اپنایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن میں پارلیمانی پارٹی کی جانب سےکوئی ڈائریکشن جاری نہیں ہوئی تھی۔
پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا نہ کوئی اجلاس ہوا نہ ہی کوئی پالیسی طےہوئی،درخواست میں استدعاکی گئی کہ اپیل منظورکرکےالیکشن کمیشن کافیصلہ کالعدم قراردیا جائے۔

اگلے ماہ بجلی کی قیمت بڑھانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں: خرم دستگیر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ مالیاتی بحران لوڈشیڈنگ کی وجہ ہے، اگر مالی وسائل فراہم کیے جائیں تو اگلے 48 گھنٹے میں لوڈشیڈنگ ختم کر سکتے ہیں، اگلے ماہ بجلی کی قیمت بڑھانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ پاورڈویژن کو وسائل فراہم کیے جائیں تو کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، تیل، گیس مہنگی ہو رہی ہے، پچھلی حکومت نے گیس بھی نہیں خریدی، ان کو لرزہ طاری ہوجاتا تھا، روس، یوکرین جنگ کی وجہ سے کوئلے کی قیمت میں چار گنا اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم جامع توانائی کا ایک پروگرام لائیں گے، وزیراعظم جلد توانائی کے شعبے کے لیے منصوبہ بندی کا اعلان کریں گے، اگلے ماہ بجلی کی قیمت بڑھانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں،30 جون کے بعد بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل پر بریفنگ دیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 25 مئی کا فسادی مارچ بری طرح ناکام ہوا، توانائی کے شعبے میں گردشی قرضہ 2460 ارب تک پہنچ گیا ہے، اتحادی حکومت قوم کو عذاب عمرانی سے نجات دلا رہی ہے، ملک کی توانائی ضروریات پورا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 5820 میگاواٹ کو فنکشنل کر دیا ہے، پاکستان میں بجلی بنانے کی کوئی صلاحیت نہیں، صرف مہنگے ایندھن کا مسئلہ ہے، بجلی کے بنیادی ٹیرف کی ری بیسنگ کی جا رہی ہے۔

ایک ووٹ کی اکثریت پر قائم حکومت کسی وقت بھی دھڑم سے گرجائے گی: شیخ رشید

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایک ووٹ کی اکثریت پر قائم حکومت کسی وقت بھی دھڑم سے گرجائے گی، حکومت کا جانا ناگزیر ہے، عنقریب وہ وقت آئے گا جب صدر ان سے اعتماد کے ووٹ کے لیے کہے گا، جس سے سامراجی خواہشیں چکنا چور ہو جائیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 3 سیاسی چوہوں کا آپس میں اتحاد یہ تھا کہ ایک نے اپنے بیٹے کو چیف منسٹر بنا لیا ہے دوسرے نے وزیرخارجہ، اور تیسرے نے وزیر مواصلات، جبکہ غریب لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بے روزگاری سے مررہا ہے جس سے اب ان کو کوئی غرض نہیں، قوم کو گولی، سامراج کے اشارے پر اسرائیل سے دوستی بڑھائی جارہی ہے اور بھارت سے تجارت شروع ہونے والی ہے جبکہ ایران اور چین سے فاصلے پیدا ہونے والے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاٹھی اور آنسو گیس سے دبانے کے لیے راناثناء جیسے اجرتی قاتل کرائے پر رکھ لیے گئے ہیں، اب حکومت کا مسئلہ 8 سے 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ نہی ہے بلکہ اپنے کیس نیب، ایف آئی اے اور اے این ایف سے ختم کروانا ہے، جس پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ 1 ووٹ کی اکثریت پر قائم حکومت کسی وقت بھی دھڑم سے گرجائے گی، ابھی پٹرول اور بجلی میں اضافے کی پہلی قسط آئی ہے، 5 سے 25 جون تک دوسری قسط بھی آ جائے گی لوگ خود سڑکوں پر آئینگے اور غلامی کی زنجیریں توڑیں گے، حکومت کا جانا ناگزیر ہے، عنقریب وہ وقت آئے گا جب صدر ان سے اعتماد کے ووٹ کے لیے کہے گا، جس سے سامراجی خواہشیں چکنا چور ہو جائیں گے۔ ایک ووٹ کی اکثریت صرف غلامی کے سامراجی فیصلوں پر عمل در امد کے لیے دی گئی ہے، اور 1 ووٹ کی اکثریت والی حکومت 22 کروڑ لوگوں کی ترجمانی نہیں کرسکتی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک کروڑ اوورسیز پاکستانیوں کو سیاست اور ووٹ سے دور رکھنا قومی بددیانتی ہے، کیوں کہ اس پر 2018 میں سپریم کورٹ فیصلہ دے چکی ہے، اوورسیز پاکستانیز کا ووٹ کا حق دلانے کے لیے میں سپریم کورٹ جا رہا ہوں، جب اسمبلی کا ممبر 20 اور 25 کروڑ میں بک رہا ہو ایسے موقع پر اوورسیز پاکستانی ہی جمہوریت کو کسی بڑے حادثے سے بچا سکتے ہیں۔

نوجوان مظاہرین کو پارلیمانی کمیٹیوں میں شامل کیا جائیگا: سری لنکن وزیراعظم

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکن وزیراعظم رانیل وکرم سنگھے نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی اصلاحات کے تحت نوجوان مظاہرین اور کارکنوں کو پارلیمانی کمیٹیوں میں شامل کیا جائے گا جس سے موجودہ بحران پر قابو پانے میں مدد سکتی ہے۔
وزیراعظم کے مجوزہ نئے نظام کے تحت صدر بھی پارلیمنٹ کے سامنے جوابدہ ہو گا۔ وزیراعظم جن جامع سیاسی اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں ان کا مقصد قانون سازوں کو زیادہ اختیار دینا اور حکومتی وزراء کے اثر و رسوخ کو کم کرنا ہے۔
وکرما سنگھے نے کہا کہ سیاسی اصلاحات کی ان کی تجاویز اسی پہلے والے نظام سے ماخوذ ہیں جو 1948ء میں برطانیہ سے آزادی حاصل کرنے سے پہلے ملک میں موجود تھا۔ اس کے تحت 15 پارلیمانی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور ہر کمیٹی میں چار نوجوان نمائندے بھی شامل کیے جائیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا میں جاری احتجاج میں شریک بیشتر مظاہرین نوجوان ہیں جو گزشتہ پچاس دنوں سے بھی زیادہ وقت سے صدر کے دفتر کے باہر دھرنا دیے بیٹھے ہیں اور ان سے استعفی دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
صدر گوٹابیا راج پاکسے اب تک مستعفی ہونے سے انکاری ہیں تاہم مظاہرین کو مطمئن کرنے کے لیے وہ اب تک اپنے کئی قریبی رشتہ داروں کو اعلیٰ سرکاری عہدوں سے برطرف کر چکے ہیں۔
وکرما سنگھے کو اس ماہ کے اوائل میں وزیراعظم مقرر کیا گیا تھا اور وزارت خزانہ کا عہدہ بھی انہی کے پاس ہے۔ انہوں نے سیاسی اصلاحات کی یہ تجاویز ایسے وقت میں پیش کی ہیں جب ملک کو شدید معاشی بحران، ادویات، ایندھن اور بجلی کی انتہائی قلت کا سامنا ہے۔
وزیراعظم وکرما سنگھے معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے ایک ایسا نیا اقتصادی منصوبہ تیار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کی مدد سے وہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے سے بیل آؤٹ پیکج حاصل کر سکیں گے۔

فرنچ اوپن ٹینس: لیلیٰ فرنینڈز نے پہلی بار کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی

پیرس: (ویب ڈیسک) فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں لیلیٰ فرنینڈز نے پہلی بار کوارٹر فائنل میں
ٹینس سیزن کے دوسرے گرینڈ سلیم ’’فرنچ اوپن‘‘ کے چوتھے راؤنڈ میں لیلیٰ فرنینڈز نے امریکی حریف کے خلاف دو، ایک سے فتح سمیٹی۔
ٹورنامنٹ کے میچ میں کینیڈین کھلاڑی کی جیت کا سکور چھ، تین، چھ چار اور چھ تین رہا۔

پاکستان میں اسرائیل کیساتھ خاندانی تعلق آپ کا ہے: مریم نواز کا عمران خان پر الزام

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں واحد تم ہو جس کا اسرائیل سے خاندانی واسطہ ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے چارسدہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا تھا کہ ایک تصویر آئی ہے کہ ایک پاکستانی وفد پہلی بار اسرائیل گیا، یہ اسرائیل کو تسلیم کرنے جا رہے ہیں، یہ لوگ بھارت سے بھی سمجھوتا کر کے کشمیریوں کو بیچیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مریم نواز کا کہنا تھاکہ جھوٹے خط، جھوٹی عالمی سازش، قتل کا جھوٹا ڈرامہ فیل ہونے اور تاریخ کے سب سے ناکام لانگ مارچ کے بعد اب اسرائیل وفد بھیجے جانے کی انتشار خان کی ایک اور دو نمبری ہے۔ فتنہ خان پورے پاکستان میں واحد شخص تم ہو جس کا اسرائیل سے براہ راست خاندانی واسطہ ہے۔
ن لیگی کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ایک مسلمان پاکستانی کے مقابلے میں زیک گولڈ اسمتھ کی انتخابی مہم چلانے والے میں تمہیں وارننگ دیتی ہوں جھوٹ بولنے سے باز آجاؤ ورنہ منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔