All posts by Khabrain News

سینیٹ اجلاس؛ اسرائیل جانے والے صحافی کی شہریت ختم کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سینیٹ اجلاس میں اسرائیل جانے والے صحافی کی شہریت ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
سینیٹ کے اجلاس میں جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے نقطہ اعتراض میں کہا کہ جو پاکستانی اسرائیل کے دورے پر گئے اس پر ایوان میں اعتماد میں لیا جائے، احمد قریشی جو پاک فوج کے ادارے کے پروجیکٹ پر کام کرتے ہیں وہ بھی اسرائیل گئے ہیں، جو بھی اسرائیل گئے ہیں ان کی شہریت ختم کی جائے۔
وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم اخباری خبر پر کوئی بات نہیں کرسکتے، میں وزارت خارجہ سے کنفرم کرکے ایوان کو آگاہ کروں گا۔
سینیٹ میں قائد خزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاسپورٹ پر واضح لکھا ہے کہ آپ اس پاسپورٹ پر اسرائیل کا دورہ نہیں کرسکتے، امپورٹڈ حکومت امریکا اور اسرائیل کی خوشنودی پر لگے ہوئے ہیں، اور پی ٹی وی کا ایک ملازم احمد قریشی بھی اسرائیل گیا ہے۔

صدر مملکت نے بلیغ الرحمٰن کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے محمد بلیغ الرحمٰن کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری دے دی۔
صدر عارف علوی کی جانب سے منظوری وزیر اعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 101 (1) کے تحت دی گئی، وزیر اعظم شہباز شریف نے بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب بنانے کی دوسری سمری ایک ہفتہ قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کی تھی۔
اس سے قبل، رواں ماہ 7 مئی کو وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے بلیغ الرحمن کا نام گورنر پنجاب کے لیے صدر مملکت کو ارسال کیا گیا تھا، تاہم صدر مملکت نے وزیراعظم کی ارسال کی گئی سمری کو مسترد کر دیا تھا۔
صدر مملکت نے جواب دیا تھا کہ عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز ہیں، نئی تقرری کا کوئی جواز نہیں، آئین کے آرٹیکل 101 (2) کے تحت “گورنر صدر کی خوشنودی تک عہدے پر فائز رہے گا، موجودہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ موجودہ گورنر اپنے عہدے پر برقرار رہیں، وزیراعظم شہباز شریف آئین کے آرٹیکل 48 (1) کے مطابق گورنر پنجاب کی تقرری کے حوالے سے اپنی ایڈوائس پر نظرثانی کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پچھلی حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو عہدے سے برطرف کرکے عمر سرفراز چیمہ کو گورنر بنایا تھا۔ عمر چیمہ نے ن لیگ کی نئی حکومت کے لیے کئی مشکلات کھڑی کیں اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے سے انکار کر دیا تھا۔

برطانوی ساحل پر ڈیڑھ ارب روپے مالیت کا سپر یاٹ جل کر ڈوب گیا

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی ساحل پر ڈیڑھ ارب روپے مالیت کا سپر یاٹ جل کر ڈوب گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 85 فٹ اونچی کشتی میں آگ لگنے کے بعد لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا تاہم آگ پر کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پالیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق یاٹ میں 8 ہزار لٹر ڈیزل موجود تھا جس کے باعث آگ بے قابو ہوگئی، پولیس کشتی میں آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کر رہی ہے تاہم آتشزدگی کے بعد کشتی سمندر میں ڈوب گئی۔

ترکی ہمارے شہریوں کے لیے ہائی رسک ملک ہے: اسرائیل

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) اسرائیلی حکومت نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ترکی کے سفر سے پرہیز کریں۔
اس تنبیہ کے پس منظر میں اسرائیل کی نیشنل سکیورٹی کونسل نے ایران کی پاسدارانِ انقلاب نامی فورس کے کرنل حسن سید خدائی کی موت کا حوالہ دیا جنہیں گزشتہ ہفتے ایران میں قتل کر دیا گیا تھا۔ ایران نے اس قتل کا ذمے دار اسرائیل کو ٹھہرایا تھا اور کہا تھا کہ اس قتل کا بدلہ لیا جائے گا۔
ترکی کو اسرائیلی شہریوں کے لیے ’ہائی رسک‘ ملک قرار دیتے ہوئے یہ بھی کہا گیا کہ تہران حکومت مبینہ طور پر ترکی میں موجود اسرائیلی شہریوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتی ہے۔
یاد رہے کہ ترکی اسرائیلی سیاحوں کی ایک پسندیدہ تعطیلاتی منزل خیال کی جاتی ہے۔

برازیل میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ میں ہلاکتیں 79 ہوگئیں

برازیلیا: (ویب ڈیسک) برازیل میں مسلسل ہونے والی بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں دوسرے دن مزید 35 لاشیں ملنے پر ہلاکتوں کی تعداد 79 ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کے شمال مشرقی علاقے میں مسلسل ہونے والی طوفانی بارش نے کل سیلابی کیفیت اختیار کرلی اور سیلابی ریلہ رہائشی علاقوں میں داخل ہوکر اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا تھا۔
مسلسل بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رونما ہوئے۔صرف گزشتہ مجموعی طور پر ان بارشوں میں مختلف واقعات میں 35 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جب کہ متعدد زخمی ہیں۔ ہزرا کے قریب افراد کو گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔
امدادی کاموں کے دوران تاحال لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بھی 30 سے زائد لاشیں ملی ہیں جس کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعداد 79 ہوگئی ہے۔
برازیل میں بارشوں کے باعث سیلاب آنے کا گزشتہ پچھلے 5 مہینے میں ہونے والا یہ چوتھا واقعہ ہے جب کہ فروری میں بھی طوفافی بارشوں کے دوران 230 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
برازیل میں اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور بالخصوص لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے کئی علاقوں میں فوج کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

103 سالہ خاتون نے طیارے سے چھلانگ لگا کر ریکارڈ قائم کردیا

اسٹاک ہوم: (ویب ڈیسک) سویڈن میں 103 برس کی معمر خاتون نے جہاز سے پیرا شوٹ کے ذریعے چھلانگ لگا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سویڈن میں 103 سالہ خاتون روت لارسن نے فضا میں ہوائی جہاز سے چھلانگ لگائی اور پیراشوٹ کے ذریعے زمین پر بحفاظت اترنے کا مظاہرہ کیا۔
اس کرتب کے دوران ان کی رہنمائی پیرا شوٹ جمپنگ کے ماہر جوکم جوہانسن نے کی۔ ہوائی جہاز سے چھلانگ لگانے کا یہ کرتب اسٹاک ہوم سے 240 کلومیٹر کے فاصلے پر موٹالا میں کیا گیا۔
روت لارسن نے اس کرتب کا مظاہرہ کرکے عالمی ریکارڈ توڑ دیا ہے اور وہ یہ کرتب دکھانے والی معمر ترین خاتون بن گئی ہیں۔ اس موقعے پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا اہلکار بھی موجود تھا جنہوں نے ریکارڈ کی تصدیق کی۔

جاپان میں ہارڈ ڈسک تباہ کرنیوالی مشینیں مقبول

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان میں ایسی مشینیں کافی مقبول ہو رہی ہیں جو ہارڈ ڈسک کو تباہ کرنے میں کام آتی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بعض افراد اور ادارے چاہتے ہیں کہ ان کی ہارڈ ڈسک کا ڈیٹا خفیہ ہی رہے اور کسی کے ہاتھ نہ لگے۔ اب جاپان میں ایسی مشینیں تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں جو صرف 100 ین میں ہارڈ ڈسک کا حلیہ بگاڑ دیتی ہیں اور پھر ڈسک سے ڈیٹا حاصل نہیں کیا جا سکتا۔
اس مقصد کیلئے مخصوص دکانوں پر کوئی بھی آ کر معمولی قیمت پر اپنی ہارڈ ڈسک ایک خصوصی مشین میں ڈالتا ہے ، مشین چند منٹوں میں ہارڈ ڈسک کو تروڑ مروڑ کر ناقابل استعمال بنا دیتی ہے، 2020 میں اس سلسلے کی پہلی مشین لگائی گئی تھی جو اب تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ ہارڈ ڈسک تباہ کرنے والوں میں کاروباری ادارے اور بینک سرفہرست ہیں کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے کاروباری راز کسی کے ہاتھ لگیں، اس کی قیمت صرف 160 پاکستانی روپے کے برابر ہے۔

گھومتے دل والا ڈبہ جو پیار کے پیغام دکھاتا ہے

بیجنگ: (ویب ڈیسک) آج کل ڈجیٹل دور میں ایک روایتی انداز میں یہ ایجاد بنائی گئی جو آپ کے 20 اہلِ خانہ اور دوستوں کے پیغامات ایک چھوٹے سے دل والے ڈبے پر ظاہر کرتی ہے۔
اسے اسپننگ ہاٹ میسنجر کا نام دیا گیا ہے۔ ایپ کی بدولت آپ 20 سے زائد دوستوں، اہلِ خانہ اور دیگر احباب سے وابستہ ہوسکتےہیں۔ کوئی عید مبارک کہے، یا سالگرہ مبارک کا پیغام بھیجے، یا پھر کسی جگہ سے اپنی خیریت کا سلام کہے تو ڈبے پر لگا چھوٹا سا پکسل زدہ دل گھومتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کوئی پیار بھرا پیغام آیا ہے۔
پھراس کے اوپر کا ڈھکنا کھول کر اندر موجود ایک خوبصورت ڈسپلے پر پیغام، تصویر یا ویڈیو دیکھی جاسکتی ہے۔ ایپ پر بھیجا گیا پیغام فوری موصول ہوتا ہے اوربلو ٹوتھ سے اس چھوٹے خوبصورت ڈبے پر منتقل کیا جاسکتا ہے۔
بس دوستوں کو یہ کرنا ہوگا کہ Love box ایپ اتار کر آپ کو کوئی پیغام بھیجنا ہوگا اور ڈبے پر لگا چھوٹا دل حرکت کرکے اس کی خبردے گا۔ اس کے بعد آپ اندر لگے ڈسپلے پر اپنا پیغام، تصویر، آڈیو یا ویڈیو دیکھ سکیں گے۔ دن بھر لاتعداد پیغامات بھیجے اور وصول کئے جاسکتے ہیں۔
اس ایجاد کو پیار کا ڈبہ کہا جاسکتا ہے کیونکہ اسے ایک باکس کی صورت دی گئی ہے۔ یہ ڈبہ ہرقسم کے آئی فون، آئی پیڈ، اور تمام اقسام اینڈروئڈ فون سے جڑکر دو طرفہ پیغامات بھیجنے اور وصول کرنے کو ممکن بناتا ہے۔ تاہم وائی فائی کنیکشن درکار ہوگا۔
پیارے کے ڈبے کی قیمت 119 ڈالر ہے جو بہت زیادہ ہے تاہم صارفین نے اسے ایک مفید اور بامقصد تحفہ قرار دیا ہے۔

دونوں ہاتھوں کی پیوندکاری کا پہلا تجربہ کامیاب

لیڈز: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں جلد کی بیماری کے سبب ناکارہ ہوجانے والے ہاتھوں کے حامل شخص کو دوبارہ تندرست ہاتھ لگایئے گئے ہیں۔ اس ٹرانسپلانٹ کو دنیا کی پہلی دوہرے ہاتھوں والی پیوندکاری قرار دیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 48 سالہ اسٹیون گیلیغر اسکلیرو ڈرما نامی جلد کی بیماری کا شکار تھے جس کی وجہ سے ان کی جلد عدم لچک کی وجہ سے کھینچنے لگی تھی اور ان کی انگلیوں نے مُڑ کر ایک مستقل مٹھی کی صورت اختیار کر لی تھی۔
اسٹیون کو یہ بیماری 13 برس قبل گال اور ناک پر غیر معمولی خراشیں لگنے اور دائیں بازو میں تکلیف ہونے کے بعد ہوئی۔
اس حالت سے ان کی ناک، منہ اور ہاتھ متاثر ہوئے اور تقریباً سات سال قبل ان کی انگلیاں مُڑنا شروع ہوئی اور تب تک مڑتی رہیں جب تک ان کے ہاتھ نے مٹھی کی صورت اختیار نہیں کر لی۔ اس صورت حال کے دوران وہ شدید اذیت میں مبتلا رہے۔
جب ماہرین نے انہیں دونوں ہاتھوں کے پیوندکاری کے متعلق بتایا تو پہلے تو انہوں نے یہ خیال ہنس کر مسترد کردیا لیکن بعد ازاں خطرات کے باوجود اس خیال پر عمل کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے خبررساں ادارے کو بتایا کہ ان کے ہاتھ ناکارہ ہوچکے تھے، وہ چیزوں کو اٹھانے کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتے تھے۔ جب گلاسگو کے ایک پروفیسر نے انہیں دونوں ہاتھوں کے پیوندکاری کے متعلق بتایا تو پہلے انہوں اس پر کان نہ دھرے لیکن بعد میں اپنی اہلیہ سے مشورہ کرنے کے بعد اس عمل کے لیے رضامند ہوئے۔
گزشتہ سال دسمبر میں کیے گئے آپریشن کو پانچ ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزرنے کے بعد ان کی حالت بہتر ہو رہی ہے اگرچہ وہ اب بھی شرٹ کے بٹن لگانے جیسے پیچیدہ عمل نہیں کرسکتے لیکن نل کھولنا اور گلاس بھرنا جیسے کام کر سکتے ہیں۔
اس پیوندکاری کے لیے کی جانے والی سرجری میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 30 زبردست ماہرین کی ٹیم نے حصہ لیا۔
لِیڈز ٹیچنگ ہاسپیٹلز این ایچ ایس ٹرسٹ کے پروفیسر سائمن کے کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن ایک بہت بڑی مجموعی کاوش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہاتھ کی پیوندکاری، گردے یا دیگر عضو کی پیوند کاری سے بہت مختلف ہوتی ہے کیوں کہ ہم ہاتھوں کو روزانہ دیکھتے ہیں اور کئی طریقوں سے استعمال کرتے ہیں۔

لاہور پولیس نے 10 کروڑ تاوان کیلئے اغوا کئے گئے 5 سالہ عریض کو بازیاب کرالیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پولیس نے 10 کروڑ تاوان کے لیے اغوا ء کئے گئے 5 سالہ بچے عریض کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔
سی آئی اے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بچے کو بازیاب کرایا اور اسے اس کے والدین کے حوالے کر دیا۔ بچے کو سندر کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا، دو موٹرسائیکل سواروں نے عریض کو اغوا کیا جنہوں نے ماسک لگا رکھے تھے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کامران عادل نے قلعہ گجر سنگھ میں پریس کانفرنس کرکے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان سجاد اور اکرم کو گرفتار کرکے ان سے جدید اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے، مفرور ملزمان مہوش، شہباز اور اویس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، 13مئی کی شام بچے کو 10 کروڑ روپے تاوان کے لیے پارک سے اغواء کیا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بچے کی بازیابی پر لاہور پولیس اور تفتیشی ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ بچے کی بحفاظت بازیابی پر اللہ تعالٰی کا شکر بجا لاتے ہیں۔