All posts by Khabrain News

پی ٹی آئی کی بھی غلطیاں ہیں کہ صورتحال اس نہج پر پہنچی: فواد چوہدری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اعتراف کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی بھی غلطیاں ہیں کہ صورت حال اس نہج پر پہنچی۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کیا پاکستان کو اگلے 40 سال زرداری اور شریف چلائیں گے؟ کیا اگلی 4 دہائیاں بھی ضائع کر دی جائیں؟
فواد چوہدری نے مزید لکھا کہ کیا آپ یہ وراثت چھوڑ کر جانا چاہیں گے؟
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ لوگوں کے غصے کو کم نہ سمجھیں، لوگ توقع سے زیادہ ناراض ہیں۔

عمران خان سے متعلق مبینہ آڈیو، شہباز گل کا مؤقف سامنے آگیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ئرمین تحریک انصاف عمران خان سے متعلق ملک ریاض اور آصف زرداری کی مبینہ آڈیو کی پاکستان تحریک انصاف نے تردید کر دی۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا کہنا ہے کہ کاروباری شخص اور عمران خان کے مخالف سیاستدان آپس میں بات چیت کر رہے ہیں، بات چیت میں عمران خان سے منسوب باتوں کاحقیقت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کسی این آر او کی ضرورت نہیں، یہ تمام لوگ خان سے این آر او مانگتے رہے تھے جو انہیں نہیں ملا۔

پاکستان امن مشن کے لیے فوج دینے والا دوسرا بڑا ملک ہے : آئی ایس پی آر

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ آج دنیا بھر میں یوم امن منا رہی ہے، پاکستان امن مشن کیلئے فوج دینے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم امن کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ امن مشن کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز 1960 میں دستہ کانگر بھیج کرکیا، پچھلے 61 سال میں پاکستان قیام امن کے لیے سب سے نمایاں اور مسلسل تعاون کرنے والا ملک رہا ہے، پاکستان نے اقوام متحدہ کے 46 امن مشنوں میں حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان دنیا میں امن مشن کیلئے فوج دینے والا دوسرا بڑا ملک ہے، دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے مشنز میں دو لاکھ سے زائد فوجی بھیجے، جب کہ 169 پاکستانی فوجی جوان انسانیت کی مدد میں جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹریز نے پاکستان کا دورہ کر کے امن کی کوششوں کو سراہا، پاکستان کے امن دستوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت نے ہر امن مشن میں کمانڈر کو بھی اپنا گرویدہ بنا دیا، پاکستانی امن دستوں میں ایف سی، رینجرز اور پولیس کے دستے بھی شامل ہیں۔

‘ہمیں گالیاں نکالنے والوں کو مبارک ہو اُنکے ہینڈ سم، زرداری سے معافیاں مانگ رہےہیں’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید نے ملک ریاض کی ’عمران خان‘ کا پیغام آصف زرداری کو پہنچانے کی مبینہ آڈیو پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
پرویز رشید نے کہا کہ ہمیں ہر وقت گالیاں نکالنے والوں کو مبارک ہو کہ اُن کے ہینڈ سم عمران خان، آصف زرداری سے ملک ریاض کے ذریعے معافیاں مانگ رہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ معافی مانگنے پراعتراض نہیں ہے، حیرت ہے کہ ایک نام نہاد صادق و امین ایک مبینہ ملزم سے معافیاں مانگ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک کے نامور پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کی ’عمران خان‘ کا پیغام سابق صدر آصف زرداری کو پہنچانے کی مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی۔مبینہ آڈیو میں فون ریسیو ہونے پر آصف زرداری کہتے ہیں کہ ’ہیلو‘، اس پر ملک ریاض کہتے ہیں کہ ‘السلام علیکم سر‘، سابق صدر جواب میں کہتے ہیں کہ ‘وعلیکم السلام، خیریت؟‘
اس کے بعد ملک ریاض کہتے ہیں کہ ’سر بس بتانا تھا، میں نے پہلے بھی آپ کو بتایا تھا، باتیں آپ سے کرنی ہیں، آپ نے کہا تھا بعد میں کریں گے، آپ کو انفارمیشن دینی تھی، خان کی طرف سے مجھے بڑے میسجز تھے کہ پیچ اپ کروا دیں آپ کے ساتھ، آج تو اس نے مجھے بہت ہی میسجز کیے‘۔
اس کےجواب میں سابق صدر کہتے ہیں کہ ’اب امپاسیبل ہے نہ‘۔ اس کے جواب میں ملک ریاض کہتے ہیں کہ نہیں ٹھیک ہے، بس آپ کے سامنے بات رکھ دوں۔
گفتگو کے دوران آصف زرداری مسلسل کھانستے ہوئے بھی سنائی دیے۔
سامنے آنے والی گفتگو کس دن کی ہے؟ تاریخ کا حتمی علم نہیں لیکن تجزيہ کار کہتے ہيں کہ اگر یہ عدم اعتماد کے دنوں کی گفتگو ہے تو بہت اہمیت کی حامل ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر کا یاسین ملک کا مقدمہ عالمی فورمز پر لڑنے کا اعلان

آزاد کشمیر: (ویب ڈیسک) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے حریت پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کا مقدمہ عالمی فورمز پر لڑنےکا اعلان کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ یاسین ملک کے لیے لڑے جانے والے مقدمے پر تمام اخراجات آزاد کشمیر حکومت برداشت کرےگی۔انھوں نے کہا کہ یاسین ملک نے بندوق کا راستہ چھوڑ کر پرُ امن جدوجہد کی، تمام عالمی فورمز متفق ہیں کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی جائز تحریک ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی عدالت نےکشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو 19مئی کو دہشتگردی کی فنڈنگ کے جھوٹے مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا اور پھر 6 روز بعد 25 مئی کو بھارتی عدالت نے یاسین ملک کو 2 بار عمر قید کی سزا سنائی جب کہ ان پر 10 لاکھ بھارتی روپے کا جرمانہ بھی کیا گیا۔

نیب ترمیمی بل کو ہم عدالت میں چیلنج کریں گے،فرخ حبیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ نیب ترمیمی بل کو ہم عدالت میں چیلنج کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے قوانین میں ترامیم کرکے اپنے لیے راہ ہموار کی۔اینٹی کرپشن ریفارمز وہ لارہے ہیں جو خود کرپشن میں ملوث ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سازش کے تحت عمران خان حکومت کوہٹا دیا گیا۔ڈونلڈ لو سے ہمارے سفارت کار کی ملاقات کی تفصیل موجود ہے۔حکومت کی تبدیلی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے پاکستانیوں سے ملاقات کی تصدیق کی ہے۔ہم کسی طور پر اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔پیسوں کی لوٹ مار اور وزارتوں کی بندر بانٹ ہو رہی ہے۔موجودہ حکومت میں چوروں کا لوٹ سیل میلہ لگ گیا۔

اگلے ماہ آنے کا بیان دینے والا خونی فساد میں دم دبا کر بھاگ گیا : رانا ثناء

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے اگلے ماہ آئیں گے تو کسی کے کہنے پر گھر نہیں جائیں گے کا بیان دینے والا خونی فساد میں دم دبا کر بھاگ گیا۔
شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 11 جماعتوں نے سیاسی بد روحوں کے علاج کی ڈیوٹی مجھ خاکسار کو دی ہے، آپ آئیں تو سہی ۔
انہوں نے کہا کہ دھمکیاں دینے والے اب منتیں، ترلے اور واسطے دے رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا طوفان لانے والے اب اس پر سیاست کر کے عوام کے غضب سے بچنا چاہتے ہیں۔

ترامیم کے بعد نیب عملی طور پر بےمعنی ہو گیا، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مخصوص ٹولے نے اپنے مفادات کے لیے آئین میں ترامیم کر دیں۔
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے قومی اسمبلی میں کچھ بل منظور کروائے ہیں اور مخصوص ٹولے نے اپنے مفادات کے لیے یہ ترامیم کرائی ہیں۔ ان کا کوئی نظریہ ہے نہ منزل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ عارضی اور غیر فطری اتحاد ہے اور یہ گروپ عمران خان کو نیچا دکھانے کے لیے جمع ہوا ہے۔

عمران خان نے اپنی حکومت کو بچانے کے لیے این آر او مانگا: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی حکومت کو بچانے کے لیے این آر او مانگا، حالیہ آڈیو ٹیپ ان کی منافقت بے نقاب کرتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹویٹر بیان میں کہا ہے کہ حال ہی میں منظر عام پر آنے والی آڈیو ٹیپ عمران خان کی منافقت اور دوہرے معیار کو بے نقاب کرتی ہے۔ عمران خان نے اپنے دعووں کے برعکس خود کو بچانے کے لیے این آر او مانگا، تمام کوششیں ناکام ہونے کے بعد غیر ملکی سازش کی جعلی کہانی تیار کی گئی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران خان کا جھوٹ بے نقاب ہو گیا۔

عمران خان کے فوکل پرسن کی لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے سے بدتمیزی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عمران خان کے فوکل پرسن نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے سے بدتمیزی کی، صاحبزادہ جہانگیر یاد داشت دیر سے لینے پر آپے سے باہر ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے قریبی دوست سمجھے جانیوالے صاحبزادہ جہانگیر نے پاکستان ہائی کمیشن لندن کی عمارت میں گھس کر بدتمیزی کی اور وہاں موجود پاکستانی عملے کو کیڑے مکوڑے قرار دیدیا۔
پاکستانی ہائی کمیشن حکام نے معاملے کا جائزہ لینے کے بعد قانونی کارروائی پر غور شروع کردیا، ،صاحبزادہ جہانگیر نے عملے کو عمران خان کی حکومت آنے پر دادو ٹرانسفر کی دھمکیاں بھی دیں۔