All posts by Khabrain News

پاکستان ویمن ٹیم نے سری لنکا کو وائٹ واش کردیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی ویمنز ٹیم نے سری لنکن خواتین کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دیکر سیریز میں وائٹ واش کر لیا۔
سری لنکن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ اوورز میں 107 رنز بنائے، چماری اتاپاتو نے 37 اور پریرا نے 24 رنز کی باری کھیلی، دیگر ویمنز کھلاڑی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکیں۔ طوبیٰ خان، کائنات امتیاز اور ندا ڈار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے سکور آخری گیند پر حاصل کر لیا، منیبہ علی 25، ارم جاوید10، امیمہ سہیل 4، عالیہ ریاض 17، عائشہ نسیم 10، ندا ڈار 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، کپتان بسمعہ معروف نے 15 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی۔ اوشادی راناسنگے نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

ایشیا ہاکی کپ؛ پاکستان نے عمان کو ہرادیا

جکارتہ: (ویب ڈیسک) ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان نے پانچویں پوزیشن کے میچ میں عمان کو شکست دیدی۔
انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نےعمان کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرادیا، پاکستان کی جانب سے 19 ویں منٹ میں رانا وحید نے 21 ویں منٹ میں غضنفر علی نے 29 ویں اور 30 ویں منٹ میں رضوان علی نے دونوں گول پینلٹی کارنر کی مدد سے اسکور کیے۔
دوسرے ہاف کے 32 ویں منٹ میں معین شکیل نے گول اسکور کیا جبکہ عمان کی جانب سے کھیل کے 11ویں منٹ میں الفرازی اور 44 ویں منٹ میں المینی نے گول داغ کر ٹیم کی امید برقرار رکھنے کی کوشش کی۔
پاکستان پانچویں پوزیشن کا میچ یکم جون کو پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 11 بجے کھیلے ملائشیا کے خلاف کھیلے گا۔
قبل ازیں ایشیا ہاکی کپ میں بھارت نے انڈونیشیا کو 16 گول سے شکست دے کر پاکستان کو ایشیا کپ اور ورلڈکپ سے باہر کردیا تھا۔

امپورٹڈ حکومت سے معیشت سنبھالی نہیں جا رہی: اسد عمر

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ عوام نے حکومت کو مسترد کردیا ،عدم اعتماد کی تحریک کے بعد ملک کے معاشی حالات بدترہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت سے معیشت سنبھالی نہیں جا رہی، یہ مزید مہنگائی کرنے جا رہے ہیں، یوٹیلیٹی اسٹور پر سستا آٹا دینے کے حوالے سے عوام کو بیوقوف بنایا گیا
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت غیر فطری اتحاد پر مبنی ہے، یہ نہ فیصلے کر سکتے ہیں نہ ذمہ داریاں پوری کرنے کی سکت رکھتے ہیں، کرپشن پر لیکچر شہباز شریف کے منہ سے اچھا نہیں لگتا۔

ٹرین کرایوں میں بھی 20 فیصد اضافے کا فیصلہ

لاہور : (ویب ڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کے بعد ٹرینوں کے کرایوں میں بھی 20 فیصد اضافے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کی سمری وفاقی حکومت کو بھجوا دی گئی، ریلوے انتظامیہ نے کرایوں میں اضافہ کی تین تجاویز تیار کی تھیں، انتظامیہ کی جانب سے وزارت ریلوے کو کرایوں میں 10، 15 اور 20 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے ریلوے کو روزانہ ایک کروڑ 84 لاکھ روپے کے اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہے، سسٹم پر روزانہ 4 لاکھ لیٹر ڈیزل استعمال ہوتا ہے، یکم نومبر کو ریلوے کی جانب سے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا تھا، وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد کرایوں میں اضافہ کا حتمی نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

لاہورکے گریٹراقبال پارک میں جلسوں پر مکمل پابندی لگانے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں جلسوں پر مکمل پابندی لگانے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے گریٹر اقبال پارک میں جلسوں پر پابندی لگانے کی منظوری دے دی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ تاریخی پارک کو جلسوں کے لیے استعمال کرنا کسی طور پر مناسب نہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے گریٹر اقبال میں داخلہ فیس لگانے کی تجویز بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ غریب آدمی کا پارک ہے اور کسی صورت داخلہ فیس عائد نہیں ہو گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے سابقہ دور میں پودوں کے بیج بروقت نہ خریدنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بروقت بیج نہ خریدنے کے حوالے سے انکوائری کا حکم بھی جاری کر دیا۔
حمزہ شبہاز نے ہدایت دی کہ خالی مقامات پر درخت، پودے اور گھاس لگانے کا کام جلد شروع کیا جائے اور جنوبی پنجاب میں بھی خالی اراضی کی نشاندہی کر کے پودے لگانے کا پلان مرتب کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی گئی کہ پی ٹی آئی کے جلسے سے گریٹر اقبال پارک میں پودے اور گھاس تباہ ہوئی جبکہ جلسے سے پارک کو تقریباً 50 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔

پی ٹی آئی قیادت کیخلاف چھٹا مقدمہ درج

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قیادت کے خلاف چھٹا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پی ٹی آئی قیادت کے خلاف لانگ مارچ، جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ پر مقدمات کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے اور آج اسلام آباد کے تھانہ کراچی کمپنی میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف چھٹا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق وفاقی وزیر اسد عمر، علی نواز، فیصل جاوید، علی امین گنڈا پور، راجہ خرم نواز، سیف اللہ نیازی، ملک رفیق، شیریں مزاری اور زرتاج گل کو مقدمہ میں ملزمان نامزد کیا گیا ہے جبکہ مقدمہ میں 200 نامعلوم افراد بھی نامزد کیے گئے ہیں۔
درج کردہ مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے حکومت مخالف ریلی نکالی، نعرہ بازی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی۔ ملزمان نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور سرکاری و پرائیویٹ گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔
پی ٹی آئی قیادت کے خلاف مقدمہ سب انسپکٹر سید عاصم غفار کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی رہائی کیس، رپورٹ عدالت میں جمع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دفتر خارجہ نے امریکہ میں اسیر پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق کی جانے والی کوشش کی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دی۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی جیل میں موجودگی سے متعلق دفتر خارجہ کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی فیڈرل میڈیکل سینٹر میں عافیہ صدیقی کو ٹیلی فون تک رسائی حاصل ہے اور عافیہ صدیقی کو اپنے خاندان سے بات چیت کی بھی مکمل آزادی ہے۔ قونصلر رسائی کے وقت ڈاکٹر عافیہ بالکل صحت مند تھیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستانی قونصلر عافیہ صدیقی کے خاندان کو ان کی صحت سے متعلق آگاہ کرتے ہیں اور یہ معلومات قونصلر کی رسائی کی بنیاد پر ہی حاصل کی جاتی ہیں۔ پاکستانی قونصلیٹ نے ایک بار پھر جلد عافیہ تک قونصلر رسائی کی درخواست دی ہے۔
عافیہ صدیقی امریکی ریاست ٹیکساس کی جیل میں 2008 سے قید ہیں اور حکومت کی جانب سے عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے مسلسل کوششیں کی گئیں اور پاکستانی حکام نے یہ معاملہ مسلسل ہر سطح پر امریکی حکام کے سامنے اٹھایا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ عافیہ صدیقی کے قانونی و انسانی حقوق کا معاملہ امریکی حکام کے سامنے اٹھایا جاتا ہے اور عافیہ صدیقی کے حقوق کا معاملہ اسلام آباد اور واشنگٹن میں امریکی حکام کے سامنے بھی اٹھایا جا رہا ہے۔ ہوسٹن میں پاکستانی سفارت خانے اور قونصلیٹ جنرل نے ٹرائل، سزا اور قید کے دوران عافیہ صدیقی سے رابطہ رکھا جبکہ ہوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل ہر 3 ماہ بعد عافیہ صدیقی سے ملاقات کرتے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق عافیہ کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فیڈرل میڈیکل سینٹر کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور عافیہ صدیقی یا ان کے خاندان کی طرف سے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔ پاکستانی قونصلر کو عافیہ تک آخری بار رسائی 28 جنوری 2022 کو دی گئی تھی اور قونصلر رسائی کے دوران ڈاکٹر عافیہ نے قونصلر سے بات کرنے سے انکار کر دیا تھا، انہوں نے اپنی بہن فوزیہ، بھائی محمد علی اور اپنی وکیل ماروا ایلبیالی کو اس فہرست میں شامل کیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عافیہ صرف اپنے مقرر کردہ افراد کے ساتھ اپنی صحت کے بارے میں معلومات شیئر کرتی ہیں۔

محمد رضوان کی ٹی20 بلاسٹ چیمپئین شپ میں لگاتار دوسری نصف سنچری

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلےباز محمد رضوان نے انگلش ویٹالٹی بلاسٹ ٹی20 لیگ چیمپئین شپ میں لگاتار دوسری نصف سنچری بناڈالی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے بلےباز محمد رضوان نے ویٹالٹی بلاسٹ میں مسلسل دوسرے نصف سنچری اسکور کی، انہوں نے گلوسٹر شائر کے خلاف 43 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔
محمد رضوان نے اس سے قبل ویٹالٹی بلاسٹ کے اپنے پہلے ہی میچ میں گلیمورگن کاؤنٹی کے خلاف 60 گیندوں پر بطور اوپنر 81 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی تھی۔
ویٹالٹی بلاسٹ میں ڈیبیو پر 81 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ رضوان سب سے بڑا اسکور کرنے والے پاکستانی بن گئے تھے۔
سال 2015 میں عمر اکمل نے لیسٹر شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹی20 ویٹالیٹی بلاسٹ ڈیبو پر ناقابلِ شکست 76 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

انتہا پسندوں نے بھارت کے پہلے وزیراعظم نہرو کا مجسمہ توڑ دیا

بھوپال: (ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں ہندو انتہا پسندوں نے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کے مجسمے کو ہتھوڑے اور لاٹھیاں مار کر توڑ دیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے سنتا میں ایک مصروف مقام پر بھارت کے اولین رہنماؤں میں سے ایک اور ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کے مجسمے پر ایک درجن کے قریب ہندو انتہا پسندوں نے دھاوا بول دیا۔
انتہا پسندوں نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مجسمے پر ہتھوڑے برسائے، پتھر مارے اور لاٹھیوں سے نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس سے مجسمے کو شدید نقصان پہنچا تاہم وہ گرنے سے بچ گیا۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد پولیس متحرک ہوئی اور 6 افراد کو حراست میں لے لیا تاہم گرفتار ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ ان کی سیاسی وابستگی سے متعلق بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

حاجرہ یامین کے ساتھ بازار میں کیا ہوا؟ اداکارہ نے انکشاف کر دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) جنسی ہراسانی کا شکار مرد و عورت کو یکساں تحفظ دینے کےلئے آواز اُٹھانے والی پاکستانی اداکارہ حاجرہ یامین نے اپنےساتھ پیش آئے واقعے پر کھل کر گفتگو کردی۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حاجرہ یامین احسن خان کے پروگرام ٹائم آؤٹ وِد احسن خان میں بطورِ مہمان شریک ہوئیں، میزبان سے گفتگو کے دوران جنسی ہراسانی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے اداکارہ نے خود کے ساتھ پیش آنے والے جنسی ہراسانی کے واقعات پر گفتگو کی۔
میزبان احسن خان نے اداکارہ سے سوال کیا کہ آپ کے ساتھ کبھی کوئی جنسی ہراسانی کا واقعہ پیش آیاہے؟
جس پر اداکارہ نے بتایا کہ ’’ایسا کئی مرتبہ ہو چکا ہے بازار میں 10 ہاتھ لگے ہیں مجھے، میں کس کس کو بتاؤں گی؟ اور اگر بتاؤں بھی تو کوئی یقین نہیں کرتا ، آواز اُٹھاؤ تو کہا جاتا ہے کہ کوئی ثبوت ہے آپ کے پاس؟ اداکارہ نے کہا کہ بھلا ہراسانی کا ثبوت کیسے دیا جائے، میں کیسے بتاؤں کے کس نے مجھے غلط طرح دیکھا یا غلط انداز سے ہاتھ لگانے کی کوشش کی‘‘۔
اداکارہ نے کہا کہ’’ جب میرے ساتھ ایسا ہوا تو میں نے دوسروں کے لئے آواز اُٹھانی شروع کی، کیونکہ اگر کسی بھی عورت یا بچے یا مرد کے ساتھ جنسی ہراسانی کا واقعہ پیش آتا ہے تو کوئی ان کی بات پر یقین نہیں کرتا اور ان سے ثبوت مانگا جاتا ہے‘‘۔
اداکارہ نے کہا کہ’’ میں نے لوگوں کے لئے آواز اُٹھائی اور اب جب کوئی میرے پاس اپنا مسئلہ لے کر آئے چاہے وہ عورت ہو یا مرد میں اس کی سُنتی ہوں اور اس کی بات پر مکمل یقین کرتی ہوں‘‘۔
شو کے میزبا ن اداکار احسن خان نے کہا کہ’’ ہمارے معاشرے میں اس معاملےپر بات کرنے کو بھی معیوب سمجھا جاتا ہے اور پھر اگر کسی کے ساتھ جنسی ہراسانی کا واقعہ پیش بھی آئے تو وہ بتانے سے گریز کرتا ہے‘‘۔