All posts by Khabrain News

کون بنے گا نیا چیئرمین نیب؟ اتحادی جماعتوں نے نام فائنل کر لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) کا نام فائنل کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی جگہ نئے چیئرمین نیب کا نام حکومتی اتحاد نے فائنل کر لیا۔ سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے نام پر حکومتی اتحادی جماعتوں میں آپس میں اتفاق کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور دیگر اتحادی جماعتوں کے مابین نئے چیئرمین نیب کے نام پر مشاورت ہوئی جس میں جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے نام پر اتفاق کیا گیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بھی اس نام پر اتفاق کیا۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن راجہ ریاض بھی جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے نام پر اتفاق کریں گے اور جس کے بعد قوی امکان ہے کہ وہی نئے چیئرمین نیب ہوں گے۔
واضح رہے کہ جسٹس (ر) مقبول باقر سندھ ہائی کورٹ سے سپریم کورٹ میں پروموٹ ہوئے تھے اور ان کے بطور جج کردار پر کبھی کوئی اعتراض نہیں ہوا۔
موجودہ چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کے عہدے کی مدت 2 جون کو ختم ہو جائے گی اس لیے نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی اس سے قبل ہی ہونے کا امکان ہے۔

بجلی کا شارٹ فال، لوڈشیڈنگ 12 گھنٹے تک جا پہنچی، شہری بلبلا اٹھے

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہورسمیت ملک بھر میں بجلی کے شارٹ فال کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ گیا، گرمی کی وجہ سے شہری بلبلا اٹھے۔
تفصیلات کے مطابق شدید گرمی میں بجلی کی طلب بھی بڑھ گئی، لیسکو کی بجلی کی طلب 4750 میگاواٹ سے تجاوز کر چکی ہے، شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 سے 10 جبکہ دیہات میں 12 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے، بجلی کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت پانی سے 4 ہزار 611 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار 156 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 568 میگاواٹ ہے، ونڈ پاور پلانٹس 828 میگاواٹ اور سولرپلانٹس سے پیداوار 126 ہے، بگاس سے چلنے والے پلانٹس 142 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، جوہری ایندھن 2 ہزار 284 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
ملک میں بجلی کی پیداوار کم ہونے پر لیسکو کا کوٹہ بھی کم کردیا گیا این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 3750 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے اور لیسکو کو 700 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے،شارٹ فال بڑھنے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں جبری لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہونے سے شہریوں کا گرمی سے برا حال ہو گیا۔

یاسین ملک کی رہائی کیلئے دنیا بھر میں تحریک چلائیں گے، چودھری سرور

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ حریت رہنما یاسین ملک کی رہائی کے لیے دنیا بھر میں تحریک چلائیں گے۔
سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے وزیر اعظم بننے کے بعد بھی مسلمانوں کا قتل عام کیا اور بھارت نے جس طرح کا غیر انسانی اقدام کیا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ او آئی سی اور تمام فورم سے درخواست کروں گا کہ اس اقدام کا نوٹس لیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی جاری ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے بچوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے خواتین کی عصمت دری ہو رہی ہے اور مودی نے بھارت کو بھی اقلیتوں کے لیے جہنم بنا دیا ہے۔
حریت رہنما یاسین ملک کی رہائی مہم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چودھری سرور نے کہا کہ یاسین ملک کی رہائی مہم کے لیے برطانوی ہاؤس آف لارڈز ممبران سے رابطہ کیا ہے جبکہ انسان حقوق کے عالمی اداروں اور انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں بھی آواز اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کی رہائی سیاست سے بالا تر ہے اور مسئلہ کشمیر پر قوم چٹان کی طرح متحد ہے۔ یاسین ملک برصغیر کے نیلسن منڈیلا ہیں کیونکہ فریڈم فائٹر کبھی دہشت گرد نہیں ہو سکتا۔ یاسین ملک کی رہائی کے لیے ملک اور بیرون ملک تحریک چلائیں گے۔
اس موقع پر مشعال ملک نے بات کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک پر بھارتی عدالت نے بےبنیاد الزامات عائد کر کے فیصلہ سنایا۔ یاسین ملک نے کہا وہ خود اپنا کیس لڑیں گے اور بھارتی عدالت میں یاسین ملک کے خلاف جھوٹے ثبوت پیش کیے جاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یاسین ملک بہادر ہیں اور پرامن جہدوجہد آزادی کے لیے سرگرم تھے۔ یاسین ملک کو جان سے مارنے کا خدشہ ہے اور یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے انہیں خاندان سے رابطے کا حق بھی نہیں دیاجا رہا۔ یاسین ملک نے عدالت میں کہا اپنی زندگی کی بھیک نہیں مانگوں گا۔
مشعال ملک نے کہا کہ یاسین ملک نے پر امن تحریک کا علم اٹھایا اور مغربی دنیا کے کہنے پر یاسین ملک نے ہتھیار پھینکے اور پر امن سیاسی جدوجہد کی۔ یاسین ملک کو کچھ ہوا تو کشمیریوں کا دنیا سے اعتبار ختم ہو جائے گا۔ سید علی گیلانی کی قبر کو بھی جیل بنا رکھا گیا ہے۔

نواز شریف نے تمام تر دباؤ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایٹمی دھماکے کئے، حمزہ شہباز

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کہتے ہیں اٹھائیس مئی پاکستان کی سیاسی اور دفاعی تاریخ کا اہم ترین دن ہے۔نواز شریف نے تمام تر دباؤ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایٹمی دھماکے کئے۔
وزیراعلی حمزہ شہباز نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو نا قابل تخسیر بنایا۔28 مئی 1998 کو اس تاریخی کارنامے سے پوری قوم کا سرفخر سے بلند ہوا۔
وزیراعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کی منزل بھی حاصل کریں گے۔ آج اس عزم کا اعادہ کر نا ہے کہ وطن عزیز کی سالمیت، خود مختاری اور دفاع پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں آج یوم تکبیر جوش و جذبے سے منایا جارہاہے۔24سال پہلے پاکستان نے 28 مئی 1998کو ایٹمی دھماکےکیے تھے۔

چارسدہ میں فائرنگ، 2 سگے بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں فائرنگ سے 2 سگے بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ضلع چارسدہ کے علاقے ترنگزئی میں جائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ کا واقع پیش آیا۔ جس میں ملزمان کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔
فائرنگ میں زخمی ہونے والے شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد دی گئی۔
جاں بحق ہونے والوں میں 2 سگے بھائی شامل ہیں جبکہ واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش کے لیے پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی۔

پاکستان کسی بھی جارحیت کا سامنا کرنے کے لیےایٹمی صلاحیت برقرار رکھے گا ، دفتر خارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں آج یوم تکبیر جوش و جذبے سے منایا جارہاہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا سامنا کرنے کے لیے اپنی ایٹمی صلاحیت برقرار رکھے گا ۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخارکا کہنا ہے کہ یوم تکبیر وطن کے دفاع کے لیے پاکستانی قوم کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔آج جنوبی ایشیا میں اسٹرٹیجک توازن برقرار رکھنے کے عزم کا دن ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی قائم رکھنے کے لیے پاکستان پرعز م ہے۔پاکستان کسی بھی جارحیت کا سامنا کرنے کے لیے اپنی صلاحیت برقرار رکھے گا ۔
انہوں نے بیان میں کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں خطرات سے بچنے کےلیے اسٹرٹیجک معاہدہ کی پیشکش اہم ہے۔24سال پہلے پاکستان نے 28 مئی 1998کو ایٹمی دھماکےکیے تھے۔

عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس آج ہو گا

پشاور : (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس آج عمران خان کی صدارت میں ہوگا، اجلاس میں شاہ محمود قریشی ،اسد عمر، پرویز خٹک ،شاہ فرمان و دیگر قائدین شرکت کرینگے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے کے بعد ہوگا جس میں شاہ محمود قریشی ،اسد عمر، پرویز خٹک ،شاہ فرمان و دیگر قائدین شرکت کریں گے اور اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور حکومت کو دی گئی 6 دن کی ڈیڈ لائن پرغور ہوگا۔
پی ٹی آئی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس میں دوبارہ مارچ سے متعلق بھی اہم فیصلے متوقع ہیں جبکہ تحریک انصاف کور کی کمیٹی اجلاس 2 بجے کے بعد وزیراعلیٰ ہائوس میں ہوگا۔

پاکستان کوایٹمی طاقت بنایا،اسےمعاشی طاقت بھی بنائیں گے،وزیرداخلہ راناثنااللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے یوم تکبیر پرخصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم تکبیر پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، نواز شریف نے ڈالرز کو ٹھکرا کر ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 24 سال قبل آج ہی کے دن ہم نے یہ ثابت کیا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے پر میاں نواز شریف کے جراتمندانہ فیصلے کوسلام پیش کرتا ہوں، وقت نے ثابت کیا کہ ایک دلیر سیاسی قیادت ہی ملکی مفاد کیلئے دلیرادانہ فیصلے لیتی ہے،
پیغام میں رانا ثناء نے کہا کہ ڈالرز کی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے ایٹمی دھماکے کر کے ملکی خود داری کا فیصلہ تو میاں نواز شریف نے آج کے دن کر دیا تھا، وقت نے یہ بھی ثابت کیا کہ پاکستان ایک انتہائی ذمہ دار ایٹمی قوت ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ایٹمی طاقت ہونے پر پوری مسلم اُمّہ بھی فخر کرتی ہے، الحمداللہ ہم نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا تھا، اسے معاشی طاقت بھی ہم ہی بنائیں گے۔

پیٹرول سے متعلق دل پر پتھر رکھ کرفیصلہ کیا،وزیر اعظم شہباز شریف

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے لیکن پیٹرول سے متعلق دل پر پتھر رکھ کرفیصلہ کیا۔
منی لانڈرنگ کیس میں پیشی کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ عوام مہنگائی میں پسے ہوئے ہیں۔غریب حاندان بچارے رل گئے ہیں۔ایک وقت کی روٹی اور علاج کے پیسے نہیں ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ ملک میں نوکریاں نہیں ہیں ۔پٹرول کی قیمت میں اضافہ دل پر پتھر رکھ کر کیا ۔پاکستان کے پسے ہوئے لوگوں کے لیےماہانہ 2ہزار مختص کیے ۔عوام کوجوریلیف دیاوہ ان کاحق تھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایٹمی دھماکوں پر نوازشریف نےکسی کودھمکیاں نہیں دیں۔نواز شریف نے کہا کہ مجھے پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔نواز شریف نے بڑے ممالک کے سربراہان سے تلخ انداز میں بات نہیں کی۔
ان کا کہنا ہے کہ دھماکے نہ کرنے پر امریکہ نے پاکستان کو 5 ارب ڈالر کی امداد کی پیش کش کی۔نوازشریف نے امریکہ سے کہا آپ کی امداد کا شکریہ ہم زندہ رہیں گے تو پاکستان پر آنچ نہیں آنے دینگے۔
اس سے قبل وزیر اعظم نے عدالت میں روسٹرم پر آکر بیان دیا کہ میں صوبے کا خادم رہا ہوں۔ سرکاری خزانے سےتنخواہ لی نہ کبھی ٹی اے ڈی اے لیا۔ پیٹرول بھی خود ڈلواتا تھا جب کہ تنخواہ اور ٹی اے ڈی اے کی رقم 7، 8 کروڑ بنتی تھی جو میرا قانونی حق تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں نےتو شوگرملزکو سبسڈی نہیں دی۔ جس سے میرے خاندان کو 2 ارب کا نقصان ہوا۔ اس کیس میں مجھ پر 25 ،25 لاکھ روپے کی منی لانڈرنگ کے الزام لگائے گئے۔ ایک طرف تو میں اربوں روپے کا اپنے خاندان کی ملوں کو نقصان پہنچاؤں؟ کیا دوسری جانب میں 25 ،25 لاکھ روپے حرام کھاؤں گا؟

پاکستان کو جوہری طاقت بنے 24 سال مکمل، آج یوم تکبیر منایا جا رہا ہے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی جوہری طاقت بننے کے 24 سال مکمل ہو گئے ہیں، پورے ملک میں آج یوم تکبیر جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج سے 24 سال پہلے آج ہی کے دن وطن عزیز نے اسلامی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کی تھی، پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اپنی جوہری طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا۔
آج یوم تکبیر کے حوالے سے ملک بھر میں تقاریب منعقد کی جائیں گی، پوری قوم ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے والوں کو سلام پیش کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کے جواب میں 28 مئی 1998 کو چاغی کے پہاڑوں میں اٹیمی دھماکے کئے تھے، پاکستان نے ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کے بعد ایسے کئی میزائل بھی بنائے اور کامیاب تجربات کیے جو ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔