لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو انٹرویو وائرل ہو رہا ہے جس میں انہیں خواتین کے ساتھ تصاویر نہ لینے سے متعلق گفتگو کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
رضوان کا کہنا تھا کہ میرے لیے خواتین بہت قابل احترام ہیں اور میں خود کو اس قابل نہیں سمجھتا کہ جب کوئی ماں یا بہن میرے ساتھ تصویر کھنچوانے کا کہتی ہے تو میں ان کے ساتھ تصویر کھنچواؤں، ان خواتین کا معیار میرے نزدیک بہت اعلیٰ ہے۔
انہوں نے کہا اگرچہ میری خواہش ہے کہ اس عمل پر ہماری مداح ماں بہنیں مجھ سے خفا نہ ہوں لیکن اس کے باوجود کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کے ذریعے میں خود کو محفوظ رکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔
All posts by Khabrain News
کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ، ملک میں مثبت کیسز کی شرح 8.16 فیصد ریکارڈ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ ایک چھ فیصد ریکارڈ ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 3 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 20 ہزار 120 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 286 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 51 ہزار 408، سندھ میں 4 لاکھ 97 ہزار 153، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 82 ہزار 100، بلوچستان میں 33 ہزار 684، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 439، اسلام آباد میں ایک لاکھ 10 ہزار 597 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 739 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 40 لاکھ 85 ہزار 473 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52 ہزار 522 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 63 ہزار 5 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 709 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 4 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 3 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 87، سندھ میں 7 ہزار 693، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 953، اسلام آباد میں 968، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 749 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
منی بجٹ مسترد ،جماعت اسلامی نے مرکزی نظم کا اہم اجلاس طلب کرلیا
ثمر باغ: (ویب ڈیسک) جماعت اسلامی نے منی بجٹ مسترد کرتے ہوئے مرکزی نظم کا اجلاس(کل ) ہفتہ کو منصورہ میں طلب کرلیا جس میں حالیہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں آنے والے معاشی بحران ، مہنگائی ، بےروزگاری کی صورتحال پر گفتگو ہوگی اور آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا ،امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف) سے ایک ارب ڈالر لینے کے لیے 22کروڑ عوام کو قربانی کا بکرا بنا دیا گیا،بے رحم حکومت غریب کش منصوبہ پر گامزن ہے، قوم پر ساڑھے تین سو ارب کابوجھ ڈال کر حکمران جھوٹی وضاحتیں پیش کررہے ہیں، یقین ہے کہ اگر عالمی مالیاتی ادارے ہوا اور روشنی پر سیلز ٹیکس لگانے کا حکم دیں تو حکومت بلا جھجک تیار ہوجائے گی۔
ثمر باغ دیر پائن میں عوامی وفوداورجامع مسجد وجامعہ نورہ صالح اسلامیہ(احیاءالعلوم)کے افتتاح کے موقع پر سراج الحق نے منی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی نظم کااجلاس ہفتے کےروزمنصورہ میں طلب کر لیاہے۔انہوں نےکہاکہ اجلاس میں حالیہ حکومتی اقدامات کےنتیجےمیں آنےوالےمعاشی بحران،مہنگائی،بےروزگاری کی صورتحال پر گفتگو ہوگی اور آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا، اجلاس میں ملک میں بلدیاتی انتخابات اور عام انتخابات سے متعلق جماعت اسلامی کی تیاریوں اور حکمت عملی پر بھی گفتگو ہوگی۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت ملک طور پر تباہ ہوگئی، تجارتی خسارہ میں پچھلے چھ ماہ میں 25ارب ڈالر اضافہ ہوا، بجلی اور گیس کا ٹیرف بڑھانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں، حکومت نے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے لیے، ملک کے وسائل پر چند خاندانوں کا قبضہ ، سود سمیت قرضوں کی قسطوں کی ادائیگیوں کے لیے غریبوں کا خون چوسا جاتا ہے، ارب پتی حکمرانوں کے بچے اور جائیدادیں باہر مگر ملک کے کروڑوں باسی دو قت کی روٹی کمانے کے لیے پریشان ہیں،پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نالائقوں کا ٹولہ ثابت ہوئی، دعوے کرنے والے آج عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں، سابقہ حکمران جماعتیں بھی ملک کی تباہی کی برابر کی ذمہ دار ہیں، وڈیروں ، کرپٹ سرمایہ داروں نے ملک کو جاگیر سمجھا ہوا ہے، یہ لوگ ملک کے بنکوں سے اربوں کے قرضے لیتے ہیں اور بعد میں ایک کوڑی واپس نہیں کرتے، بیرونی قرضے عوام کے لیے نہیں حکمرانوں کی عیاشیوں کے لیے لیے جاتے ہیں،پاکستان کو استعمار کی غلامی میں دھکیل دیا گیا، قوم سے اپیل ہے کہ اپنے حق کے لیے کھڑی ہو، سودی معیشت کو خیرآباد کہنا ہوگا، کرپٹ سرمایہ دارانہ نظام اور اسلامی پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، جماعت اسلامی ملک میں اسلامی جمہوری انقلاب برپا کرے گی، عوام ساتھ دیں ، ملک کو امن ، ترقی اور قرآن و سنت کا گہوارہ بنائیں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کا ہر شعبہ زوال سے دوچار ہے، ایٹمی اسلامی پاکستان جو بائیس کروڑ غیور مسلمانوں کا ملک ہے کو انگریزوں کے وفاداروں نے تباہ کردیا، اسلامیان برصغیر نے قائد اعظم کی سربراہی میں جانوں کا نذرانہ دے کر یہ ملک حاصل کیا مگر قیام پاکستان کے کچھ عرصے بعد جاگیرداروں، مافیاز نے ملک پر قبضہ کرلیا، دو فیصد ظالم اشرافیہ نےکروڑوں لوگوں کو یرغمال بنایاہواہے،الیکشن میں دھونس دھاندلی کےذریعےاقتدار میں آکر ظالم اشرافیہ لوگوں کاخون پیتی ہے،ملکی وسائل انسانوں کی فلاح کی بجائےحکمرانواں کے اللوں تللوں پر خرچ ہوتے ہیں۔ انہوں نےکہا حکومتوں نے تک سسٹم میں بہتری لانے کی کوشش نہیں کی، پورا نظام چوپٹ اور اندھیر نگری ہے، جماعت اسلامی کی لڑائی نظام کی درستگی کے لیے ہے،سسٹم کو ٹھیک کرنے کے لیے ہمیں قرآن و سنت سے رہنمائی لینا ہوگی۔ ہمیں اپنی زندگیوں میں انقلاب لا کر پھر معاشرے کو بدلنا ہے۔ دنیا میں سوائے اسلام کے کوئی ایسا نظام نہیں ہے جو انسانوں کی دنیاوی اور اخروی بہتری کا ضامن ہو، پاکستان اسلام کے نام پر بنا مگر بدقسمتی سے گزشتہ سات دہائیوں میں ہم اللہ کے دیے گئے دین کو تخت پر نہیں لاسکے، آئیے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے اس مقصد کے لیے جدوجہد کریں تاکہ ہم اس دنیا میں بھی کامیاب ہوں اور اخروی زندگی میں بھی ہادی انسانیت ﷺ کی شفاعت کے طلبگار بنیں۔
ٹویٹر صارفین کو اسپیس ریکارڈنگ کی سہولت مل گئی
نیویارک: (ویب ڈیسک) سماجی رابطے اور مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر نے تمام صارفین کو اسپیس ریکارڈ کرنے کی سہولت فراہم کردی۔
ٹویٹر کی جانب سے صارفین کے لیے گزشتہ برس ’اسپیس‘ کے نام سے آڈیو روم کی سہولت متعارف کرائی گئی تھی، جس کی کامیابی کے بعد اس سروس کے دائرہ کار کو بڑھایا گیا۔
ابتدائی دنوں میں یہ سہولت صرف آئی فون صارفین کو میسر تھی مگر وقت اور خواہش کے پیش نظر اینڈرائیڈ صارفین کو بھی یہ فیچر پیش کردیا گیا۔
اسپیس روم بنانے کے لیے فالوورز کی ایک خاص تعداد درکار ہوتی تھی جس کے بعد اُسے بھی ختم کردیا گیا۔
بعد ازاں ٹویٹر نے مخصوص صارفین کو اسپیس روم ریکارڈ کرنے کی سہولت فراہم کی تھی تاہم اب تمام صارفین اس سے استفادہ کرسکتے ہیں کیونکہ کمپنی نے سب کو ریکارڈنگ کی اجازت دے دی ہے۔
ٹویٹر کے مطابق دنیا بھر میں موجود وہ تمام صارفین جو اسپیس ہوسٹ کرتے ہیں انہیں اب آڈیو روم میں ہونے والی گفتگو ریکارڈ کرنے کی اجازت ہوگی۔ ایسے اسپیس کا حصہ بننے والے صارفین کے اسکرین پر ریکارڈنگ کا آگاہی پیغام بھی ظاہر ہوگا۔
اسپیس کی یہ ریکارڈنگ ایک ماہ تک محفوظ رہے گی اور ہوسٹ کو اسے اپنی مرضی کے مطابق پبلک کرنے یا نہ کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔
جوکووچ نے آسٹریلوی حکومت کا دوبارہ ویزا منسوخی کا فیصلہ چیلنج کردیا
سڈنی: (ویب ڈیسک) ٹینس کے عالمی نمبر ایک سربین کھلاڑی نوواک جوکووچ نے آسٹریلیا کی جانب سے دوبارہ ویزا منسوخی کے فیصلے کو چیلنج کردیا۔
نواک جوکووچ چند روز قبل ہی آسٹریلین بارڈر فورس کے فیصلے کے خلاف قانونی جنگ جیتے تھے اور عدالت نے انہیں آسٹریلیا میں داخلے کی اجازت دی تھی۔
لیکن اب ایک بار پھر آسٹریلوی حکومت نے ٹینس اسٹار کا ویزا دوسری مرتبہ منسوخ کردیا ہے۔
جوکووچ کے وکلا نے ویزا منسوخی کے خلاف عدالت میں حکم امتناع کی درخواست جمع کرادی ہے۔
مقامی عدالت نے سماعت کے بعد کیس فیڈرل کورٹ کو بھجوا دیا ہے جس پر کل صبح سماعت ہوگی۔
اُدھر حکومتی وکیل کا کہنا تھا کہ آسٹریلین حکام نوواک جوکووچ کو ملک سے بے دخل نہیں کر سکیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ مقدمے کا فیصلہ ہونے تک جوکووچ کو ملک سے نہیں نکالا جائے گا اور انہیں امیگریشن حکام کے سامنے پیش ہونے سے پہلے حراست میں بھی نہیں لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ جوکووچ کا ویزا گزشتہ ہفتے میلبرن پہنچنے پر کورونا ویکسین کی شرائط پوری نہ کرنے پر آسٹریلوی حکام نے منسوخ کر دیا تھا تاہم آسٹریلوی جج نے اسے بحال کردیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق 34 سالہ جوکووچ کے داخلہ فارم میں کہا گیا کہ انہوں نے 6 جنوری کو آسٹریلیا آنے سے 14 دن قبل کوئی سفر نہیں کیا لیکن ایک سوشل میڈیا پوسٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ سربین کھلاڑی 14 دن کے اندر اسپین اور سربیا میں موجود تھے۔
شدید دھند کے باعث موٹروے کے مختلف حصوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا
لاہور: (ویب ڈیسک) شدید دھند کے باعث تاحد نگاہ صفر ہونے کے باعث موٹروے کے مختلف حصوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق موٹروےایم تھری فیض پور لاہور سے درخانہ تک دھند کی وجہ سے بند کردی گئی ہے۔ موٹروے کو عوام کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے بند کیا گیا ہے۔شہری موٹروے پر سفر سے قبل ہیلپ لائن 130 سے رہنمائی لے سکتے ہیں۔
اپنے لیے تیار کی گئی پالیسی عوام پر تھوپ دی گئی، رضا ربانی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ یہ کیسی قومی سلامتی پالیسی ہے جس میں پارلیمنٹ سے پوچھا تک نہیں گیا، اپنے لیے تیار کی گئی پالیسی عوام پر تھوپ دی گئی۔
سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ جو معاہدہ ہوا وہ اب تک سامنے نہیں آیا، کہا گیا تھا کہ معاہدہ چند دنوں میں قوم کے سامنے آجائے گا۔
اسلام آباد میں سینیٹر شیری رحمان کی کتاب ’ویمن پلاننگ‘ کی تقریب رونمائی ہوئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ کوشش کی جاتی ہے کہ صرف ریاست کے بیانیے کو تاریخ میں مرتب کیا جائے، تاریخ میں خواتین کی جدوجہد بھی اسی ظلم کا نشانہ بنی۔
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ نیشنل سکیورٹی پالیسی آئی، یہ کیسی پالیسی ہے جس کی پارلیمان سے مشاورت نہیں کی گئی، یہ قوم کی نہیں صرف ریاست کی پالیسی ہے۔
شیری رحمان کی کتاب میں پاکستان کی مشہور اور کامیاب خواتین کی جدوجہد اور دیگر خواتین کیلئے رول ماڈل بننے کے سفر پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
اسلام آباد سمیت خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے متعدد شہر زلزلے سے لرز اٹھے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت سمیت صوبہ خیبرپختونخوا ،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، گلگت بلتستان، کوہستان، خیبرپختونخوا کے شہری پشاور، صوابی ، باجوڑ،سوات، مالاکنڈ،بونیر،مانسہرہ، بالاکوٹ، تورغر آزاد کشمیر کے شہروں وادی نیلم،دودنیال،تہجیاں،شادرہ سمیت دیگر علاقوں میں محسوس کیے گئے۔زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ چھ ریکارڈ ہوئی ہے۔زلزے کے جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے گئے۔زلزلے کی گہرائی 100 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا بارڈر تھا۔ابتدائی طور پر زلزلے میں کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔
عثمان بزدار کا عشائیہ، ارکان اسمبلی کے سانحہ مری پر تندوتیز سوالات
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے عشائیہ کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس کے مطابق متعدد ارکان اسمبلی نے سانحہ مری بارے تندو تیزسوالات کئے جبکہ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں غفلت کے ذمہ دار بچ نہیں پائیں گے۔
12 جنوری کو اسلام آباد میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے ارکان قومی اسمبلی کے اعزاز میں دیئے جانے والے عشائیہ میں بزدار سے ایم این ایز نے سانحہ مری پر سوالات کیے ، ارکان اسمبلی نے کہا سانحہ مری کے ذمہ داروں کے خلاف فوری ایکشن ہوناچاہیےتھا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ انکوائری کرا رہے ہیں، کارروائی ضرور ہوگی۔
ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ انکوائری تو معاملات کو ٹھنڈا کرنے کا باعث بنتی ہے ، ابتدائی انکوائری رپورٹ کے تناظر میں ایک سے د و ذمہ داروں کو ہتھکڑی لگنی چاہیے تھی جس پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس واقعہ میں انصاف نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا اور ذمہ داروں کو قانون کے شکنجے میں لائیں گے۔
افغانستان میں قیمتی جانوں کو بچایا جانا زیادہ ضروری ہے: اعلامیہ ایپکس کمیٹی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے زیر صدارت اپیکس کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، اعلامیہ میں افغانستان میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں قیمتی جانوں کو بچایا جانا سب سے زیادہ ضروری ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف شریک ہوئے۔
ایپکس کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے افغان عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، افغانستان میں قیمتی جانوں کو بچایا جانا سب سے زیادہ ضروری ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو دوست ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعاون کے امکانات تلاش کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں انسانی بحران کو روکنے کے لیے تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ افرادی قوت ، میڈیکل، آئی ٹی، فنانس اور اکاؤنٹنگ کے شعبوں میں مدد کریں۔
ایپکس کمیٹی کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان اپنی ضرورت کے وقت افغانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا، عالمی برادری اور امدادی ادارے افغانستان کو امداد فراہم کریں تاکہ افغانستان کو قیمتی جانوں کے نقصان اور معاشی بحران سے بچایا جا سکے۔
اعلامیہ میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی جانب سے افغانستان کے لیے امداد کی اپیل کا خیرمقدم کرتے ہیں۔