اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں بنچ 20 جنوری کو سماعت کرے گا۔
پرویز مشرف نے انتخابات 2013 میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا فیصلہ چیلنج کر رکھا ہے، ان کی اپیل پر گزشتہ سماعت 2018 میں ہوئی تھی، عدالت نے پرویز مشرف کو وطن واپسی کی ہدایت کی تھی، سابق صدر کے وکیل اقبال ہاشمی کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔
سابق صدر کی اپیل کی سماعت کیلئے تشکیل کردہ بینچ میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس امین الدین خان بھی شامل ہیں۔
All posts by Khabrain News
امریکی پابندی کے چند گھنٹے بعد ہی شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل کا تجربہ
سیئول: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا نے امریکی پابندیوں کو سالمیت کے لیے ’خطرہ‘ قرار دیتے ہوئے دوہفتوں میں تیسرا بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
اس سے قبل بیلسٹک میزائل فائر کیے جانے پر پیانگ یانگ کو پہلے ہی امریکا کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے اور واشنگٹن نے نئی پابندیاں بھی عائد کی ہیں۔ امریکی تنقید کے محض چند گھنٹوں بعد ہی شمالی کوریا نے دو بیلسٹک میزائل فائر کیے۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف (جے سی ایس) نے کہا کہ شمالی کوریا نے دو مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شمالی کوریا کے مغربی ساحل پر چین کی سرحد کے قریب شمالی پیونگن صوبے سے مشرق کی طرف داغے ہیں۔
جاپان کے ساحلی محافظوں نے یہ بھی اطلاع دی کہ شمالی شمالی نے فائر کیے جو ایک بیلسٹک میزائل ہو سکتا ہے۔ شمالی کوریا نے خبردار کیا کہ اگر امریکا مسلسل پابندی لگاتا رہا تو سنگین نتائج ہوں گے۔
براڈکاسٹر این ایچ کے نے جاپانی وزارت دفاع کے ایک نامعلوم اہلکار کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ایسا لگتا ہے کہ میزائل جاپان کے خصوصی اقتصادی زون کے باہر سمندر میں گرے ہیں۔
جاپان کے چیف کیبنٹ سیکرٹری ہیروکازو ماتسونو نے کہا کہ شمالی کوریا کے اقدامات بشمول بار بار بیلسٹک میزائل کا تجربہ ہماری قوم اور خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔
امریکی فوج کی انڈو پیسیفک کمانڈ نے کہا کہ لانچ سے امریکا یا اس کے اتحادیوں کو کوئی فوری خطرہ نہیں ہے، یہ شمالی کوریا کے غیر قانونی ہتھیاروں کے پروگرام کے غیر مستحکم کرنے والے اثرات کو نمایاں کرتا ہے۔
سوئیڈن کی وزیراعظم کو بھی کورونا ہوگیا
اسٹاک ہوم: (ویب ڈیسک) سوئیڈن کی وزیراعظم میگڈلینا اینڈرسن بھی کورونا میں مبتلا ہو گئیں۔
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق 54 سال کی سوئیڈش وزیراعظم میگڈلینا اینڈرسن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ وزیراعظم گھرپرقرنطینہ میں ہیں اورگھر سے ہی اپنے فرائض انجام دیں گی۔
وزیراعظم میگڈلینا اینڈرسن کی پارٹی کے دیگرکئی رہنما بھی کورونا سے متاثرہوچکے ہیں۔ وزیراعظم سمیت ان رہنماؤں نے ایک پارٹی میٹنگ میں شرکت کی تھی۔
اس سے قبل سوئیڈن کے بادشاہ، ملکہ اورولی عہد بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔ سوئیڈن میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ طبی حکام کے مطابق سوئیڈن میں کورونا کے روزانہ 25000کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔
سلمان خان فلمی ناقد سے بدلہ لینے کیلیے گھٹیا حرکت پر اتر آئے
ممبئی: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں اپنے مداح رکھنے والے بالی وڈ کے ’دبنگ‘ سلمان خان فلم پسند نہ کرنے پر فلمی ناقد سے بدلہ لینے کے لیے گھٹیا حرکت پر اتر آئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 2016ء میں روزنامہ ’دی ہندو‘ کے مدیر اعلیٰ سچن کالباگ نے انکشاف کیا تھا کہ ایک انٹرویو کے دوران سلمان خان نے ایوارڈ یافتہ فلمی ناقد کے سامنے پیشاب کر کے ان کی بے عزتی کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سچن کالباگ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایک دہائی قبل ایک ایوارڈ یافتہ خاتون فلمی ناقد سلمان خان سے انٹرویو کے لیے گئیں، فلمی ناقد نے مذکورہ اداکار کی چند فلموں کے نام لکھے جن میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا لیکن وہ اس پر غصہ ہوگئے۔
سچن کالباگ کے مطابق ایک فلم کی ریلیز کے دوران وہی فلمی ناقد سلمان خان کا دوبارہ انٹرویو کرنے گئیں۔ انٹرویو سے قبل سلمان خان فلمی ناقد سے بدلہ لینے کا ارادہ کر چکے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ سلمان خان نے فلمی ناقد کو انٹرویو کے لیے پہلے گھنٹوں انتظار کروایا، انٹرویو شروع ہونے سے قبل اداکار کچھ ہی فاصلہ پر موجود درخت پاس گئے اور پیشاب کرنا شروع کردیا۔ سلمان خان کی اس حرکت پر فلمی ناقد انٹرویو منسوخ کر کے وہاں سے چلی گئیں۔
منی لانڈرنگ پر مذاق نہیں؛ حریم شاہ کیخلاف انکوائری شروع ہوگئی، شہزاد اکبر
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب اور مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ پر مذاق نہیں بنتا حریم شاہ کے خلاف تحقیقات شروع ہوگئی ہے۔
شہزاد اکبر نے لاہور میں پریس کانفرنس میں حریم شاہ منی لانڈرنگ کیس پر بات کرتے ہوئے کہا منی لانڈرنگ پر مذاق نہیں بنتا۔ حریم شاہ پر ایف آئی اے نے نوٹس لے لیا ہے اور انکوائری شروع کردی ہے۔
مشیر داخلہ نے مزید کہا برطانوی ایجنسی سے بھی یہ ویڈیو شئیر کی گئی ہے۔ ایسی چیز مذاق کے قابل نہیں۔
ٹک ٹاکر حریم شاہ منی لانڈرنگ سے متعلق ویڈیو بنانے پر مشکل میں پڑگئی ہیں۔ حریم شاہ نے چند روز قبل ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ وہ پہلی بار بھاری رقم لے کر لندن پہنچ گئیں ہیں اور انہیں پاکستان کے ایئرپورٹ پر کسی نے نہیں روکا اور نہ روک سکتا ہے۔ ٹک ٹاکر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قانون صرف غریب کے لیے ہے۔
بعد ازاں حریم شاہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا۔ جس کے بعد حریم شاہ پیسوں کی لندن منتقلی سے ہی مکر گئیں اور کہا کہ میں نے وہ ویڈیو مذاق میں بنائی تھی۔
ڈراؤنی فلم ’اے نائٹ میئر آن ایلم اسٹریٹ‘ کا مکان 28 لاکھ ڈالر میں فروخت
لاس اینجس: (ویب ڈیسک) ایگزارزسٹ کے بعد’اے نائٹ میئرآن ایلم اسٹریٹ‘ غیرمعمولی طور پر مقبول ہوئی تھی۔ اس میں فریڈی ولن کا کردار اب تک لوگوں کو یاد ہے۔ قصہ یہ ہے کہ اس ڈراؤنی فلم کا مشہور گھر اب 28 لاکھ ڈالریعنی 49 کروڑ روپے میں فروخت ہوا ہے۔
لاس اینجلس میں واقع اس مکان کی کو ہیلووین 2021 کے فوراً بعد برائے فروخت کیا گیا تھا اور اس کی ابتدائی قیمت بہت ہی کم یعنی 35 لاکھ ڈالر رکھی گئی تھی۔ تاہم 2000 کے وسط میں اس کا بیرونی حصہ کچھ تبدیل کیا گیا تھا کیونکہ اسے ایک اور فلم میں استعمال کیا گیا تھا۔
اس مکان کو مشہور افراد اور بو برنم نامی مزاحیہ فنکار نے بھی استعمال کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی غیرمعمولی تاریخی اہمت بھی ہے۔
اسلام آباد میں جاپان کی قدیم ثقافت اجاگر کرنے کیلئے گڑیوں کی نمائش
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) خوبصورت گڑیاں جاپان کی قدیم ثقافت کی عکاس ہیں، اسلام آباد میں جاپانی گڑیوں نے اپنے ملک کی قدیم ثقافت کو دلکش انداز میں اجاگر کیا تو داد بھی خوب ملی۔
دلکش رنگ اور روایتی ملبوسات کے ساتھ دل کو چھو لینے والے چہرے کے تاثرات لئے خوبصورت گڑیاں جاپان کی قدیم ثقافت کی عکاس ہیں۔ پاکستان اور جاپان کے سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر جاپانی سفارتخانے اور پی این سی کے اشتراک سے جاپانی گڑیوں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ جاپانی گڑیوں نے اپنے ملک کی قدیم ثقافت دلکش انداز میں اجاگر کی تو داد بھی خوب ملی۔
جاپان فانڈیشن نے نمائش میں 70 گڑیوں کا انتخاب کیا ہے جو جاپان کے مختلف علاقوں کی ثقافت کواجاگر کرتی ہیں، ان کے ذریعے پاکستانیوں کو جاپانی ثقافت اور آرٹ سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔
اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے جاپانی ثقافت کے خوبصورت رنگ دیکھے اور محظوظ ہوئے۔
لباس پر بَیج کی طرح نصب ہونے والا کووڈ سینسر
نیویارک: (ویب ڈیسک) تصور کیجئے کہ آپ کے لباس پر نصب ایک چھوٹا سی بَیج نما سینسر نہ صرف اطراف کی ہوا کو محسوس کرسکتا ہے بلکہ سارس کوو2 سے بھرپور ماحول سے بھی خبردار کرسکتا ہے۔
مشہور ییل یونیورسٹی نے اس چھوٹے سے سینسر کو ’فریش ایئرکلپ‘ کا نام دیا ہے جو بالخصوص چاردیواری کے اندر مہلک وائرس سے فوری طور پر خبردار کرے گا۔ یہ ہلکا پھلکا سسٹم کسی دقت کے بغیرلباس سے چپک سکتا ہے اور اطراف میں اڑنے والے سارس کوو2 وائرس کو فوری طور پر محسوس کرلیتا ہے۔
سستے اور ہلکے پھلکے آلے کو کالر سے بھی جوڑا جاسکتا ہے جو آپ کے منہ اور ناک کی اطراف میں پرواز کرنے والے سارس کوو2 وائرس کو شناخت کرسکتا ہے۔
اس پر پولی ڈائی میتھائل سائلوکسین کی تہہ چڑھائی گئی ہے جو وائرس کو جمع کرتی رہتی ہے اور بعد میں اسے تجربہ گاہ میں ٹیسٹ کیا جاسکتا ہے۔ ابتدائی تجربات میں یہ ننھا منا سینسر بہت ہی مؤثر ثابت ہوا ہے۔ اس کے لیے خاص ماحول میں کام کرنے والے 62 رضاکاروں کے لباس پر اسے لگایا گیا ہے۔ پانچ روز کے بعد جب بَیج سینسر کو تجربہ گاہ میں جانچا گیا تو ان میں سے پانچ میں کووڈ 19 کی تصدیق ہوگئی۔
اس نظام کو بازاروں اور ہوٹلوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اِن ڈور کھانے کے مقامات سے اس نے دو مثبت کیس شناخت بھی کیے ہیں۔ اس طرح بہت درستگی کے ساتھ سارس کوو2 وائرس کو ماحول میں دیکھا جاسکتا ہے۔
سائنس فکشن جیسی اڑن کار کی دبئی میں آزمائشی پرواز
لندن: (ویب ڈیسک) سائنس فکشن جیسی اس کار کو دیکھ کر آپ کچھ بھی کہیں لیکن یہ بیٹ مین کی گاڑی لگتی ہے اور اپنے جدید ڈیزائن کی بنیاد پر رن وے کے بغیر سیدھا اوپر اٹھنے والی کار ہے جس کی کامیاب آزمائش دبئی میں کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی کمپنی بیل ویدر نے اسے بنایا ہے اور اس کی نصف جسامت ماڈل نے ٹیسٹ فلائٹ میں متوقع نتائج دکھائےہیں۔ اسے وولر ای وی ٹی او ایل کا نام دیا گیا ہے۔ ماہرین اسے ہائپر کار قرار دے رہے ہیں۔ نصف جسامت پر اڑنے کے باوجود اس نے سائنس دانوں اور انجینئروں کا دل خوش کر دیا ہے۔
نظری طور پر یہ 135 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے لگ بھگ 3 ہزار فٹ کی بلندی پر جا سکتی ہے۔ ماحول دوست، برق رفتار اور بے آواز وولر کار مکمل طور پر برقی توانائی سے چلتی اور پرواز کرتی ہے۔
اب ٹویٹر پراین ایف ٹی پروفائل ڈسپلے لگایا جاسکتا ہے
سان فرانسسكو: (ویب ڈیسک) ٹویٹر پر مسلسل نظر رکھنے والے ایک ماہر نے بعض اسکرین شاٹ پوسٹ کئے ہیں جن میں ٹویٹر پروفائل تصاویر میں این ایف ٹی خاکہ دیکھا جاسکتا ہے جو بلاک چین پر بنا ہے اور صارف کو اس کی ملکیت ظاہر کرتا ہے۔
گزشتہ برس نومبرمیں ٹویٹر نے این ایف ٹی شامل کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ نان فنجیبل ٹوکن (این ایف ٹی) کی عالمی مقبولیت کے تحت ٹویٹر نے صرف این ایف ٹی کے اصل مالکان کو ہی اس کی سہولت فراہم کی ہے۔
اس کے بعد عام افراد بھی پروفائل پر کلک کرکے این ایف ٹی کی تمام ضروری تفصیلات جان سکتے ہیں۔ لیکن اس پر رائٹ کلک کرکے اسے ڈاؤن لوڈ نہیں کیا جاسکتا ہے۔ ٹویٹر نے این ایف ٹی تصویر محفوظ بنانے کے لیے چھ کونوں والا پی ایف ی فارمیٹ پیش کیا ہے جو ڈجیٹل نقب زنی کو ناکام بناتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ این ایف ٹی کی خریدوفروخت کی بحثیں فیس بک کی بجائے ٹویٹرپرجاری ہیں۔ اسی ایپ پر لوگ این ایف ٹی تصاویر بھی شیئر کرتے ہیں اور بطورِ خاص ٹویٹراسپیس اس کا مرکز بن چکا ہے۔ تاہم اب بھی این ایف ٹی کی خریدوفروخت میں کاپیاں ہی دستیاب ہیں اور مکمل حقوقِ ملکیت نہیں دیئے جارہے ۔ اس طرح این ایف ٹی کے قانونی پہلو یا ان میں ترمیم کے بہت سے راستے ہیں جن پرغور کرنے کی ضرورت ہے۔
این ایف ٹی کی پوری دھوم کے باوجود صرف مٹھی بھر افراد ہی اس سے رقم بنارہے ہیں اور مخصوص لوگ امیر سے امیر تر ہوتے جارہے ہیں۔ لیکن سال 2021 میں اس کی حجم 25 ارب ڈالر دیکھا گیا تھا۔