All posts by Khabrain News

ہنزہ میں ونٹر سپورٹس فیسٹیول شروع، 446 کھلاڑی کھیلوں میں حصہ لیں گے

ہنزہ: (ویب ڈیسک) ہنزہ میں ونٹر سپورٹس فیسٹیول شروع ہو گیا، گلگت بلتستان اور چترال سے مجموعی طور پر 13 ٹیمو ں کے 446 کھلاڑی مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے۔ وادی ہنزہ کے تاریخی گاؤں شاہی قعلے کے دامن میں مختلف سرمائی کھیلوں کا میلہ سج گیا ہے جس میں آئس ہاکی، کلائمبنگ، سکیٹنگ اور رسہ کشی کے مقابلے ہوں گے، سپورٹس فیسٹیول میں گلگت بلتستان اور چترال سے 13 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں مرد، خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

آئمہ بیگ ایف بی آر کی ساڑھے 8 کروڑ کی نادہندہ

لاہور: (ویب ڈیسک) انکم ٹیکس ادائیگی نہ کرنے والے شوبز ستارے ایف بی آر کے ریڈار پر آ گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گلوکارہ آئمہ بیگ انکم ٹیکس کی مد میں ایف بی آر کی ساڑھے 8 کروڑ کی نادہندہ نکلیں، ایف بی آر نے گلوکارہ آئمہ بیگ کی گاڑیاں ضبط کرنے کیلئے نوٹس جاری کر دیا۔ گلوکارہ آئمہ بیگ سال 2018 سے 2020 تک کی انکم ٹیکس نادہندہ ہیں، ایف بی آر نے گلوکارہ کو نوٹس جاری کر دیا۔

زیادتی کا الزام، پرنس اینڈریوسے شاہی اعزازت، سرپرستی واپس لے لی گئی

لندن: (ویب ڈیسک) ملکہ برطانیہ نے خاتون سے زیادتی کے الزام پراپنے بیٹے شہزادہ اینڈریو سے شاہی اعزازت اورسرپرستی واپس لے لی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق امریکا میں خاتون سے زیادتی کے الزامات پرمقدمے کا سامنے کرنے والے شہزادہ اینڈریوسے فوجی اعزازت اورشاہی سرپرستی واپس لے لی گئی ہے۔ شہزادہ اینڈریو امریکی عدالت میں زیادتی کے مقدمے کا سامنا اب عام شہری کی حیثیت سے کریں گے۔ ملکہ برطانیہ کی جانب سے شاہی سرپرستی واپس لئے جانے کے بعد اب شہزادہ اینڈریو کے نام کے ساتھ ہزرائل ہائنس کا خطاب استعمال نہیں کیا جائےگا۔ برطانوی شاہی محل سے جاری بیان کے مطابق ڈیوک آف یارک تمام قسم کی شاہی ذمہ داریوں کی ادائیگی سے بدستور دور رہیں گے اور ایک عام شخص کی طرح مقدمےکا سامنا کریں گے۔ ورجینیا رابرٹس نامی خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ اینڈریو نے 2001 میں نیویارک میں انہیں کمسنی میں جنسی زیادتی کانشانہ بنایا تھا۔ امریکی عدالت نے گذشتہ روز 61 سالہ اینڈریو کیخلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ خارج کرنےکی درخواست کو مسترد کردیا تھا اور اب اینڈریوکو اس مقدمےکا سامنا شاہی خاندان کی مدد کے بغیر کرنا ہوگا۔

طالبان حکومت نے اپنا پہلا بجٹ منظورکرلیا

کابل: (ویب ڈیسک) طالبان نے اگست 2021 میں افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنا پہلا بجٹ منظورکرلیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق طالبان کے منظورکردہ بجٹ میں کسی غیرملکی امداد کا ذکر موجود نہیں ہے۔ طالبان کی وزارت خزانہ کے ترجمان احمد ولی حقمل نے بیان میں کہا کہ 2 عشروں بعد یہ پہلا موقع ہےجب ہم نے ایسا بجٹ بنایا ہے جس کا دارومدار غیرملکی امداد پرنہیں ہے اورہمارے لئے یہ بڑی کامیابی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کہا کہ جن خواتین کو ملازمت پرآنے سے روکا گیا ہے انہیں نوکریوں سے نہیں نکالا جائے گا اورتنخواہیں دی جائیں گی۔ جن سرکاری ملازمین کوکئی ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی ہیں انہیں جنوری کے اختتام تک تنخواہوں کی ادائیگی شروع ہوجائے گی۔ طالبان حکومت نے 2022کی پہلی سہ ماہی کے لئے بجٹ کی منظوری دی۔ 53.9 بلین افغانی یا 508 ملین امریکی ڈالرزکا تقریبا پورا بجٹ سرکاری اداروں کی فنڈنگ کے لئے مختص کیا گیا ہے۔ بجٹ میں 4.7 بلین افغانی ٹرانسپورٹ کے انفرااسٹرکچر سمیت ترقیاتی منصوبوں پرخرچ کئے جائیں گے۔

ایم آئی 5 کا پارلیمنٹ میں ‘چینی ایجنٹ’ کی موجودگی پر وارننگ

واشنگٹن: (کوہ نورنیوز) برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی 5 نے ایک انتباہ جاری کیا ہے کہ ایک مبینہ چینی ایجنٹ برطانیہ کی سیاست میں مداخلت کے لیے پارلیمنٹ میں داخل ہوگئی ہیں۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی سروس کی جانب سے ایک الرٹ میں کہا گیا کہ کرسٹین چنگ کوی لی نے چینی کمیونسٹ پارٹی (سی سی پی) کے موجودہ اور خواہشمند اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ’روابط‘ قائم کیے ہیں۔ ایم آئی 5 نے کہا کہ ’ کرسٹین چنگ کوی نے چین اور ہانگ کانگ سے آنے والی فنڈنگ ​​کے ساتھ سیاستدانوں کو عطیہ دیا‘۔ وائٹ ہال کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ ایم آئی 5 کی ’طویل عرصے سے جاری‘ تحقیقات کے بعد معاملہ سامنے آیا ہے۔ کرسٹین چنگ کوی لی کی جانب سے اراکین اسمبلی میں سے ایک لیبر کے رکن بیری گارڈنر تھےجنہوں نے 5 برس میں خاتون سے 4 لاکھ 20 ہزار پاؤنڈ سے زیادہ وصول کیے۔ لبرل ڈیموکریٹ رہنما سر ایڈ ڈیوی کو بھی 5 ہزارپاؤنڈ کا عطیہ اس وقت ملا جب وہ توانائی کے سیکریٹری تھے لیکن انہوں نے کہا کہ یہ رقم ان کی مقامی ایسوسی ایشن نے قبول کی۔ وزیر داخلہ پریتی پٹیل نے کہا کہ یہ ’انتہائی تشویشناک‘ بات ہے کہ’جان بوجھ کر چینی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے سیاسی مداخلت کی سرگرمیوں میں ملوث ہے، اراکین پارلیمنٹ کو نشانہ بنایا‘۔ لیکن انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے پاس ’غیر ملکی مداخلت کی نشاندہی کرنے‘ کے اقدامات موجود ہیں۔

مردہ لال بیگوں پر بنے مصوری کے فن پارے

منیلا: (ویب ڈیسک) فلپائن میں رہنے والی ایک مصورہ نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کےلیے مردہ لال بیگوں کے جسم کو کینواس میں تبدیل کردیا ہے۔ منیلا کی رہائشی، 30 سالہ برینڈا پی ڈلگاڈو کو تصویریں بنانے کا بہت شوق ہے مگر انہوں نے باقاعدہ طور پر مصوری کی تربیت حاصل نہیں کی۔ ان کا کہنا ہے کہ روشنی منعکس کرتے ہوئے لال بیگوں کے چمک دار پر انہیں بہت اچھے لگتے تھے۔ لہذا جب انہوں نے منفرد انداز میں پینٹنگز بنانے کا سوچا تو مردہ لال بیگ ان کا پہلا انتخاب ٹھہرے۔ ’’میں اپنی پینٹنگز کےلیے لال بیگوں کو مارتی نہیں بلکہ مرے ہوئے لال بیگ جمع کرتی ہوں،‘‘ برینڈا نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں وضاحت کی۔ لال بیگوں کے پروں پر پینٹنگ کےلیے وہ آئل پینٹ استعمال کرتی ہیں کیونکہ وہ سوکھنے کے بعد بھی اپنی چمک برقرار رکھتا ہے اور واٹر پروف بھی ہوتا ہے۔ اب تک وہ کئی مشہور پینٹنگز مردہ لال بیگوں پر مختصر انداز سے نقل کرچکی ہیں جن میں معروف یورپی مصور فان گوخ کی تاروں بھری رات (اسٹاری نائٹ)، موتیوں کے جھمکوں والی لڑکی (گرل وِد پرل ایئرنگ) اور سنہری ڈاڑھی والا بوڑھا (اولڈ مین وِد گولڈن بیئرڈ) کے علاوہ اسپائیڈر مین کی ایک تصویر بھی شامل ہیں۔ اپنی تصاویر وہ فیس بُک اور انسٹا گرام پیجز کے ذریعے شیئر کراتی ہیں لیکن اب تک ان کے مداحوں کی تعداد بہت زیادہ نہیں ہوئی ہے۔ البتہ برینڈا کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا ہے اور امید ہے کہ جلد ہی ان کے مداحوں (فینز اینڈ فالوورز) بھی زیادہ ہوجائیں گے۔

فیس بِٹ سے اپنے ماسک کو ’ذہین‘ بنائیے

الینوئے: (ویب ڈیسک) امریکی سائنسدانوں نے ایک ایسا ننھا منا آلہ ایجاد کرلیا ہے جسے ماسک میں لگا کر سانس اور دل دھڑکنے کی رفتار معلوم کی جاسکتی ہے۔ اس آلے کو انہوں نے اسمارٹ واچ کے ذریعے صحت پر نظر رکھنے والے ’فٹ بِٹ‘ (FitBit) کی طرز پر ’فیس بِٹ‘ (FaceBit) کا نام دیا ہے۔ فیس بِٹ کی جسامت ایک چھوٹے سکّے جتنی ہے اور اسے کسی بھی این 95 ماسک میں ایک مقناطیس سے چپکایا جاسکتا ہے۔ اگرچہ اس کی بیٹری کئی دن تک کام کرتی ہے لیکن یہ اپنے پہننے والے کی سانسوں، جسمانی گرمی اور سورج کی روشنی تک سے خود کو چارج کرتی رہتی ہے؛ اور اس طرح اسے ایک بار چارج ہوجانے کے 11 دن بعد دوبارہ چارجنگ کی ضرورت پڑتی ہے۔ ’فیس بِٹ‘ میں سانسیں اور دھڑکنیں نوٹ کرنے والے حساسیے (سینسرز) نصب ہیں جو اپنی جمع کردہ معلومات فوری طور پر ایک مرکزی نظام کو بھیجتے رہتے ہیں۔ یہ نظام مصنوعی ذہانت استعمال کرتے ہوئے سانسوں اور دھڑکنوں کی رفتار کو صحت کی متعلقہ کیفیات میں تبدیل کرتا ہے اور اگر ان میں کوئی خلافِ معمول تبدیلی نوٹ کرتا ہے تو اس کی اطلاع بھی وہ فوراً ہی ایک عدد موبائل ایپ کے ذریعے اس فرد کو یا متعلقہ حکام کو دیتا ہے۔ سانسوں اور دھڑکنوں کے علاوہ ’فیس بِٹ‘ اس پر بھی نظر رکھتا ہے کہ ماسک ڈھیلا یا لیک تو نہیں ہوگیا۔ یہ آلہ نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی، الینوئے میں الیکٹریکل اور کمپیوٹر انجینئرنگ کے اسسٹنٹ پروفیسر، ڈاکٹر ہوزیاہ ہیسٹر اور ان کے ساتھیوں نے ایجاد کیا ہے جسے فی الحال اسپتالوں میں کام کرنے والے طبّی عملے پر کامیابی سے آزمایا جاچکا ہے۔

پراسرار اور عظیم ’کائناتی بلبلہ‘ جس میں ہمارا نظامِ شمسی بند ہے

میری لینڈ: (ویب ڈیسک) ماہرینِ فلکیات کی ایک عالمی ٹیم کا کہنا ہے کہ ہمارے نظامِ شمسی کے گرد عظیم الشان اور پراسرار ’کائناتی بلبلہ‘ اُن واقعات کے تسلسل کا نتیجہ ہے جو آج سے ایک کروڑ 40 لاکھ سال پہلے شروع ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ ماہرین تقریباً چالیس سال سے جانتے ہیں کہ ہمارے نظامِ شمسی کے گرد تقریباً 1,000 نوری سال وسیع علاقے کے اندر بہت کم ستارے ہیں جبکہ اس کے باہر نئے ستارے خاصی بڑی تعداد میں بن رہے ہیں۔ فلکیاتی اصطلاح میں یہ علاقہ ’لوکل ببل‘ جبکہ عوامی زبان میں ’کائناتی بلبلہ‘ کہلاتا ہے۔ نئی تحقیق میں امریکا، جرمنی، آسٹریا اور کینیڈا کے ماہرین نے حالیہ برسوں میں کیے گئے تفصیلی اور حساس فلکیاتی مشاہدات اور پیچیدہ کمپیوٹر سمیولیشنز کی مدد سے دریافت کیا کہ یہ ’کائناتی بلبلہ‘ 14 ملین (ایک کروڑ 40 لاکھ) سال پہلے ایک سپرنووا دھماکے سے بننا شروع ہوا تھا۔ سورج سے کئی گنا زیادہ کمیت والا کوئی ستارہ اپنی زندگی کے آخری حصے میں ایک شدید دھماکے سے پھٹتا ہے جس کے نتیجے میں بہت زیادہ توانائی، صدماتی لہریں اور اس ستارے کا مادہ چاروں طرف پھیل جاتے ہیں۔ یہی وہ دھماکہ ہے جسے ’سپرنووا‘ کہا جاتا ہے۔ 14 ملین سال پہلے سپرنووا کے نتیجے میں وجود پذیر ہونے والے اس کائناتی بلبلے کے بیرونی کناروں پر نئے ستارے بھی بڑی تعداد میں بننے لگے اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ البتہ، اس کے ساتھ ساتھ یہ بلبلہ مسلسل پھیلتا چلا گیا اور آج تقریباً 1,000 نوری سال جتنا وسیع ہوچکا ہے۔ تازہ تحقیق میں ماہرین نے نہ صرف اس کائناتی بلبلے کی پوری تاریخ معلوم کی ہے بلکہ اس کی ساخت کا تعین بھی کیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کائنات میں ایسے وسیع و عریض بلبلوں کی بڑی تعداد موجود ہوسکتی ہے لیکن اس کےلیے ہمیں مزید تحقیق کرنا ہوگی۔

فیصل آباد: ایکسائز حکام کی غفلت، گاڑیوں کی نمبر پلیٹوں کی سپلائی ایک بار پھر بند

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام کی غفلت کی وجہ سے گاڑیوں کے رجسٹریشن کارڈز اور نمبر پلیٹوں کی سپلائی کا سلسلہ ایک بار پھر سے بند ہو گیا جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ فیصل آباد میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام کی غفلت شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث بن گئی، گاڑیوں کے رجسٹریشن کارڈز اور نمبر پلیٹوں کی سپلائی کا سلسلہ ایک بار پھر سے روک دیا گیا ہے، گزشتہ چار سال سے نمبر پلیٹوں اور رجسٹریشن کارڈز کی سپلائی کا سلسلہ بند تھا جو چند ماہ قبل کچھ دنوں کیلئے بحال ہوا مگر دوبارہ سے انتظامی غفلت کی بھینٹ چڑھ گیا جس پر شہری انتظامیہ کو کوستے دکھائی دیتے ہیں۔ معاملے پر ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن احمد سعید کہتے ہیں کہ ورک لوڈ کی وجہ سے نمبرپلیٹوں اور رجسٹریشن کارڈز کی سپلائی کا سلسلہ متاثر ہورہا ہے جلد سسٹم میں بہتری لائی جائے گی۔ شہری کہتے ہیں کہ حکام کی جانب سے محض فیسوں کی کولیکشن کرتے ہوئے ریونیو بڑھانے پر زور دیا جارہا ہے جبکہ سائلین کے مسائل کے حل کیلئے کوئی بھی سنجیدہ اقدامات اٹھانے کو تیار نہیں ہے۔

ملک میں کورونا کا پھیلاؤ تیز، 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 7.36 فیصد ریکارڈ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح سات اعشاریہ تین چھ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 999 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 15 ہزار 834 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 567 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 50 ہزار 686، سندھ میں 4 لاکھ 94 ہزار 64، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 81 ہزار 996، بلوچستان میں 33 ہزار 682، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 437، اسلام آباد میں ایک لاکھ 10 ہزار 243 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 726 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 40 لاکھ 32 ہزار 951 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 ہزار 449 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 60 ہزار 407 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 675 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 7 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار 999 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 85، سندھ میں 7 ہزار 693، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 952، اسلام آباد میں 967، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 749 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔