All posts by Khabrain News

قومی اسمبلی نے منی بجٹ کثرت رائے سے منظور کرلیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں حکومت کامیاب ہوگئی، ایوان میں منی بجٹ کثرت رائے سے مںظور کرلیا گیا جب کہ اپوزیشن کی پیش کردہ تمام ترامیم مسترد ہوگئیں۔
حکومت کی جانب سے فنانس بل کی منظوری کے لیے طلب کردہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں فنانس بل پر بحث چوتھے دن بھی جاری ہے۔ آج ایوان میں وزیراعظم عمران خان بھی موجود ہیں۔ اجلاس میں ضمنی مالیاتی بل کی مرحلہ وار منظوری کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیراعظم کی آمد پر اپوزیشن نے نعرے بازی کی۔ وزیراعظم عمران خان ایوان میں پہنچے تو حکومتی ارکان نے ڈیسک بجاکر استقبال کیا جب کہ اپوزیشن ارکان نے چور چور کے نعرے لگائے جس پر حکومتی ارکان نے زور دار طریقے سے ڈیسک بجانے شروع کردیں تاکہ اپوزیشن ارکان کے نعرے اس شور میں دب جائیں۔
اجلاس کے دوران ضمنی مالیاتی بل میں ترامیم کے لیے اپوزیشن کی جانب سے پیش کردہ متعدد تحاریک کثرت رائے سے مسترد ہوگئیں۔
اپوزیشن کی جانب سے مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی، پی ٹی ایم کے رکن اسمبلی محسن داوڑ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور دیگر ارکان نے پیش کیں تاہم تمام ترامیم کثرت رائے سے مسترد ہوگئیں۔ محسن داوڑ نے زبانی رائے شماری کو چیلنج کر دیا تاہم اسپیکر قومی اسمبلی نے محسن داوڑ کی بات سنی ان سنی کردی۔ اپوزیشن ارکان پلے کارڈز لے کر کھڑے ہوگئے۔
پیپلز پارٹی کی ضمنی بجٹ پر ترمیم پر اسپیکر قومی اسمبلی کی زبانی رائے شماری ہوئی تاہم اپوزیشن نے زبانی رائے شماری کو چیلنج کردیا۔ اسپیکر نے ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والوں کو نشستوں پر کھڑا ہونے کا کہہ دیا، گنتی ہوئی تو حکومت کے ووٹ زیادہ نکلے۔
اپوزیشن کی ضمنی بجٹ پر عوام سے رائے لینے کے لیے دی گئی ترمیم بھی مسترد ہوگئی۔ اپوزیشن کی جانب سے ضمنی بجٹ کی شق نمبر تین کے لیے ترمیم پیش کی گئی کہ ضمنی بجٹ پر عوام سے رائے لی جائے۔
تجویز کے بعد اسپیکر نے ووٹنگ کرائی جس میں حکومت نے اپوزیشن کو شکست دے کر تجویز مسترد کردی۔ حکومت کو اس تجویز کے خلاف 168 ووٹ ملے جب کہ اپوزیشن حق میں 150 ووٹ حاصل کرسکی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایوان کو بتایا جائے کہ اس کی کیا ضرورت پیش آئی؟ سپلیمنٹری فنانس بل میں اتنا ٹیکس کبھی سامنے نہیں آیا، فنانس، بل کا اثر غریب آدمی پر آئے گا اور اس بل کے بعد بے پناہ مہنگائی آئے گی جب کہ تیل اور بجلی کی قیمتیں بھی ہر ماہ بڑھ رہی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیر خزانہ ایک طرف کہہ رہے کہ وہ روٹی، ڈبل روٹی کی ترامیم مان رہے ہیں، اگر وہ مان رہے ہیں تو پھر ہماری ترامیم کی مخالفت کیوں کر رہے ہیں؟ وزیرخزانہ یہ بھی کہتے ہیں انہیں سمجھ نہیں آتی کہ اپوزیشن کیوں شور مچا رہی ہے؟ ہم آپ کا کراچی گھر کا ایڈریس جانتے ہیں، جائیں عوام سے پوچھیں وہ کیوں شور مچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ عوام کے پاس نہیں آئیں گے تو ہم عوام کو آپ کے پاس لے آئیں گے اور آپ سے پھر پوچھیں گے مہنگائی کیوں؟ آپ اتنے ہی سنجیدہ ہیں تو اس آئی ایم ایف کے بجٹ کو مسترد کریں، ہمارے ساتھ آئیں ہم ان معاشی حالات سے عوام کو نکالیں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن کے اعتراضات پر حکومت کی جانب سے وزیر خزانہ کو جواب دینے کا کہا تاہم وزیر خزانہ شوکت ترین کو جواب دینے میں مشکل پیش آئی۔
شوکت ترین نے کہا کہ یہ صورتحال صرف تین سال کی وجہ سے نہیں ہوئی، یہ صورتحال گزشتہ تیس سال کی ہے، جو سابق حکومتیں رہی ہیں ان کا کام تھا کہ وہ اس وقت اقدام اٹھاتیں، میں اس سے زیادہ کوئی جواب نہیں دے سکتا۔
مزید اعتراضات پر شوکت ترین نے ارکان اسمبلی کو کہا کہ اپوزیشن والے کہتے ہیں کہ اتنا بڑا بل کیوں لے آئے، کیا واویلا مچا ہوا ہے کہ طوفان آگیا، بیکری اشیاء، دودھ، سولر پینلز اور لیپ ٹاپ پر ٹیکس نہیں لگا رہے، جب میں تقریر کروں گا تو آپ کو پتا چل جائے گا، حکومت ڈاکیومنٹیشن چاہتی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ دوستوں کا شور مچ رہا ہے کہ آئی ایم ایف نے برباد کر دیا اور ہماری خود مختاری پر سودے بازی ہورہی ہے، مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی تیرہ بار آئی ایم ایف کے پاس گئے، کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے تیرہ مرتبہ ملک کی خودمختاری کو داؤ پر لگایا۔
شوکت ترین نے کہا کہ حالات کے پیش نظر ہمارے پاس آئی ایم ایف کے پاس جانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا اور ہم مجبوراً آئی ایم ایف کے پاس گئے، ملکی برآمدات گزشتہ حکومت سے 50 فیصد زائد ہیں، رواں سال برآمدات 31 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی، کورونا کے باوجود معشیت ترقی کررہی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے جو ترمیم دی ہے منی بجٹ میں وہ بڑی اہم ہے، چھ ماہ پہلے وزیر خزانہ نے ایوان کو بریفنگ دی تھی کہ ملکی معیشت بہت بہتر ہوئی ہے، وزیر خزانہ نے جس جنت جس کا مشاہدہ ہمیں جون 2021ء میں کرایا تھا اسے کون سا اسکڈ میزائل لگا؟
احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں حکومت نے اپنے مخالفوں اور سرکاری افسروں کے خلاف جھوٹے کیس بنائے، اس وجہ سے آج فیصلہ سازی مفلوج ہو چکی ہے، پیٹرول مہنگا کرکے انہوں نے گاڑی والے کو موٹر سائیکل پر منتقل کردیا جب کہ موٹر سائیکل والے کو سائیکل پر منتقل کردیا۔

شوق سے آئی ایم ایف نہیں گئے، کیا پہلی حکومتیں نہیں گئیں؟شوکت ترین

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہےکہ شور مچ رہا ہے کہ آئی ایم ایف نے ہمیں برباد کر دیا، شوق سے آئی ایم ایف نہیں گئے، پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا پہلی حکومتیں آئی ایم ایف کے پاس نہیں گئیں؟
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ پہلی 2 حکومتیں آئی ایم ایف کے پاس گئیں، شورمچایاجارہاہےاسٹیٹ بینک کی خودمختاری گروی رکھ دی،ہم نے 32 ارب دینے تھے، وزیراعظم دوستوں کے پاس گئے لیکن اتنی رقم نہیں تھی، ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا،کورونا اس صدی کا سب سے بڑا بحران تھا،دنیا مانتی ہے پاکستان نے بہترین طریقے سے نمٹا۔
احسن اقبال نے کہا لوگ گاڑیوں سے موٹر سائیکل پر آ گئے ہیں، حقائق دیکھ لیا کریں، گاڑیوں کی ریکارڈ سیل ہوئی ہے،برآمدات ،درآمدات اور بچت کا گیپ ہے۔
شوکت ترین نے کہا کہ ملک ترقی کر رہا ہے، مہنگائی پوری دنیا میں ہے، ہم اپنے ٹیکس سسٹم کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،ہم غریب لوگوں کا بھی خیال رکھیں گے۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ، کامیاب پاکستان پروگرام سب ہماری حکومت کر رہی ہے،ہم جو کہہ رہے ہیں اس پر کھڑے ہیں، معیشت بہتر ہو رہی ہے،4فصلوں سے بمپر کراپ حاصل ہوئی۔
کورونا کے باوجود گروتھ 4 فیصد ہے،اس باراکانومی 5فیصدگروتھ کرے گی،رواں سال ایکسپورٹ 31بلین تک جائیں گی،ملک میں موٹرسائیکلوں کی ریکارڈسیل ہورہی ہے۔

پی ایس ایل 7 کا آفیشل ترانہ عاطف اسلم اور آئمہ بیگ گائیں گے، پی سی بی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم اور گلوکارہ آئمہ بیگ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے آفیشل ترانے میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ موسیقار عبداللہ صدیقی نے اس ترانے کو کمپوز کیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ آفیشل ترانہ آئندہ ہفتے ریلیز کیا جائے گااور ایونٹ سے قبل اور میچز کے دوران وینیوز پر بجایا جاتا رہے گا۔
پی سی بی کے مطابق یہ ترانہ پی ایس ایل 7 کے انعقاد پر شائقینِ کرکٹ کے جوش و جذبہ کی عکاسی کرتا ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر کو درپیش کووڈ 19 کی اس غیرمعمولی صورتحال کے دوران شائقینِ کرکٹ کیلئے تفریح کا باعث بنے گا۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ عاطف اسلم پاکستان سپر لیگ کا آفیشل ترانہ گنگنائیں گے جبکہ آئمہ بیگ نے گزشتہ ایڈیشن کا آفیشل ترانہ “گروو میرا” بھی گنگنایا تھا۔
نغمے کے پروڈیوسر عبداللہ صدیقی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا ترانہ تیار کرنا کسی بھی موسیقار کے لیے ایک خواب کی مانند ہوتا ہے، یہ اعزاز دینے پر پی سی بی کے مشکور ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عاطف اسلم اور آئمہ بیگ ، دونوں معروف گلوکار ہیں اور اس ترانے کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے پر انہیں فخر ہے۔
عبداللہ صدیقی نے کہا کہ انہوں نے ایک ایسا ترانہ تیار کرنے کی کوشش کی ہے جو کھیل کی روح کے مطابق ہو، یقین ہے کہ شائقین کرکٹ کو یہ ترانہ بہت پسند آئے گا۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل کے گزشتہ کچھ ایڈیشنز کے ترانوں پر مداحوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا تھا جبکہ ابتدائی ایڈشنز کے ترانوں کو جو مقبولیت ملی وہ اب تک کسی اور ترانے کو حاصل نہیں ہوسکی ہے۔

ڈکیتی کے دوران پوکیمون گیم کھیلنے والے پولیس افسران ملازمت سے برطرف

لاس اينجلس: (ویب ڈیسک) امریکا میں لاس انجیلس پولیس ڈیپارٹمنٹ کے دو افسران کو ڈکیتی کے دوران پوکیمون گیم کھیلنے کو ترجیح دینے پر ملازمت سے نکال دیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق لوئس لوزانو اور ایرک مشیل کو پولیس کی گاڑی میں ریکارڈنگ کے ذریعے پکڑا گیا۔ افسران کی جانب سے بدنظمی کے الزام کیخلاف دائر کی گئی اپیلوں کو بھی مسترد کردیا گیا۔
ریکارڈنگ میں دکھایا گیا کہ انہیں ڈکیتی کی اطلاع دی گئی تھی تاہم انہوں نے ڈیوٹی پر رہتے ہوئے موبائل فون پر گیم کھیلنے کو ترجیح دی۔ عدالتی ڈاکومنٹس میں بتایا گیا کہ میسی نامی ڈیپارٹمنٹ اسٹور میں ڈکیتی کی واردات ہورہی تھی۔ کال پر فوری حرکت میں آنے کے بجائے دونوں افسران اپنی گاڑی کو میسی ڈیپارٹمنٹ اسٹور سے دور لے گئے۔
افسران کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے ایسی کوئی کال ریسیو نہیں کی لیکن پولیس گاڑی میں نصب ویڈیو سسٹم کے ذریعے ان کا یہ دعویٰ غلط ثابت ہوا۔

جرمن صدر نے حکومت کے آمریت میں تبدیل ہونے کے دعووں کو مسترد کردیا

برلن: (ویب ڈیسک) جرمن صدر فرینک والٹر نے ایسے دعووں کو ‘بکواس’ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کوروناوائرس نے جرمن حکومت کو آمریت میں تبدیل کردیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جرمن صدر نے کہا کہ اس قسم کی باتیں قانون اور اور جمہوری حکومتی اداروں کے بےاحترامی کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کورونا لاک ڈاؤن کی مخالفت کرنے والے کارکنان کی جانب سے ایسی باتیں ہم سب پر ایک حملہ ہے۔
تاہم صدر نے اعتراف کیا کہ کورونا ویکسین لازمی قرار دیے جانے کے فیصلے پر کھڑے ہوئے تنازع کو سلجھانے کیلئے بات چیت کا آغاز کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا ان کی یہ ذمہ داری ہے کہ عوامی مسائل سے متعلق اس قسم کے اہم سوالات پر رائے عامہ جاننے کیلئے عوامی سطح پر بحث و مباحثے کا آغاز کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا ویکسین کو لازمی قرار دیے جانے کا فیصلہ دیگر قانونی امور سے مختلف ہے۔ اس کا حل جرمن حکومت اور پارلیمنٹ کو مل کر نکالنا ہوگا۔

شفقت محمود کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر تعلیم نے لکھا کہ بدقسمتی سے میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ کورونا کی علاماتیں معمولی ہیں اور میں خود کو ٹھیک محسوس کررہا ہوں۔
انہوں نے سارا وقت ماسک پہننے اور ضروری ہدایات پر عملدر آمد پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بہت جلد صحتیاب ہوجائیں گے۔

قومی اسمبلی اجلاس، منی بجٹ پر اپوزیشن کی ترامیم مسترد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ضمنی مالیاتی بل پر اپوزیشن کی ترامیم مسترد کر دی گئیں۔
قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے بھی شرکت کی۔ ان کی آمد پر ارکان اسمبلی نے ڈیسک بجا کر استقبال کیا جبکہ اپوزیشن نے وزیراعظم کیخلاف نعرے لگائے۔
اجلاس کے دوران ضمنی بجٹ پر پیپلز پارٹی نے ترمیم پیش کی جبکہ سپیکر نے ترمیم پر زبانی رائے شماری دی جسے اپوزیشن نے چیلنج کیا، سپیکر کی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والوں کو کھڑے ہونے کی ہدایت کی، سپیکر کی ہدایت پر پیپلز پارٹی کی ترمیم پر گنتی کی گئی ہے۔ ترمیم کےحق میں 150 جبکہ مخالفت میں 168 ووٹ پڑے۔
اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وزیرخزانہ شوکت ترین بتائیں منی بجٹ کی ضرورت کیوں پیش آئی، کیا ریونیومیں کمی یا اخراجات بڑھ گئے ہیں، عوام پر 350ارب کا بوجھ ڈالاجائے گا۔ ہرماہ پٹرول اوربجلی مہنگی کی جارہی ہے۔
شاہد خاقان عباسی کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ یہ ٹیکس کا طوفان نہیں ہے، 343 ارب میں سے 200 ارب ریفنڈ ہو جائیں گے۔ یہ ٹیکس نہیں یہ معیشت کی ڈاکومینٹیشن ہے۔ سب کو معلوم ہو گا کس نے کتنا کمایا، واویلا مچا رہے ہیں کہ غریب تباہ ہو گیا۔
اجلاس میں رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے کہا کہ علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر کیوں جاری نہیں ہوئے، اپوزیشن نے مشترکہ طور پر پروڈکشن آرڈر کیلئے درخواست دی تھی، آپ نے وزیرستان کو ایوان میں حق سے محروم رکھا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ 6ماہ قبل وزیر خزانہ نے ایوان میں کہا تھا کہ ہم نے ملکی معیشت کو بچا لیا ہے۔ موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا، پیٹرول مہنگا کر کے انہوں نے گاڑی والے کو موٹرسائیکل پر منتقل کر دیا، حکومت نے طبی آلات پر بھی ڈیوٹی لگا دی، وزیرخزانہ کہہ رہےتھے یہ بل ناگزیرتھا۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں انٹرنیٹ کی سروس متاثر

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل سب میرین میں خرابی کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر میں انٹرنیٹ کی سروس متاثر ہوگئی ہے، جس کی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بھی تصدیق کی ہے۔
بحر ہند کے ایک مقام پر بین الاقوامی سب میرین کیبل ایس ایم ڈبلیو 4 میں خرابی پیدا ہوئی جس کی وجہ سے دنیا بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار کم ہوگئی۔
پی ٹی اے نے سب میرین کی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے پاکستانی صارفین کو بھی انٹرنیٹ سپیڈ کی کمی یا سروس متاثر ہونے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پی ٹی اے کی جانب سے صارفین کو بلا تعطل انٹرنیٹ خدمات کی فراہمی اور ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سسٹم میں اضافی بینڈ وتھ کو شامل کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق بینڈ وتھ سسٹم میں شامل کرنے کے ساتھ انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے دیگر اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ سروس کو جلد از جلد مکمل بحال کیا جائے۔ پی ٹی اے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اس حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے مطلع کیا جا ئے گا۔

چند دن کی وزارتِ عظمی کی خاطر نشانِ عبرت بن جانا گھاٹے کا سودا ہے: مریم

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ چند دن کی وزارت عظمی کی خاطر نشانِ عبرت بن جانا گھاٹے کا سودا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے لکھا کہ عمران خان صاحب کی اپنی جماعت وزیراعظم ہوتے ہوئے انکے ساتھ جو سلوک کر رہی ہے، جھوٹے،سازشی اور ظالم شخص کا یہی انجام ہوتا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید لکھا کہ یہی اللّہ کا نظام ہے جس پر دنیا چلتی ہے۔ چند دن کی وزارت عظمی کی خاطر جرائم سے اپنے ہاتھ رنگ لینا اور نشانِ عبرت بن جانا گھاٹے کا سودا ہے۔ یہ ابھی صرف شروعات ہے۔

افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے فوری کاوشوں کی ضرورت ہے: آرمی چیف

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے عالمی برادری کی فوری کاوشوں کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی کی صورتحال، افغانستان اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی ناظم الامور نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستانی کردار، کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے عالمی برادری کی فوری کاوشوں کی ضرورت ہے۔