All posts by Khabrain News

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ، پاکستان کے2 بولرزٹاپ 10 میں شامل

دبئی: (ڈیلی خبریں) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) نے ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی۔ پاکستان کے 2 بولرزٹاپ 10 میں شامل ہیں۔
آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بولرز کی فہرست میں شاہین شاہ آفریدی اورحسن علی ٹاپ 10 بولرزمیں شامل ہیں۔
بولرز کی درجہ بندی میں پیٹ کمنز پہلے، روی چندرن ایشون دوسرے، کائیل جمیسن تیسرے، شاہین شاہ آفریدی چوتھے، کاگیسو ربادا پانچویں، جیمز اینڈرسن چھٹے، ساتویں جوش ہیزل ووڈ آٹھویں، نیل ویگنر نویں اور حسن علی دسویں نمبر پر ہیں۔
۔بیٹرز کی رینکنگ میں مارنس لبوشین کانمبر پہلا ہے۔ جو روٹ دوسری،سٹیون اسمتھ تیسری،کین ولیسن چوتھی،روہت شرما پانچویں،ڈیموتھ کورونا رتنے چھٹی، ڈیوڈ وارنر ساتویں،بابر اعظم آٹھویں، ویراٹ کوہلی نویں اور ڈین ایلجر دسویں پوزیشن پر ہیں۔ فواد عالم17ویں، عابد علی19 ویں اور اظہر علی 23 ویں نمبر پر ہیں۔

شاہد آفریدی نے اشنا شاہ کا دل کیسے جیتا، اداکارہ نے بتا دیا

کراچی: (ڈیلی خبریں) پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی سے اتفاقیہ ملاقات کا تجربہ مداحوں کے ساتھ شیئر کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اشنا شاہ نے لکھا کہ انہوں نے شاہد آفریدی کے ساتھ ایک پرواز میں سفر کیا۔ اداکارہ نے کہا کہ پاکستان کے بڑے اسٹار کی عاجزی سے کافی متاثر ہوئی۔
اشنا شاہ نے کہا کہ ملاقات میں شاہد آفریدی نے میری حوصلہ افزائی کی اور مجھے دعائیں بھی دیں، شاہد آفریدی ہر اس شخص اور خاص طور پر بچوں سے خوشگوار طریقے سے ملے جو ان سے ملاقات کا خواہش مند تھا۔
اداکارہ نے ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ ’لالا نے دل جیت لیا۔‘

ارجن کپور اور ملائکہ اروڑا نے راہیں جدا کرلیں

ممبئی: (ڈیلی خبریں) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکار ارجن کپوراور ملائکہ اروڑا نے 4 سال بعد راہیں جدا کرلیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ارجن کپور اور ملائکہ اروڑا گزشتہ 4 برسوں سے ایک دوسرے کے ساتھ تھے۔ تاہم اب دونوں نے اپنے دیرینہ تعلق کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک بھارتی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 6 روز سے ملائکہ اپنے گھر سے باہر نہیں آئی ہیں۔ ایسا لگتا ہے انہوں نے خود کو گھر میں بند کرلیا ہے۔ میڈیا میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ارجن کپور سے تعلق ختم کرنے کے بعد ملائکہ اروڑا بہت زیادہ دکھی ہیں اس لیے وہ گھر سے باہر نہیں آرہی ہیں۔
وہیں دوسری جانب ارجن کپور بھی گزشتہ کئی روز سے ملائکہ سے ملنے ان کے گھر نہیں گئے ہیں۔ تین روز قبل وہ اپنی بہن ریحاکپور کے گھر ڈنر پر گئے تھے۔ ریحا کپور اور ملائکہ اروڑا کے گھر بہت قریب ہیں لیکن ارجن کپور، ریحا کپور کے گھر سے ڈنر کرنے کے بعد ملائکہ اروڑا سے ملنے نہیں گئے۔ دونوں ایک دوسرے کو مکمل طور پر نظر انداز کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ ملائکہ اروڑا نے 1998 میں سلمان خان کے بھائی ارباز خان سے شادی کی تھی جس سے ان کا ایک بیٹا ہے۔ بعد ازاں اس شادی کا اختتام 2016 میں ہوا تھا۔ دونوں میں علیحدگی کی وجہ بھی ارجن کپور کو ہی قرارد یا جارہا تھا۔ لیکن بہت عرصے تک ارجن اور ملائکہ نے اپنے رشتے کو پبلک نہیں کیا تھا۔
بعد ازاں دونوں نے 2019 میں اپنے تعلق کی تصدیق کردی تھی۔ میڈیا میں ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور دونوں کو عمر کے درمیان فرق کی وجہ سے کئی بار تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاچکا ہے۔

کم میک اپ کرنے کے مشورے پر جنت مرزا کا ایمن خان کو جواب

کراچی: (ڈیلی خبریں) معروف پاکستانی ٹک ٹاکر جنت مرزا کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ غصے میں لوگوں کو اپنے کام سے کام رکھنے کامشورہ دیتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔
چند دن پہلے ایمن خان کے حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو کا ایک مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں میزبان نے ان سے سوال پوچھا تھا کہ آپ ٹک ٹاکر جنت مرزا کو کیا مشورہ دیں گی؟ ایمن خان نے فوراً جواب دیا تھا ’’جنت کم میک اپ کیا کرو‘‘۔
ایمن خان کی یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹک ٹاکر جنت مرزا نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ کسی کا بھی نام لیے بغیر کہہ رہی ہیں کہ آپ کو کسی کی بھی زندگی میں دخل اندازی کرنے کا کیا حق ہے؟
اس ویڈیو کے ساتھ جنت نے کیپشن لکھا ’’جب کوئی اپنے چہرے پر بہت زیادہ میک اپ اور سرجری کروانے کے بعد آپ کو کہے کہ میک اپ نہ کرو‘‘۔
جنت مرزا نے ویڈیو میں کہیں بھی ایمن خان کا نام تو نہیں لیا تاہم سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ خاموش پیغام ایمن خان کو ہی دیا ہے۔

مشہور تاریخی پینٹنگ 717 گیگا بائٹ کے ڈجیٹل کینوس پر منتقل

ایمسٹر ڈیم، ہالینڈ: (ڈیلی خبریں) شاید آپ نے مشہور یورپی مصور ریمبراں کا نام سنا ہوگا۔ ان کی ایک شاہکار پینٹنگ کا نام نائٹ واچ ہے جس میں رنگ، روشنی اور صورتحال کا خوبصورت امتزاج پیش کیا گیا ہے۔ اب اس کی انتہائی تفصیلی ڈجیٹل تصویر پیش کی گئی ہے جس کا حجم 717 گیگابائٹ ہے۔
اس طرح کسی بھی یورپی مصور کی بنائی گئی سب سے تفصیلی ڈجیٹل کاپی ہے۔ یہ پینٹنگ ایمسٹرڈم کے مشہور میوزیم میں رکھی ہے جسے دیکھنے کے لیے لوگوں کو تانتا بندھا رہتا ہے۔
1642 میں بنائی گئی اس پینٹنگ میں اس دور کی زندگی دیکھی جاسکتی ہے جس میں شہر کا حاکم بھی نمایاں ہے۔ اس تخلیق کو نائٹ واچ کا نام دیا گیا تھا۔
یہ تصویر 717 گیگا پکسل کی ہے اور اس کے بارے میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ کسی مشہور پینٹر کی یہ سب سے تفصیلی اور وضاحتی ڈجیٹل تصویر بھی ہے۔ اس کے لیے لگ بھگ ایک ایک گوشے 8439 انفرادی تصاویر لی گئی ہے۔ ہر تصویر 100 میگاپکسل کی ہے۔
جب تصویر کے انفرادی ٹکڑے بن گئے تو انہیں کمپیوٹر الگورتھم کی وجہ سے جوڑا گیا جس کے بعد 717 ارب پکسل کا ایک وسیع کینوس بن گیا۔ اس طرح تصویر کے ایک ایک گوشے کو زوم کرکے دیکھا جاسکتا ہے۔ لیکن ماہرین کے مطابق جب شائقین اسے دیکھیں گے تو وہ فنکار کی مہارت کے معترف ہوجائیں گے۔ اس طرح رنگوں کے ٹکڑے اور دیگر تفصیلات خردبینی انداز میں سامنے آتی ہیں۔
ڈجیٹل عکس نگاری کے لیے خصوصی کیمرے اور آلات بنائے گئے ہیں جو اس شاہکار کو مزید تفصیل سے دکھاتے ہیں۔

چاند پر دکھائی دینے والی ’پراسرار جھونپڑی‘ کی اصلیت معلوم ہوگئی

بیجنگ: (ڈیلی خبریں) گزشتہ ماہ چین کی خلائی گاڑی ’یُوٹو 2‘ نے چاند پر ایک پراسرار چیز دور سے دیکھی تھی جو کسی چوکور جھونپڑی کی طرح نظر آتی تھی۔ اب مزید قریبی تصاویر سے معلوم ہوا ہے کہ وہ کوئی جھونپڑی نہیں بلکہ ایک پتھر ہے۔
چینی خلائی ایجنسی کے سائنسدانوں نے اسے مذاقاً ’پراسرار جھونپڑی‘ کا نام دیتے ہوئے کہا تھا کہ دیومالائی کہانیوں کا ’جیڈ خرگوش‘ اسی جھونپڑی میں رہتا ہے۔
اگرچہ یہ سب صرف مذاق تھا لیکن کچھ لوگوں نے اسے اتنی سنجیدگی سے لیا کہ وہ ’چاند پر خلائی مخلوق کا ٹھکانہ دریافت‘ جیسے دعوے بھی کرنے لگے۔
اس ’پراسرار جھونپڑی‘ کی حقیقت جاننے کےلیے ’یوٹو 2‘ روور کو آہستہ آہستہ اس کی سمت بڑھایا گیا جو روور سے اندازاً 262 فٹ دور تھی۔
چاند گاڑی نے ہر روز صرف چند فٹ فاصلہ طے کیا کیونکہ یہ سفر بہت احتیاط طلب تھا۔ بالآخر تقریباً ایک مہینے بعد یہ ’پراسرار جھونپڑی‘ کے نزدیک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔
اب ’یوٹو 2‘ چاند گاڑی نے اس ’پراسرار جھونپڑی‘ کی مزید تصاویر جاری کی ہیں جو خاصی قریب سے کھینچی گئی ہیں۔ ان سے معلوم ہوا ہے کہ یہ صرف ایک معمولی پتھر ہے جو نہ جانے کب سے وہاں پڑا ہوا ہے۔
اور تو اور، قریب سے دیکھنے پر یہ پتھر کسی بھی زاویئے سے جھونپڑی جیسا دکھائی نہیں دیتا۔
غالباً بہت زیادہ فاصلے اور کیمرے میں دھندلاہٹ کی وجہ سے ابتدائی تصویروں میں یہ پتھر ایک جھونپڑی جیسا دکھائی دے رہا تھا حالانکہ حقیقت اس سے بالکل ہی مختلف ہے۔
غرض چاند پر چرخہ کاتنے والی بڑھیا کی طرح ’پراسرار جھونپڑی‘ کا معاملہ بھی بالآخر اپنے اختتام کو پہنچا۔

امریکی ڈالر مزید سستا

کراچی: (ڈیلی خبریں) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں تنزلی آنے لگی، امریکی کرنسی کی قدر 40 پیسے گراوٹ کے بعد 176 روپے 63 پیسے سے کم ہو کر 176 روپے 23 پیسے ہو گئی ہے۔

سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد تیزی

کراچی: (ڈیلی خبریں) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 35.12 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 45916.25 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.08 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 12 کروڑ 53 لاکھ 11 ہزار 623 شیئرز کا لین دین ہوا۔

کوئٹہ: ینگ ڈاکٹرز اور پولیس میں جھڑپ، 20 ڈاکٹر گرفتار، احتجاجا شعبہ حادثات بند کرنے کی دھمکی

کوئٹہ: (ڈیلی خبریں) کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹروں اور پولیس کے درمیان جھڑپ کے دوران 20 ڈاکٹروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ احتجاجا شعبہ حادثات کو بھی بند کرنے کی دھمکی دے دی۔
کوئٹہ کے سول ہسپتال سے ینگ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکس اسٹاف ایسوسی ایشن نے احتجاجی ریلی نکالی اور زبردستی پولیس کی جانب سے کھڑی کی گئیں رکاوٹیں ہٹا کر ریڈ زون کی طرف مارچ شروع کر دیا، انھیں روکنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔
اس دوران ڈاکٹروں اور پولیس کے درمیان دھکم پیل ہوئی، جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کر دیا اور مشتعل ڈاکٹروں کو گھیسٹ کر پولیس وین میں گرفتار کر کے ڈال دیا۔ گرفتار ڈاکٹروں کے ساتھیوں نے انسکمب روڈ پر دھرنا دے دیا جبکہ سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسی سروس کا بھی بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا جو بعد میں واپس لے لیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ 20 ساتھیوں کو گھیسٹ کر وین میں ڈالا گیا ہے، جس کے خلاف احتجاجا دھرنا دیا ہے۔

اپوزیشن ساڑھے تین سال سے حکومت کے جانے کی روز نئی تاریخ دیتی ہے: عمران اسماعیل

کراچی: (ڈیلی خبریں) گورنر سندھ عمران اسمائیل کا کہنا ہے کہ اپوزیشن ساڑھے تین سال سے کوئی مارچ نہیں کر پائی، حزب اختلاف حکومت کے جانے کی روز نئی تاریخ دیتی ہے، رضا باقر کو ہر شخص نے شک کی نظر سے دیکھا، کہا گیا یہ آئی ایم ایف کے ایجنٹ ہیں لیکن وقت نے ثابت کیا کہ گورنر اسٹیٹ بینک کی تعیناتی کا فیصلہ درست تھا۔
کراچی میں فیوچر سمٹ کانفرنس سے خطاب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کرپشن نے پاکستان کے سسٹم کو تباہ کیا، شہباز شریف کے کلرک کے اکاونٹ سے 4 ارب روپے نکل آتے ہیں اور وہ کہتے ہیں مجھے کیا پتا، تاریخ پر تاریخ آتی ہے کہ اب حکومت جا رہی ہے، ان اعلانات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مجروع ہوتا ہے۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر کام پر شک کرنے کی عادت ہے، گورنر اسٹیٹ بینک کی تعیناتی کے فیصلے پر بھی شک کیا گیا۔
تقریب سے خطاب میں گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ حکومت کے اخراجات آمدن سے زیادہ ہیں، کورونا کے باوجود معیشت بہتر رہی، معاشی چیلنجز کے باعث عالمی اداروں کے آگے ہاتھ پھیلانا پڑا، ملک میں کورونا کے اثرات دیگر ممالک کے مقابلے میں کم رہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت درآمدات پر منحصر کرتی ہیں، عالمی سطح پر مہنگائی کا اثر ملک پر بھی پڑ رہا ہے، ہمیں برآمدات اور بچت کی شرح کو بڑھانا ہے۔