پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین اپنی ہی حکومت پر برس پڑے۔
سانحہ مری پر اپنے ٹوئٹ میں عامر لیاقت نے لکھا کہ ویڈیو میکنگ ایکسپرٹ وزیراعلیٰ جناب عثمان بزدار مری کو ضلع بنانے کے بجائے اس کا نام ہی اگر بدل دیتے تو آنے والے دنوں میں مرنے والوں کے لیے یہ نہ کہا جاتا کہ مری میں مرے۔
عامر لیاقت نے لکھا کہ سانحہ مری پر اپنے ایک اہم ساتھی رکن کی تقریر سن کر دکھی ہو گیا، اجلاس میں بیٹھنے کا دل نہیں چاہ رہا، نہ جانے اپنی غلطیاں مان لینے میں کیا حرج ہے؟
انہوں نے مزید لکھا کہ مری میں صرف افواج پاکستان نے ریسکیو آپریشن میں اپنا عظیم روایتی کردار ادا کیا، باقی سب شہبازوبوزدار!! شہباز شریف بولیں مگر ماڈل ٹاؤن نہ بھولیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے شاہ رخ جتوئی کے معاملے پر بھی سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔
اپنے ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ سندھ میں چور اور نامراد حکومت نے قمر الاسلام اسپتال میں ۸ ماہ تک شاہ رخ جتوئی المعروف قاتلِ شاہ زیب کو علاج کی غرض سے یا تو چپ چاپ بھیجا یا پھر چپکے سے آنکھیں بند کرلیں، مگر ثابت ہوگیا جیسے حکمران ویسی انتظامیہ۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے نئے بیٹے مرتضیٰ وہاب کم از کم اپنی والدہ کا چہرہ بنیں اور مذمت کریں
All posts by Khabrain News
سانحہ مری، قومی اسمبلی اجلاس میں فواد چودھری کی شہباز شریف پر تنقید
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے قومی اسمبلی میں خطاب کے بعد قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بنا پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کی قومی اسمبلی میں تقریر کے بعد خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ خیال تھا سانحہ مری پریکجہتی کا ماحول پیدا کریں گے، بدقسمتی سے ایسے لیڈرجعلی طریقے سے پیدا ہوتے ہیں، 30، 30 سال حکومتیں کر کے یہ لوگ پھر بھی لیڈرنہیں بن سکے، بونے ہیں، ان کے قد نہیں بڑھ ہوسکتے، کوئی حیثیت نہیں، قومی اسمبلی میں فواد چودھری نے شور کرنے والے اپوزیشن اراکین کو ’’چمچے، کھڑچھے قرار دیتے ہوئے کہا کہ شریف فیملی اپنے محلات نہ بناتی تو آج ہمیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتے، شہباز شریف نے حادثے پر شعبدہ بازی کی لیکن کہنے کو کچھ نہیں تھا۔ سانحہ مری پرہرآنکھ اشکبارہے، یہ چھوٹے دل کے لوگ ایوان میں آگئے ہیں، ہمارے ورکرزریسکیوکام کر رہے تھے، وہاں (ن) لیگ کا ایک ایم این اے مری نہیں گیا، ایک لاکھ 64 ہزارگاڑیاں مری میں داخل ہوئیں، 24 گھنٹے کے اندر ریسکیو کام کو مکمل کیا گیا۔ شہبازشریف کی طرف سے سانحہ مری پر طنز کے جواب پر فواد چودھری نے لیگی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لاش پر لاش گری، نیند نہ ٹوٹی تیری، حاکم وقت تیری دیدہ دلیری کوسلام! انہوں نے کہا کہ آج عدالت سے چھٹی لیکر ایوان آئے تھے، مجھے خیال تھا آج وہ لیڈرکی طرح خطاب کریں گے لیکن شہباز شریف نے ثابت کیا وہ شعبدہ بازہیں۔ اپوزیشن لیڈرکویاد کرانا چاہتا ہوں جب یہ وزیراعلیٰ تھے تو سو بچے آکسیجن نہ ملنے پر جان سے گئے، ان کے دور میں آگ لگنا معمول کی بات ہے، ماڈل ٹاؤن میں فائرنگ ہو رہی تھی، بادشاہ سلامت نے فرمایا ٹی وی پر دیکھا فائرنگ ہو رہی ہے، روک دو، ان کی تمام ترقی اپنے گھروں کے اردگرد ہوئی۔
وفاقی وزیر شیریں مزاری کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا
وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما اور وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ڈاکٹر کی ہدایت پر خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ خیال رہے کہ کچھ روز قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا دوسری مرتبہ جبکہ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں صدر نے کہا تھا کہ میں نے کورونا کی جانچ کے لئے ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا ہے، انہوں نے بتایا کہ 4سے 5دن سے گلے میں خراش تھی، دو راتیں پہلے چند گھنٹے تک ہلکا سا بخار محسوس ہوا۔ کوئی دوسری علامات نہیں ہیں۔
سانحہ مری پر سیاست کی مذمت کرتے ہیں: بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سانحہ مری کو بھولنے نہیں دیں گے، حکومت، وزرا کی طرف سے سیاست کرنے پر مذمت کرتے ہیں، پوری اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ سانحہ مری پرجوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔ قومی اسمبلی میں سانحہ مری پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ ایک وزیرنے سوشل میڈیا پرکہا لاکھوں لوگ مری پہنچے ہیں، ایک وزیرسوشل میڈیا پرجشن منارہا تھا، اسی وزیرنے پھرکہنا شروع کردیا سیاحوں کونہیں آنا چاہیے تھا، ایسی منافقت پاکستان کی تاریخ میں نہیں دیکھی۔ وزرا کے ایسے بیانات کوئی نئی بات نہیں ہے، جب بھی کوئی حادثہ ہوتا ہے تویہ وکٹیم پربلیم کرتے ہیں، وزیراعظم نے ہزارہ واقعے پرکہا تھا کہ لاشوں سے بلیک نہیں ہوں گے انہوں نے کہا کہ مری میں جاں بحق ہونے والے 23 افراد کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہیں، افسوس مری میں جو مدد کرنا چاہیے تھی نہیں کر سکے، جب وزیراعظم کے خاندان کا ایک فرد چترال میں پھنسا ہوا تھا تو ہر قدم اٹھایا گیا، مری وزیراعظم کے گھرسے دوگھنٹے دورتھا، کوئی تو نوٹس لیتا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سانحہ مری پر حکومت، وزرا کی طرف سے سیاست کرنے پر مذمت کرتے ہیں، یہ سیاست کرنے سے پہلے اپنی ذمہ داریوں کوسمجھیں۔ مری حادثے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب میٹنگ میں مصروف تھے، جب انتظامیہ، افواج نے مری کو کلیئرکیا تو وزیراعلیٰ نے فضائی دورہ کیا، اگر ہمارا وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب عوام کا حقیقی نمائندہ ہوتے تو فوراً مری پہنچتے۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان تو مہنگا پاکستان بن گیا ہے، ایک چیز جو سستی ہوئی ملک کے عوام کا خون سستا ہوچکا ہے، سانحہ مری میں 23 لوگ شہید ہو چکے ہیں، سانحہ مری کو بھولنے نہیں دیں گے، سپیکرسے اپیل کرتے ہیں سانحہ مری پرجوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ٹویٹ میں لکھا کہ سیاحوں کو موسم کا پتا کرنا چاہیے تھا، اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ سانحہ مری پرجوڈیشل انکوائری کرائی جائے، سانحہ مری،ذمہ داران کے خلاف ایکشن لیا جائے، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہمیں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے بہترانتظامات کرنا ہوں گے۔
نجی سیکٹر کا 1 ہزار ارب کا منافع مضبوط معاشی نمو کی عکاس ہے: وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نجی سیکٹر میں 1 ہزار ارب سے زائد کا منافع مضبوط معاشی نمو کی عکاسی کرتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ 2021 میں نجی سیکٹر نے 1ہزار 138 ارب روپے کا منافع کمایا اور گزشتہ سال میں پرائیویٹ سیکٹر کا منافع 10 سالوں سے سب سے زیادہ تھا ۔
وزیراعظم نے مزید لکھا کہ یہ ملک میں سرمایہ کاری اور مضبوط معاشی نمو اور پرائیویٹ سیکٹر کے حکومت پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے ۔
عذیربلوچ کیخلاف 6 مقدمات کی سماعت، گواہ پیش نہ کرنے پر عدالت برہم
لیاری گینگ وارکےسرغنہ عذیربلوچ کےخلاف 6 مقدمات کی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے گواہ پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
کراچی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جیل کمپلیکس کی عدالت میں لیاری گینگ وارکےسرغنہ عذیربلوچ کےخلاف 6 مقدمات کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے سماعت کے دوران استغاثہ کو آئندہ سماعت پر گواہوں کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی، عدالت نے تمام مقدمات کی سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی۔
پولیس کے مطابق عذیر بلوچ پر تمام مقدمات میں پولیس مقابلے کا الزام ہے، مقدمات لیاری کے مختلف تھانوں میں درج ہیں ، جبکہ عذیر بلوچ کے وکیل کا کہنا تھا کہ مقدمات میں دیگر ملزمان پہلے ہی بری ہوچکے ہیں۔۔
استغاثہ کی جانب سے گواہ پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
وقار یونس کی سرجری، دعاؤں کے طلبگار
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر اور باؤلنگ کوچ وقار یونس نے اپنی سرجری کی کامیابی کے لئے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کردی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے وقار یونس نے چاہنے والوں کو بتایا کہ وہ معمولی کی آنکھ کی سرجری کے لئے جارہے ہیں جس کے لئے مداحوں کی دعاؤں کا طلبگار ہوں۔
خیال رہے کہ بوریوالا ایکسپریس کے نام سے کرکٹ کی دنیا میں اپنی دھاک بٹھانے والے سابق فاسٹ باؤلر وقار یونس نے گزشتہ سال ستمبر میں قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔
سانحہ مری، وزیراعظم مستعفی ہوں اور جوڈیشل کمیشن بنایا جائے: شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مری سانحہ پر وزیراعظم عمران خان استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، واقعہ پر کمیٹی نہیں جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا، اجلاس کے دوران سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی اس دوران اسد قیصر نے لیگی صدر کو پہلے بات کرنے کی دعوت دی۔ اس موقع پر قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ 23افراد کی موت کی سوفیصد حکومت ذمہ دارہے، قوم انہیں معاف نہیں کرے گی جب بھی موقع آیا حساب لے گی۔ محکمہ موسمیات نے شدید برف باری پرالرٹ کردیا تھا، حکومت نے بندوبست کیوں نہیں کیے، ایکسپریس وے پرلوگوں کو روکنے کے لیے کیا انتظامات کیے؟، کیا حکومت نے ریڈ الرٹ جاری کیا جس کی شدید ضرورت تھی۔ برف ہٹانے والی مشینری موجود نہیں تھی، لوگ بیچارے آسمان کی طرف دیکھتے رہے، مری میں کوئی پرسان حال نہیں تھا، یقیننا موت اللہ کی طرف سے ہے، یہ ایک بدترین نااہلی، نالائقی، بدانتظامی تھی۔ لیگی صدر کا کہنا تھا کہ ہزاروں لوگ پھنسے رہے، کوئی پوچھنے والا نہیں تھا، 20 گھنٹے تک کوئی مدد کونہ پہنچا، کیا یہ کوئی قدرتی حادثہ تھا یا انسانی غلطی تھی۔ مری میں کوئی انتطام نہیں تھا۔ ایک وزیرنے کہا کیا شانداراکانومی چل رہی ہے، وزیرنے کہا لاکھوں لوگ مری جارہے ہیں ہوٹلوں میں جگہ نہیں مل رہی، جب حادثہ ہوا تو ’’ایک نیرو اسلام آباد میں سویا ہوا تھا، دوسرا نیرو پنجاب کے بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کرنے میں مصروف تھا۔ شہباز شریف نے کہا کہ خود نمائی کے لیے بات نہیں کرنا چاہتا، مری جیسے علاقوں میں ہرسال ایشوزہوتے ہیں جنہیں حل کیا جاتا ہے، مری میں (ن) لیگ کی حکومت میں اربوں کی مشینری منگوائی، ہماری حکومت نے مری کے حوالے سے ایس او پیز بنائے تھے۔ پورے ایوان کی طرف سے مری میں دلخراش واقعے کی مذمت کرتا ہوں، مری میں20گھنٹے ہزاروں لوگ گاڑیوں میں پھنسے رہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا ہے کہ مری سانحہ پر وزیراعظم عمران خان استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، ساڑھے تین سالوں میں انہوں نے اپوزیشن کو دیوارسے لگایا، اپوزیشن نے ان کی چیرہ دستیوں کا حوصلے سے مقابلہ کیا، سانحہ مری، سرکاری افسران پرمشتمل کمیٹی بنانا ایک اورسنگین مذاق ہے، قصورواقعے پر تو یہ سارے وہاں پہنچے تھے کہتے تھے، جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، سرکاری افسران کی کمیٹی ایسا نہیں ہو گا، وہ جوکل کہتے تھے لمبے بوٹ پہن کرشوبازی کرتے تھے آج آئینہ ان کو چہرہ دکھا رہا ہے، بڑا بول نہیں بولنا چاہیے، قوم کی خدمت سچے دل سے کی جاتی ہے
سعودی عرب کی اسلامی دنیا میں منفرد حیثیت ہے: آرمی چیف
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی اسلامی دنیا میں منفرد حیثیت ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سعودی وزیر دفاع کے ملٹری مشیرمیجر جنرل طلال عبداللہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ افغانستان کی صورتحال،باہمی تعاون پر بھی بات کی گئی۔ سعودی مشیر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی صورتحال، سرحدی انتظام اور خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے بارے میں جلد حکمت عملی سے انسانی المیہ سے بچا جا سکے گا۔ہمسایہ ملک میں انسانی المیہ سے بچنے کے لیے اداراہ جاتی بنیاد پر جلد حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب سے تاریخی اور برادرانہ تعلق کو بڑی اہمیت دیتا ہے، سعودی عرب کی اسلامی دنیا میں منفرد حیثیت ہے۔
آنگ سان سوچی کو کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی پر 4 سال قید
میانمار کی ملٹری کورٹ نے فوجی بغاوت کے بعد معزول کی گئیں حکمراں آنگ سان سوچی کو دو الزامات پر مزید 4 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار میں فوجی عدالت نے معزول حکمراں نوبل انعام یافتہ 72 سالہ آنگ سان سوچی کو 4 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
فوجی عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ میانمار کی حکمراں نے اپنے لیے واکی ٹاکی برآمد کیا اور غیر قانونی طور پر استعمال کیا جب کہ وہ کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی کی بھی مرتکب پائی گئیں۔
یہ واکی ٹاکی یکم فروری کو فوج بغاوت میں آنگ سان سوچی کی گرفتاری کے وقت ان کے گھر سے برآمد ہوا تھا۔ اقتدار پر قبضہ کرنے والے آرمی چیف نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔
میانمار میں فوجی بغاوت کے بعد سے کئی شہروں میں تاحال مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جسے طاقت سے کچلنے کے حکم کے بعد سیکڑوں مظاہرین کو قتل کیا جا چکا ہے۔
حال ہی میں ایک ایسی جلی ہوئی گاڑی بھی برآمد ہوئی ہے جس میں بچوں اور خواتین سمیت 30 سے زائد مسخ شدہ لاشیں موجود تھیں۔