All posts by Khabrain News

پنجاب میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 2 ، ایم 3 اور ایم 11 بند

پنجاب میں شدید دھند کےباعث مو ٹر وے ایم 2 ، ایم 3 کو مختلف مقامات پر جبکہ ایم 11 کو لاہورسے سیالکوٹ تک بند کردیا گیا ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کےباعث موٹروے ایم 3 کو لاہور سے سمندری تک اور ایم 2 کو لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک بن کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سیالکوٹ موٹروے ایم 11 کوبھی دھند کے باعث بند کردیاگیا ہے ۔ ترجمان موٹر وے کا کہنا ہے کہ ڈرائیور حضرات گاڑیوں پر فوگ لائٹس استعمال کریں، رفتار کم اور اگلی گاڑی سے فاصلہ زیادہ رکھیں جبکہ کسی مشکل کی صورت میں ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں ۔

بھارت ٹوٹ جائیگا: مودی کو رپورٹ پیش

لندن(ڈاکٹر اختر گلفام سے) بھارت میں بڑھتی ہوئی ہندو انتہا پسندی‘ عیسائی برادری‘ مسلمانوں اور اقلیتوں پر آر ایس ایس کے غنڈوں کے ظلم وستم سے تنگ افراد میں ملک کے خلاف بڑا لاوا پک رہا ہے۔ ناگا لینڈ‘ آسام سمیت 5 ریاستوں میں پہلے ہی علیحدگی کی تحریک زور پکڑ چکی ہے۔ دنیا بھر میں سکھوں نے بھی خالصتان بنانے کی اپنی رپورٹ وزیراعظم مود ی کو پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اگر صورتحال ٹھیک نہ ہوئی تو ملک جلد ٹوٹ جائے گا۔ چینل ۵اور روز نامہ خبریں نے ذرائع سے رپورٹ حاصل کر لی۔ جس کی تصدیق ایک اور ذریعے نے بھی کی ہے۔ذرائع کے مطابق بھارتی انٹیلی جنس ادارے اور اس کے انتہائی اعلیٰ عہدےدار نے وزیر اعظم مودی کواطلاع دی تھی کہ کسانوں کے احتجاج کے بعد خالصتان تحریک میں تیزی آیی ہے۔ساتھ ہی یہ خوف ناک رپورٹس بھی دی تھیں کہ انڈین آرمی میں موجود سکھ فوجیوں اور افسروں تک خالصتان تحریک کا پیغام برق رفتاری سے پہنچ رہا ہےاور سکھ فوجیوں اور افسروں کے رابطے اور ہمدردی ان سےتیزی سے بڑھ رہی ہے، فوج میں بغاوت کے آثار تیزی سے ابھر رہے ہیں ۔سکھ ہماری آرمی ریڑھ کی ہڈی ہیں ،ان کے بغیر فوج کمزور ہو سکتی ہے اور کسی بھی دفاع کے لیے مشکل صورت حال پیدا ہو سکتی۔ لہذا اگر کسانی مسلے کا فوری حل نہ نکالا گیا تو ملک کی اندرونی سلامتی خطرے میں پڑ جاے گی۔جب کہ بیرونی محاذوں پربھی دباو عروج پر ہے،انٹیلیجنس رپورٹس میں واضع طور پر تسلیم کیا گیا کہ اس صورت حال میں منظر نامہ تیزی سے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔ذرایع کے بقول زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا اعلان ایک مشکل ترین فیصلہ تھا جو نریندر مودی کولینا پڑا،اس موقعہ پر مودی بہت غمگین اور دکھی تھےاور بوجھل دل سے منسوخی کا اعلان کیا،کیونکہ ایسا نہ کرنے سے ملک کوٹوٹنے سے کوئی نہ بچا پاتا۔

سپریم کورٹ میں درخواست خارج ہو تو بھی عدلیہ کو الزام نہیں دوں گا، شوکت صدیقی

اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی نے سپریم کورٹ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ درخواست خارج ہو تو بھی عدلیہ کو الزام نہیں دوں گا۔

سپریم کورٹ میں سابق جج شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

سپریم کورٹ میں برطرف جج شوکت عزیز صدیقی کیس میں جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سنگین الزمات لگانے کے بجائے حقائق پر مبنی دلائل دیں۔

 جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ثابت کر دیں کہ شوکت عزیز صدیقی نے تقریر میں جو کہا وہ مس کنڈکٹ نہیں تب بات بنے گی۔

سماعت کے دوران شوکت عزیز صدیقی نے سپریم کورٹ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ درخواست خارج ہوجائے تو بھی عدلیہ کو مورد الزام نہیں ٹھہراؤں گا۔

اس دوران جسٹس سجاد علی شاہ نے شوکت عزیز صدیقی کے وکیل حامد خان کو مخاطب کر کےکہا کہ آپ کہتے ہیں پوری سپریم جوڈیشل کونسل جانبدار تھی، پہلے والے ریفرنس سننے والی کونسل کا وہ بھی رکن تھے، اگر پوری کونسل پر بدنیتی کا الزام ہے تو ان کابینچ میں بیٹھنا مناسب نہیں۔

جس کے بعد وکیل حامد خان نے کہا کہ تحریری اعتراض تو دو ججز پر ہی ہے۔

عدالت نے  کیس کی سماعت جنوری تک ملتوی کردی ہے ۔

دبئی: بلاول بھٹو کی سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت

دبئی میں انوسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب میں پی پی چیئرمین نے کہا کہ سندھ خصوصاً کراچی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ کھڑےہیں، گولڈن جوبلی پر اہل امارات کو مبارک باد دیتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان میں پبلک پارٹنرشپ کے بہترین مواقع ہیں، پاکستان میں مقامی پیداوار کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ دبئی انوسٹمنٹ کانفرنس کے موقع پر 6 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں، جن میں کراچی میں پانی کی قلت دور کرنے سے متعلق یادداشت بھی شامل ہے۔

پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ نجی شعبے کو پانی صاف کرنے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، سمندر کے پانی کو صاف کرنے کا دبئی کا خصوصی تجربہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ انرجی پر بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے، اسٹارٹ اپ اور چھوٹے کاروبار سے متعلق ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یو اے ای میں پاکستانی کمیونٹی سرمایہ کاری کی خواہاں ہے، جنہیں ون ونڈو آپریشن کی سہولت پر ایم او یو سائن ہوا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آپ سب کو دعوت دیتے ہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سےفائدہ اٹھائیں، سندھ خصوصاً کراچی میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے وسیع مواقع ہیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ کراچی میں بین الاقوامی فٹ بال کلب قائم کیا جارہا ہے، جو لیاری میں قائم کیا جائے گا۔

امریکی کمپنی اسٹارلنک کا پاکستان میں سیٹلائٹ براڈ بینڈ سروسز شروع کرنے کا فیصلہ

تفصیلات کے مطابق معروف امریکی کمپنی اسٹارلنک کا پاکستان میں سیٹلائٹ براڈ بینڈ سروسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسٹار لنک پاکستان کے نام سے رجسٹرڈ،  جلد اپنا دفتر کھولنے کا اعلان, یہ جنوبی ایشیا میں اپنی نوعیت کا پہلا آفس ہوگا۔

فیصلہ وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے عالمی براڈ بینڈ  کمپنی اسٹار لنک کے وفد کی ملاقات میں ہوا. وفد میں ڈائریکٹر مشرق وسطیٰ ریان گڈ نائٹ اور ہیڈ آف گلوبل سائٹ ایکوزیشن بین میکولیم شامل تھے.

ملاقات کے دوران پاکستان میں سیٹلائٹ براڈ بینڈ کنیکٹیویٹی کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی. ملاقات میں پاکستان کو عالمی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے لیے مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا.  پاکستان ڈیجیٹل دنیا سے منسلک ہونے کیلئے بھرپور اقدامات کررہا ہے.

وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کا کہنا ہے کہ ملک میں 40 ہزار اسکولز, چھوٹے تجارتی اداروں سمیت براڈ بینڈ کنکٹویٹی سے منسلک ہونے کیلئے وسیع مواقع ہیں. اسٹار لنک کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے.

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرا ٹی ٹونٹی ہرا کر سیریز جیت لی

پاکستان نے تین میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 9 رنز سے پچھاڑ کر سیریز جیت لی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ تھامس کی جگہ ہیڈن والش جونیئر کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی طرف سے اننگز کا آغاز شائی ہوپ اور برینڈن کنگ نے کیا تاہم ہوپ 1 رن بنا کر محمد وسیم کی گیند پر افتخار احمد کو کیچ دے بیٹھے، بروکس کی اننگز 10 رنز پر ڈھیر ہو گئی، کپتان نکولس پوران نے 26 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔
رومن پاول محض 4 سکور بنا کر محمد وسیم جونیئر کو وکٹ دے بیٹھے، کنگ کی مزاحمتی اننگز 67 رنز پر جواب دے گئی، حارث رؤف نے وکٹ حاصل کی۔ سمتھ اور ڈیرکس نے بالترتیب 12 اور صفر کی باری کھیلی۔ عقیل حسین 2 سکوربنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
شیفرڈ نے 35 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 163 رنز بنا سکی۔ شاہین شاہ آفریدی نے 3 شکار کیے، حارث رؤف، محمد نواز اور محمد وسیم کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔
اس سے قبل قومی ٹیم کی طرف سے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں اننگز کا آغاز قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے کیا۔
پاکستان کو پہلا نقصان 14 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب بابر اعظم 7 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے، فخر زمان مسلسل دوسری اننگز میں بھی بڑی نہ کھیل سکے اور 10 رنز بنا کر عقیل حسین کا نشانہ بن گئے۔
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 30 گیندوں پر 38 رنز بنا کر سمتھ کی گیند پر پویلین لوٹے، حیدر علی نے 34 گیندوں پر 31 رنز کی باری کھیلی، محمد نواز ایک سکور بنا کر چلتے بنے۔
آصف علی ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور 9 رن بنا کر پویلین لوٹے۔ اس دوران افتخار احمد نے جارحانہ اننگز کھیلی اور 19 گیندوں پر 32 سکور بنائے، ان کی اننگز میں ایک چوکا اور دو چھکے شامل تھے، تھامس کی گیند پر پوران کو کیچ دے بیھٹے۔ وسیم جونیئر 5 رنز پر ہمت ہار بیٹھے۔
نائب کپتان شاداب خان نے 28 رنز کی ناٹ آؤٹ باری کھیلی۔ قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 172 رنز بنائے۔ سمتھ نے دو شکار کیے۔
بابر اعظم( کپتان)، محمد رضوان ، فخر زمان، حیدر علی، افتخاراحمد، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی
برینڈن کنگ، شائی ہوپ، نکولس پوران، بروکس، رومن پاول، سمتھ، ڈومینک ڈریکس، ہیڈن والش جونیئر، عقیل حسین، شیپرڈ، تھامس

چینی سائنسدانوں نے مختصر اور کم خرچ ایم آر آئی مشین ایجاد کرلی

چینی سائنسدانوں نے دماغ کے اندرونی حصوں کا جائزہ لینے کےلیے ایک ایسی کم خرچ، مختصر اور ’’پہیوں والی‘‘ ایم آر آئی مشین ایجاد کرلی ہے جسے بہ آسانی ایک سے دوسری جگہ لے جایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ ’’میگنیٹک ریزونینس امیجنگ‘‘ (ایم آر آئی) مشینوں سے جسم کے اُن اندرونی حصوں کا مشاہدہ کیا جاتا ہے جنہیں دیکھنا اور ان کا عکس حاصل کرنا الٹرا ساؤنڈ، ایکسرے اور سی ٹی اسکین وغیرہ جیسے طریقوں سے بھی ممکن نہیں ہوتا۔
ایم آر آئی مشین میں طاقتور مقناطیسی میدان اور ریڈیو لہروں کی مدد سے اندرونی جسمانی حصوں کی تفصیلی تصاویر لی جاتی ہیں جنہیں دیکھ کر بیماری کی نوعیت اور شدت کا پتا لگایا جاتا ہے۔ ایم آر آئی سے جسم کے کسی بھی اندرونی حصے کو دیکھا جاسکتا ہے لیکن اندرونی چوٹوں اور بیماریوں سے متاثر ہونے والے دماغی حصوں کا معائنہ کرنے میں اس کا زیادہ استعمال ہوتا ہے۔
ان تمام خوبیوں کے باوجود، ایم آر آئی مشینیں نہ صرف بہت مہنگی ہیں بلکہ بہت زیادہ بجلی استعمال کرتی ہیں اور انہیں خاص طرح کے سرد اور محفوظ کمروں میں رکھا جاتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ ان سے پیدا ہونے والے طاقتور مقناطیسی میدان اور ریڈیو لہروں سے غیر متعلقہ جسمانی حصوں کو بچانے کےلیے بھی خصوصی انتظامات (ڈھال یا شیلڈنگ کے طور پر) کرنے پڑتے ہیں۔
ان سب باتوں کی وجہ سے ایک نئی ایم آر آئی مشین کی قیمت 30 لاکھ ڈالر (تقریباً 54 کروڑ پاکستانی روپے) ہوتی ہے جبکہ اسے استعمال کرنے کا ماہانہ خرچہ بھی پندرہ ہزار ڈالر (27 لاکھ پاکستانی روپے) تک پہنچ سکتا ہے۔ اسی بناء پر ایم آر آئی کی سہولت غریب ممالک کے بڑے شہروں میں بھی بہت کم ہے جبکہ ایک اچھی لیبارٹری سے صرف ایک بار ایم آر آئی اسکیننگ کا خرچ بھی 40 ہزار روپے یا اس سے بھی زیادہ ہوتا ہے۔
ہانگ کانگ یونیورسٹی کے پروفیسر ایڈ ایکس وُو اور ان کے ساتھیوں نے یہ تمام مسائل ایک ساتھ حل کرنے کےلیے ایک کم خرچ اور مختصر ایم آر آئی مشین کا پروٹوٹائپ تیار کرلیا ہے جس کی تفصیلات آن لائن ریسرچ جرنل ’’نیچر کمیونی کیشنز‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہوئی ہیں۔
تفصیلات سے پتا چلتا ہے کہ اس ایم آر آئی مشین کو خصوصی اور مہنگے انتظامات کی کوئی ضرورت نہیں پڑتی جبکہ عام ایئر کنڈیشنر جتنی بجلی اس کےلیے کافی رہتی ہے کیونکہ یہ بہت کم شدت (0.055 ٹیسلا) والے مقناطیسی میدان کی مدد اپنا کام انجام دیتی ہے۔
ڈاکٹر وُو کا کہنا ہے کہ تجارتی پیمانے پر یہ مشین بنانے کی لاگت 20 ہزار ڈالر (35 لاکھ پاکستانی روپے) سے بھی کم ہوگی جبکہ اس سے ایم آر آئی اسکیننگ کا خرچہ صرف چند ڈالر جتنا ہوگا۔
ابتدائی تجربات میں اس پروٹوٹائپ ایم آر آئی مشین کو 25 مریضوں میں فالج اور دماغی رسولی سمیت، مختلف دماغی بیماریوں کا سراغ لگانے کےلیے استعمال کیا گیا جبکہ اس کی کارکردگی کا موازنہ 3 ٹیسلا مقناطیسی میدان والی تجارتی ایم آر آئی مشین کے نتائج سے کیا گیا۔ موازنے سے معلوم ہوا کہ بیشتر دماغی امراض کی درست نشاندہی میں پروٹوٹائپ مشین نے بھی تجارتی ایم آر آئی مشین جتنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پروٹوٹائپ کی خاص بات اس کا سافٹ ویئر ہے جس میں مصنوعی ذہانت والا خصوصی الگورتھم استعمال کیا گیا ہے۔ آزمائشوں سے پہلے اس سافٹ ویئر کو ’’تربیت‘‘ دی گئی تاکہ یہ کم شدت کی مقناطیسی لہروں سے بننے والے دھندلے عکس نمایاں کرکے انہیں واضح، صاف ستھرے اور درست عکس میں تبدیل کرسکے۔
ڈاکٹر وُو اور ان کے ساتھیوں نے اس پروٹوٹائپ ایم آر آئی مشین کے ہارڈویئر کا مکمل ڈیزائن اور سافٹ ویئر کا تمام سورس کوڈ آن لائن رکھ دیا ہے جسے کوئی بھی مفت میں استعمال کرسکتا ہے۔

کورونا ویکسین کیوں نہیں لگوائی،امریکی فضائیہ کے 27اہلکار برطرف

امریکی فضائیہ نے کورونا ویکسین لگوانے سے انکار پر27 اہلکاروں کوبرطرف کردیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی فضائیہ نے کورونا ویکسین لگوانے سے انکار کرنے پر27اہلکاروں کو برطرف کردیا۔ ویکسین لگوانے سے منع کرنے پرحاضر سروس اہلکاروں کی برطرفی کا یہ پہلا واقعہ ہے۔
پینٹاگون نے اگست میں تمام فوجی اہلکاروں کے لئے ویکسین لگوانا لازمی قراردیا تھا۔ حاضر سروس اہلکاروں کی بڑی تعداد ویکسین کی ایک ڈوز لگوا چکی ہے۔
امریکی فضائیہ کی ترجمان کا کہنا تھا برطرف اہلکاروں کو موقع دیا گیا تھا کہ وہ ویکسین نہ لگوانے کی وجوہات بتائیں لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

امریکا کے مسترد شدہ ڈیزائن پر چین کا ہائپرسونک لڑاکا طیارہ

چین کے جدید ترین ہائپرسونک لڑاکا طیارے کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس کا ڈیزائن 20 سال پہلے امریکی ادارے ’ناسا‘ نے مسترد کردیا تھا لیکن اب چین اسی ڈیزائن پر بہت تیزی سے کام کر رہا ہے۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق، یہ ڈیزائن 1990 کے عشرے میں ’ناسا‘ سے وابستہ چینی نژاد چیف انجینئر منگ ہانگ تانگ نے بنایا تھا جسے امریکی حکام نے مسترد کردیا۔
2000 میں امریکا اور چین میں تناؤ بڑھنے کے بعد منگ ہانگ تانگ سمیت درجنوں چینی ماہرین اپنے وطن واپس آگئے؛ اور تقریباً اسی زمانے میں چین نے بھی ہائپرسونک طیارے کے منصوبے پر کام کا آغاز کردیا۔
واضح رہے کہ ہر وہ چیز جو آواز سے پانچ گنا یا اس سے بھی زیادہ رفتار سے حرکت کرسکے، اسے تکنیکی زبان میں ’ہائپرسونک‘ کہا جاتا ہے۔
اس منصوبے پر اب تک کی پیش رفت یہ ہے کہ اس طیارے کے پروٹوٹائپ انجن کی آزمائشیں کامیابی سے مکمل کی جاچکی ہیں۔ البتہ یہ اپنی تکمیل سے بہت دور ہے۔
یہ ’ناسا‘ کے متروک ’ایکس 47 سی‘ (X-47C) منصوبے کی بنیاد پر بنایا گیا ہے جس کے تحت پروفیسر تانگ نے دو مرحلوں والا طیارہ ڈیزائن کیا تھا: پہلے مرحلے میں اس کے انجن، عام جیٹ انجنوں کی طرح کام کرتے ہوئے اسے مناسب بلندی پر پہنچاتے؛ پھر تیز رفتاری سے آگے بڑھنے کےلیے یہ ’ہائپرسونک موڈ‘ میں چلے جاتے اور طیارے کی رفتار آواز سے پانچ گنا زیادہ ہوجاتی۔
اس پر بوئنگ کارپوریشن میں ’مینٹا ایکس 47 سی‘ پروگرام کے عنوان سے ابتدائی کام ہوا تھا لیکن بعض تکنیکی اور مالیاتی وجوہ کی بناء پر ناسا نے یہ منصوبہ منسوخ کردیا۔
اب تک چینی ہائپرسونک طیارے کے بارے میں اتنا ہی معلوم ہوا ہے کہ اس کے انجنوں کو جیانگسو، چین میں واقع ’نانجنگ یونیورسٹی آف ایئروناٹکس اینڈ ایسٹروناٹکس‘ کی جدید ہوائی سرنگ (وِنڈ ٹنل) میں کامیابی سے آزمایا جاچکا ہے۔
یہ ہوائی سرنگ، طیاروں اور میزائلوں کے پروٹوٹائپس کو آواز سے 4 تا 8 گنا رفتار پر آزمانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
توقع ہے کہ اس کامیابی کے بعد چینی ہائپرسونک طیارے کا منصوبہ تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔

’آسکر‘ ایوارڈ یافتہ فلم ’پیراسائٹ‘ کی اداکارہ کینسر کا شکار

سال 2020 کی ’ٓآسکر‘ ایوارڈ یافتہ جنوبی کورین فلم ’پیراسائٹ‘ کی اداکارہ 30 سالہ پارک سو ڈیم (Park So Dam) میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ نے اپنی رپورٹ میں اداکارہ کی ترجمان ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پارک سو ڈیم میں گزشتہ ہفتے ’تھائراڈ کینسر‘ کی عام قسم کی تشخیص ہوئی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنوبی کورین اداکارہ میں ’تھائراڈ کینسر‘ کی عام قسم (پیپلری) ( papillary) کی تشخیص ہوئی تھی جو دنیا بھر میں 40 سال سے کم عمر افراد کو نشانہ بناتی ہے۔

کینسر کی مذکورہ قسم عام طور پر خواتین میں پائی جاتی ہے اور اس میں مبتلا ہونے والا شخص بیماری سے پانچ سال تک جنگ لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اداکارہ میں تھائراڈ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ می تھائراڈ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے—فوٹو: انسٹاگرام

کینسر کی مذکورہ قسم کا علاج دیگر تھائراڈ کینسر سے قدرے آسان اور کم تکلیف دہ ہوتا ہے، تاہم اس قسم کے کینسر کا شکار ہونے والے ہر 10 میں سے 9 افراد صحت یاب نہ ہوپانے پر بمشکل پانچ سال کی زندگی جی پاتے ہیں۔

اداکارہ کی ترجمان ایجنسی کے مطابق پارک سو ڈیم کی گزشتہ ہفتے سرجری ہوئی تھی اور ان کا علاج جاری ہے۔

ایجنسی نے اداکارہ کے صحت یاب ہونے کی امید کا اظہار کرتے ہوئے ان کے مداحوں سے صحت یابی کے لیے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔

پارک سو ڈیم میں ایک ایسے وقت میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ جلد ہی ان کی نئی فلم ریلیز ہونے والی ہے اور وہ بیماری کی وجہ سے اپنی فلم ’اسپیشل ڈیلیوری‘ کی تشہیری مہم کا حصہ بھی نہیں۔

پارک سو ڈیم نے کم عمری میں اداکاری کا آغاز کیا تھا اور اب تک وہ متعدد میگا بجٹ جنوبی کورین فلموں میں کام کر چکی ہیں، تاہم انہیں سب سے زیادہ شہرت 2019 کی فلم ’پیراسائٹ‘ سے ملی، جس نے 2020 کا ’آسکر‘ ایوارڈ جیتا تھا۔

پارک سو ڈیم نے ’پیراسائٹ‘ میں غریب گھرانے کی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا، جس کا پورا گھرانا منصوبہ بندی کے تحت ایک امیر خاندان کا ملازم بن جاتا ہے۔