All posts by Khabrain News

شہباز شریف کے وزیر اعظم بنتے ہی ایم کیو ایم نے شکوہ کردیا

کراچی: (ویب ڈیسک) شہباز شریف کے وزیر اعظم بنتے ہی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے پہلا شکوہ کردیا۔
ایم کیو ایم کے رہنما اورسابق میئر کراچی وسیم اختر نے شکوہ کیا ہے کہ ہم نے اپوزیشن کا ساتھ دیا اسی لیے شہباز شریف وزیر اعظم بنے، آج جو محفل سجی وہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان ہونے والے معاہدے کی وجہ سے سجی، شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے ساتھ معاہدہ کیا ، ان کے خطاب میں معاہدے کا اعلان ہونا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں شکوہ ہے کہ شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کراچی پیکج کا ذکر کیوں نہیں کیا۔

شہباز شریف اور انکی حکومت کے سامنے بہت سے چیلنجز ہیں: بلاول

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، وزیراعظم اور انکی حکومت کے سامنے بہت سے چیلنجز ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کو ملک کا 23واں وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہباز شریف کے لئے تمام نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، ہماری کمٹمنٹ پوری ہو گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے جمہوری طریقے سے سلیکٹڈ وزیراعظم کو ہٹایا، انتخابی اصلاحات، جمہوریت کی بحالی اور سب کے لیے خوشحالی کی طرف جائیں گے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل عہدے سے مستعفی ہوگئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
اس سے قبل ایک بیان میں عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ جیسے ہی شہباز شریف حلف اٹھائیں گے میں استعفیٰ دوں گا، نہیں چاہتا ایک لمحے کے لیے بھی شہباز شریف کو سر کہنا پڑے، یہ شخص نااہل ہے، مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ سے اربوں روپے نکلے۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ میں ان کو وزیراعظم نہیں مانتا ہوں، اپنی شفٹنگ کا عمل شروع کردیا ہے، استعفیٰ لکھ کر رکھ لیا ہے صدر مملکت کو بھیج دوں گا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھاکہ سامان کی پیکنگ بھی شروع کردی، ایک دو دن میں گورنرہاؤس سےشفٹ ہوجاؤں گا۔
خیال رہےکہ اس سے قبل گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان بھی عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں جب کہ گورنر پنجاب کا بھی جلد مستعفی ہونےکا امکان ہے۔

یوکرینی صدر نے جنوبی کوریا سے طیارہ شکن میزائل سسٹم مانگ لیے

سیئول: (ویب ڈیسک) یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے جنوبی کوریا سے طیارہ شکن میزائل سسٹم اور جنگی ساز و سامان فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا کہ روسی فوج نے ہزاروں شہریوں کا قتل عام کیا اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
اس موقع پر صدر زیلنسکی نے مطالبہ کیا کہ روسی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں طیارہ شکن میزائل سسٹم، اینٹی ٹینک، اینٹی شپ اور جنگی ساز و سامان مہیا کیے جائیں۔
یوکرینی صدر نے مزید کہا کہ اگر جنگی ساز و سامان کی فراہمی میں کوئی قانون رکاوٹ بنتا ہے تو اس پر نظر ثانی کریں کیوں کہ اس کے بغیر روس کو جارحیت سے روکنا ممکن نہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل یوکرین کے وزیر دفاع کی اینٹی ایئر کرافٹ کی فراہمی کے مطالبے کو پورا کرنے سے جنوبی کوریا کے وزیر دفاع نے معذرت کرلی تھی۔
جنوبی کوریا کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ خطے میں موجودہ جنگی صورت حال اور ملکی قومی سلامتی اس بات کی اجازت نہیں دیتی۔

پی ٹی آئی نے شہباز شریف کی لیٹر گیٹ کی تحقیقات کرانے کی پیشکش مسترد کردی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے لیٹر گیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کرانے کی پیشکش مسترد کر دی۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ شہباز شریف کی لیٹر گیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کرانے کی پیشکش کو مسترد کرتے ہیں، یہ خود کو این آر او دینے کی بھونڈی کوشش ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ لیٹر گیٹ کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کو آزاد کمیشن بنانا چاہیے جس کی سربراہی ایسے شخص کے پاس ہو جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد شہباز شریف نے مراسلہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی میں پیش کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کو خط پر ان کیمرا بریفنگ دی جائے جس میں مسلح افواج کے سربراہان، سفیر اور ارکان پارلیمنٹ موجود ہونگے۔
شہباز شریف کا کہنا تھاکہ سازش ثابت ہوئی تو استعفیٰ دے کر گھر چلا جاؤں گا، نہ انہوں نے وہ خط دیکھا اور نہ ہی انہیں یہ خط دکھایا گیا، خط کے حوالے سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجانا چاہیے۔

کم عمر لڑکی سے جنسی تعلق پر ناروے کے وزیر دفاع مستعفی

اوسلو: (ویب ڈیسک) نارروے کے 67 سالہ وزیر دفاع اوڈ روجر ایناکسن نے 18 سالہ لڑکی سے جنسی تعلق استوار رکھنے کا اسکینڈل سامنے آنے پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کم عمر طالبہ سے غیر ازدواجی تعلق سامنے آنے پر نارروے کے وزیر دفاع اوڈ روجر ایناکسن نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم جوناس گاہر اسٹور کو پیش کیا جو قبول کرلیا گیا۔
وزیر دفاع پر الزام تھا کہ 2005 میں اسکول کی طالبات پارلیمنٹ کا دورہ کرنے آئی تھیں جن میں سے ایک 18 سالہ لڑکی سے راز و نیاز سے بڑھائے جب وہ وزیر توانائی تھے۔ اُس وقت اوڈ روجر ایناکسن کی عمر 50 اور طالبہ کی 18 سال تھی۔
دونوں کے درمیان جنسی تعلق کئی برسوں تک جاری رہا۔ طالبہ کی عمر اب 30 سال ہوچکی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ میں سیاست میں دلچسپی رکھتی تھی جس کا فائدہ وزیر نے اُٹھایا اور اپنی طاقت کے بل پر تعلق قائم کیے۔
خاتون کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں 2006 سے 2007 کے درمیان وزیر سے 12 مرتبہ ان کے دفتر میں ملی۔ خاتون کے الزام کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت میں رہتے ہوئے انھوں نے کبھی خاتون سے جنسی تعلق استوار نہیں کیے۔
تاہم خاتون نے وزیر دفاع کے اس کو دعوے کو مسترد کردیا۔
وزیر دفاع اوڈ روجر ایناکسن نے استعفی پیش کرنے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ میں نے کئی بُرے فیصلے کیے، اپنے فعل پر معافی مانگتا ہوں جن کی وجہ سے دوسروں کی زندگی مشکل ہوئی۔
ادھر ناروے کے وزیراعظم جوناس گاہر سٹور نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیر دفاع کا استعفیٰ قبول کرلیا ہے کیوں کہ یہ ایک ضروری فیصلہ تھا۔ وزیر دفاع نے کابینہ میں شمولیت اختیار کرنے سے قبل اپنے اس تعلق سے متعلق نہیں بتایا تھا۔

عارف علوی علیل، چیئرمین سینیٹ نے قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی علالت اور مختصر رخصت کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
صدر مملکت عارف علوی مختصر رخصت پر چلے گئے اور وہ شہبازشریف سے وزیراعظم کا حلف نہیں لیں گے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ قائم مقام صدر صادق سنجرانی وزیراعظم شہباز شریف سے حلف لیں گے اور ایوان صدر میں حلف برداری کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھاکہ تقریب حلف برداری 9 بجے ہوگی۔

گورنر سندھ موٹر سائیکل سوارسے لفٹ لے کر گورنر پاؤس پہنچ گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) گورنر سندھ عمران اسماعیل موٹر سائیکل سوار سے لفٹ لے کر گورنر پاؤس پہنچ گئے۔
متحدہ اپوزیشن کی سابق وزیراعظم عمران خان کے کے خلاف تحریک اعتماد کامیاب ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین نے ’غیرملکی سازش‘ کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا۔
جس کے بعد گزشتہ روز ملک کے بیشتر شہروں اور قصبوں میں مظاہرے ہوئے، کراچی کے مختلف مقامات پر ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں پی ٹی آئی کے حمامیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس کے باعث ٹریفک جام ہوگیا اور شہریوں کو آمد ورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی ٹریفک جانے ہونے کی وجہ سے موٹرسائیکل پر لفٹ لینے پر مجبور ہوگئے۔ گورنر سندھ نے اس حوالے سے بتایا کہ تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث کراچی کی سڑکوں پر ٹریفک بہت جام تھا جس کی وجہ سے انہوں نے موٹر سائیکل پر لفٹ لیکر گورنر ہاوس پہنچے۔

روس کا یوکرینی ائیرپورٹ پر راکٹ حملہ، 6 افراد زخمی، نیوزی لینڈ کا فوجی امداد کا اعلان

کیف: (ویب ڈیسک) روس نے ایک بار پھر یوکرینی ریلوے سٹیشن پر شیلز برسا دیئے، “نی پرو” ائیرپورٹ پر راکٹ حملے میں چھ افراد زخمی ہو گئے۔ نیوزی لینڈ نے روس کا مقابلہ کرنے کے لیے یوکرین کو88 لاکھ ڈالرزکی فوجی امداد دینےکا اعلان کردیا۔
روس اوریوکرین میں چھڑی جنگ میں کمی نہ آ سکی۔ مشرقی یوکرین کے ریلوے سٹیشن پر پھر شیلنگ کی گئی جس سے 5 لوکو موٹیوز متاثر، ریلوے ٹریکس اور پاور لائنز کو نقصان پہنچا۔ روسی راکٹس نے “نی پرو” ائیر پورٹ پر بھی تباہی مچا دی، حملے میں چھ افراد زخمی ہوئے۔
ادھر نیوزی لینڈکی وزیراعظم جیسنڈرا آرڈرن نے برطانیہ کے ذریعے یوکرین کو 88 لاکھ ڈالرکی فوجی امداد دینے کا اعلان کر دیا، کہا کہ 2 ماہ کیلئے 50
افراد پر مشتمل امدادی ٹیم ” سی 130 ایچ ہرکولیس ٹرانسپورٹ ائیرکرافٹ” پر یورپ جائے گی جو یورپی ڈسٹری بیوشن سینٹرزمیں یوکرین کیلئے ساز و سامان مہیا کرے گی۔
دوسری جانب روس نے یوکرین کے مشرقی علاقے میں بڑا حملہ کرنے کی تیاری شروع کردی جس کے پیش نظر “یوکرینی فورسز “مورچہ بندی کرنے لگیں۔امریکی خبر ایجنسی کے مطابق روس کا مشرق میں ممکنہ نیا حملہ اب تک ہونے والی جنگ میں فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق میں بڑا حملہ چند دنوں میں شروع ہو سکتا ہے، یوکرین کے فوجی کمانڈر کے مطابق روسی فورسز نے یوکرین کے دفاع کو توڑنے کے لیے ازیوم کی جانب تازہ فوجی دستے بھیج دیئے ہیں، روس خارکیف اور ماریوپل میں بھی اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔

شہباز شریف کا تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا اعلان ویب ڈیسک 11 اپریل 2022

نو منتخب وزیراعظم میاں شہبازشریف نے کم سےکم اجرت 25 ہزار اور ایک لاکھ تک تنخواہ والوں کیلئے 10 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا، پنشن میں بھی 10فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ ہمت کریں گے اور آگے بڑھیں گے ایک لاکھ تک تنخواہ والوں کیلئے10فیصداضافہ یکم اپریل سےکریں گے پنشن میں 10فیصد اضافےکا اعلان کرتاہوں۔

شہبازشریف نے کہا کہ صوبوں کیساتھ مل کرمہنگائی کم کریں گے صوبوں کیساتھ مل کر رمضان پیکج میں سستا آٹا لے کر آئیں گے ہم نےسستےترین بجلی کےمنصوبےلگائی گزشتہ حکومت سستی گیس نہیں لائےا ور مہنگا تیل لائے جس سے بجلی مہنگی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ خسارہ ہونےجا رہا ہے تاریخ کا سب سے بڑا تجارتی خسارہ ہونے جارہاہے مہنگائی اپنے عروج پر ہے ، 60لاکھ لوگ بیروزگار ہو چکے ہیں 2کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے دھکیلے جاچکے ہیں ریکارڈ قرضے لیے گئے لیکن کام کچھ نہیں کیا گیا ساڑھے 3سال میں 20ہزار ارب روپے قرضے لیے گئے۔