All posts by Khabrain News

محمد عامر کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیے جانے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) پی سی بی میں متوقع تبدیلیوں کے پیش نظر محمد عامر کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیے جانے کا امکان ہے۔
سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کے رویہ سے دلبرداشتہ ہو کر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے پیسر نے کہا تھا کہ اس منیجمنٹ کے تحت انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلوں گا۔
دونوں سابق کپتان کوچنگ کی ذمہ داریوں سے فارغ ہوئے تو پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ تھے جو محمد عامر سمیت تمام فکسرز کی قومی ٹیم میں شمولیت کی سخت مخالفت کرتے رہے ہیں، عمران خان کی حکومت ختم ہونے کے بعد رمیز راجہ کی رخصتی بھی نوشتہ دیوار نظر آ رہی ہے۔
نئی صورتحال میں محمد عامر کی طرف سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیے جانے کا امکان ہے۔

عالیہ بھٹ اوررنبیرکپورکی شادی کہاں ہوگی،جگہ منظرعام پرآگئی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کی سب سے زیادہ پسندیدہ جوڑی عالیہ بھٹ اوررنبیرکپوراپنی شادی کی رسومات کہاں ادا کریں گے اس جگہ کا نام سامنے آگیا۔
بالی وڈ کے دیگرستاروں کے برعکس عالیہ بھٹ اوررنبیرکپور کی شادی ’ڈیسٹینیشن ویڈنگ‘ نہیں ہوگی بلکہ دونوں اسٹارز کپورخاندان کی ملکیت تاریخی ’آر کے اسٹوڈیوز‘ میں شادی کے بندھن میں بندھیں گے۔
رنبیرکپورکے والدین اوربالی وڈ کے اپنے زمانے کی مقبول جوڑی رشی کپوراورنیتو سنگھ کی شادی بھی آرکے اسٹوڈیوز میں ہی ہوئی تھی۔
عالیہ اوررنبیرکی شادی میں بس اب چند روز ہی باقی رہ گئے ہیں اوراسی لئے آر کے اسٹوڈیو کوشاندار لائٹوں سے سجا دیا گیا ہے۔ آرکے اسٹوڈیو کی جگمگاتی روشنیاں دیکھنے لوگ دور دورسے آرہے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ عالیہ بھٹ اوررنبیر کپورکی شادی روایتی پنجابی طریقے سے ہوگی جس میں مہمانوں کواٹالین،میکسیکن اوردیسی کھانے پیش کئے جائیں گے۔کھانوں کے50 کاؤنٹرہوں گے اورکھانا تیار کرنے کے لئے دہلی اورلکھنو سے مایہ ناز شیف بلا لئے گئے ہیں۔

شاہ رخ خان کی اپنے بچوں کے ساتھ گاڑی ڈرائیوکرنے کی تصاویروائرل

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان کی اپنی بیٹی سوہانا خان اورچھوٹے بیٹے ابرام کے ساتھ گاڑی میں گھومنے کی تصاویرسوشل میڈیا پروائرل ہوگئیں۔
سوشل میڈیا پروائرل ہونے والی تصاویرمیں شاہ رخ خان کوگاڑی چلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ شاہ رخ کے ساتھ فرنٹ سیٹ پران کی بیٹی سوہانا بیٹھی نظرآرہی ہیں جبکہ ان کی گود میں چھوٹا بھائی ابرام خان بھی بیٹھا ہوا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے شاہ رخ خان کومحبت اورخیال کرنے والا والد قراردیتے ہوئے تصاویرکے لئے پسندیدگی کا اظہارکیا اورکہا کہ شاہ رخ خان حقیقی معنوں میں دلوں کے بادشاہ ہیں۔
شاہ رخ خان حال ہی میں اپنی آنے والی فلم ’پٹھان ‘ کی شوٹنگ مکمل کرکے اسپین سے واپس بھارت لوٹے ہیں۔

بانس میں پکایا جانے والا مہنگا ترین نمک، قیمت 100 ڈالر فی پاؤ

جنوبی کوریا: (ویب ڈیسک) اگرآپ سمجھتے ہیں کہ ہمالیائی گلابی نمک دنیا کا مہنگا ترین نمک ہے تو یہ بات درست نہیں بلکہ کوریا کے بانس نمک کی ایک پاؤ مقدار کی قیمت 18000 روپے ہے جو اسے مہنگا ترین نمک بناتی ہیں۔
اسے کوریائی بانس نمک (بیمبو سالٹ) کہا جاتا ہے جس کی 240 گرام مقدار کی قیمت ایک سو ڈالر ہے۔ اگرچہ یہ عام نمک ہوتا ہے لیکن اسے مسلسل 50 روز تک نو مرتبہ بانس کے اندر رکھ کر بھونا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ غیرمعمولی محنت اور وقت کی وجہ سے نمک مہنگے داموں فروخت ہوتا ہے۔
اگرچہ سویا نمک اور انتہائی سیاہ کلایوئی اونکس نمک بھی مہنگے ترین نمک ہیں لیکن بانس نمک سب سے آگے ہے۔ کوریا میں پائے جانے والے بانس کے خاص پودے کے درمیانی کھوکھے حصے میں سمندری نمک بھرا جاتا ہے۔ اس پر روایتی گارا لگا کر اسے بند کردیا جاتا ہے۔ پھر مسلسل 50 روز تک اسے ایک روایتی بھٹی میں پکایا جاتا ہے۔ اس طرح نمک مکمل طور پر بھن جاتا ہے اور اس کا ذائقہ بدل جاتا ہے۔ اس محنت کی قیمت مہنگے داموں کی صورت میں وصول کی جاتی ہے۔ اس طرح ایک پاؤ نمک 18000 روپے میں مل سکتا ہے۔
یہ نمک سینکڑوں برس سے بنایا جاتا ہے اور ایک طویل عرصے سے کوریائی کھانوں بلکہ تہذیب کا بھی حصہ ہے۔ لیکن نومرتبہ پکائے جانے والے نمک کا رحجان ایک صدی قبل شروع ہوا کیونکہ اس سے قبل بانس کو دو یا تین مرتبہ ہی بھونا جاتا تھا۔ معلوم ہوا کہ اس طرح بانس کی خوشبو اور تاثیر نمک میں اچھی طرح رچ بس جاتی ہے۔ اس گرمی سے نمک مزید صاف ہوجاتا ہے اور یوں گردوغبار سے پاک خالص تر بنتا جاتا ہے۔
اس میں تین سال بانس کے چھوٹے ٹکڑے کاٹے جاتے ہیں اور ایک کنارہ بند کردیا جاتا ہے۔ اس کے بعد نمک بھر کر اسے روایتی بھٹی میں 800 درجے سینٹی گریڈ پر گرم کیا جاتا ہے۔ اس دوران بانس کا تیل نکل کر نمک میں جذب ہوتا رہتا ہے۔ 14 سے 15 گھٹے میں بانس کا بیرونی خول جل کر راکھ ہوجاتا ہےاور نمک پچتا ہے۔ اب دوبارہ اس نمک کو ایک اور بیلن نما کھوکھلے بانس کے ٹکڑے میں بھرکر اس عمل کو دوہرایا جاتا ہے۔ یہ عمل 8 سے 9 مرتبہ کیا جاتا ہے۔
آخری مرحلے میں بھٹی مزید گرم کرکے 1000 درجے سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتی ہے۔ اس کے بعد نمک کے ڈلے ہاتھوں سے توڑے جاتے ہیں اور شیشیوں میں بھر کر فروخت ہوتے ہیں۔ یہ پورا عمل ہاتھوں سے انجام دیا جاتا ہے اوریہی اس کی قیمت بھی ہے۔

گہری نیند لانے والا طبی ہیڈ بینڈ

زیورخ: (ویب ڈیسک) اسے سلیپ لوپ کا نام دیا گیا ہے جو ابتدائی تجربات میں بہت کامیاب ثابت ہوا ہے۔ یہ پہناوا خاص فری کوئنسی کی آواز خارج کرکے دماغ کی ان امواج کو دباتا ہے جو نیند میں خلل ڈالتی ہیں۔ یوں دھیرے دھیرے آپ گہری نیند کی آغوش میں چلے جاتے ہیں۔
یہ ان لوگوں کےلیے بطورِ خاص بنایا گیا ہے جن کی نیند بہت متاثرہو ہوتی ہے اور بالخصوص عمر کے ساتھ ساتھ کچی نیند معمول کا حصہ بن جاتی ہے۔ طبی سائنس کےمطابق گہری نیند پورے بدن کے لئے ضروری ہوتی ہے اور وہ دماغ سےفاسد مواد بھی خارج کرتی ہے ۔ اس کے علاوہ دماغی خلیات کی ٹوٹ پھوٹ دور کرنے میں گہری نیند بہت ضروری ہوتی ہے۔
ای ٹی ایچ زیورخ میں واقع اعصابی تجربہ گاہ کی سائنسداں ڈاکٹر کیرولین لسن برگر کہتی ہیں کہ ہمارے دماغ میں دھیمی امواج (سلو ویوز) ہیڈفون کی مخصوص آوازوں سے مزید بہتر بنائی جاسکتی ہے۔ تجربہ گاہ میں مریضوں پر اس کے اچھے نتائج برآمد ہوئے اور لوگوں نے گہری نیند کا اعتراف کیا تاہم اب اسے گھروں میں آزمانا باقی ہے۔
اسے سلیپ لوپ کا نام دیا گیا ہے جو ایک قسم کا ہینڈ بینڈ ہے جسے رات بھر پہننے سے گہری نیند لائی جاسکے گی۔ اس میں ہیڈ بینڈ میں الیکٹروڈ اور مائیکروچپ نصب ہے جو دماغی سرگرمی نوٹ کرتے رہتے ہیں۔ رئیل ٹائم میں دماغ کی لہروں کو بھی نوٹ کیا جاتا رہے گا۔
جسے ہی دماغ سست امواج کے تحت گہری نیند میں داخل ہوتاہے سلیپ لوپ خاص قسم کی قابلِ سماعت آوازیں خارج کرتا ہے تو نیند لانے والے دماغی خلیات سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے سست دماغی لہروں کو بڑھاتی ہیں۔ اس طرح سونے کی کوشش کرنے والا شخص لاشعوری طور پر گہری نیند میں چلا جاتا ہے۔
پہلے مرحلے میں 60 سے 80 سال تک کے افراد کوسلیپ لوپ پہنا کر تجربہ گاہی مشاہدات میں شامل کیا گیا۔ اسے گھر میں بھی آسانی سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تمام شرکا نے پہننے کے بعد گہری نیند کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ آلے کو پہننا اور چلانا بھی ایک آسان عمل ہے۔
چار ہفتوں تک شرکا نے اس آلے کو استعمال کیا۔ دو ہفتے تک آلے نے کام نہیں کیا اور دو ہفتے تک وہ کام کرتا رہا۔ اس کی خبر نہ پہننے والے کو تھی اور نہ ہی سائنسدانوں کو اس کا علم تھا۔ تاہم صرف ڈیٹا ہی اس کی تصدیق کررہا تھا۔ لیکن جب جب نیند کی بہتری کی بات ہوئی عین اسی رات سلیپ لوپ کام کررہا تھا۔
معلوم ہوا کہ سننے والی آواز سے نیند کی لہروں کو فروغ دینا ممکن ہے۔ لیکن بعض شرکا نے دوسروں کے مقابلے میں اسے بہتر قرار دیا ہے۔ اس کا ایک مطلب تو یہ ہے کہ اب ماہرین کو ہر شخص کے لحاظ سے سلیپ لوپ کو بہتربنانا ہوگا۔ ای ٹی ایچ کے ماہرین نے اسے بازار کی مصنوعات کے بجائے ایک طبی آلہ قرار دیا ہے جس میں بہتری کی گنجائش رہے گی۔
تاہم اگلے مرحلے میں اسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔

جادوئی مائع جو اسکرین کو واٹراور اسکریچ پروف بناسکتا ہے

سان فرانسسكو: (ویب ڈیسک) ہماری تیزرفتار زندگی میں اسمارٹ فون، ٹیبلٹ اور اسکرین کو ایک غیرمعمولی اہمیت حامل ہوچکی ہے۔ اس لیے اب اسکرین کو واٹرپروف اور اسکیچ پروف بنانے کے جتن کئے جاتےہیں۔ اس ضمن میں ’پیوراکوٹ‘ نامی ایجاد فوری طور پر اسکرین کو محفوظ کرکے واٹرپروف اور اسکیچ پروف بناسکتی ہے۔
پیوراکوٹ نینوذرات سے بنایا گیا ہے جسے پورے موبائل فون پر لگایا جاسکتا ہے۔ بالخصوص یہ ٹچ پینل کےلیے بنایا گیا ہے۔ ایک مرتبہ اسپرے کرنے کے بعد سیکنڈوں میں یہ پرت فون کو واٹر پروف اور اسکریچ پروف بنادیتی ہے۔ اس کی باریک پرت عام آنکھ سے نظر نہیں آتی اور یوں شناخت کرنا دشوار ہوجاتا ہے۔ ایک مرتبہ اسپرے کے بعد یہ فون اور ٹیبلٹ اسکرین کو غیرمعمولی مضبوطی عطا کرتی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پیوراکوٹ اسپرے کے بعد چھری اور اسٹیل وول (آہنی تاروں کا لچھا) رگڑنے سے بھی اسکرین پر کوئی خراش نہیں بنتی۔
پیورا کوٹ کی خاصیت یہ ہے کہ فون پر نشاناتِ انگشت نہیں بنتے، گرد اور چکنائی جمع نہیں ہوتی، بیکٹیریا اس کے پاس نہینں پھٹکتے اور سب سے بڑھ کر قیمتی فون واٹرپروف بن جاتا ہے۔ اس سے قبل ہم اپنے فون محسوس بنانے کےلیے اسکرین پروٹیکٹر استعمال کرتے رہے ہیں۔ اسکرین پروٹیکٹر کی پلاسٹک پرت میں عموما بلبلے بن جاتے ہیں اور یوں اسکرین کی حساسیت کم ہوجاتی ہے۔ دوسری جانب بار بار پروٹیکٹر بدلنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔
یہ ایک مائع ہے جسے چھوٹی سی بوتل میں بھرا گیا ہےتاہم اپنے خواص کی بدولت یہ 18 ماہ بعد قابلِ استعمال نہیں رہتا۔ تاہم یہ تمام اسکرین اور آلات پر کام کرسکتا ہے۔ ایک بوتل میں پانچ ملی لیٹر نینو مائع بھرا گیا ہے جو چار اسمارٹ فون کے لیے کافی ہوتا ہے۔ تاہم تین سے چھ ماہ بعد دوبارہ کوٹنگ اسپرے درکار ہوتا ہے۔
کمپنی کے مطابق آئی فون اور دیگر فون کے فنگرپرنٹ اور ٹچ آئی ڈی کو اس سے کوئی نقصان نہیں ہوتا اور اسکرین کی حساسیت برقرار رہتی ہے۔ پیوراکوٹ کے ایک اسپرے کی قیمت 18 ڈالر رکھی گئی ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس: مراسلہ سپریم کورٹ کو بھیج رہے ہیں، ڈپٹی اسپیکر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قائم مقام اسپیکر قاسم خان سوری کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔
ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ میری رولنگ کو غیر آئینی قراردیا گیا، غیر ملکی مراسلہ زیر بحث لایا گیا اور اس کو سازش قرار دیا گیا، ڈپٹی اسپیکر نے مراسلے کوایوان میں لہرایا، انہوں نے کہا کہ عمران خان کا یہ قصور تھا کہ انہوں نے آزاد خارجہ پالیسی کی بات کی، کیا یہ ملک غلامی کرنے کے لیے بنایا گیا تھا؟ قومی اسمبلی کی طرف سے مراسلہ سپریم کورٹ کو بھیج رہے ہیں۔
ڈپٹی اسپیکر کے اظہار خیال کے دوران خواجہ آصف بات کرنے کے لیے کھڑے ہوئے لیکن شہباز شریف نے خواجہ آصف کو بات کرنے روک دیا۔
مراسلہ ڈی کلاسیفائڈ کرنے کی اجازت وفاقی کابینہ نے دی، میری طرف سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو معذرت چاہتاہوں۔ جس کے بعد انہوں نے سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو اجلاس میں اظہار خیال کی اجازت دی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم مستعفی ہونے کا اعلان کر رہے ہیں، جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرا ضمیر گوارا نہیں کرتا کہ وزیراعظم کے انتخاب کا حصہ بنوں، اور اٹھ کر چلے گئے۔
جس کے بعد ایاز صادق نے قومی اسمبلی اجلاس کی صدارت سنبھال لی۔

انتقام نہیں،حساب ضرور لیں گے، پرانی ن لیگ نہ سمجھا جائے،مریم نواز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پرانی مسلم لیگ ن نہ سمجھا جائے ۔ہم انتقام نہیں لیں گے حساب ضرور لیں گے۔
مسلم لیگ ن کی نا ئب صدر مریم نواز وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاوس پہنچ گئیں۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہم انتقام نہیں لیں گے حساب ضرور لیں گے۔لاہور سے بنی گالا تک مال گاڑی جو چلتی تھی اس کا حساب ضرور ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر فتنہ پھیلانے اور امن و سکون میں خلل ڈالنے کی کوشش کی گئی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ان کو حکومت جانے کا بڑا دکھ ہے ،تھوڑا حوصلہ کریں ۔ فوٹو شاپ تصاویر اور ویڈیوز نہ لگائیں
انہوں نے کہا ہے کہ ابھی شہباز شریف کی حکومت قائم بھی نہیں ہوئی اسٹاک ایکسچینج اوپر چلی گئی ہے۔ عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ہم نے 22کروڑ عوام کی جان اس نالائق اور نااہل حکومت سے چھڑائی۔

پاکستان تحریک انصاف کا قومی اسمبلی سے استعفے دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی سے استعفے دینے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے سابق وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوروں کیساتھ اسمبلی میں نہیں بیٹھوں گا، اکیلے کو بھی استعفی دینا پڑا تو میں استعفی دوں گا، شہباز شریف پر 16 ارب اور 8 ارب روپے کے کرپشن کیسز ہیں، اسے جو بھی وزیراعظم سلیکٹ اور الیکٹ کرتا ہے اس سے بڑی ملک کی توہین نہیں ہو سکتی، قومی اسمبلی سے استعفے دے رہے ہیں۔
ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری سے عمران خان نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے قومی اسمبلی اجلاس کے حوالے سے ہدایات دیں۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی اسپیکر کو عمران خان نے پارٹی استعفوں سے متعلق بھی آگاہ کر دیا۔
ادھر پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے مراد سعید، فرخ حبیب، عالیہ حمزہ قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

پی ٹی آئی کے منحرف رکن کے گھر کے باہر فائرنگ کا واقعہ، 8 ملزمان گرفتار

شیخوپورہ : (ویب ڈیسک) شیخوپورہ میں پی ٹی آئی کے منخرف سابق صوبائی وزیر میاں خالد محمود کے گھر کے باہر فائرنگ واقعے پر پولیس نے 150 پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف سنگین نوعیت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا، 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
عمران خان کی کال پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی احتجاجی ریلی منحرف سابق صوبائی وزیر میاں خالد محمود کے گھر کے باہر سے گزر رہی تھی کہ ریلی میں سے پی ٹی آئی کارکنوں نے ہوائی فائرنگ کردی جس پر میاں خالد محمود کے گھر کے اندر سے ملازمین نے بھی فائرنگ کی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او شیخوپورہ، ایس پی انویسٹی گیشن اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، میاں خالد محمود کے بیٹے میاں تیمور خالد نے ڈی پی او کی اپنے ڈرائیور غلام عباس کی مدعیت میں تحریری درخواست دی جس پر تھانہ بی ڈویژن میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا کہ پی ٹی آئی کے 20 کے قریب نامزد اور 150 نامعلوم کارکنان میاں خالد محمود کی رہائش گاہ پر حملہ آور ہوئے اور فائرنگ کرتے ہوئے گھر توڑ پھوڑ کی، ملازمین کو تشدد کرکے نقدی و موبائل فون چھین لیے، بی ڈویژن پولیس نے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔