All posts by Khabrain News

قصور چھاپنے والوں کا تھا، مجھے اکیلا دیکھ کر فرد جرم عائدکی گئی، رانا شمیم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق چیف جج رانا شمیم نے کہا ہے کہ قصور ان کا تھا جنہوں نے چھاپا اور فرد جرم مجھ پر عائد کر دی گئی۔
سابق چیف جج رانا شمیم نے فرد جرم عائد ہونے کے بعد صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے وکیل ٹریفک میں پھنسے ہوئے ہیں اور مجھے اکیلا دیکھ کر فرد جرم عائد کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جس صحافی نے خبر شائع کی اس کو معاف کر دیا گیا اور انصار عباسی نے خبر شائع کرنے سے قبل مجھ سے پوچھا تھا لیکن میں نے جواب دیا کہ جب تک بیان حلفی سامنے نہ ہو میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ جب ثاقب نثار کاؤنٹر حلف نامہ لائیں گے تب ہی اس پر بات ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ فرد جرم عائد ہونے سے کیا ہوتا ہے؟ بیان حلفی سربمہر تھا معلوم نہیں کیسے پبلک ہوا۔ فرد جرم سے مراد کسی کو سزا دینا مقصود نہیں ہوتا۔ اب عدالت میں کیس چلے گا تو پھر دیکھیں گے۔
رانا شمیم نے کہا کہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے کیونکہ میرا قصور بنتا ہی نہیں تھا اصل قصور ان کا تھا جنہوں نے چھاپا۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ نے حلفیہ بیان نواز شریف کے آفس میں سائن کیا تھا؟ تو سابق چیف جج نے کہا کہ فضول باتیں نہ کریں۔

جنوبی پنجاب صوبہ: حکومت کی قانون سازی کیلئے شہباز اور بلاول سے تعاون کی درخواست

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے جنوبی پنجاب صوبہ کے لئے پارلیمنٹ میں قانون سازی کیلئے شہباز شریف اور بلاول سے تعاون کی درخواست کر دی۔ حکومت نے اپوزیشن سے خط کے ذریعے رابطہ کیا۔
حکومت نے صوبے کیلئے پارلیمان کی خصوصی کمیٹی بنانے کیلئے نام مانگ لئے۔ شاہ محمود قریشی نے آئینی ترمیم کیلئے دونوں پارلیمانی رہنماؤں کو مدعو کرلیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا کہ جنوبی پنجاب الگ صوبہ بنانا اس علاقے کے لوگوں کی دیرینہ خواہش ہے۔
خط کے متن میں مزید کہا گیا کہ ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن پر الگ صوبہ بنانے سے متعلق تحریر کر رہا ہوں، 17 جنوری کو ن لیگی سینیٹر نے ایوان بالا میں نجی بل پیش کیا، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے بل کی حمایت کی، جنوبی پنجاب صوبہ بنانا علاقے کے لوگوں کی دیرینہ خواہش ہے، جنوبی پنجاب صوبہ بنانے میں بنیادی رکاوٹ آئینی ترمیم ہے، ترمیم کیلئے پارلیمنٹ کی دو تہائی اکثریت درکار ہے۔

کراچی: سرجانی سے لاپتہ 4 سالہ حسبان کی لاش ندی سے مل گئی، پولیس تاحال مصروف تفتیش

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے سرجانی سے چند روز قبل لاپتہ ہونے والے 4 سالہ حسبان کی لاش ندی سے مل گئی ہے، پولیس کا کہنا ہے تفتیش جاری ہے، ذمہ داروں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔
بارہ جنوری کو سرجانی ٹاؤن میں ایک گھر پر اس وقت قیامت ٹوٹ پڑی جب ان کا چار سالہ حسبان لاپتہ ہوگیا، گھر والوں نے پہلے پہل علاقے میں تلاش کیا اور چپہ چپہ چھان مارا تاہم کوئی سراغ نہ ملا تو مقامی پولیس کو اطلاع دی گئی، پولیس نے ابتدائی تفتیش کی اور سی پی ایل سی کو آگاہ کیا جہاں سی پی ایل سی نے زینب الرٹ بل کے تحت ننھے حسبان کی گمشدگی کا اشتہار جاری کیا، تاہم کوئی شنوائی نہ ہوسکی۔
اہل خانہ اپنے چار سالہ بچے کو کھونے پر غم سے نڈھال تھے اور ان میں شدید اضطراب تھا۔ آج اہل خانہ پر قیامت ٹوٹی جب پولیس کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ سرجانی ٹاؤن کے نالے سے ایک لاش برآمد ہوئی ہے جوکہ چار سالہ حسبان کی ہے، علاقے میں خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیلی گئی، پولیس نے ریسکیو ٹیموں کی مدد سے بچے کی لاش کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔
چار سالہ حسبان کی لاش ملنے پر ماں پر سکتہ طاری ہوا تو والد اندوہناک خبر سن کر دل لے کر بیٹھ گیا، چار سالے بچے کی لاش نالے سے ملنے پر اہل علاقہ میں سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے اور انہوں نے پولیس سے تمام واقعے کی فوری جانچ پڑتال کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بچے کو کیوں اور کس نے قتل کیا، تحقیقات جاری ہیں۔ جلد تفصیلات منظر عام پر آجائیں گی۔
ادھر سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچہ نالے میں حادثاتی طور پر گرا یا قتل کیا گیا؟ پولیس تمام پہلوؤں سے شفاف تحقیقات کرے اور لواحقین کو جلد آگاہ کرے۔

‘نوازشریف پاکستان آکر سزا مکمل کریں، میڈیکل بورڈ کی رپورٹ محکمہ داخلہ کو بھجوا دی’

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نوازشریف کے معاملے پر میڈیکل بورڈ کی رپورٹ موصول ہوچکی ، محکمہ داخلہ کو بھجوا دی ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد کو پاکستان واپس آ کر سزا مکمل کرنی چاہیے۔
وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے اپنے بیان میں کہا کہ نوازشریف کھاتے پیتے چلتےاور پھرتے نظر آ رہے ہیں، نہ کبھی ہسپتال داخل ہوئے ہوئےاور نہ علاج کروایا، بظاہر وہ صحت مند ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کےمعاملے پر میڈیکل بورڈکی رپورٹ موصول ہوچکی جسے محکمہ داخلہ کو بھجوا دیا ہے۔
واضح رہے کہ نوازشریف ان دنوں لندن میں مقیم ہیں، شریف خاندان کا دعوی ہے کہ نوازشریف کو لندن علاج کی غرض سے منتقل کیا گیا تاہم حکومت قائد ن لیگ کے علاج کے معاملے کو شکوک و شبہات کی نظر سے دیکھتی ہے۔

کشمیر روڈ پر والدہ اور بہن کے سامنے نوجوان کا قتل، اہم انکشافات سامنے آ گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) کشمیر روڈ پر والدہ اور بہن کے سامنے نوجوان شاہ رخ کے قتل میں اہم انکشافات سامنے آگئے، شاہ رخ کو قتل کرنے کے بعد قاتل فرزند جعفری کہاں اور کیوں گیا، زیر حراست ملزم عمران نے ابتدائی تفتیش میں مزید انکشافات کر دیئے۔
کشمیر روڈ پر ماں اور بہن کے سامنے قتل ہونے والے شاہ رخ قتل کیس میں مزید انکشافات سامنے آ گئے، زیر حراست ملزم عمران کا کہنا ہے کہ فرزند نے مجھے سستا اسلحہ دلوانے کا وعدہ کیا تھا، میں فرزند کے ساتھ کشمیر روڈ سے جا رہا تھا، رکشہ دیکھ کر اچانک سے فرزند نے راستہ تبدیل کردیا جس پر میں نے کہا ہم نے یہاں تو نہیں جانا تھا، اس نے کہا کام ہے، میرا اندازہ ہے اس نے رکشے میں خواتین کو سونے کے زیورات پہنے دیکھا ہوگا جس کے بعد مجھے کہا اترو، اورخود رکشے کے پیچھے چلا گیا۔
ملزم واپس آیا تو چہرہ چھپایا ہوا تھا، میں نے پوچھا منہ کیوں چھپایا ہے، جس پر فرزند نے کہا کہ مجھے سردی لگ رہی ہے۔ ہم وہاں سے پہلے صدر میں اسلحے کی دکان پر گئے، صدر مارکیٹ سے ہم پھراورنگی ٹاون میٹروول اسحلہ شاپ پر آگئے، اسلحہ کی دکان پر پہنچتے ہی فرزند نے جیکٹ اتار دی، پھر میں نے پوچھا کیا ہوا تو کہا گرمی لگ رہی ہے، میں حیران ہوگیا کہ چند منٹ بعد گرمی لگنے لگی۔
اسلحے کی دکان پر فرزند جعفری انتہائی اطمینان سے بیٹھا رہا، ملزم عمران کے مطابق اسے دیکھ کر بالکل نہیں لگ رہا تھا جیسے کچھ ہوا ہو، عمران نے بتایا پھر جب وہاں سے میں گھر چلا گیا تو ٹی وی پر خبر دیکھی تو مجھے یقین ہوگیا کہ یہ واردات فرزند جعفری نے کی ہے۔

آئی سی سی نے ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کردیا، بابر اعظم کپتان مقرر

دبئی: (ویب ڈیسک) آئی سی سی نے ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کردیا ،بابر اعظم کو ٹیم کا کپتان مقررکیا گیا ہے۔
بابر اعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا، نمبر ون بلے باز آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کے کپتان مقرر کئے گئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے فخر زمان بھی ٹیم میں شامل ہیں۔قومی کپتان نے 6 ون ڈے میچز میں 67 کی اوسط سے 405 رنز بنائے،فخر زمان نے 6 میچز میں 365 رنز بنانے کے ساتھ جنوبی افریقہ کے خلاف 193 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔
سال کی بہترین11 رکنی ٹیم میں بنگلا دیش کے شکیب الحسن، مشفیق الرحیم اور مستفیض الرحمان بھی شامل ہیں۔ سری لنکا کے سٹار کھلاڑی ونندو ہاسارنگا اور دشمنتھ چمیرا بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ ،سمی سنگھ جبکہ جنوبی افریقہ کے جانیمن ملان اور وین ڈوسن بھی سال کی بہترین ٹیم میں شامل ہیں۔ ٹی 20 کی طرح ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں بھی کوئی بھارتی کرکٹر شامل نہیں کیا گیا۔

فیصل آباد کا جھنگ روڈ کئی سالوں سے تباہی کا شکار، شہریوں کو مسائل کا سامنا

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد کو جھنگ سمیت دیگر شہریوں سے ملانے والا جھنگ روڈ عرصہ دراز سے تباہ حالی کا شکار ہے، جس سے ناصرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ شہری بھی مسائل کا شکار ہیں۔
فیصل آباد کا جھنگ روڈ گزشتہ کئی سالوں سے تباہی کا شکار بنا دیکھائی دیتا ہے، جس کی وجہ سے جھنگ، ملتان، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور بہاولپور سمیت دیگر شہروں سے فیصل آباد کی طرف آنے اور جانے والے مسافروں کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مین جھنگ روڈ پر بنے گڑھوں کی وجہ سے چند منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا جا رہا ہے۔ روڈ کی تعمیرسے متعلق ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور مختلف اداروں کے سربراہان کی جانب سے متعدد بار دعوے تو کئے گئے لیکن عملدرآمد نہ ہوسکا۔
معاملے پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کا کہنا ہے کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے مسائل آڑھے آرہے تھے، البتہ اب فنڈز موصول ہوچکے ہیں اور جلد روڈ کی تعمیر کا کام بھی مکمل کرلیا جائے گا۔ شہریوں نے کہا کہ روڈ کی بدحالی کی وجہ سے انکی قیمتی گاڑیاں بھی تباہ ہو رہی ہیں، حکام عملی سطح پر اقدامات اٹھائیں تاکہ انہیں اس حوالے سے درپیش مسائل کا خاتمہ ہوسکے۔

لیگی رہنما حمزہ شہباز نے نیب ترمیمی آرڈیننس سے فائدہ نہ لینے کا فیصلہ کرلیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لیگی رہنما حمزہ شہباز نے نیب ترمیمی آرڈیننس سے فائدہ نہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔ ترمیمی آرڈیننس کی بنیاد پر بری کرنے کی استدعا واپس لے لیا۔ احتساب عدالت نے میرٹ کی بنیاد پر بریت کی درخواست پر وکلا سے دلائل طلب کرلئے۔
شہباز خاندان کے خلاف آشیانہ اقبال، منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ شہباز شریف کورونا کا شکار ہونے کے باعث احتساب عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ عدالت نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں نیب کے گواہوں پر جرح کرنے کا حکم دیا۔
رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز نے ترمیمی آرڈیننس کی بنیاد پر فائدہ نہ لینے کی استدعا کر دی۔ حمزہ شہباز نے مؤقف اختیار کیا کہ ترمیمی آرڈیننس سے فائدہ لینے کا فیصلہ وکلاء کا تھا، میرٹ کی بنیاد پر سرخرو ہونا چاہتا ہوں، عدالت نے حمزہ شہباز کی استدعا پر ترمیمی آرڈیننس کی بنیاد پر دائر درخواست واپس کر دی۔ عدالت نے وکلا کو بریت کی درخواست پر میرٹ کی بنیاد پر 27 جنوری کو دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔
احتساب عدالت میں حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے اور عدالت کے اطراف آنے والے راستوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کیا گیا۔

افغانستان میں فائرنگ سے طالبان کمانڈر سمیت 6 ہلاک

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کے صوبہ کنٹر میں فائرنگ کےنتیجے میں طالبان کمانڈر سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق فائرنگ واقعے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی، مقامی حکام کے مطابق مارے جانے والوں میں طالبان کمانڈر کا بیٹا بھی شامل ہے، واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔
طالبان حکام کے مطابق فائرنگ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں، جائے واردات سے شواہد بھی اکٹھے کئے گئے ہیں جبکہ مشکوک افراد سے پوچھ گچھ بھی جاری ہے۔

پی ایس ایل 7 کے اینتھم سانگ کی ویڈیوز لیک، انکوائری کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل 7 کے اینتھم سانگ کی ریکارڈنگ کی ویڈیوز لیک ہوگئیں، کرکٹ بورڈ نے انکوائری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ستائیس جنوری سے کراچی میں شروع ہونے والی لیگ کو ایک اور جھٹکا لگ گیا، آفیشل سانگ ویڈیو ریلیز ہونے سے پہلے ہی لیک ہو گئیں جس پر انتظامیہ نے سر پکڑ لیے، ویڈیو ریکارڈنگ قذافی سٹیڈیم اسٹیڈیم میں شوٹ کی گئی جس میں سٹار سنگر آئمہ بیگ اور عاطف اسلم نے سروں کا جادو جگایا۔
کرکٹ بورڈ کی طرف سے باضابطہ طور پر ریلیز کیے جانے سے پہلے ہی ویڈیو لیک ہونے والی ویڈیو کے معاملہ پر تحقیقات کر کے ذمہ داران کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔