All posts by Khabrain News

فرح خان اور خاتون اول پر لگے الزامات کو مسترد کرتے ہیں، عثمان بزدار

لاہور: (ویب ڈیسک) نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ خاتون اول اور فرح خان کے بارے میں بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔
پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ خاتون اول اور فرح خان کے بارے میں بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہیں جبکہ میں علیم خان، چودھری سرور اور اپوزیشن ارکان کے من گھڑت الزامات کی تردید کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں تقرر و تبادلے میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق ہوتے ہیں۔ الزامات منی لانڈرنگ اور کرپشن کے بے تاج بادشاہوں کا ہمیشہ وطیرہ رہا ہے اور جب یہ مات کھاتے ہیں تو بلیک میلنگ کے لیے حریفوں اور اداروں پر الزامات لگانے لگ جاتے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ سیاسی میدان میں شکست خوردہ عناصر بےبنیاد الزامات لگا کر اپنی خفت نہیں چھپا سکتے اور اگر آپ کے پاس کوئی ثبوت ہے تو ضرور سامنے لائیں۔
ن لیگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور ان کے حواری مجھ پر یا کابینہ پر کرپشن کا ایک بھی اسکینڈل سامنے نہیں لا سکے۔ نہ کوئی ٹھیکہ، نہ کوئی کیلبری خط، نہ کوئی جعلی ٹرسٹ نہ مے فئیر کے فلیٹ سامنے آئے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے اپنے ساڑھے 3 سال میں پنجاب میں ایمانداری سے ڈلیور کیا جبکہ ن لیگ اور حواری بغیر کسی ثبوت خاتون اول اور فرح خان پر الزامات لگاتے ہیں۔ آپ ناکام ہوں گے کیونکہ عمران خان کی ایمانداری پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔

شکر ہے اب بابر کو بالنگ نہیں کروانا پڑے گی، آسٹریلوی کپتان

لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ شکر ہے اب بابر کو بالنگ نہیں کروانا پڑے گی۔
صرف پاکستانی ہی بابر اعظم کے پرستار نہیں بلکہ غیر ملکی کرکٹرز بھی ان کی بیٹنگ کے دیوانے ہیں اور ان میں ایک نام آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کا بھی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی میچ کے اختتام پر ایرون فنچ نے بابر اعظم کی بیٹنگ کی انوکھے انداز میں تعریف کی۔
واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں فتح حاصل کرنے کے بعد جب ایرون فنچ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تو انہوں نے کہا شکر ہے کہ ہمیں اب کچھ عرصے تک بابر کو بالنگ نہیں کروانی پڑے گی۔
ایرون فنچ اس سے قبل بابر اعظم کو بگ بیش میں شامل کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کر چکے ہیں۔ وہ میلبرن رینیگیڈز کی طرف سے کھیلتے ہیں اور انہوں نے کہا تھا کہ ان کی خواہش ہے بابر اعظم بھی اس فرنچائز کا حصہ بنیں۔
ایرون فنچ نے دورہ پاکستان کے حوالے سے کہا کہ یہ بلاشبہ ایک یادگار دورہ تھا، آسٹریلیا کے لیے یہ دورہ بہت اچھا رہا کیونکہ بہت سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو موقع ملا۔

آئی سی سی رینکنگ: کپتان بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار

لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کر دی۔ کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار ہے۔
جبکہ امام الحق ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ پاکستان کے شاہین آفریدی بالنگ رینکنگ میں ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے، شاہین آفریدی بالنگ رینکنگ میں8 درجے بہتری سے 7ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
شاہین آفریدی ٹیسٹ رینکنگ میں 5ویں نمبر پر ہیں۔

اسپیکر کی غیر آئینی رولنگ کا معاملہ نیشنل سکیورٹی رسک بنا دیا گیا: شیری رحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شیری رحمان کا کہنا ہے کہ اسپیکر کی غیر آئینی رولنگ کا معاملہ نیشنل سکیورٹی رسک بنا دیا گیا، آپ کی سفارتکاروں سے ملاقاتیں غداری نہیں تو 197 لوگ غدار کیسے ہوگئے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملک کیلئے سکیورٹی رسک ہیں، حکومت کیخلاف سازش ہوئی تو امریکا سے معافی کیوں نہیں منگوائی، یہ تحریک انصاف نہیں تحریک انتشار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے امریکا سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی، نیٹو سپلائی معطل کی، ہم نے اپنی ذات کو بچانے کیلئے پاکستان کو آگ میں نہیں جھونکا، پاکستان کی خاطر پیپلزپارٹی صف اول میں کھڑی رہی، پاکستان کو دو بڑی طاقتوں کے درمیان میں جھونک دیا گیا۔

پاکستان کسٹمز کی شمالی بحیرہ عرب میں کارروائی، 3 ہزار کلو گرام حشیش برآمد، 7 ملزمان گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کسٹمز اور میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے شمالی بحیرہ عرب میں کارروائی کر کے 45 کروڑ روپے مالیت کی تین ہزار کلوگرام حشیش برآمد کرلی، سات ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
کسٹمز ہاﺅس کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ ہنوک بلوچ نے بتایا کہ کسٹمز انٹیلی جنس نے بڑی مقدار میں منشیات کی موجودگی کی اطلاعات فراہم کی تھیں۔ میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ہمراہ شمالی بحیرہ عرب میں ایک غیرملکی کشتی پر چھاپہ مارا گیا۔
تلاشی کے دوران تین ہزار کلوگرام حشیش برآمد ہوئی، جس کی بین الاقوامی منڈی میں مالیت 45 کروڑ روپے ہے۔ کسٹمز حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے 7 اسمگلروں سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پریس کانفرنس میں ایم ایس اے حکام بھی موجود تھے۔

پنجاب اسمبلی اجلاس بلانے کیلئے جو تماشا لگا وہ سارا پاکستان دیکھ رہا ہے: حمزہ شہباز

لاہور: (ویب ڈیسک) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے ملک کو بنانا رپبلک بنا کر رکھ دیا، پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کے حوالے سے جو تماشا لگایا جا رہا ہے وہ سارا پاکستان دیکھ رہا ہے۔
پنجاب اسمبلی اجلاس کی غیر یقینی صورتحال پر حمزہ شہباز شریف نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ آئین و قانون کی دھجیاں اڑانے والوں کو اپنے اقدامات کے نتائج کا بخوبی پتا ہونا چاہئے، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کے احکامات کو بھی نہیں مانا جا رہا،تحریک انصاف اور پرویز الہی کا گٹھ جوڑ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے منتخب نمائندوں کا حق ہے کہ وہ اپنا قائد ایوان منتخب کریں، منتخب نمائندوں کے حق پر پہلے وفاق میں ڈاکا ڈالا گیا اب پنجاب میں کارروائی کی تیاری ہے، کسی بھی غیر آئینی، چور دروازے اور دھونس پر مبنی اقدام سے باز رہا جائے۔

اقتدار کی حوس نے عمران خان کو ذہنی مفلوج کر دیا، شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقتدار کی حوس نے عمران خان اور حواریوں کو ذہنی مفلوج کر دیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کچھ ساتھیوں کا آئین کے دفاع میں نیازی کے خلاف کھڑے ہونا خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئیں ہم سب آئین اور قانون کی حفاظت اور پاسداری کے لیے یکجا ہو جائیں۔ اقتدار کی ہوس نے عمران خان اور حواریوں کو ذہنی مفلوج کر دیا ہے۔

عمران خان پھر اس ملک کو پاؤں پر کھڑا کریں گے، سینیٹر فیصل جاوید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ عمران خان 3 ماہ بعد پھر اس ملک کو پاؤں پر کھڑا کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قوم کو عظیم اور شہباز شریف بھکاری کہتے ہیں جبکہ عمران خان 3 ماہ بعد پھر اس ملک کو پاؤں پر کھڑا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے منی لانڈرنگ اور کرپشن کے متعلق بات کی اور عمران خان نے کبھی ان پر ذاتی حملے نہیں کیے۔ جے آئی ٹی کیس میں مریم بی بی کو ہم نہیں لائے۔
پی ٹی آئی کے رہنما فیصل جاوید نے کہا کہ مریم بی بی نے کہا لندن کیا پاکستان میں بھی میری جائیداد نہیں اور مریم نواز حقیقی معنوں میں مالکہ نکلیں۔
انہوں نے کہا کہ اب قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں۔ اس ملک میں 400 ڈرونز حملے ہوئے لیکن مذمت نہیں کی گئی۔ عمران خان نے ملک کو آزاد خارجہ پالیسی دی۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ یہ پاکستان کی خودمختاری کا کیس ہے اور عمران خان امن کے سفیر ہیں۔

مغربی افریقہ میں 27 ملین افراد بھوک کا شکار

مغربی افریقہ: (ویب ڈیسک) ایک تازہ رپورٹ کے مطابق خوراک کے بحران کے باعث مغربی افریقہ میں ستائیس ملین افراد بھوک کا شکار ہیں۔
رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اس تعداد میں مزید گیارہ ملین افراد کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ یوکرین میں جاری جنگ نے کئی علاقوں میں خوراک کی قلت کا خطرہ پیدا کر دیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مغربی افریقہ میں گزشتہ پانچ سالوں میں خوراک کی قیمتوں میں بیس سے تیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اس خطے کے کئی ممالک تیس سے پچاس فیصد گندم روس یا یوکرین سے درآمد کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تبدیلیاں اور کوویڈ کی وبا بھی خوراک کی سپلائی کو متاثر کر رہی ہے۔
اقوام متحدہ نے مغربی افریقہ کی امداد کے لیے چار ارب ڈالر کی اپیل کی ہے۔اس رپورٹ کو تحریر کرنے والی گیارہ تنظیموں نے اقوام متحدہ کی اس اپیل کی حمایت کی ہے۔

یوکرین میں روسی جنگ برسوں تک چل سکتی ہے، امریکی جنرل

امریکہ : (ویب ڈیسک) امریکی جنرل مارک ملی کا کہنا ہے کہ یوکرین میں روسی جنگ برسوں تک چل سکتی ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل مارک ملی نے امریکی کانگریس میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں روس کی جنگ برسوں تک جاری رہ سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یوکرین کی مدد کرنے والے امریکہ اور دیگر ممالک بھی اس جنگ میں کچھ عرصے تک شامل رہیں گے۔
جنرل مارک ملی نے مشورہ دیا ہے کہ امریکہ کو مشرقی یورپ میں اپنے مستقل اڈے قائم کرنے چاہئیں لیکن فوج کو مستقل طور پر کسی ایک جگہ تعینات کرنے کی بجائے انہیں ایک مقام سے دوسرے مقام پر منتقل کرتے رہنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بالٹک ریاستیں، رومانیہ اور پولینڈ اس طرح کے اڈوں کی ادائیگی کے لیے بھی راضی ہیں۔