All posts by Khabrain News

عمران خان وزیراعظم نہیں رہے؛ نوٹی فکیشن جاری

اسلام آباد: کابینہ ڈویژن نے عمران خان کا بطور وزیراعظم عہدہ ختم ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ 

آئین کے آرٹیکل 94 کے تحت صدر مملکت نے وزیراعظم کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ نگران وزیراعظم کے تقرری تک عمران خان بطور وزیراعظم کام کرسکتے ہیں۔

کابینہ ڈویژن نے 52 وفاقی کابینہ تحلیل کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا، کابینہ ڈویژن نے 25 وفاقی وزرا، چار وزرائے مملکت کو ڈی نوٹیفائی کردیا۔

علاوہ ازیں کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم کے چار مشیروں اور 19 معاونین خصوصی کو بھی ڈی نوٹیفائی کردیا۔

پاکستان کی شوبز شخصیات تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر خوش

وزیر اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے تحریکِ عدم اعتماد مسترد ہونے پر اداکاروں کا بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔

فیصل قریشی نے انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کی اور تحریک عدم اعتماد کے ناکام ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔

اداکار نے اسٹوری میں اپوزیشن پر مضحکہ خیز انداز میں لکھا کہ ‘ہُن آرام اے (اب آرام ہے)’۔

عمران خان کی حمایت کرنے والی اداکارہ اریج فاطمہ نے بھی اپنی خوشی کا اظہار انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے کیا، انہوں نے اسٹوری پر دل کھول کر قہقہے لگائے

اریج فاطمہ نے اپنی انسٹا اسٹوری پر بڑا سا اسٹکر بھی لگایا جو کہ ہنس رہا تھا۔

گلوکار و اداکار ہارون شاہد نے ٹوئٹر پر تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد متعدد ٹوئٹس کیں۔

انہوں نے لکھا کہ سارا دن گرمی میں فیلڈنگ کرواکے جب بیٹنگ آئی تو اگلے ڈیکلیئر کراکے چکے گئے۔

ہارون شاہد نے طنزیہ لکھا کہ اوپر سے گیند، ٹیپ اور گراؤنڈ کے پیسے بھی دینا پڑے

وارنر کی جانب سے رمضان کی مبارکباد

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنر نے ساتھی مسلمان کرکٹرز کو رمضان کے مقدس مہینے کی مبارکباد دی ہے۔

ڈیوڈ وارنر نے انسٹاگرام پر رمضان المبارک کا خصوصی پوسٹر شیئر کیا۔

انہوں نے  ٹوئٹ میں کرکٹر راشد خان، عثمان خواجہ، محمد نبی سمیت دیگر سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’میرے دوستوں کو رمضان کا مہینہ مبارک ہو۔‘

اس سے قبل آسٹریلیا کے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے بھی تمام مسلمانوں کو ماہِ صیام کی مبارکباد پیش کی تھی، اس کے علاوہ عالمی رہنماؤں کی جانب سے بھی اس مقدس مہینے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے سیاسی صورتحال کا ازخود نوٹس لے لیا

سپریم کورٹ آف پاکستان کے تالے کھول دیئے گئے، چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال سپریم کورٹ پہنچ گئے اور موجودہ سیاسی صورتحال کا ازخود نوٹس لے لیا ہے۔عدالتی عملہ بھی سپریم کورٹ پہنچنا شروع ہو گیا، پیپلزپارٹی کے وکیل اسپیکر رولنگ کے خلاف درخواست دائر کرنے سپریم کورٹ پہنچے ہیں۔

روسی خلائی ایجنسی کا ناسا سے تعاون معطل کرنے کا اعلان

ماسکو: روسی خلائی ایجنسی روسکوسموس کے سربراہ ڈمتری روگوزین نے اطلاع دی ہے کہ روس بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (ISS) میں اپنا تعاون معطل کر رہا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق روگوزین نے کہا کہ روس ناسا، یورپی اسپیس ایجنسی (ای ایس اے) اور کینیڈین اسپیس ایجنسی (سی ایس اے) کے ساتھ اپنی شراکت کو بھی معطل کردے گا۔

روسی زبان میں لکھے گئے ٹویٹس میں روگوزین نے کہا: “عالمی خلائی اسٹیشن اور دیگر مشترکہ منصوبوں میں ہمارے اور شراکت داروں کے درمیان تعلقات کی بحالی غیر قانونی پابندیوں کے مکمل اور غیر مشروط طریقے سے ہٹانے جانے سے ہی ممکن ہے۔”

ملک کی سیاسی صورت حال سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ فوج کا ملک میں ہونے والی سیاسی پیش رفت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجرجنرل بابر افتخار نے ایک سوال پر کہا کہ موجودہ حالات سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

ملک کی سیاسی صورت حال کے حوالے سے رائے جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تو واضح طور پر جواب دیا گیا کہ اس صورت حال سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر قومی اسمبلی میں ووٹنگ سے قبل ڈپٹی اسپیکر نے تحریک کو مسترد کردیا تھا۔

ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے تحریک مسترد کرنے کے بعد وزیراعظم نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے صدر مملکت کو تجویز بھیج دی تھی۔

صدر مملکت نے وزیراعظم کی تجویز پر اسمبلیاں تحلیل کرنے کی منظوری دے دی۔

اپوزیشن نے اس پیش رفت کو غیرقانونی اور غیرآئینی قرار دیا۔

قبل ازیں قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح ساڑھے 11 بجے طلب کیا گیا تھا جو کچھ تاخیر کے ساتھ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی سربراہی میں تقریباً 12 بج کر 5 منٹ پر شروع ہوا۔

اجلاس کے آغاز میں وزیر قانون فواد چوہدری نے قرار داد کو غیر ملک کی جانب سے پاکستان میں حکومت کو تبدیل کرنے کی کوشش قرار دیا۔

فواد چوہدری نے قومی اسمبلی سے اپنے خطاب میں کہا کہ تحریک عدم اعتماد آئین کے آرٹیکل 95 کے تحت پیش کی جاتی ہے لیکن آئین کا ایک اور آرٹیکل 5 ایک ہے جس کے مطابق ملک سے وفاداری ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

فواد چوہدری کے اعتراض کے فوری بعد ہی ڈپٹی اسپیکر نے اراکین قومی اسمبلی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے خلاف اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد 8 مارچ 2022 کو پیش کی تھی، عدم اعتماد کی تحریک کا آئین، قانون اور رولز کے مطابق ہونا ضروری ہے۔

یوکرین کے شہر اوڈیسا میں واقع بندرگاہ پر روس کے فضائی حملے

روس نے یوکرین کے جنوبی شہر اور بحیرہ اسود کی بندرگاہ کو فضائی حملوں سے نشانہ بنایا، جس کے بعد شہر میں کئی دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فضائی حملے میں کسی کے ہلاک ہونے کی خبر نہیں آئی جبکہ کوئی سرکاری اطلاع بھی جاری نہیں کی گئی۔

دھماکے صبح 6 بجے کے قریب اسٹریٹجک ساحلی شہر کے بظاہر صنعتی علاقے میں ہوئے اور کم سے کم تین مقامات پر سیاہ دھواں اور شعلے دیکھے گئے۔

یہ حملہ ایسے وقت ہوا جب روسی افواج ملک کے شمال سے انخلاء کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

ملائکہ اروڑا کی گاڑی کو حادثہ، اداکارہ زخمی حالت میں اسپتال منتقل

بالی وڈ اداکارہ و ماڈل  ملائکہ اروڑاکو کار حادثے میں زخمی ہونے کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملائکہ اروڑا کی کارکو حادثہ ہفتہ کی دوپہر کو پیش آیا جب وہ پونے میں ایک فیشن ایونٹ سے واپس آرہی تھیں جبکہ ان کے ہمراہ   ڈرائیور اور باڈی گارڈ تھا۔

رپورٹس کے مطابق کار حادثے میں ملائکہ کے ماتھے پر معمولی چوٹیں آئی ہیں جبکہ  سی   ٹی اسکین رپورٹ ٹھیک آئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ملائکہ بالکل ٹھیک ہیں تاہم انہیں رات بھر اسپتال میں رکھا جائے گا اور اتوار کی صبح  ڈسچارج کر دیا جائے گا۔

پولیس کا  کہنا ہے کہ یہ حادثہ ممبئی، پونے ایکسپریس وے پر اس وقت پیش آیا جب اداکارہ کی کار  3 گاڑیوں سے ٹکراگئی۔

دوسری جانب ملائکہ کی بہن امریتا اروڑا نے بھی بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اداکارہ اسپتال میں ہیں اور ان کی حالت ٹھیک ہے۔

وفاقی کابینہ تحلیل کردی گئی: فواد چوہدری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر کی جانب سے اسمبلی تحلیل کرنے کےبعد وفاقی کابینہ بھی تحلیل کردی گئی۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نےٹوئئر پر جاری بیان میں کہا کہ آئین کے آرٹیکل 224 کے تحت وزیر اعظم اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے جب کہ کابینہ تحلیل کر دی گئی ہے۔

جہانگیر ترین اور علیم گروپ عمران خان کا ساتھ دیں گے: فیاض الحسن چوہان

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے دعوی کیا ہے کہ ترین گروپ کے ساتھ ساتھ علیم خان گروپ بھی عمران خان کا ساتھ دے گا۔
پنجاب اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اسمبلی اجلاس چھے اپریل تک ملتوی کردیا گیا ہے، افسوس ان غنچوں پر جو بن کھلے مرجھا گئے۔ وزیراعظم عمران خان سرخرو ہوئے، مجرم اور ملزم باپ بیٹا اقتدار کے خواہاں تھے، اپوزیشن والے لوگوں کے ضمیر خرید کر اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھنا چاہتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی میں بھی ہمارے نمبر پورے تھے، سازش کو ناکام بنا دیا گیا ہے، لوگ خوشیاں منا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ آج پنجاب اسمبلی میں وزیراعلی پنجاب کا انتخاب ہونا تھا، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے وزارت اعلی کیلئے امیدوار پرویز الہی کو نامزد کیا تھا اور حمزہ شہباز متحدہ اپوزیشن کے امیدوار تھے۔ عبد العلیم خان گروپ نے نئے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر رکھا تھا جبکہ ترین گروپ بھی حمزہ شہباز کے حمایتیوں میں شامل تھا۔ اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی ہونے پر وزارت اعلی کے انتخاب کے بغیر ہی اجلاس 6 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا۔