All posts by Khabrain News

رمضان میں عمرہ زائرین کو رش سے بچانے کیلئے سعودی حکومت کا اہم فیصلہ

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کو رش سے بچانے کے لیےتین اوقات مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق عمرہ سیکیورٹی فورسز کے کمانڈر میجر جنرل محمد البسامی جمعہ کو کہا کہ زیادہ ہجوم سے بچنے کے لیے عمرہ زائرین کو تقسیم کرنے کے لیے مختلف اسٹیشنوں کی منظوری دی گئی ہے جبکہ مسجد الحرام میں داخلے کے لیے داخلی اور خارجی راستوں کی تنظیم نو کی بھی کی گئی ہے۔
حرمین شریفین کے حکام نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ صحن مطاف اور گراؤنڈ فلور کو زائرین کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے بدھ کو اعلان کیا تھا کہ سعودی عرب میں ہر قسم کے داخلے کے ویزے رکھنے والوں کو عمرہ کرنے کی اجازت ہوگی۔ دیگر ممالک سے آنے والے افراد کے لیے عمرہ کرنے کے لیے تاریخیں بک کرنے کے اقدامات کیے گئے ہیں، جس کے باعث وہ رش میں باآسانی عمرہ ادائیگی کرسکیں گے۔
وزارت نے عمرہ اپوائنٹمنٹ کی بکنگ کے لیے تین اوقات مقرر کیے ہیں، جن میں مملکت میں داخلے کا ویزا جاری، اعتمرنا ایپلی کیشن میں رجسٹریشن اور بکنگ کرتے وقت کی میعاد کو یقینی بنانا شامل ہوگا۔
دوسری جانب وزارت نے خبردار کیا ہے کہ مسجد حرام میں غلط رویوں کا سخت نوٹس لیا جائےگا اور کسی کو وہاں پر بھیک مانگنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

لائیو نشریات کے دوران اینکر کی اہلخانہ کو طوفان کی اطلاع

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں موسم کی خبر پڑھنے والے ایک اینکر اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے جب انہوں نے لائیو نشریات کے دوران اپنے اہلخانہ کو فون کرکے طوفان کے آنے سے خبردار کیا۔
نیویارک پوسٹ کے مطابق اینکر ڈگ کیمرر کا تعلق واشنگٹن سے ہے جنہوں نے ورجینیا میں رہائش پذیر اپنی فیملی کو براہِ راست نشریات کے دوران کال کرکے طوفانی آندھیوں سے خبردار کیا۔
ڈگ کیمرر نے اپنے ٹویٹ اکاؤنٹ میں بتایا کہ ہمیں خطرناک موسم کی اطلاع پہلے ہی مل جاتی ہے جس پر میں اپنے اہلخانہ کو پہلے ہی میسج کردیتا تھا تاہم اس بار میں نہیں کرپایا۔ میری اہلیہ گھر پر نہیں تھیں صرف بچے تھے جنہیں میں نے خبردار کیا اور کہا کہ وہ فوراً نچلے زینے کے بیڈروم میں چلے جائیں اور وہاں 10 سے 15 منٹ رہیں۔
ٹویٹر صارفین کی جانب سے رپورٹر کے اس اقدام کی حمایت کی گئی۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہوئی کہ اب آپ کے بچے محفوظ ہیں۔ اسی طرح دوسرے صارف کا کہنا تھا کہ آپ نے صحیح کیا، فیملی پہلی ترجیح ہے۔ مشیل اے ہورٹن نامی صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اینکر کا اپنے بچوں کو خطرناک موسم سے خبردار کرنا، اس سے پتہ چلتا ہے کہ واقعی طوفان آنے والا ہے۔

روسی خلائی ایجنسی کا ناسا سے تعاون معطل کرنے کا اعلان

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی خلائی ایجنسی روسکوسموس کے سربراہ ڈمتری روگوزین نے اطلاع دی ہے کہ روس بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں اپنا تعاون معطل کر رہا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق روگوزین نے کہا کہ روس ناسا، یورپی اسپیس ایجنسی (ای ایس اے) اور کینیڈین اسپیس ایجنسی (سی ایس اے) کے ساتھ اپنی شراکت کو بھی معطل کردے گا۔
روسی زبان میں لکھے گئے ٹویٹس میں روگوزین نے کہا: “عالمی خلائی اسٹیشن اور دیگر مشترکہ منصوبوں میں ہمارے اور شراکت داروں کے درمیان تعلقات کی بحالی غیر قانونی پابندیوں کے مکمل اور غیر مشروط طریقے سے ہٹانے جانے سے ہی ممکن ہے۔”
روگوزین نے مزید کہا کہ ہم نے NASA، ای ایس اے اور سی ایس اے کو ایک خط بھیجا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا کہ وہ روسی راکٹ اور خلائی صنعت میں متعدد کاروباری اداروں کے خلاف پابندیاں ختم کردیں۔

اسرائیلی فوجیوں نے مزید تین فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا

تل ابیب: (ویب ڈیسک) صیہونی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں مزید تین فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔
اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے یہ خونریزی رمضان المبارک کے آغاز پر ہوئی ہے، مغربی کنارے کے شہر جنین کے پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی نوجوانوں کو اس وقت گولیوں سے بھون ڈالا جب وہ علاقے میں تلاشی لے رہے تھے۔
فلسطینی وزیراعظم نے واقعے کو ماورائے عدالت اقدام قرار دیا ہے، رواں ہفتے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے اب تک 6فلسطینی نوجوانوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔

پاکستان نے 34 سال بعد آسٹریلیا کیخلاف ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز جیت لی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔
قومی کرکٹ ٹیم نے 34 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز میں شکست سے دوچار کیا ہے، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم آسٹریلوی ٹیم 41.5 اوورز میں 210 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے کا آغاز پر اعتماد رہا، اوپنر فخر زمان کے جلد آؤٹ ہوجانے کے بعد امام الحق اور کپتان بابراعظم نے ذمہ دارنہ اننگز کھیلی، دونوں بلےبازوں کے مابین 190 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔
کپتان بابراعظم نے سینچری اسکور کرتے ہوئے 12 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنائے جبکہ امام الحق نے 85 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب پاکستان کی واحد وکٹ نتھین ایلس نے حاصل کی۔
اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم نے ایلکس کیری 56، کیمرون گرین 34، شان ایبٹ نے 47 رنز کی اننگز کی بدولت کینگروز کی ٹیم 210 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونئیر نے 3، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف نے دو دو جبکہ زاہد محمود اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

وزیراعظم کی جانب سے اسلام آباد میں ارکان پارلیمنٹ کو دیےگئے عشائیے میں 140 ارکان شریک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اسلام آباد میں ارکان پارلیمنٹ کو دیےگئے عشائیے میں 140 ارکان شریک ہوئے۔
خیال رہےکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل ارکان پارلیمنٹ کو اسلام آباد میں عشائیہ دیا گیا ۔
حکومتی ذرائع کے مطابق عشائیے میں 140 ارکان پارلیمنٹ شریک ہوئے۔
ارکان پارلیمنٹ سے گفتگو میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے آپ کو پتا چل جانا چاہیے کہ قوم آج کس طرف ہے، اب یہ مجھے پنجاب کا کوئی بھی ضمنی انتخاب جیت کر دکھادیں، شکر ہے کہ وہ چلے گئے جو پیسا بنانے کے لیے آئے تھے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا ہے جیسے آپ لوگ مجھے خدا حافظ کر رہے ہیں جیسے ہم ہار رہے، مجھے تو فکر ہی نہیں کیونکہ ہم کل نہیں ہار رہے، جب تک آخری گیند نہیں پھینکی جاتی فیصلہ نہیں ہوسکتا، ذہن میں نہ ڈالیں کہ کل کیا فیصلہ ہوگا، آپ کا کپتان ماہر ہے اور کوئی پتہ نہیں کل کیا کر جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو سازش کی سمجھ آنا شروع ہوگئی ہے، 35 سال سے چند لیڈر ملک کو لوٹ رہے۔

اتوار کو سحری نئے پاکستان میں، افطاری تک ہم پرانے پاکستان میں داخل ہوجائینگے: بلاول

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر کہا ہے کہ اتوار کو ہماری سحری نئے پاکستان میں ہوگی لیکن افطاری تک ہم پرانے پاکستان میں داخل ہوجائیں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ رمضان میں شیطان بند ہوجاتا ہے، کل بنی گالہ کا شیطان بند کردیں گے۔ عمران خان کی جانب سے احتجاج کی کال پر تشویش ہے، اداروں کو ہم کہتے ہیں اپنا آئینی کردار ادا کریں جبکہ سپریم کورٹ کل کے اجلاس کی کوریج کرنے کی اجازت دلائے۔
انہوں نے کہا کہ اطلاع ہے کہ ہارا ہوا شخص جمہوری عمل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا، پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے بدمعاش اسلام آبا پہنچنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔یہ ڈونلڈ ٹرمپ سے بڑا متاثرتھا اسی طرح بننا چاہتا ہے، وزیراعظم انٹرویومیں بڑے پریشان لگ رہے تھے، وزیراعظم کو یقین دلاتا ہوں شہبازشریف، رانا ثنا اللہ سے کہوں گا آپ کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہ کی جائے، اگر آپ جمہوریت کو نقصان پہنچائیں گے تو پھر آرٹیکل 6 کا قانون لگے گا۔
بلاول کا کہنا تھا کہ پرامید ہوں اعلیٰ عدلیہ کسی غیرجمہوری،غیرآئینی کام کی اجازت نہیں دے گی، وزیراعظم عدم اعتماد واپس لینے کی بھیک مانگ رہے تھے، تب اور اب بھی ہمارا جواب ’ابسولیٹلی ناٹ، وزیراعظم بیک ڈورکے بجائے عزت کے ساتھ استعفی یا عدم اعتماد کا سامنا کرے، رونا دھونا بند کرکے عدم اعتماد کا سامنا کریں۔
پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ اگرپارلیمان کے اندرآئین قائم نہیں کرسکیں گے تو پھر کہاں قائم کریں گے، میجورٹی ہمارے پاس ہے، اگر یہ عدالتی احکامات پرعمل نہیں کریں گے توتوہین عدالت ہوگی۔ اگرزبردستی فورس کے ذریعے عدم اعتماد پراسس مکمل نہ ہوا تواس کا اثرپاکستان کے مستقبل پرہوگا، وزیراعظم ٹی وی پر آ کر احتجاج کی کال دے رہا ہے، کچھ دنوں سے یہ اپنے بدمعاش، ٹائیگرفورس کواسلام آباد لانے کے کوشیشں کررہے ہیں، ہرادارے کواپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔

آئین کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئین کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئین اور ملکی سلامتی ہماری ترجیح ہونی چاہیے لیکن آئین کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عثمان بزدار نے استعفیٰ دیا اور اسمبلی اجلاس بھی بلا لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اجلاس 14 دن بعد بلانا تھا مگر تاخیر ہی تاخیر ہوئی۔ وفاقی وزیر اسٹیبلشمنٹ کو مداخلت کی دعوت دے رہے تھے۔ اب کل ووٹنگ ہونی ہے جس کا وزیر اعظم بھی کہہ چکے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ملک کی سلامتی سے نہ کھیلا جائے اب وزیر اعظم کا کھیل ختم ہو چکا ہے جبکہ اکثریت کھوجانے کے بعد عہدے پر رہنا بھی مناسب نہیں۔ صدر مملکت بھی آئنی ذمہ داری ادا نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر کے مطابق صدر مملکت کے آئینی اختیار سے وزیر اعظم کام جاری رکھ سکتے ہیں اور آئین میں واضح ہے عدم اعتماد ہو جائے تو وزیر اعظم کی ذمہ داری ختم ہوجائے گی اور جس ادارے نے بھی آئین کی خلاف ورزی کی تو بحران جنم لے گا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں وزیر اعظم کا سیاسی انتقال ہوجائے گا اور تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے ساتھ ہی عمران خان وزیر اعظم نہیں رہیں گے۔ صدر مملکت کو آئین کے تحت اسی وقت اسمبلی اجلاس بلانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی ہو گی اور جو سب سے زیادہ ووٹ لے گا وہ وزیر اعظم بنے گا۔ ملک مزید بحرانوں کا متحمل نہیں ہو سکتا اور جمہوری طریقے سے وزیر اعظم تبدیل ہو رہے ہیں۔

عمران خان سے بات کرنا چاہتی ہوں نمبر نہیں مل رہا، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان سے بات کرنا چاہتی ہوں نمبر نہیں مل رہا۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ “عمران صاحب سے میں بات کرنا چاہتی ہوں لیکن نمبر نہیں مل رہا، فیصل پلیز ہیلپ”
مریم اورنگزیب نے سینیٹر فیصل جاوید کو بھی ٹیک کیا اور ان سے مدد چاہی۔ فیصل جاوید وزیر اعظم کی لائیو کالز کے سیشنز کی میزبانی کر رہے تھے۔
بعد ازاں مریم اورنگزیب نے فون کال کرنے کی ویڈیو بھی شیئر کی اور کیپشن میں لکھا کہ “جواب نہیں آ رہا”

پنجاب میں عبد العلیم خان گروپ کا حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) جہانگیر خان ترین گروپ کے بعد عبد العلیم خان گروپ نےبھی نئے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
متحدہ اپوزیشن کے وزیر اعلیٰ پنجاب کے امیدوار حمزہ شہباز نے عبدالعلیم خان کے دفتر کا دورہ کیا اور ان کے گروپ کے 9 اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقات کی۔
علیم خان گروپ کے میاں خالد محمود، اشرف رند، علمدار قریشی، اویس دریشک، ہارون عمران گل، عائشہ چودھری، خرم لغاری، ساجدہ یوسف نے اجلاس میں شرکت کی
مسلم لیگ ن کی نمائندگی کرنے والوں میں رانا ثناء اللہ، جنرل سیکرٹری اویس لغاری،خواجہ سلمان رفیق، سعود مجید اور عطا اللہ تارڑ شامل تھے۔
عبدا لعلیم خان اور حمزہ شہباز کے مابین ملاقات میں نئے قائد ایوان کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران عبد العلیم خان گروپ نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے حمزہ شہباز شریف کی حمایت ک اعلان کر دیا۔