All posts by Khabrain News

ہزاروں سال پہلے گھوڑوں کے بجائے ’جنگی گدھے‘ استعمال ہوتے تھے

پنسلوانیا: (ویب ڈیسک)
ماہرینِ آثارِ قدیمہ کی ایک عالمی ٹیم نے دریافت کیا ہے کہ تقریباً 4,500 سال پہلے میسوپوٹیمیا (موجودہ جنوبی عراق اور شمالی شام) میں جنگی مقاصد کےلیے پالتو گدھوں اور جنگلی خچروں کے ملاپ سے پیدا کیے گئے جانور استعمال ہوتے تھے جنہیں ’جنگی گدھے‘ کہا جاسکتا ہے۔
شاید یہ اوّلین مخلوط نسل (کراس برِیڈ) کے جانور تھے جنہیں انسان نے تیار کیا تھا۔ ان کے بھی 500 سال بعد جنگوں میں گھوڑوں کا استعمال شروع ہوا تھا۔
میسوپوٹیمیا سے ملنے والی قدیم تختیوں پر بنی علامتی تصاویر، جانوروں کے ڈھانچوں اور دوسری دستاویزات پر تحقیق سے معلوم ہوا کہ انہیں ’کُنگا‘ (Kunga) کہا جاتا تھا اور یہ جنگ میں رتھوں (دو پہیوں والی جنگی گاڑیوں) کو کھینچنے میں استعمال کیے جاتے تھے۔
آثارِ قدیمہ کے دوسرے شواہد سے یہ بھی پتا چلا کہ ’کُنگا‘ بہت طاقتور تھے اور تیزی سے دوڑنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔
البتہ، جب ماہرین نے ’کنگا‘ کی ہڈیوں کا تجزیہ کیا تو پریشان ہوگئے کیونکہ یہ جانور جسامت میں قدیم گدھوں اور جنگلی خچروں سے بڑے تھے لیکن گھوڑوں سے چھوٹے تھے۔
اگر یہ گھوڑا، گدھا یا جنگلی خچر نہیں تھا تو پھر ’کُنگا‘ آخر کونسا جانور تھا؟
یہ الجھن پچھلے کئی سال سے یونہی چلی آرہی تھی جسے امریکا، فرانس، جرمنی اور چین سے تعلق رکھنے والے ماہرین ایک ٹیم نے جینیاتی تجزیئے سے حل کرلیا ہے۔
تحقیق کی غرض سے انہوں نے آخری شامی خچر کی بافتوں (ٹشوز) جین کے نمونے حاصل کیے۔ صرف 3 فٹ اونچائی والا یہ خچر آسٹریا کے ایک چڑیا گھر میں رکھا تھا اور 1927 میں یہ مرچکا تھا۔ لیکن اس کا مُردہ جسم پوری احتیاط سے محفوظ کرکے آسٹریا ہی میں رکھ لیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ انہوں نے جنوب مشرقی ترکی میں گوئبیکلی تیپ نامی علاقے سے ملنے والے، گیارہ ہزار سال قدیم جنگلی خچر کا جین بھی علیحدہ کیا جو خاصی مکمل حالت میں تھا۔
دونوں جانوروں کے جینوم کا موازنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ جنگلی خچروں کا ارتقاء بہت تیزی سے ہوا اور اس کا جسم چھوٹا ہوتا چلا گیا۔
تاہم جب میسوپوٹیمیا کے ’کُنگا‘ سے ان کا موازنہ کیا گیا تو واضح طور پر معلوم ہوا کہ ’کُنگا‘ اِن دونوں کے ساتھ ساتھ گدھے سے بھی مشابہت رکھتے تھے۔
اس تجزیئے کی روشنی میں ماہرین نے نتیجہ اخذ کیا ہے کہ ’کُنگا‘ دراصل جنگلی خچروں اور میسوپوٹیمیا کے مقامی گدھوں کے ملاپ سے تیار کیے جاتے تھے۔
وہ جسامت میں عام گدھوں اور جنگلی خچروں سے بڑے ہونے کے علاوہ طاقتور اور تیز رفتار بھی تھے لیکن مخلوط (ہائبرڈ) ہونے کی وجہ سے وہ اپنی نسل آگے نہیں بڑھا سکتے تھے۔
میسوپوٹیمیا کی قدیم دستاویزات میں ’کُنگا‘ کو بہت قیمتی اور ’انعام میں دیا جانے والا‘ جانور بھی قرار دیا گیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی پیدائش بہت مشکل کام ہوا کرتی تھی۔
اس کےلیے نر جنگلی خچر پکڑے جاتے تھے جن کا ملاپ گدھی سے کروا کر ’کُنگا‘ پیدا کیے جاتے۔
میسوپوٹیمیا سے ملنے والے ’کُنگا‘ کے ڈھانچوں میں دانتوں اور ہڈیوں پر کچھ مخصوص نشانات ظاہر کرتے ہیں ان کے پورے جسموں پر زرہ بکتر جیسے خول چڑھائے جاتے تھے جبکہ طاقت اور تیز رفتاری کی غرض سے انہیں مخصوص غذائیں کھلائی جاتی تھیں۔
ان تمام خصوصیات کی بناء پر ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے انہیں ’جنگی گدھے‘ کا نام دے دیا ہے جبکہ آن لائن ریسرچ جرنل ’سائنس ایڈوانسز‘ کے تازہ شمارے میں اس دریافت کی تفصیلات بھی شائع ہوچکی ہیں۔

منی بجٹ نافذ؛ دودھ، گھی، موبائل، مرچ، نمک، گاڑیاں و گوشت سمیت 150 اشیا مزید مہنگی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)
وفاقی حکومت نے آج اتوار سے ادویات،ادویات کی تیاری میں استعمال ہونے والا خام مال ،سلائی مشین،درآمدی مصالحہ جات، گاڑیاں، دوائیں، موبائل فون، دو سو گرام سے زیادہ وزن کے حامل بچوں کے دودھ، ڈبے والی دہی، پنیر، مکھن، کریم، دیسی گھی، مٹھائی پر دی جانیوالی سیلز ٹیکس کی چھوٹ ختم کردی ہے اور ان اشیاء پر سترہ فیصد جنرل سیلز ٹیکس لاگو کردیا ہے۔
صدر مملکت کی جانب سے مالیاتی بل2021 پر دستخط کے بعد منی بجٹ کا نفاذ کردیا گیا ہے جبکہ چینی پر رعایتی سیلز ٹیکس ختم کرکے سترہ فیصد جنرل سیلز ٹیکس کا اطلاق یکم دسمبر 2021 سے کیا گیا ہے اور باقی تمام اشیا پر سیلز ٹیکس چھوٹ ختم کرکے عائد کردہ سترہ فیصد جی ایس ٹی کا اطلاق آج سے کیا گیا ہے۔
چھوٹی دکانوں پر بریڈ،سویاں،نان،چپاتی،شیر مال، رسوں پر ٹیکس لاگو نہیں ہوگا مگر بیکریوں،ریسٹورنٹس، فوڈ چینز اور مٹھائی کی بڑی دکانوں پر ٹیکس ہوگا۔ اس کے علاوہ درآمدی نیوز پرنٹ، اخبارات، جرائد، کاسمیٹکس، کتابیں، سلائی مشین، امپورٹڈ زندہ جانور اور مرغی پر مزید ٹیکس لگے گا ۔کپاس کے بیج، پولٹری سے متعلق مشینری، اسٹیشنری، سونا، چاندی بھی منی بجٹ کے بعد مہنگے ہوجائیں گے۔
منی بجٹ میں تقریباً 150اشیا پر سیلز ٹیکس بڑھایاگیا ہے، موبائل فون پر ٹیکس 10سے بڑھا کر15فیصد کرکے7ارب روپے اضافی حاصل کیے جائیں گے، 1800سی سی کی مقامی اور ہائبرڈگاڑیوں پر8.5فیصد سیلز ٹیکس لاگو کیا گیا ہے،1801سے 2500 سی سی کی ہائبرڈ گاڑیوں پر 12.75فیصد ٹیکس عائدکردیا گیا ہے ،درآمدی الیکٹرک گاڑیوں پر12.5فیصد ٹیکس عائدکردیا گیا ہے۔
ایف بی آرکے سینئر افسر نے بتایا منی بجٹ کا اطلاق آج اتوار سے کردیا گیا ہے،بچوں کے فارمولہ دودھ پر جی ایس ٹی میں رعایت کر دی گئی ہے، لال مرچ اور آئیوڈین ملے نمک پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے، 500 روپے مالیت کے 200گرام دودھ کے ڈبے پر جی ایس ٹی نہیں ہوگا،ملٹی میڈیا، ٹائر ون کٹیگری کے آوٹ لیٹ و بیکریوں اور ریسٹورنٹ پر بیکری پر ڈبل روٹی، بن رس سمیت دیگر سامان،زرعی شعبے میں استعمال ہونے والے مختلف نوعیت کے پلانٹ و مشینری سمیت ، ویجیٹیبل گھی، موبائل فون، سٹیشنری اور پیک فوڈ آئٹم، انڈے، پولٹری، گوشت، جانوروں کی خوراک کی تیاری میں استعمال ہونے خام مال، گاڑیاں، ٹریکٹرسمیت ایک سوپچاس کے لگ بھگ اشیا مہنگی ہونے کے امکانات ہیں، ان اشیا پر سترہ فیصد جی ایس ٹی عائد کردیا گیا ہے۔
وفاقی و صوبائی ہسپتالوں، خیراتی ہسپتالوں،این جی اوز و تعلیمی اداروں ،سفارتکاروں و سفارتی مشن سمیت دیگر مراعات یافتہ طبقے کی طرف سے کی جانے والی درآمدات کو بھی ٹیکس سے چھوٹ واپس لے لی گئی ہے، ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کیلئے شیڈول 5، 6، 7، 8اور 9 میں کی جانے والی ترامیم لاگو کردی گئی ہیں۔
اپوزیشن کی تنقید اور عوامی ردعمل پر چھوٹی دکانوں پر بریڈ،سویاں، نان،چپاتی وغیرہ پر ٹیکس لاگو کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے،سیب کے علاوہ درآمدی پھلوں، سبزیوں پر10فیصد سیلز ٹیکس ، پیکنگ میں فروخت ہونے وا لے درآمدی مصالحہ جات پر17فیصد سیلز ٹیکس ، فلور ملز پر بھی 10فیصد سیلز ٹیکس عا ئدکیا گیا ہے جس سے آٹا بھی مہنگا ہوسکتا ہے ،ملٹی میڈیا ٹیکس بھی10فیصد سے بڑھا کر 17فیصدکرنے ، بیٹری پر ٹیکس 12فیصد سے بڑھا کر 17فیصد کردیا گیا ہے ،ڈیوٹی فری شاپس پر بھی 17فیصد سیلز ٹیکس عائد کردیا گیاہے۔
سرکاری عہدہ رکھنے والوں کی ٹیکس تفصیل پبلک کرنے کے قانون کو بھی لاگو کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریئل اسٹیٹ کو دی گئی رعایت جاری رکھی جائے گی۔ کسٹمز، سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس قوانین میں ترامیم کر کے ایف بی آرکلکٹر کے اختیارات کم کردیئے گئے ہیں ۔ منی بجٹ لاگو ہونے کے بعد اب ان اشیا کے مہنگے ہونے کا واضح امکان ہے۔

ایف بی آرکی پوائنٹ آف سیل سسٹم کے تحت پہلی قرعہ اندازی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈآف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے پی اوایس سسٹم پرانعامات دینے کا آغا کر دیا گیاہے۔
ایف بی آرنے پہلی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی میں 5 کروڑ 30 لاکھ روپے کے انعامات جیتنے والوں کے اعلانات کر دیے ہیں، انعامی رقم سے نان فائلرسے 40 فیصد اور فائلر سے20 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کی کٹوتی ہو گی۔
چیئرمین ایف بی آر اشفاق احمد کہتے ہیں کہ جو فراڈ کریں گے ان کوبندکریں گے کاروبارنہیں کرنے دیں گے ملک بھر میں 3 ہزار رٹیلرز اور چین اسٹورز پی او ایس نصب کرکے ایف بی آر کے سسٹم سے منسلک ہوچکے ہیں،ملک میں ٹیکس وصولی آٹومیشن کے ذریعے کررہے ہیں،آٹومیشن سے ٹیکس چوری میں کمی ہوسکتی ہے۔
ایف بی آرکی جانب سے پی اوایس سسٹم پرانعامات دینے سے متعلق اسلام آبادمیں تقریب کاانعقادکیاگیا۔ٹیئرون ریٹیل آؤٹ لیٹس سے خریداری کرنے پرانعامی سکیم کاآغازکیاگیاہے۔
انعامی اسکیم کیلئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی ہرماہ کی15تاریخ کو ہو گی،ابتدائی طورپرانعامات مالیت 10 لاکھ روپے کا پہلا انعام تنویر احمد کا نکلا جبکہ دوسرا انعام فرحان اکرام اور آفتاب احمد کا 5 لاکھ روپے کا نکلا۔
پابندی کے باوجود انعام جیتنے والوں میں FBR اعلیٰ افسران بھی شامل
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے پوائنٹ آف سیل پر انعامات کیلیے کی جانے والی قرعہ اندازی میں انعام جیتنے والے خوش نصیبوں میں فیڈرل بورڈآف ریونیو کے افسران بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روزایف بی آر ہیڈکوارٹرمیں ہونے والی قرعہ اندازی میں ایف بی آرکے بعض افسران کے بھی نام نکلے ہیں۔ اس کے علاوہ ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں سے منسلک حکام کے نام بھی شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایاکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیوکے صرف گریڈبیس اوراس سے اوپر کے افسران کیلئے اس انعامی اسکیم میں شمولیت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ باقی ملازمین و افسران پر کوئی پابندی نہیں تھی۔ یہ انعامی اسکیم صاف و شفاف ہے اور میڈیا کے سامنے کمپیوٹررائزڈ قرعہ اندازی کی گئی۔

بجلی بچت کیلیے ریلوے اسٹیشنز پر سولر پینلز لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)
پاکستان ریلوے نے بجلی بچت کیلیے ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنزپر سولر پینلز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان ریلوے نے بجلی بچت کیلیے ملک بھر کے 181 ریلوے اسٹیشنزپر سولر پینلز نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا، پہلے فیز میں پشاور، راولپنڈی، لاہور، ملتان، سکھر، کوئٹہ اور کراچی ریلوے اسٹیشنز پر سولر پینلز نصب کیے جائیں گے، منصوبے کی تکمیل کے دوسرے فیزمیں دیگر ریلوے اسٹیشنز کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔

کراچی میں دو تیز رفتارکاریں ٹکرا گئیں، دو افراد جاں بحق، لاشیں ہسپتال منتقل

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں شاہراہ فیصل کارساز کے مقام پر افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا، لاشوں اور زخمی کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
کراچی کی مصروف شاہراہ فیصل کارساز روڈ پر دو کاریں آپس میں ٹکراگئیں، تصادم کے بعد ایک کار پہلے کھمبے سے ٹکرائی اور پھر فٹ پاتھ پر چڑھ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں کار سوار دو افراد جاں بحق جبکی ایک شخص شدید زخمی ہوا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق گاڑیوں کی رفتار تیز تھی جس کے باعث حادثہ ہوا، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ارتضا اور رافع کے نام سےہوئی، لاشوں اور زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا: گاڑیوں کی یونیورسل نمبر پلیٹس شروع کرنے کا منصوبہ فائلوں میں دب گیا

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا میں گاڑیوں کی یونیورسل نمبر پلیٹس شروع کرنے کا منصوبہ فائلوں میں دب گیا، دو سال گزرنے کے باوجود منصوبے کے لیے عملی اقدامات نہ اٹھائے جاسکے۔ محکمہ ایکسائز نے ایکٹ میں ترامیم کے لیے سمری تیار کر لی گئی۔
محکمہ ایکسائز کی جانب سے صوبے کے ریونیو میں اضافے کے لیے یونیورسل نمبر جاری کرنے کا فیصلہ تو دو سال قبل کیا گیا تھا لیکن تاحال اس کےلیے اقدامات نہ اٹھائے جا سکے، شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت منصوبے کو شروع کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔
دوسری جانب محکمہ ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ یونیورسل نمبر پلیٹس کے اجراء میں تکنیکی مسائل سمیت قانونی پیچیدگیوں کا بھی سامنا ہے، حکام کے مطابق قانونی مسائل کے حل کے لیے سمری تیار کرلی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں 80 فیصد کے قریب گاڑیاں پنجاب اور دیگر صوبوں سے رجسٹرڈ کروائی جا رہی ہیں جس کے باعث ریونیو بھی دیگر صوبوں کو حاصل ہورہا ہے۔

ملتان پولیس لائن میں سپورٹس گالہ، رسہ کشی، نیزہ بازی اور 400 میٹر دوڑ کے سنسنی مقابلے

ملتان: (ویب ڈیسک) ملتان پولیس لائن میں رنگا رنگ سپورٹس گالہ میں پولیس کے جوانوں نے مختلف مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے شائقین کے دل جیت لیے۔
ملتان پولیس لائن میں رسہ کشی ، نیزہ بازی ،ٹبیل ٹینس، والی بال ، ہاکی ، کرکٹ اور چار سو میٹر دوڑ کے دلچسپ مقابلے ہوئے جن میں پولیس کے جوانوں نے بھرپور انداز سے حصہ لیا اور سنسنی خیز مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جس سے سپورٹس گالہ کی رونقیں بھی مزید بڑھ گئیں۔ کھلاڑیوں نے رنگا رنگ سپورٹس گالہ کے ذریعے شاندار تفریح میسر آنے پر کمانڈنٹ کا شکریہ ادا کیا۔
سپورٹس گالہ کے مہمان خصوصی ڈی ائی جی گوہر مشتاق نے سپورٹس گالہ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور آئندہ بھی جوانوں کی تفریح کے لیےکھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
سپورٹس گالہ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں نقد انعام اور اسناد تقسیم کی گئیں جس پر فاتح ٹیموں کے کھلاڑیوں نے جشن بھی منایا۔

خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں، کشمیر اورگلگت بلتستان میں آج بارش کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
ملک بھر میں موسم سرما رنگ دکھا رہا ہے، بالائی علاقوں میں شدید سردی کا راج ہے۔ خیبرپختونخوا میں چترال ، دیر ، سوات میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے، بلوچستان میں کوئٹہ، چمن،قلعہ عبداللہ میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

امریکہ : یہودی عبادت گاہ میں یرغمال بنائے گئے چاروں افراد بازیاب، مسلح شخص ہلاک

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس کی یہودی عبادت گاہ میں یرغمال بنائے گئے چاروں افراد کو سکیورٹی اداروں نے بازیاب کروا لیا، کارروائی کے دوران مسلح شخص ہلاک ہو گیا۔
بتایا گیا ہے کہ عبادت کے دوران مسلح شخص یہودی معبد کی عمارت میں داخل ہوا اور دھمکی دے کر 4 افراد کو یرغمال بنا لیا، واقعے کے دوران معبد کی لائیو ٹرانسمیشن روک دی گئی تھی۔ پولیس اور ایف بی آئی نے اطلاع ملنے پر عمارت کو گھیرے میں لے لیا اور یرغمالیوں کو بازیاب کروایا، اس دوران مسلح شخص بھی مارا گیا۔
ایف بی آئی نے مسلح شخص کی شناخت بتانے سے گریز کیا ہے اور کہا ہے کہ امریکہ میں دہشتگردی کا خطرہ نہیں۔ واقعے کے بعد نیویارک اور لاس اینجلس میں یہودی عبادت گاہوں کی سکیورٹی بڑھا دی گئی۔ ایک خاتون نے دعوی کیا ہے کہ ملزم کے پاس بم موجود تھا۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق معاملے پر صدر جو بائیڈن کو بریفنگ بھی دی گئی جنہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کی جانب سے یہودیوں کی عبادت گاہ پر حملے کی مذمت کی گئی ہے۔

کورونا کے وار جاری، مزید 9 افراد جاں بحق، 4 ہزار 27 نئے مریض سامنے آ گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا کے وار جاری ہیں، گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 9 افراد جاں بحق، 4 ہزار 27 نئے مریض سامنے آ گئے۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 12 ہو گئی جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 31 ہزار 551 ہے۔ ملک میں 13 لاکھ 24 ہزار 147 افراد کورونا سے متاثر ہوئے، 12 لاکھ 63 ہزار 584 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق چار ہزار 27 نئے مریض سامنے آئے، پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح سات اعشاریہ آٹھ فیصد ریکارڈ کی گئی۔