All posts by Khabrain News

وزیراعلیٰ کامحکمہ سیاحت کے ہیڈ آفس پرچھاپہ،سیکرٹری کو اوایس ڈی بنادیا گیا

سٹی 42: وزیراعلیٰ پنجاب لاپرواہ افسران کیخلاف فعال ہو گئے،وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کامحکمہ سیاحت کے ہیڈ آفس اچانک چھاپہ،غیر حاضر ہونے پر سیکرٹری کو او ایس ڈی اور دیگر ملازمین کو معطل کرنے کا حکم دیدیا.

 تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب  بغیر پروٹوکول ساڑھے دس بجے محکمہ سیاحت کے آفس پہنچے،،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ بھی ہمراہ تھے،وزیراعلیٰ پنجاب  عثمان بزدار نے افسروں اور عملے کی حاضری چیک کی۔ وزیراعلیٰ سیکرٹری سیاحت اور دیگر افسروں و عملے کی دفتر سےغیر حاضری پر شدید برہم ہوئے۔ انہوں نے سیکرٹری سیاحت کو فوری طور پر او ایس ڈی بنانے اورغیر حاضر افسروں اور عملے کو معطل کرنے کا حکم دیدیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ساڑھے دس بجے تک دفتر حاضر نہ ہونیوالے افسروں اور عملے کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں، تاخیرسے دفترآنا سرکاری فرائض میں غفلت ہے۔ عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ غیرحاضر افسروں اور عملے کیخلاف تادیبی کارروائی کا حکم دیدیا ہے، دفاتر میں وقت کی پابندی پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر محکمے کا اچانک دورہ کروں گا، محکمے کی کارکردگی اور افسروں کی حاضری کو تسلسل کیساتھ مانیٹرکیا جائے گا،سرکاری افسران اورعملہ اپنا قبلہ درست کر لیں۔

وزیر اعلیٰ  پنجاب عثمان بزدار نے  غیر حاضر افسروں اور عملے کے خلاف تادیبی کارروائی کا حکم دے دیا ہے- انہوں نے کہا کہ  دفاتر میں وقت کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا- اب میں  ہر محکمے کا اچانک دورہ کروں گا – محکمے کی کارکردگی اور افسروں کی حاضری کو تسلسل کے ساتھ مانیٹر کیا جائے گا-وزیر اعلیٰ  پنجاب  عثمان بزدار  کا کہنا تھا کہ  وقت پر دفتر حاضر نہ ہونے والے افسروں اور عملے کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ اب  سرکاری افسران اور عملہ اپنا قبلہ درست کر لیں ۔ محکمہ سیاحت کے افسروں اور عملے کے خالی دفاتر دیکھ کر سخت مایوسی ہوئی۔

انسٹاگرام نے ‘ٹیک اے بریک’ کا نیا فیچر متعارف کروا دیا

ویب ڈیسک: دنیا بھر میں والدین کی طرف سے پائی جانے والی تشویش پر سماجی رابطے کی ایپ انسٹاگرام نے بچوں اور نوجوانوں کے مسلسل استعمال سے بڑھتے ہوئے ذہنی مسائل کو قدرے کم کرنے کے لیے ‘ٹیک اے بریک’ کا فیچر متعارف کروا دیا ہے۔ 

اس فیچر میں انسٹاگرام کے عادی ہونے والے بچوں اور نوجوانوں کی ‘ٹیک اے بریک’ فیچر کی مدد سے حوصلہ افزائی کی جائے گی کہ وہ کچھ وقت اس سے دور رہ سکیں تاکہ انہیں ذہنی مسائل سے بچایا جا سکے۔ اس فیچر کا ستمبر میں اعلان کیا گیا تھا اور اب اسے ابتدائی طور پر امریکہ، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا میں رہنے والے صارفین کے لیے لانچ کیا گیا ہے اور اگلے چند مہینوں میں دیگر ملکوں میں بھی یہ فیچر دستیاب ہو گا۔

نئے فیچر میں صارفین اپنے سمارٹ فون کی سیٹنگز میں 10، 20 اور 30 منٹ کے بعد کا الرٹ لگا سکتے ہیں جس کے بعد ایپ میں پوری سکرین پر الرٹ جاری ہو گا کہ آپ وقفہ لے سکتے ہیں۔ اس الرٹ میں انہیں ان کے پسندیدہ گانے یا پھر دیگر کاموں کی فہرست وغیرہ یاد دلائی جائے گی۔

ماہرین نے یہ فیچر متعارف کروانے پر انسٹا گرام کی انتظامیہ کو کوششوں کو سراہا ہے تاہم ان کے مطابق ابھی اس میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انسٹاگرام کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ابھی یہ ابتدائی مرحلہ ہے اس فیچر میں جلد مزید بہتری لائی جائے گی اور نوجوانوں کا دھیان ہٹانے کے لیے اس میں سیاحت، آرکیٹیکچر اور فوٹوگرافی جیسے الرٹ  بھی شامل کیے جائیں گے۔ اس میں مزید الرٹس جیسے بار بار صارفین کو بتایا جائے گا کہ وہ اپنی طے شدہ حد سے کتنا زیادہ وقت انسٹاگرام پر صرف کرچکے ہیں۔

پچھلے کچھ عرصے سے ماہرین سوشل میڈیا کے زیادہ استعمال کے نئی نسل کی ذہنی بیماریوں جیسے مسائل کی نشاندہی کرتے آ رہے ہیں اور اس طرح کے پلیٹ فارمز کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ نوجوانوں کی صحت پر بھی دھیان دیں۔

کراچی: اورنگی ٹاؤن میں جعلی پولیس مقابلہ، طالبعلم جاں بحق، ایس ایچ او معطل

کراچی اورنگی ٹاؤن میں جعلی پولیس مقابلے میں ایک طالب علم جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ پر ایس ایچ او اعظم گوپانگ کو معطل کر دیا گیا۔ پولیس اہلکار اور ساتھی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ کراچی میں جعلی پولیس مقابلے میں ایک طالب جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔ ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب نے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او کو معطل کر دیا جبکہ فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار اور اس کے ساتھی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جاں بحق طالب علم کے لواحقین اور اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے جعلی مقابلے میں نوجوان کو قتل کیا ہے، اعلیٰ حکام واقعہ میں انصاف کے تقاضے پورے کریں۔

اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان، انڈیکس 572 پوائنٹس بڑھ گیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا مثبت دن رہا اور 100 انڈیکس میں 572 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

شیئرز  بازار کا 100 انڈیکس 572 پوائنٹس اضافے سے 43 ہزار 853 پر  بند ہوا۔ کاروباری دن میں 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 44 ہزار 65 رہی۔

اسٹاک مارکیٹ میں آج تقریباً 23 کروڑ شیئرز کے سودے سوا 8 ارب روپے میں طے ہوئے۔مارکیٹ کیپٹلائزیشن 97 ارب روپے بڑھ کر 7 ہزار 516 ارب روپے ہے۔

بیان حلفی کیس: ثاقب نثار کا سامنا کرنے کو تیار ہوں، رانا شمیم کا عدالت میں جواب

اسلام آباد: مبینہ بیان حلفی کے معاملے پر رانا شمیم نے توہین عدالت کیس میں شوکاز پر اپنا جواب عدالت میں جمع کرادیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں سابق چیف جج گلگت بلتستان راناشمیم کے مبینہ بیان حلفی کی خبرپرتوہین عدالت کے کیس کی سماعت  ہوئی جس سلسلے میں رانا شمیم ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

دی نیوزکے ایڈیٹر عامر غوری اور ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصارعباسی بھی عدالت میں پیش ہوئے جب کہ جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی۔

رانا شمیم کا شوکاز کا جواب

سابق چیف جج رانا شمیم نے توہین عدالت کے شوکاز پر اپنا جواب عدالت میں جمع کرایا جس میں رانا شمیم نے کہا ہےکہ وہ ثاقب نثار کا سامنا کرنے کےلیے تیار ہیں۔

رانا شمیم نے اپنے جواب میں مزید کہا ہےکہ واقعہ ثاقب نثارکےساتھ 15 جولائی 2018 کی شام 6 بجےکی ملاقات کا ہے، ثاقب نثارسے گفتگو گلگت میں ہوئی جوپاکستان کی حدود سے باہرہے لیکن حقائق پرثاقب نثارکا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔

جواب میں کہا گیا ہےکہ انہوں نے بیان حلفی پبلک نہیں کیا، اس لیے توہین عدالت کی کارروائی نہیں ہوسکتی، برطانیہ میں بیان ریکارڈ کرانے کا مقصد بیان حلفی کو بیرون ملک محفوظ رکھنا تھا، بیان حلفی کسی سے شیئرکیا نہ ہی پریس میں جاری کیا، عدلیہ کو متنازع بنانا مقصد نہیں تھا، عدلیہ کی توہین کا ارادہ ہوتا توپاکستان میں بیان حلفی ریکارڈ کراکے میڈیا کو جاری کرتے لہٰذا توہین عدالت کا شوکاز واپس لیا جائے۔

سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل پاکستان نے کہا کہ جواب ابھی تک عدالت میں تو داخل نہیں ہوا۔

چیف جسٹس نے عدالتی معاون فیصل صدیقی سے سوال کیا کہ خبرشائع کرنے پرمختلف ذمہ داروں کی کیا ذمہ داری ہے؟ ہم نے صحافت سے متعلق بین الاقوامی معیارات کوبھی دیکھنا ہے۔

دعوے اور اعتماد سےکہہ سکتاہوں اس عدالت کے ججزکوکوئی اپروچ نہیں کرسکتا:
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

عدالت نے رانا شمیم سے استفسار کیا کہ آپ نے اپنا جواب جمع کرایا ہے؟ اس پر سابق جج نے جواب دیا کہ میرے وکیل راستے میں ہیں وہ ابھی پہنچنے والے ہیں۔

رانا شمیم نے عدالت کو بتایا کہ میں نے چار دن پہلے جواب دے دیا تھا، وہ جواب عدالت میں لطیف آفریدی صاحب کوجمع کرانا ہے۔

دورانِ سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ججز پریس کانفرنس نہیں کر سکتے، میں دعوے اور اعتماد سےکہہ سکتاہوں اس عدالت کے ججزکوکوئی اپروچ نہیں کرسکتا، میرے کسی جج نے کسی کے لیے دروازہ نہیں کھولا، اگر انہوں نےکہیں پر اوریجنل ڈاکومنٹ جمع نہیں کرایا تو وہ عدالت میں پیش کریں، اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی کہ اس عدالت پرعوام کا اعتماد ختم کیا جائے، کوئی آزاد جج یہ عذر پیش نہیں کرسکتا کہ اس پر کوئی دباؤ تھا۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بیانیے کے ذریعے اس ہائیکورٹ پر دباؤ ڈالا گیا، اخبار نےخبر شائع کردی کہ جج کوفون کرکےکہاگیا شخصیت کورہا نہیں کرنا،  رائے بنائی گئی اسلام آباد ہائیکورٹ کے تمام ججزنے سمجھوتا کیا ہوا ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ الزام چیف جسٹس پاکستان کےخلاف نہیں بلکہ اس ہائیکورٹ کےجج کےخلاف ہے، آپ کیاچاہتے ہیں مجھ سمیت تمام ہائیکورٹ ججزکےخلاف انکوائری شروع ہوجائے؟

رانا شمیم کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ میرے کلائنٹ نے بیان حلفی کے متن سے کوئی انکار نہیں کیا، اس پر اٹارنی جنرل پاکستان نے سوال کیا کہ یہ بتائیں اصل ڈاکومنٹ خود لارہے ہیں یا پاکستانی سفارتخانے کو دیں گے؟

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ پیرتک اصل بیان حلفی پیش نہ کیاگیا توفردجرم عائدکی جائےگی۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کردی۔

گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے اپنے مصدقہ حلف نامے میں کہا ہے کہ وہ اس واقعے کے گواہ تھے جب اُس وقت کے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018ء کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔

گلگت بلتستان کے سینئر ترین جج نے پاکستان کے سینئر ترین جج کے حوالے سے اپنے حلفیہ بیان میں لکھا ہے کہ ’’میاں محمد نواز شریف اور مریم نواز شریف عام انتخابات کے انعقاد تک جیل میں رہنا چاہئیں۔ جب دوسری جانب سے یقین دہانی ملی تو وہ (ثاقب نثار) پرسکون ہو گئے اور ایک اور چائے کا کپ طلب کیا۔‘‘

دستاویز کے مطابق، شمیم نے یہ بیان اوتھ کمشنر کے روبرو 10؍ نومبر 2021ء کو دیا ہے۔ نوٹرائزڈ حلف نامے پر سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان کے دستخط اور ان کے شناختی کارڈ کی نقل منسلک ہے۔  مکمل پڑھیں۔۔

جب تک زندہ ہوں سانحہ سیالکوٹ جیسا واقعہ دوبارہ ہونے نہیں دوں گا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جس کسی نے بھی اسلام یا نبی ﷺ کا نام استعمال کرتے ہوئے کسی دوسرے انسان پر ظلم کیا ہم اسے نہیں چھوڑیں گے۔

سیالکوٹ کے سانحہ میں اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کرنے والے عدنان کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عدنان آپ اکیلے ایک آدمی تھے جو حق پر کھڑے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ تاریخ آپ کو ایک بہادر کے طور پر یاد رکھے گی کہ ایک انسان تھا جو حیوانوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑا تھا۔ آپ نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہیں۔آپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اسلام اور توہین رسالت ﷺ کے نام پر چند لوگ خود ہی فیصلہ کرلیتے ہیں اور خود ہی سزا بھی دے دیتے ہیں اور اگر خوش قسمتی سے الزام کا سامنے کرنے والا زندہ بچ جائے اور گرفتار ہو کر جیل پہنچ جائے تو نہ تو کوئی وکیل کیس لڑنے کی ہمت کر پاتا ہے اور نہ ہی کوئی جج کیس سننے کو تیار ہوتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جو کوئی بھی اسلام یا نبی آخری الزماں ﷺ کے نام پر کسی پر ظلم کرے گا ہم اسے کسی بھی صورت نہیں چھوڑیں گے۔ آرمی پبلک اسکول کے سانحے کے بعد قوم کو دوبارہ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔

س موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے بتایا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری نے مقتول سری لنکن منیجر کے لواحقین کے لیے ایک لاکھ ڈالر جمع کیے ہیں جب کہ ان کی تنخواہ تاحیات اہل خانہ کو ملتی رہے گی۔

اس تقریب میں سری لنکن ہائی کمشنر سمیت وفاقی وزرا اور معززین شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ 23 مارچ کو بہادر شہری عدنان ملک کو تمغہ شجاعت سے بھی نوازا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے متعلق ٹائم لائن کو مسترد کر دیا

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ای وی ایم اور آئی ووٹنگ سے متعلق سفارشات کے لیے 3 کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ کمیٹیوں کو سفارشات تیار کرنے کے لیے 4 ہفتے کا ٹائم دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن حکومتی ہدایات کی بجائے اپنی تشکیل کردہ کمیٹیوں کی سفارشات پر عمل کرے گا۔

 چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ  ای وی ایم کی خریداری اور سٹاف کی تربیت کی ٹائم لائن الیکشن کمیشن خود دے گا، پر امید ہوں کہ آئندہ عام انتخابات صاف اور شفاف کرائیں گے، الیکشن کمیشن نے صدر کے قانون پر دستخط سے پہلے ہی ای وی ایم کے استعمال پر کام شروع کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے گزشتہ اجلاس میں ای وی ایم سے متعلق اپنی ٹائم لائن دی تھی۔

سکندرسلطان راجہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آئین و قانون کے مطابق کام کر رہا۔قبل ازوقت انتخابات کے لیے تیار ہیں،  قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات مرحلہ وار کرانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، الیکشن کمیشن کے پاس اتنا سٹاف نہیں کہ پورے الیکشن میں اپنے ریٹرننگ افسران تعینات کرے۔

نازیبا ویڈیو سکینڈل سٹیج اداکارہ خوشبو پر ساتھی اداکاؤں کی نازیبا ویڈیوز بنانے کا الزام، مقدمہ درج

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے تھیٹر میں بیک اسٹیج اداکاراؤں کی کپڑے بدلتے ہوئے ویڈیوز بنانے کے معاملے پر اداکارہ خوشبو کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔گرفتار ملزم کاشف چن کے بیان پر درج مقدمہ میں اداکارہ ثوبیہ عرف خوشبوخان، عمران شوکی اور احمد سمیت دیگر ملزمان کے نام شامل ہیں مقدمہ تھیٹر مالک ملک طارق محمود کی درخواست پر درج کیا گیا۔ملزم کاشف چن نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے یہ فوٹیجز اداکارہ خوشبو کے کہنے پر بنائیں، طریقہ واردات یہ تھا کہ وہ چارجنگ کے بہانے اپنا موبائل فون اداکاراؤں کے کمرے ميں رکھ آتا تھا۔ اداکارہ خوشبو نے ویڈیوز بنانے کا ایک لاکھ روپے معاوضہ دیا تھا۔ملزم کاشف کے موبائل فون سے ویڈیوز برآمد کرلی گئی ہیں ،اس معاملے میں اہم نکتہ یہ ہے کہ اداکارہ خوشبو خان کی کچھ روز پہلے اسی تھیٹر مالک اور دیگر فنکاروں سے کسی اور بات پر تلخ کلامی ہوئی تھی اور وہ کام چھوڑ گئی تھیں۔

باکسر محمد وسیم نے پیرس اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعلان کردیا

پاکستان کے مایہ ناز پروفیشنل باکسر محمد وسیم نے پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعلان کردیا۔
باکسرمحمد وسیم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ابھی 2 پروفیشنل فائٹس کے لیے تیاری کررہے ہیں جبکہ پیرس اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے انکی بات ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ پیرس اولمپکس میں پاکستان کو ضرور میڈل جتوائیں گے۔
باکسرمحمد وسیم نے مزید کہا کہ امیچرز میں نمائندگی کے لیے پروفیشنل سے معطل ہونا پڑتا ہے اس لیے وہ 3 ماہ کے لیے معطل ہوں گے اور پھر پیرس اولپکس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

لاہور: ماڈل ٹاؤن کچہری کے بخشی خانے میں جھگڑا، قتل کے ملزمان سمیت 10 قیدی فرار

لاہورکی ماڈل ٹاؤن کچہری میں قیدیوں کے گروپوں میں جھگڑا ہوگیا جسے روکنے کیلئے پولیس نے بخشی خانےکا دروازہ کھولا تو قتل کے 2 ملزمان سمیت 10 قیدی فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق قیدیوں کو کوٹ لکھپت جیل سے وین میں لایا گیا تھا، اہلکاروں نے لڑائی روکنےکیلئے دروازہ کھولا تو قیدی فرار ہوگئے۔
ٹیوب لائٹ اور لاٹھی اٹھائے ملزمان اسلحہ تھامے اہلکاروں پر حاوی نظر آئے جبکہ قیدیوں کے حملے میں 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
دوسری جانب ماڈل ٹاؤن کچہری کے بخشی خانے سے قیدیوں کے فرار ہونے کی ویڈیو نے سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس خاموش تماشائی بنی دیکھتی رہی، قیدیوں کو فرار سے روکنے کی پوری طرح کوشش نہ کی، ایک اہلکار قیدیوں سے ڈر کر بھاگتا نظر آیا۔