All posts by Khabrain News

طیب اردوان کے نئے معاشی اقدامات سے ترک کرنسی کی قدر میں تیزی سے اضافہ

ترک کرنسی کی قدر میں مسلسل کمی کے بعد ترک صدر کے نئے معاشی اقدامات کے نتیجے میں لیرا کی قدر میں 30 فیصد تک اضافہ ہو گیا۔

 نئی معاشی پالیسی میں ترک صدر کی جانب سے ملکی ڈپازٹ کے تحفظ کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کیا گیا۔

نئے اقدامات کے تحت مرکزی بینک کو شرح سود میں کمی کو جاری رکھنے پر زور دیا گیا اور قرض لینے کی لاگت کو 15 فیصد سے کم کر کے 14 فیصد کر دیا گیا۔

اس سے قبل ترک کرنسی اپنی تاریخ کی کم ترین سطح پر تھی جس کے بعد طیب اردوان نے وزیر خزانہ کو عہدے سے ہٹادیا تھا۔

برطانوی پارلیمنٹ کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، جعلی مقابلوں پر اظہار تشویش

برطانیہ کے دارالعوام نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور بھارتی فورسز کے جعلی مقابلوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیریوں سے ناروا سلوک پر لندن میں بھارتی ہائی کمیشن سے جواب طلب کرلیا۔

برطانوی پارلیمنٹ کے 28 اراکین نے مشترکہ طور پر لکھے گئے خط میں لندن میں قائم بھارتی ہائی کمیشن سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پرتشویش کا اظہار کیا اور جواب طلب کیا۔

رطانوی قانون سازوں نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں کو مبینہ طور پر دہشت گرد بنا کر بھارتی فورسز کے ہاتھوں مار دیا جاتا ہے اور جاں بحق ہونے والے تمام لوگ عام شہری ہوتے ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ سماجی کارکن خرم پرویز کو گرفتار کر کے جیل میں ڈالا گیا ہے، خرم پرویز کی گرفتاری کا معاملہ اقوام متحدہ میں بھی اٹھایا گیا ہے۔

برطانوی اراکین پارلیمان نے کہا کہ خرم پرویز کی گرفتاری کی وجوہات بتائی جائیں اور معاملے کی شفاف انداز میں تحقیقات کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ خرم پرویز دہشت گرد نہیں بلکہ انسانی حقوق کا دفاع کرنے والا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کی نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی کے اہلکاروں نے سماجی کارکن خرم پرویز کو سری نگر سے 22 نومبر کو گرفتار کیا تھا۔

بھارتی فورسز نے خرم پرویز کے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور چند کتابیں بھی قبضے میں لے لی تھیں اور کہا تھا کہ یہ دہشت گردی کا کیس ہے، بعد ازاں خرم پرویز کی اہلیہ نے صحافیوں کو ساری صورت حال سے آگاہ کیا تھا۔

خرم پرویز متنازع خطے میں کام کرنے والے ایک معروف سماجی ادارے جموں کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی کے پروگرام کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں اور ایشین فیڈریشن اگینسٹ انولنٹری ڈس اپیئرینس (اے ایف اے ڈی) کے چیئرپرسن ہیں۔

گزشتہ ماہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی دہشت گردی کی مالی معاونت کے الزام میں بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں ایک معروف رضاکار خرم پرویز کی گرفتاری پر سخت تنقید کی تھی۔

انسانی حقوق کے اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ میری لالر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا تھا کہ ’میں پریشان کن خبریں سن رہی ہوں کہ خرم پرویز کو آج کشمیر میں گرفتار کیا گیا ہے اور ان پر دہشت گردی سے متعلق جرائم کے الزام میں بھارت میں حکام کی طرف سے فرد جرم عائد کیے جانے کا خطرہ ہے‘۔

برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے نشان دہی کی ہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران بے گناہ 2500 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور جعلی مقابلوں سے متعلق بھی تشویش ناک اطلاعات ہیں۔

خیال رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیرقانونی سرگرمیوں کے انسداد کے متنازع قانون (یو اے پی اے) کے تحت سیکڑوں افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور اس قانون کے تحت فورسز کو کسی بھی شہری کو بغیر ٹرائل کے حراست میں رکھنے کی اجازت ہوتی ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں یہ متنازع قانون 2019 سے نافذ ہے اور دہلی سرکار نے 2019 میں ہی مقبوضہ خطے کی حیثیت بھی تبدیل کردی تھی اور براہ راست مرکز کے زیرانتظام کر دیا تھا۔

پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈیڑھ ارب ڈالر کے چھ ترقیاتی معاہدوں پر دستخط

وفاقی حکومت اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے توانائی کے شعبے، شہری انفراسٹرکچر، سماجی تحفظ، سڑکوں اور آبی وسائل سے متعلق منصوبوں کی مالی معاونت کے لیے 1.543 ارب ڈالر کے چھ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

معاہدوں پر سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن میاں اسد حیاالدین اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی نے اسلام آباد میں دستخط کیے، وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان نے بھی معاہدے ہپر دستخط کیے۔

معاہدوں کی تفصیلات کے حوالے سے بیان میں کہا گیا کہ ان میں ملک کے توانائی کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے مالی، تکنیکی اور گورننس اصلاحات کی مد میں 30کروڑ ڈالر کے پالیسی پر مبنی قرضے، خیبر پختونخوا کے پانچ شہروں میں شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے 38کروڑ 50لاکھ ڈالر، 23کروڑ 50لاکھ ڈالر احساس پروگرام کو مضبوط بنانے اور انڈس ہائی وے کے 222 کلومیٹر کے شکار پور-راجن پور سیکشن کو وسعت دیتے ہوئے دو رویہ بنانے کے لیے 60کروڑ ڈالر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ دو منصوبوں کی تیاری کے لیے بھی معاہدوں پر دستخط کیے گئے جس میں کرم تنگی انٹیگریٹڈ واٹر ریسورسز ڈیولپمنٹ پراجیکٹ کے لیے 50لاکھ ڈالر اور خیبر پختونخوا اسٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے قرضے شامل ہیں۔

وزیر اقتصادی امور نے ایشیائی ترقیاتی بینک کو سراہتے ہوئے توانائی کے شعبے میں اصلاحات، سڑکوں کے نیٹ ورک کو بہتر بنانے، سماجی تحفظ کو بہتر بنانے اور پاکستان میں شہروں کی ترقی کے لیے مسلسل مالی تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

عمر ایوب خان نے کہا کہ 38کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے شہری ڈھانچے کے منصوبے سے خیبر پختونخوا میں صوبائی اور شہری حکومتوں کو پانچ شہروں ایبٹ آباد، کوہاٹ، مردان، مینگورہ اور پشاور میں معیار زندگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور اس سے 35لاکھ لوگوں کو فائدہ پہنچے گا، منصوبے کے تحت پانی کی فراہمی، سیوریج، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور گرین انفراسٹرکچر کی فراہمی پر کام کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ قرض پانچ شہروں میں میونسپل کارپوریشنوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ادارہ جاتی امداد بھی فراہم کرے گا، اس منصوبے نے حکومت کی ترقیاتی ترجیحات اور وزیر اعظم عمران خان کے کلین گرین پاکستان کے وژن کی بھی حمایت کی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن کوریڈور ڈیولپمنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے دوسرے مرحلے کے لیے 23کروڑ 50لاکھ ڈالر کی مالی اعانت بھی کرے گا جس کے تحت انڈس ہائی وے کے شکارپور-راجن پور سیکشن کو چار لین تک چوڑا کیا جائے گا، یہ سیکشن کندھ کوٹ، کشمور اور روجھان کے راستے دریائے سندھ کے مغربی کنارے پر سندھ اور پنجاب سے گزرتا ہے۔

وزیر نے کہا کہ انڈس ہائی وے کی وسعت دوگنی کرنے سے ناصرف مقامی اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ بہتر رابطوں اور سفر کے وقت میں کمی کے ذریعے علاقائی تجارت اور لوگوں کی نقل و حرکت کو بھی فروغ ملے گا۔

انٹیگریٹڈ سوشل پروٹیکشن ڈیولپمنٹ پروگرام کے بارے میں عمر ایوب خان نے کہا کہ یہ سماجی تحفظ اور غربت میں کمی کے منصوبوں سمیت حکومت کے احساس پروگرام کو سپورٹ کرے گا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ کرم تنگی مربوط آبی وسائل کی ترقی کا منصوبہ سابقہ ​​فاٹا میں اولین ترجیحی منصوبوں میں سے ایک ہے جس میں پانی ذخیرہ کرنے کی سہولت کے ساتھ ایک ڈیم کی تعمیر، پن بجلی کی پیداوار اور ایک لاکھ 40ہزار ہیکٹر پر محیط آبپاشی کے نظام کی تعمیر اور اپ گریڈنگ شامل ہے۔

اس منصوبے سے زرعی پیداوار میں اضافہ اور ملک میں غذائی تحفظ کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر شنژن چین نے کہا کہ حکومت کووڈ۔19 کی وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی چیلنجنگ صورتحال کے باوجود حکومت جامع معاشی، مالیاتی اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے نفاذ میں پیش رفت جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے پاکستان کی کورونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن مہم کو بھی سراہا۔

دریں اثنا ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل یوجین ژوخوف نے یقین دلایا کہ بینک حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی حمایت جاری رکھے گا اور وہ پاکستان کو سرسبز بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

سانحہ سیالکوٹ پر مولانا طارق جمیل کی سری لنکن قوم سے معافی

معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے سیالکوٹ میں سری لنکن منیجر کو بہیمانہ تشدد کرکے قتل اور لاش کو جلانے کے واقعے پر سری لنکن قوم سے معافی مانگ لی۔

مولانا طارق جمیل نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی کے ساتھ سری لنکن ہائی کمیشن کا دورہ کیا اور سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ میں سری لنکن ہائی کمشنر اور ان کے توسط سے سری لنکن قوم سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام پیغام امن ہے اور محبت کا درس دیتا ہے، آپﷺ کا فرمان ہے کہ اگر ایک بے گناہ کے قتل میں پوری دنیا جمع ہوجائے تو اللہ سب کو جہنم میں ڈال دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سود کھانے والا اور بے گناہ کو قتل کرنے والا سب سے زیادہ عذاب میں مبتلا ہوگا۔

مذہبی اسکالر نے کہا کہ ’میں نے ہائی کمشنر صاحب سے کہا کہ ہم یہاں صرف معافی مانگنے آئے ہیں، جو واقعہ رونما ہوا وہ نہ ہی اسلام کا پیغام ہے اور نہ ہی اسلام کا درس ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ جہالت بہت بڑا اندھیرا ہوتا ہے، ہم قرآن اور آپﷺ سے دور ہوئے اور جو کچھ منبر سے سنا اسی کو حق سمجھ لیا، ہمارے پاس بات کو پرکھنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں قوم کے سامنے ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں کہ اللہ کے واسطے قرآن پڑھو، قرآن نہیں پڑھو گے تو جانوروں سے بھی بدتر ہوجاؤ گے‘۔

یاد رہے کہ 3 دسمبر کو سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم نے سری لنکا سے تعلق رکھنے والے مقامی فیکٹری کے منیجر پر توہین مذہب کا الزام عائد کرتے ہوئے بہیمانہ تشدد کرکے قتل کیا اور ان کی لاش نذرِ آتش کردی تھی۔

سیالکوٹ کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) عمر سعید ملک نے کہا تھا کہ مقتول کی شناخت پریانتھا کمارا کے نام سے ہوئی ہے۔

ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ فیکٹری کے کچھ کارکن متوفی جنرل مینیجر جو کہ ٹیکسٹائل انجینئر تھے، کو نظم و ضبط کے نفاذ میں سختی کی وجہ سے ناپسند کرتے تھے۔

جمعہ کی صبح معمول کے معائنے کے بعد پریانتھا کمارا نے ناقص کام پر سینیٹری عملے کی سرزنش کی تھی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ چونکہ فیکٹری میں رنگ ہونے والا تھا اس لیے مینیجر نے دیواروں سے پوسٹر ہٹانا شروع کر دیے ان میں سے ایک پوسٹر میں کسی مذہبی جلسے میں شرکت کی دعوت تھی جس پر ورکرز نے اعتراض کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پریانتھا کمارا نے معافی کی پیشکش کی، لیکن ایک سپروائزر نے کارکنوں کو اکسایا، جنہوں نے ان پر حملہ کردیا۔

جس کے بعد پریانتھا کمارا چھت کی طرف بھاگے اور سولر پینل کے نیچے چھپنے کی کوشش کی لیکن مشتعل کارکنوں نے انہیں پکڑ لیا اور وہیں مار ڈالا۔

مظاہرین نے پریانتھا کو تھپڑ، ٹھوکریں اور مکے مارے اور لاٹھیوں سے تشدد کیا اور وزیرآباد روڈ پر واقع فیکٹری سے گھسیٹ کر باہر لائے جہاں ان کی موت واقع ہوگئی اور اس کے بعد ہجوم نے ان کی لاش کو آگ لگادی تھی۔

افسوسناک واقعے پر ملک بھر کے سیاسی و سماجی رہنماؤں، اسکالرز اور سول سوسائٹی کے اراکین نے مذمت کی اور ملزمان کو جلد از جلد سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے اسے ’ہولناک حملہ‘ قرار دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’یہ پاکستان کے لیے شرمندگی کا دن ہے، میں خود تحقیقات کی نگرانی کر رہا ہو اور اس میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، قانون کے دائرہ کار میں تمام ذمہ داران کو سزا دی جائے گی۔‘

پریانتھا کمارا کی میت 6 دسمبر کو ان کے ملک سری لنکا بھیجی گئی تھی۔

واقعے میں ملوث درجنوں ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے جو ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں۔

ایشین ہاکی چیمئنز ٹرافی: تیسری پوزیشن کے میچ بھی پاکستان کو بھارت کو ہاتھوں شکست

ڈھاکہ: ایشین ہاکی چیمئنز ٹرافی کی تیسری پوزیشن کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی ہے۔

بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں کھیلے گئے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے تیسری پوزیشن کے میچ میں بھی پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست ہوگئی ہے جبکہ بھارت نے پاکستان کو 4 گول کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی ہے۔

پاکستان ہاکی ٹیم کی ایونٹ میں کارکردگی مایوس کن رہی جبکہ پاکستان ہاکی ٹیم ایونٹ میں صرف ایک میچ جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔

واضح رہے کہ ایشین ہاکی چیمئز ٹرافی کا فائنل آج جنوبی کوریا اور جاپان کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ جنوبی کوریا پاکستان اور جاپان بھارت کو شکست دے کر فائنل میں پہنچا ہے۔

ایشین ہاکی چیمئز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا نے پاکستان کو 5-6 سے شکست دی تھی جبکہ جاپان نے بھارت کو لیگ میچ کی شکست کا بدلہ لیتے ہوئے 3-5 سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔ لیگ میچ میں بھارت نے جاپان کو 0-6 سے شکست دی تھی۔

یاد رہے کہ لیگ میچ میں بھی پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس میچ میں بھارت نے پاکستان کو1-3 سے شکست دی تھی۔

چین: ساڑھے 6 کروڑ برس پرانا مکمل طور پر محفوظ شدہ ڈائنوسار ایمبریو دریافت

سائنسدانوں نے ایک بالکل محفوظ ڈائنوسار ایمبریو (جنین) دریافت کیا ہے جو مرغی کی طرح اپنے انڈے سے نکلنے کی تیاری کر رہا ہے۔
یہ جنین جنوبی چین کے گانزو میں دریافت ہوا اور محققین کے اندازے کے مطابق یہ کم از کم 66 ملین سال (ساڑھے 6 کروڑ سال سے زیادہ ) پرانا ہے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ یہ بغیر دانتوں کے تھیروپوڈ ڈائنوسار، یا oviraptorosaur ہے اور اسے بے بی ینگلیانگ Baby Yingliang کا نام دیا گیا ہے۔
محقق ڈاکٹر فیون ویسم ما کا کہنا ہے کہ یہ آج تک کی تاریخ میں ملنے والا بہترین ’’ڈائنوسار ایمبری’’ ہے۔
اس دریافت نے محققین کو ڈائنوسار اور جدید پرندوں کے درمیان تعلق کے بارے میں بھی بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دی ہے۔
فوسل سے پتہ چلتا ہے کہ جنین ایک گھماؤ والی حالت میں تھا جسے “ٹکنگ” کہا جاتا ہے جو کہ پرندوں میں انڈوں سے نکلنے سے کچھ دیر پہلے دیکھا جاتا ہے۔
ڈاکٹر ما نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جدید پرندوں میں اس طرح کے برتاؤ کی ابتدا سب سے پہلے ان کے ڈائنوسار کے آباؤ اجداد سے ہوئی۔
Oviraptorosaurs کا مطلب “انڈے کی چور چھپکلی” ہے اور یہ پروں والے ڈائناسور تھے جو کریٹاسیئس کے آخری دور میں یعنی 100 ملین سے 66 ملین سال قبل کے دور میں موجودہ ایشیا اور شمالی امریکا میں رہتے تھے۔
ماہر حیاتیات پروفیسر اسٹیو بروسٹے جو تحقیقی ٹیم کا حصہ بھی تھے، نے ٹوئٹ کیا کہ یہ “سب سے زیادہ شاندار ڈائنوسار فوسلز” میں سے ایک ہے جسے انہوں نے کبھی نہیں دیکھا تھا۔
یہ ینگلیانگ سر سے دم تک 10.6 انچ (27 سینٹی میٹر) لمبا ہے اور چین میں ینگلیانگ اسٹون نیچر ہسٹری میوزیم میں 6.7 انچ لمبے انڈے کے اندر آرام کر رہا ہے۔
اس انڈے کو پہلی بار سنہ 2000 میں دریافت کیا گیا تھا جس کے بعد اسے 10 سال تک محفوظ رکھا گیا۔

آئی سی سی پلیئرز رینکنگ جاری، پاکستان کا کون سا کھلاڑی کس نمبر پر ہے؟

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پلیئرز کی رینکنگ جاری کردی۔
آئی سی سی کی نئی رینکنگ میں قومی کپتان بابر اعظم، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور اوپننگ بیٹر محمد رضوان ٹاپ 5 میں شامل ہیں۔
ٹیسٹ رینکنگ:
آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے مطابق بیٹرز میں آسٹریلیا کے مارنس لابو شین پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں جو انہوں نے انگلینڈ کے کپتان جو روٹ سے چھینی، نئی رینکنگ میں روٹ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کے کپتان بابراعظم کی ٹیسٹ رینکنگ میں نویں پوزیشن برقرار ہے جب کہ اوپننگ بیٹر محمد رضوان کا 18 واں نمبر اور فواد عالم کا 20 واں نمبر برقرار ہے۔
ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز پہلے نمبر پر موجود ہیں جب کہ پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی تیسری پوزیشن برقرار ہے۔
آل راؤنڈرز کی ٹیسٹ رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر کا پہلا نمبر جب کہ بھارت کے روی چندر ایشون دوسرے اور رویندرا جڈیجا تیسرے نمبر پر ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی رینکنگ:
ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ کی رینکنگ میں بابر اعظم اور انگلش بلے باز ڈیوڈ ملان مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، دونوں کھلاڑیوں کے یکساں 805 پوائنٹس ہیں۔
پاکستان کے محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں، بولنگ میں حسن علی کی پوزیشن میں تنزلی آئی ہے اور وہ 10 سے 11ویں نمبر پر آ گئے۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی کا پہلا نمبر برقرار ہے۔

آج شب چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا

آج بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا اور یہ منظر رواں سال تیسری اور آخری بار دیکھا جائے گا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق خانہ کعبہ کے اوپر چاند کا یہ منظر عام آنکھ سے بھی دیکھا جاسکے گا۔

سعودی وقت کے مطابق چاند رات 3 بج کر 23 منٹ پر خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا جب کہ پاکستان میں اس وقت 5 بج کر 23 منٹ ہوں گے، اس سے قبلے کی سمت کا تعین بھی کیا جاسکے گا۔

سعودی ماہر فلکیات کا کہنا ہےکہ یہ مسجد حرام میں فجر کی اذان سے 2 گھنٹے 11 منٹ پہلے کا وقت ہو گا، اس وقت چاند کی اونچائی 89.54 درجے ہوگی اور چاند کا روشن حصہ 87 فیصد ہوگا۔

ماہر فلکیات کے مطابق 24 گھنٹے میں چاند اوسطاً 6 درجے کے حساب سے جھکتا ہے جس حساب سے  سال میں چاند 12 بار اپنا چکر لگاتا ہے مگر چاند کے خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے کا منظر کم ہی ہوتا ہے۔

بلدیاتی الیکشن میں شکست: وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کے پی کو طلب کرلیا

پشاور: خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں شکست کےبعد وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ محمود خان کو اسلام آباد طلب کرلیا۔

ذرائع کےمطابق وزیراعظم کے طلب کرنے پر محمود خان اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جہاں وہ وزیراعظم کو بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر بریفنگ دیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزرا کو ان کے حلقوں میں شکست، الیکشن میں کہاں اور کیوں شکست ہوئی، اس تمام صورتحال پر وزیراعلیٰ وزیراعظم کو رپورٹ دیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ وزیراعلیٰ کے پی وزیراعظم کو ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق آگاہ کریں گے جب کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران ساتھ نہ دینے والے ارکان پارلیمنٹ اور سینئر رہنماؤں کی نشاندہی کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم بلدیاتی انتخابات کے اگلے مرحلے کی حکمت عملی کے لیے گائیڈ لائنز دیں گے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں جے یو آئی نے واضح کامیابی حاصل کی جس میں اسے چیئرمین کی 17 اور میئر کی 3 نشستیں ملیں جب کہ ایک بھی میئر شپ پی ٹی آئی کے حصے میں نہ آئی۔

میشا شفیع خود کو بے نظیر بھٹو کی ہم شکل قرار دینے پر تنقید کی زد میں آگئیں

گلوکارہ میشا شفیع سابقہ وزیر اعظم شہید بے نظیر بھٹو کو اپنی ہم شکل قرار دینے پر تنقید کی زد میں آگئیں۔

میشا شفیع نے انسٹاگرام پر بے نظیر بھٹو کی شادی کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ یہ تصویر اسکرولنگ کے دوران دکھائی دی تو مجھے لگا جیسے یہ میں ہوں۔

کچھ صارفین کو معمولی سے مشابہت لگی لیکن متعدد صارفین نے میشا پر تنقید کی—فوٹو: اسکرین شاٹ
کچھ صارفین کو معمولی سے مشابہت لگی لیکن متعدد صارفین نے میشا پر تنقید کی—فوٹو: اسکرین شاٹ

گلوکارہ نے ایک اور اسٹوری پر حیرانی والے ایموجی کے ساتھ بے نظیر اور اپنی شادی کی تصویر بھی شیئر کی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

تاہم کچھ صارفین کو معمولی سی مشابہت لگی لیکن بیشتر صارفین نے میشا پر تنقید کی۔

میشا شفیع خود کو بے نظیر بھٹو کی ہم شکل قرار دینے پر تنقید کی زد میں آگئیں

واضح رہے کہ اس سے قبل بختاور بھٹو زرداری نے والدین کی شادی کی سالگرہ پر 18 دسمبر کو اپنی شادی کے کارڈ کی تصویر شیئر کی جس پر شہید بے نظیر اور آصف علی زرداری کی شادی کی تصویر لگی تھی۔

بختاور نے بتایا تھا کہ یہ تصویر 18 دسمبر 1987 کو لی گئی تھی۔