All posts by Khabrain News

پی آئی اے کی 4 سال بعد یورپ کیلیے پرواز، مسافروں سے بھرا بوئنگ 777 پیرس روانہ

قومی ائرلائن کی 4 سال کے بعد یورپ کے لیے پہلی پرواز   مسافروں کو لے کر پیرس روانہ ہو گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 4 برس کے بعد یورپ کے لیے پی آئی اے کا آپریشن شروع ہوگیا، جس کی پہلی ہی پرواز پر مسافروں کا  دیکھنے میں آیا اور طیارے کی تمام نشستیں بُک تھیں۔

پی آئی اے کے بوئنگ 777  کو اسلام آباد ائرپورٹ پہنچایا گیا، جہاں پی کے 749 پرواز 12 بجے پیرس کے لیے روانہ ہو گئی۔ وزیر ہوابازی خواجہ آصف نے پرواز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی جی سول ایوی ایشن، سی ای او پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیات اور فرانسیسی سفارت خانے کے حکام بھی شریک تھے۔

وزیر دفاع و ہوابازی خواجہ آصف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانس ،اٹلی ، ناروے اور اسپین میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد آباد ہے۔ اب سبز ہلالی پرچم یورپ کی فضاؤں میں لہرائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو زیادہ دیر نہیں لگے گی ۔ کوشش کریں گے جلد نجکاری ہو جائے اور دیگر کمرشل ائرلائنز کی طرح مقابلہ ہو۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی آئی اے سول ایوی ایشن نے محنت کی اوریورپ کی فلائٹ کو ممکن بنایا۔ میں یورپی یونین کے ایوی ایشن کے تمام عہدے داروں کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے ہمارے معیار کو جانچا۔ ہم نے ساڑھے 4سال میں کئی سو ارب کا نقصان اٹھایا ۔ پی آئی اے پر 800ارب کا قرض ہے جب کہ منافع بخش روٹس بھی بند ہیں ۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سابق وزیر ہوابازی کے بیان نے تباہی مچا کر رکھ دی  تھی۔ ساڑھے 4 سال تک پاکستانی باہر سے مہنگا سفر کرنے پر مجبور تھے۔ ہمیں عالمی معیار پر پورا اترنے پر فخر ہے۔ جلد برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن کا آغاز بھی کریں گے ۔

پاکستان کیساتھ شراکت داری کے نئے باب میں داخل ہوئے، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم

امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے الوداعی بیان میں کہا ہے کہ بطور سفیر تعیناتی کے دوران پاکستانی دوستوں سے مل کر کام کیا۔

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے الوداعی ویڈیو پیغام السلام علیکم سے شروع کیا۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ بطور سفیر تعیناتی کے دوران پاکستانی دوستوں سے مل کر کام کیا اور شراکت داری کے نئے باب میں داخل ہوئے۔ گزشتہ 3 برسوں کے دوران ہم نے اپنے وقت کے بڑے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے مل کر کام کیا جس میں کورونا وبا پر قابو پانا اور 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد لاکھوں افراد کو تعمیر نو کے لیے مدد فراہم کرنا شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے روزگار کے مواقع پیدا کیے جس سے لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہوا اور ہم نے معیاری صحت اور تعلیم کے ذرائع بڑھائے۔ چائے پر گپ شپ اور قوالی کے فن کے مظاہروں سے کرکٹ کھیلنے تک سب پرلطف اور فخریہ تجربات تھے جس میں مجھے پاکستان کے ہر کونے سے مہمان نوازی موصول ہوئی۔ اسلام آباد گھر سے دور ایک گھر بن گیا۔

ڈونلڈ بلوم نے مزید کہا کہ میں نے لاہور میں مشاہدہ کیا کہ کیسے اس تاریخی شہر میں ثقافت اور روایت رچ بس گئی ہے۔ پنجاب کے زرخیز میدانوں میں کسانوں کے ساتھ چہل قدمی کی جہاں ہم امریکا کی بہترین ٹیکنالوجی لائے۔  پاکستان کے توانائی، آبی ذخائر اور زراعت کے شعبوں میں جدت لائی گئی ہے۔ پاکستان کے چند ذہین ترین افراد سے ملاقات کی جن کا عزم اور تخلیقی صلاحیت مجھے مسلسل متاثر کرتے ہیں۔

امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں میری تعیناتی کا وقت ختم ہونے والا تھا تو میں روشنیوں کے شہر میں آخری مرتبہ آنا چاہتا تھا۔ کراچی انٹرپرنیورزاور کاروباری رہنماؤں کا شہر ہے جو اس ملک کے معاشی مستقبل کو چلا رہے ہیں۔ پاکستان قرض اور انحصاری سے آزادی  کی طرف کام کر رہا ہے تو ہم نے بھی تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کو اپنی اولین ترجیح بنا لیا ہے۔ ہم مل کر ایک پرامید اور خوش حال مستقبل تشکیل دے سکتے ہیں۔

بطور امریکی سفیر پاکستان میں خدمات سرانجام دینا فخر کی بات تھی۔ ہم نے جو اقدامات کیے مجھے ان پر فخر ہے اور میں پاکستان کے مستقبل لیے پر امید ہوں۔ پھر ملیں گے۔

کراچی؛ واٹر ٹینکرز کی ٹکر سے مزید 4 موٹرسائیکل سوار زندگی کی بازی ہار گئے

شہر قائد میں سڑکوں پر دوڑتے  قاتل واٹر ٹینکرز کی ٹکر سے مزید 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران واٹر ٹینکرز کی ٹکر اور دیگر حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔

شہید ملت روڈ پر حادثہ
شہر کی مصروف سڑک شہید ملت روڈ پر بلوچ کالونی کی طرف جانے والے راستے پر واٹر ٹینکر کی زد میں آکر 2موٹر سائیکل سوار اپنی جان گنوا بیٹھے، جب کہ ایک شخص زخمی ہوا۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگا دی، جس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

حب ریور روڈ پر المناک حادثہ
علاوہ ازیں بلدیہ ٹاؤن کے قریب حب ریور روڈ پر ایک اور افسوسناک حادثے میں واٹر ٹینکر نے 2موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد بھی ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

دیگر واقعات
واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ہلاکتوں کے علاوہ کاٹھور کے علاقے میں ایک گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والا کوسٹ گارڈ اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ حادثے کے بعد ڈرائیور کار چھوڑ کر فرار ہو گیا۔

اُدھر کورنگی کے قریب چمڑا چورنگی پر ایک کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس سے موٹر سائیکل نالے میں جا گری  اور ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں بھائی تھے۔

کراچی ایئرپورٹ؛ ٹرالی بیگ کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی کرسٹل آئس اور ہیروئین برآمد

پاکستان کسٹمز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کلکٹریٹ کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ کے ڈپارچر لاونج میں ایک کارروائی کے دوران منشیات سعودی عرب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔

خیرپور سندھ سے تعلق رکھنے والے امتیاز علی نامی مسافر سعودی ایئرلائن کی پرواز ایس وی 700 کے ذریعے سعودی عرب جدہ روانہ ہو رہا تھا جو اپنے ہمراہ 500گرام کرسٹل آئس اور 80گرام ہیروئین سعودی عرب اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

کسٹمز حکام کی جانب سے مسافر کی ابتدائی تلاشی میں کوئی مشکوک شے برآمد نہ ہو سکی لیکن ایئرپورٹ پر تعینات کسٹمز حکام نے شک کی بناء پر مسافر کے ٹرالی بیگ کی اسکیننگ کی اور بعدازاں اسے پھاڑ کر اسکے ہینڈل، سائیڈ پینلز اور دیگر خفیہ خانوں سے منشیات برآمد کی گئی جو انتہائی مہارت کے ساتھ چھپائی گئی تھی۔

برآمد ہونے والی کرسٹل آئس اور ہیروئین کی مالیت 1کروڑ روپے سے زائد ہے۔ حکام نے مقدمہ درج کرکے خیرپور سے تعلق رکھنے والے مسافر کو گرفتار کرلیا ہے۔

دوسری جانب، اے این ایف نے 5 مختلف کارروائیوں میں 2 خواتین سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا، کارروائی کے دوران ایک کروڑ سے زائد مالیت کی 13.930 کلوگرام منشیات برآمد ہوئی۔

جی ٹی روڈ راولپنڈی پر پارک کے قریب خاتون سے 6 کلو چرس اور اسلام آباد میں 26 نمبر چونگی کے قریب خاتون سے 5 کلو ہیروئن برآمد کی گئی۔ ایم ون موٹر وے اسلام آباد پر 2 ملزمان سے 1.5 کلو آئس برآمد ہوئی۔

ڈیرہ غازی خان میں سخی سرور روڈ کے قریب ملزم سے 940 گرام آئس اور ملتان میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 490 گرام آئس برآمد کر لی گئی۔

گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ہانیہ عامر کا بھارتی کا میڈین پر طنز

پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے حال ہی میں بھارتی کامیڈین ذاکر خان کے حوالے سے تبصرہ کیا ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

حال ہی میں ہانیہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اسٹوری پر بھارتی کامیڈین ذاکر خان کے شو کی ایک ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے ان کی ذہانت اور حسِ مزاح کی تعریف کی۔ انہوں نے کامیڈین کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا: ’کیا پاگل انسان ہیں یار آپ‘۔

واضح رہے کہ ہانیہ عامر نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک خاص طور پر بھارت میں بھی اپنی اداکاری اور دلکش و مزاحیہ شخصیت کی وجہ سے مشہور ہیں۔

وہ موجودہ دور کی مصروف ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی ان کے کروڑوں مداح موجود ہیں۔ وہ انسٹاگرام پر 17.1 ملین فالوورز والی پہلی پاکستانی بن چکی ہیں جنہیں دنیا بھر سے اتنے زیادہ صارفین فالو کر رہے ہیں۔

معیشت کیلئے اچھی خبر، پاکستان پیٹرولیم کا گیس کی پیداوار شروع کرنے کا اعلان

معیشت کیلئے اچھی خبر، پاکستان پیٹرولیم نے گیس کی پیداوار شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

اس ضمن میں پاکستان پیڑولیم کی جانب سے  کوٹری سے گیس پیداوار شروع کرنے کی اطلاع پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ خط میں دی گئی ہے۔

خط کے مطابق کوٹری نارتھ بلاک ون سے گیس کی یومیہ پیداوار 5.3 ملین میٹرک کیوبک فٹ پے۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ کنوئیں سےیومیہ گیس کا حصول 950 پاؤنڈ فی مربع انچ کے ساتھ ہورہا ہے۔

 خط کے مطابق کوٹری سے گیس پیداوار میں پاکستان پیڑولیم، یونائیٹڈ انرجی پاکستان لمیٹڈ اور ایشیاء ریسورسز آئل لمیٹڈ کے مشترکہ شئیرز ہیں۔

خط میں بتایا گیا ہے کہ کوٹری میں ٹکری ون کنویں سے ملنے والی گیس کو علی آباد پراسیسنگ پلانٹ سے سوئی سدرن سسٹم میں شامل کیا جارہا ہے۔

جمی کارٹر کی آخری رسومات کی منفرد روایت

امریکا کے سابق صدر جمی کارٹر کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئیں۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق 100 سال کی عمر میں  انتقال کرجانے والے سابق امریکی صدر جمی کارٹر نے اپنے دورِ حکومت میں امریکیوں کو اہم ایشوز پر ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا تھا۔

ان کی آخری رسومات میں بھی یہی اتحاد و اتفاق کو دیکھنے کو ملا جب موجودہ صدر جوبائیڈن، نومنتخب صدر ٹرمپ اور سابق صدور بل کلنٹن، بارک اوباما اور جارج بش ایک ساتھ نظر آئے۔

نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو 20 جنوری کو عہدہ سنبھالیں گے اپنے مخالفین کے ساتھ کندھے سے کندھا ملائے جمی کارٹر کی میت کے سامنے کھڑے تھے۔

پانچوں صدور نے جمی کارٹر کی امریکا کے لیے خدمات پر انھیں خراج تحسین پیش کیا اور ان کے بتائے گئے سنہری جمہوری روایات کو زندہ رکھنے کا عہد کیا۔

1977 سے 1981 تک امریکا کے صدر رہنے والے جمی کارٹر 100 سال کی عمر میں مختصر علالت کے بعد گزشتہ برس 29 دسمبر کو انتقال کر گئے تھے۔

واضح رہے کہ جمی کارٹر کو نوبیل انعام سے بھی نوازا گیا تھا اور انھوں نے امریکی ڈرون حملوں کو انسانی حقوق کے منافی قرار دیتے ہوئے اُس وقت کے امریکی صدور بش اور اوباما کی مذمت کی تھی۔

منی پور میں بھارتی فوج کے مظالم کیخلاف احتجاج جاری، جھڑپوں میں فوجی افسر زخمی

بھارتی ریاست منی پور میں سیکورٹی کی صورتحال بدترین ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق منی پورمیں بھارتی فوج کی جانب سے جعلی انکاؤنٹرز کےخلاف کوکی قبیلے اور دیگر تنظیموں کا احتجاج جاری ہے۔ حالیہ جھڑپوں میں بھارتی فوج کا افسر زخمی ہوگیا۔

 احتجاج کرنے والے مظاہرین نے پولیس اسٹیشن پردھاوا بول دیا۔ مظاہرین کے مطالبات تسلیم کرنے کے بجائے افسر مطاہرین کو دھمکیاں دینے لگ۔ جوابی کارروائی میں مظاہرین نے پولیس اسٹیشن پر پتھراؤ کیا اور پیٹرول بم پھینکے۔ منی پور میں گاؤں کے گاؤں تباہ ہوچکے ہیں۔

مودی کے دور حکومت میں مذہبی عدم برداشت اور فرقہ واریت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ علیحدگی پسند تنظیموں کا منی پور پر قابض ہونا مودی کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ جمہوریت کا دعویٰ کرنے والی مودی سرکار نے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے منی پور پر مکمل چپ سادھ رکھی ہے۔

کوہلی پر بھارتی کرکٹر کے کیریئر تباہ کرنے کا الزام

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر رابن اتھپا نے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی پر مڈل آرڈر بیٹر یوراج سنگھ کے کیرئیر کو ختم کرنے کا ذمہ دار ٹھہرادیا۔

للن ٹاپ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے رابن اتھپا نے بتایا کہ کینسر کو شکست دینے کے بعد ٹیم میں واپسی کی اُمید کرنیوالے یوراج سنگھ نے کپتان سے رعایت مانگی تھی تاہم انکے مطالبے کو مسترد کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دو ورلڈکپ جتوانے کھلاڑی کو محض چیمپئینز ٹرافی میں پرفارم نہ کرنے پر ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا، بطور کپتان آپ انہیں وقت دے سکتے تھے کیونکہ وہ ایک جان لیوا مرض سے لڑ کر واپسی آرہے تھے۔

رابن اتھپا نے انکشاف کیا کہ یوراج سنگھ نے فٹنس ٹیسٹ میں پوائنٹ کی کٹوتی کی درخواست کی لیکن ٹیم انتظامیہ کی طرف سے کسی نرمی سے انکار کردیا گیا، پھر اس نے ٹیسٹ کیا کیونکہ وہ ٹیم سے باہر تھا اور وہ اسے اندر نہیں لے رہے تھے۔ اس نے فٹنس ٹیسٹ پاس کیا لیکن پھر بھی اُسے گڈبائے کردیا۔

کوہلی کی کپتانی پر اتھپا کا کہنا تھا کہ انکی کپتانی میں نہیں کھیلا لیکن وہ بہت منہ پھٹ انسان ہیں۔

قبل ازیں سابق کرکٹر منوج تیواری نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ گوتم گمبھیر پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں ہار کا ذمہ دار انہیں قرار دیا تھا۔

معیشت جام کرنے کا نعرہ دھرا رہ گیا، وزیراعظم کی ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے سے ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہمارے بیرون ملک پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے آہنی عزم کی سند ہے۔

پاکستان معاشی استحکام کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، حکومت پاکستان ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے پر عزم ہے۔

واضح رہے کہ دسمبر 2024ء کے دوران ترسیلات زر میں 3.1 ارب ڈالر آئے جو ماہ بہ ماہ 5.6 فیصد اضافہ ہے۔

کارکنوں کی ترسیلات زر میں مالی سال 25ء کی پہلی ششماہی کے دوران مجموعی طور پر 17.8  ارب ڈالر آئے جو مالی سال 24ء  کی پہلی ششماہی کے موصول شدہ  13.4 ارب ڈالر کے مقابلے میں 32.8  فیصد اضافہ ہے۔ نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر دسمبر 2024ء سال بسال 29.3  فیصد اور ماہ بہ ماہ 5.6 فیصد  بڑھ گئیں۔

دسمبر 2024ء کے دوران ترسیلاتِ زر زیادہ تر سعودی عرب (770.6 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (631.5 ملین ڈالر)، برطانیہ (456.9 ملین ڈالر) اور ریاست ہائے متحدہ امریکا (284.3  ملین ڈالر) سے آئیں۔