All posts by Khabrain News

“چِلاؤ مت…”، ابھیشیک بچن نے ایشوریا رائے اور آرادھیا کو رپورٹر سے بچایا، ویڈیو وائرل

بالی ووڈ اسٹار ابھیشیک بچن کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اپنی اہلیہ ایشوریا رائے بچن اور بیٹی آرادھیا کو رپورٹر سے بچاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

یہ واقعہ دھیرُبھائی امبانی انٹرنیشنل اسکول کے سالانہ دن کے موقع پر پیش آیا۔ جہاں بچن خاندان اپنی بیٹی آرادھیا کی کارکردگی دیکھنے آیا تھا۔ ابھیشیک، ایشوریا اور آرادھیا کے ساتھ امیتابھ بچن بھی موجود تھے۔

جب ایونٹ کے بعد ابھیشیک اپنی فیملی کو گاڑی تک چھوڑنے جا رہے تھے، تو ایک رپورٹر نے ان کی تصویریں لینے کی کوشش کی۔ رپورٹر کی اس حرکت پر ابھیشیک نے ناراض ہو کر کہا، “چِلاؤ مت، آپ ایسی حرکت مت کریں۔”

ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے ابھیشیک کے رویے کی تعریف کی۔ ایک صارف نے کہا، “ابھیشیک نے بہت نرمی سے بات کی، یہ ان کی شرافت ہے۔” جبکہ دوسرے نے لکھا، “ہر جگہ اور ہر وقت مشہور شخصیات کو تنگ کرنا بند ہونا چاہیے۔”

اس تقریب میں دیگر مشہور شخصیات بھی موجود تھیں، جیسے شاہ رخ خان، گوری خان، سارہ خان، اور کریمہ کپور، جو اپنے بچوں کی کارکردگی دیکھنے آئے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آرادھیا اور ابرام نے ایک مشترکہ اسکیٹ پرفارم کیا، جسے بہت سراہا گیا۔

برطانیہ کا 9 مئی مقدمات میں فوجی عدالتوں سے 25 شہریوں کی سزاؤں پر ردعمل سامنے آگیا

برطانوی حکومت نے پاکستان میں فوجی عدالتوں سے25 شہریوں کو سزاؤں پر اپنا ردعمل جاری کردیا۔

برطانوی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ  برطانیہ اپنی قانونی کارروائیوں پر پاکستان کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے، فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کے ٹرائل میں شفافیت، آزادانہ جانچ پڑتال کا فقدان ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فوجی عدالتوں کی کارروائی سے شہریوں کے منصفانہ ٹرائل کے حق کو نقصان پہنچتا ہے، حکومت پاکستان شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے کے تحت ذمہ داریوں کو نبھائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل یورپی یونین نے 25 شہریوں کی فوجی عدالتوں سے سزاؤں پر ردعمل دیتے ہوئے اسے انصاف کے منافی قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ شہریوں کی سزاؤں کے یہ فیصلے پاکستان کی شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے (ICCPR) سے متصادم ہیں، جسے پاکستان اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے تحت تسلیم کرچکا ہے۔

یورپی یونین کا کہنا تھا کہ آئی سی سی پی آر کے آرٹیکل 14 کے تحت ہر فرد کو منصفانہ اور عوامی مقدمے کی سماعت کا حق حاصل ہے، جس میں آزاد، غیر جانبدار اور اہل شامل ہیں۔

مزید برآں، آرٹیکل 14 میں یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ فوجداری مقدمات کے فیصلے عوامی سطح پر دیے جائیں گے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان نے یورپی یونین کی جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز (GSP+) کے تحت 27 بین الاقوامی کنونشنز کی پاسداری کی ہے، جن میں ICCPR بھی شامل ہے۔ اس اسکیم کے تحت پاکستان کو تجارتی مراعات حاصل ہیں۔

یاد رہے کہ 20 دسمبر کو پاکستان میں سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 افراد کو فوجی عدالتوں کی جانب سے 2 سے 10 سال تک قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔

ان افراد پر الزام تھا کہ انہوں نے ریاستی اداروں کے خلاف کارروائی کی تھی، جس کے نتیجے میں فوجی عدالتوں نے ان کے خلاف مقدمات کی سماعت کی اور سزائیں سنائیں۔

اکشے کمار کے اسٹائل پر تنقید؟ نانا پاٹیکر نے دیا کرارا جواب!

بھارتی اداکار نانا پاٹیکر نے اپنے ساتھی اداکار اکشے کمار کے اندازِ اداکاری کا دفاع کیا ہے۔ 

ایک انٹرویو میں نانا پاٹیکر نے واضح کیا کہ اکشے کے لائنز پڑھنے کے انداز کو تنقید کا نشانہ بنانا بے جا ہے اور ہر اداکار کا اپنا الگ انداز ہوتا ہے۔

نانا پاٹیکر نے کہا، “ہر کسی کا اپنا اسٹائل اور پسند ہوتی ہے۔ اکشے لائنز پڑھ کر اداکاری کرتے ہیں، اور یہ کوئی مسئلہ نہیں۔ آخر میں جذبات کے ساتھ پڑھنا اور پرفارم کرنا ایک مشکل کام ہے جو اکشے کامیابی سے کرتے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود اس طریقے سے اداکاری نہیں کر سکتے، لیکن یہ اکشے کا منفرد انداز ہے جو انہیں ایک عظیم اداکار بناتا ہے۔

اپنی بات کو مضبوط کرنے کے لیے نانا پاٹیکر نے ہالی وڈ لیجنڈ مارلن برانڈو کی مثال دی اور بتایا کہ مارلن برانڈو نے فلم “لاسٹ ٹینگو ان پیرس” کے ایک سین کے دوران اپنے مکالمے یاد نہ ہونے پر انہیں اپنی ساتھی اداکارہ کی پیٹھ پر لکھ کر پڑھا تھا۔

انہوں نے کہا، “آج یہ سین بہترین مانا جاتا ہے، حالانکہ برانڈو صرف پڑھ رہے تھے۔ یہ سب ہر کسی کی اپنی پسند اور انداز پر منحصر ہے۔”

اگرچہ نانا پاٹیکر نئی فلم “ویلکم 3” کا حصہ نہیں ہیں، لیکن اکشے کمار اپنی کردار میں واپس آ رہے ہیں۔ فلم میں دیشا پٹانی، روینہ ٹنڈن، سنجے دت اور دیگر شامل ہیں، اور یہ 2024 میں ریلیز ہوگی۔

نامور سابق بھارتی کرکٹر کی حالت تشویشناک، اہل خانہ کی دعاؤں کی اپیل

بھارت کے نامور سابق کرکٹر ونود کامبلی کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ونود کاملی کو طبی مسائل کے باعث ہفتے کی رات اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اُن کی حالت کو تشویشناک قرار دیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق سابق کرکٹر کی حالت میں کچھ بہتری آئی تاہم ابھی وہ خطرے سے باہر نہیں ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ونود کامبلی اکریتی اسپتال میں داخل ہیں اور اہل خانہ نے مداحوں سے اُن کی صحت یابی کیلیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق کرکٹر گزشتہ چند ماہ سے یورین (پیشاب) کے انفیکشن کا شمار تھے تاہم عارضی علاج کے بعد مرض میں افاقہ ہوا تھا۔

ونود نے خود بھی بتایا تھا کہ ’ مجھے تین اسپتالوں میں لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز کے علاج کیا اور اب طیبعت پہلے سے بہتر ہے‘۔

ایف بی آر نے شہر اقتدار کے تین بڑے ہوٹل سیل کر کے بھاری جرمانے عائد کر دیے

ایف بی آر نے شہر اقتدار کے تین بڑے ہوٹلوں کو پی او ایس رسیدیں جاری نہ کرنے پر سیل کر کے بھاری جرمانہ بھی عائد کر دیا۔

ایف بی آر کے اسٹنٹ کمشنر محمدعتیق اکبر نے ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تینوں ہوٹلز کو پی او ایس رسیدیں جاری نہ کرنے پر سیل کیا ہے اسلام آباد میں سیل کیے جانے والے ہوٹلوں میں سپر مارکیٹ اور جناح سپر مارکیٹ کے ہوٹلز شامل ہیں۔

ایف بی آر حکام کے مطابق سیل کیے جانے والے ہوٹلوں پر پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جبکہ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ پی او ایس رسیدیں جاری نہ کرنے والے ریسٹورنٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

حسین نواز کے بیٹے کی شادی کی تیاریاں مکمل، بھارت سمیت دیگر ممالک سے مہمان شرکت کریں گے

برطانوی عدالت کی جانب سے دیوالیہ قرار دیے جانے والے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کے بیٹے کی شادی کی تیاریاں مکمل ہوگئیں ہیں۔

 مسلم لیگ (ن) کے ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق حسین نواز کے بیٹے زید حسین نواز کی شادی میں شرکت کیلیے غیر ملکی مہمانوں کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق شادی میں شرکت کیلیے امریکا، برطانیہ، یورپی ممالک، سعودی عرب قطر، یواے ای، بھارت اور ہمسایہ ممالک سے مہمان پاکستان پہنچیں گے، جن کو فلیٹیز ہوٹل اور اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرایا جائے گا۔

غیر ملکی مہمانوں کے لیے فلیٹیز ہوٹل کے 25 سے 30 کمروں کی بکنگ کرالی گئی جبکہ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس انتظامیہ کو باضابطہ آگاہ کردیا گیا ہے۔

بیرون ملک مقیم شریف فیملی کے تمام افراد پاکستان پہنچ گئے جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی چھوٹی صاحبزادی عصمہ نواز بھی دبئی سے لاہور پہنچ گئیں ہیں۔

اس کے علاوہ حسن نواز بھی فیملی سمیت لاہور پہنچ گئے۔

ملکی و غیر ملکی مہمانوں کی سیکیورٹی کے لیے پنجاب پولیس کو احکامات جاری کردیئے گئے۔

شادی کی تاریخیں

ذرائع کے مطابق زید حسین نواز کا نکاح 25 دسمبر کو ہوگا جبکہ رسم حنا بھی اسی روز جاتی عمرہ میں ہوگی، جس میں 500 مہمانوں کا انتظام کیا جائے گا اس کے علاوہ ولیمے میں 700 مہمان مدعو ہوں گے۔

زید حسین نواز 27 دسمبر کو دولہا بنیں گے  اور 29 دسمبر کو دعوت ولیمہ کا اہتمام کیا جائے گا۔

سلمان خان کو بالی ووڈ میں بدمعاش کیوں سمجھا جاتا ہے؟ ارجن کپور نے سچ بتادیا

بھارت کے معروف اداکار ارجن کپور نے حالیہ پوڈکاسٹ میں بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کی شخصیت اور کام کی تعریف کی ہے۔ 

ارجن کا کہنا تھا کہ سلمان خان کو غلط انداز میں دیکھا جاتا ہے، جبکہ حقیقت میں وہ ایک گرم جوش اور عوام کے لیے کام کرنے والے انسان ہیں۔

ارجن کپور نے انٹرویو میں کہا: “سلمان خان بدمعاش یا سخت مزاج نہیں ہیں۔ وہ ایسے انسان ہیں جن کی گرم جوشی آپ چند منٹوں میں محسوس کر سکتے ہیں۔ تاہم، انہیں سمجھنے کے لیے وقت دینا پڑتا ہے۔”

ارجن نے مزید کہا “انہوں نے سنیما کو ہمیشہ عوام کا میڈیم سمجھا ہے اور اپنے کام کو صرف تفریح کے لیے کیا ہے، نہ کہ صرف ایک فنکار کی حیثیت سے۔”

ارجن کپور ماضی میں سلمان خان کی فلم “وانٹڈ” کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رہ چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ سلمان نے ہمیشہ انہیں رہنمائی فراہم کی۔

خیال رہے کہ ارجن کپور کا نام سلمان خان کے بھائی ارباز خان کی سابقہ اہلیہ ملائیکہ اروڑا کے ساتھ جڑا رہا ہے، جس کے باعث دونوں اداکاروں کے تعلقات خبروں میں بھی رہے ہیں۔

انڈین اداکارہ کی مسلمان آرٹسٹ سے شادی، کمیونٹی نے باہر نکال دیا

 بھارتی اداکارہ طناز ایرانی کی ذاتی زندگی ہمیشہ اتار چڑھاؤ سے بھری رہی ہے۔ انہوں نے دو شادیاں کیں، اپنی کمیونٹی سے نکالے جانے کا سامنا کیا، طلاق کا دکھ جھیلا، اور بالآخر خوشیوں بھری زندگی گزار رہی ہیں۔

طناز ایرانی نے اپنے کیریئر کا آغاز ٹی وی سے کیا اور پھر فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ انہوں نے تھیٹر آرٹسٹ فرید کرم سے شادی کی، جو ان سے 18 سال بڑے تھے۔

اس شادی کے دوران انہیں اپنے پارسی کمیونٹی کی شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے انہیں کمیونٹی سے نکال دیا گیا اور آگ کے مندر میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی۔

طناز نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہیں ان دنوں میں اسلام سے سہارا ملا اور وہ اکثر جماعت خانہ جایا کرتی تھیں۔

پہلی شادی ختم ہونے کے بعد، طناز کی زندگی میں محبت دوبارہ داخل ہوئی۔ انہوں نے اداکار بختیار ایرانی سے شادی کی، جو ان سے سات سال چھوٹے ہیں۔ بختیار کے خاندان نے پہلے ان کی شادی کی مخالفت کی، لیکن بعد میں دونوں کے خاندانوں نے اس رشتے کو قبول کر لیا۔

طناز اور بختیار 2007 میں شادی کے بندھن میں بندھے اور اب ان کا ایک بیٹا زیوس ہے، اور وہ اپنی زندگی خوشی سے گزار رہے ہیں۔

دبئی؛ پولیس کے بھیس میں بھارتیوں کو لوٹنے پر 4 پاکستانیوں کو قید اور 10 لاکھ درہم جرمانہ

دبئی میں 4 پاکستانیوں کو دو دو سال قید اور مجموعی طور پر دس لاکھ درہم جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق دبئی میں الرفا پولیس اسٹیشن کے علاقے میں رواں برس 29 مارچ کو دو بھارتی شہریوں کو پولیس اہلکاروں نے اغوا کرکے لوٹ لیا تھا۔

تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ بھارتیوں کو اغوا کرکے لوٹنے والے پولیس اہلکار نہیں تھے بلکہ بہروپیے تھے۔

دبئی پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور ملزمان کے خاکوں کی مدد سے چھاپا مار کارروائی میں 4 افراد کو حراست میں لیا جن کا تعلق پاکستان سے تھا۔

ملزمان نے اعتراف جرم میں بتایا کہ ان بھارتیوں کے پاس بھاری رقم ہونے سے متعلق انھیں ان کے گینگ میں شامل ڈرائیور نے بتایا تھا۔

ملزمان نے مزید بتایا کہ سیاہ کار میں ہم نے بھارتیوں کا پیچھا کیا اور المنخول کے قریب روکا جہاں دو مجرموں نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے تلاشی لی۔

ملزمان کے بقول ہم ان دونوں بھارتیوں کو علیحدہ علیحدہ گاڑیوں میں لے گئے اور انھیں تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پیسے چھین کر چھوڑ دیا۔

پانچ ملزمان میں سے ایک ماسٹر مائنڈ تھا، ایک ڈرائیور تھا اور دو نے پولیس اہلکار کا بھیس بدلا جب کہ آخری ملزم نے کسی بھی کارروائی میں ملوث ہونے سے انکار کیا۔

عدالت نے شواہد اور اعتراف جرم پر چار ملزمان کو دو دو سال قید اور ڈھائی ڈھائی لاکھ درہم جرمانے کی سزا سنائی جب کہ پانچویں ملزم کو ناکافی ثبوت کے باعث بری کردیا۔

سزا مکمل ہونے کے بعد چاروں ملزمان کو ملک بدر کردیا جائے گا۔

میکسیکو میں مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ؛ 7 افراد ہلاک

میکسیکو میں ایک چھوٹا طیارہ دشوار گزار گھنے جنگل میں گر کر تباہ ہو گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک انجن والے چھوٹے طیارے نے میکسیکو کی ریاست لاپروتا سے پرواز بھری تھی۔

پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران ایک جنگل سے دھواں اُٹھنے پر اہلکار چوکنے ہوگئے۔

فضائی آپریشن کے انچارج نے بتایا کہ طیارے کا ملبہ ریاست جالسکو کے ایک دور دراز اور گھنے جنگل میں ملا ہے جس میں آگ لگی ہوئی ہے۔

دشوار گزار راستے ہونے کی وجہ سے جائے وقوعہ تک پہنچنے میں ریسکیو ٹیم کو کافی وقت لگا۔ حادثے کی جگہ سے 7 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

تاحال لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مرنے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

تاحال طیارہ حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ میکسیکو میں چھوٹے طیاروں کے حادثات عام ہیں جن کی وجوہات میں خراب موسم، طیاروں کا پرانا ہوجانا اور پائلٹ کی غلطی ہونا شامل ہیں۔