All posts by Muhammad Saqib

پی آئی اے کی خریداری میں مقامی سرمایہ کاروں کی بھی دلچسپی

اسلام آباد: پاکستان کے مالدار خاندانوں نے پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کردی۔

شہباز حکومت 75 فیصد حکومتی تجارتی ادارے فروخت کرنے کے حق میں نہیں ہے، حکومت انشورنس، مالیات، روڈ ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، آئل اینڈ گیس پراڈکشن سے متعلق ادارے فروخت کرنا نہیں چاہتی، یہی وجہ ہے کہ پی آئی اے اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے علاوہ باقی تمام تجارتی اداروں کو نجکاری کے دائرے سے باہر رکھا گیا ہے۔

وزارت نجکاری کے ذرائع نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ نجکاری کے خلاف اندرونی طور پر مزاحمت کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے 87 میں سے صرف 21 تجارتی اداروں کو ہی فعال نجکاری فہرست میں رکھا گیا ہے۔

متعلقہ وزارتوں نے بغیر کوئی وجہ بتائے 39 کمپنیوں کو نجکاری پروگرام سے باہر کردیا ہے جبکہ دیگر 27 کی تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں، جس کی وجہ سے حکومت نے صرف ایک چوتھائی تجارتی اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کیا ہے، سرکاری محکموں کی جانب سے عدم تعاون کی وجہ سے ان تمام محکموں کی نجکاری ممکن نہیں رہی ہے۔

حکومت کی جانب سے نجکاری کیلیے شارٹ لسٹ کی گئی 21 سرکاری کمپنیوں میں پی آئی اے بھی شامل ہے، تین مقامی ایئرلائنز فلائی جناح، ایئرسیال اور ایئربلو نے نیلامی کے کاغذات حاصل کرلیے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے کچھ ایئرلائنز غیرملکی ایئرلائنز کے ساتھ جوائنٹ وینچر کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، کچھ کمپنیوں نے نیلامی کی دستاویزات حاصل تو کرلی ہیں، لیکن ابھی تک جمع نہیں کرائی ہے، جس کے بعد خواہشن مند پارٹیوں کی درخواست پر نجکاری کمیشن نے دستاویزات جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کردی ہے۔

وزارت کے ایک سینیئر افسر کے مطابق گیریزانٹرنیشنل جو گرائونڈ ہینڈلنگ بزنس سے تعلق رکھتی ہے، نے بھی نیلامی میں حصہ لینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، لیکن دستاویزات جمع کرانے کیلیے کچھ مہلت مانگ لی ہے۔

اروشی روٹیلا نے نسیم شاہ کو کونسا ہیش ٹیگ دیا؟

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ و ماڈل اروشی روٹیلا نے قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان پیسر نسیم شاہ کے نام ہیش ٹیگ کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران میزبان نے اروشی روٹیلا سے بھارتی کرکٹر ریشبھ پنت اور پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ کے بارے میں سوالات کیے۔

میزبان نے اروشی روٹیلا کے سامنے سوشل میڈیا صارف کا ایک کمنٹ پڑھا جس میں لکھا تھا کہ رشبھ پنت آپ کی بہت عزت کرتا ہے، اگر آپ ان سے شادی کر لیں گی تو مجھے خوشی ہوگی۔
شو کے میزبان نے کمنٹ پڑھنے کے بعد اروشی روٹیلا سے پوچھا کہ آپ اس کمنٹ پر کیا کہنا چاہیں گی؟ جس پر اداکارہ نے سنجیدہ انداز میں کہا کہ میں اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتی۔

اس کے بعد، میزبان نے ایک سیگمنٹ کے دوران اروشی روٹیلا کے سامنے چند معروف شخصیات کے نام لیے اور اداکارہ سے کہا کہ وہ سب کو ایک ایک ہیش ٹیگ دیں۔

اروشی روٹیلا کے سامنے جب پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ کا نام لیا گیا تو اداکارہ نے کہا کہ میں انہیں ہیش ٹیگ ‘بولر’ دوں گی۔

اداکارہ کا جواب سُن کر میزبان نے کہا کہ نسیم شاہ اپنی خوبصورتی کی وجہ سے پاکستان اور بھارت میں کافی مقبول ہیں، جس پر اروشی نے کہا کہ جب تک آپ کام کررہے ہیں تو یہ مقبولیت ٹھیک ہے۔

میزبان نے مزید کہا کہ اب تو نسیم شاہ کافی لڑکیوں کے ‘کرش’ بھی بن چکے ہیں جس پر اروشی روٹیلا نے مسکراتے ہوئے کہا ‘ہاں’۔

واضح رہے کہ ماضی میں اروشی روٹیلا اور نسیم شاہ کی دوستی سے متعلق افواہیں گردش کرنے لگی تھیں تاہم نسیم شاہ نے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بھارتی اداکارہ کو نہیں جانتے اور ان کی تمام تر توجہ اپنے کھیل اور کیرئیر پر ہے۔

ضبط کی جانیوالی اسمگل گاڑیوں کی کم قیمت پر نیلامی کا انکشاف

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر )کے ماتحت ادارے کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ضبط کی جانیوالی اسمگل شدہ گاڑیاں نیلامی کیلیے مقرر کردہ کم از کم سے کم قیمت پر نیلام کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کم قیمت پر نیلامی کا نوٹس لے لیا۔ ’’ایکسپریس‘‘کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے لیگل اینڈ اکائونٹنگ کسٹمز ونگ نے ایف بی آر کو لیٹر ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کئی سال سے اسمگل شدہ گاڑیوں کی ریزرو قیمت سے کم قیمت پر نیلامی کا مسئلہ درپیش ہے اور اسمگل شدہ گاڑیوں کی نیلامی کے متعدد کیسوں کی تحقیقات و انکوائریوں میں بھی یہ مسئلہ درپیش آرہا ہے۔

لیٹر میں کہا گیا ہے کہ ضبط کردہ اسمگل شدہ گاڑیوں کی نیلامی کیلیے پندرہ جون 2002 کوجاری کردہ کسٹمز جنرل آرڈر نمبر بارہ کے تحت اسمگل شدہ گاڑیوں کی نیلامی ریزرو قیمت یا اس سے زائد بولی پر نیلام کرنی چاہیے اور اگر نیلامی کیلیے پیش کی جانیوالی اسمگل شدہ گاڑیوں کی پہلی اور دوسری نیلامی میں ریزرو قیمت کے برابر یا اس سے زائد بولی نہیں آتی تو اس صورت میں متعلقہ ڈپٹی کلکٹر اور اسسٹنٹ کلکٹر متعلقہ کلکٹر کو ان گاڑیوں کی ریزروز قیمت میں کمی کی تجویز دے سکتا ہے اورکلکٹر گاڑی کی کنڈیشن دیکھ کر ریزرو قیمت کم کرنے کے بارے میں فیصلہ کرسکتا ہے۔
لیٹر میں کہا گیا ہے کہ کسٹمز رولز اور کسٹمز جنرل آرڈر میں پائی جانے والی عدم مطابقت کی وجہ سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوپارہا، بار بار آڈٹ اعتراضات سے بچنے کیلیے ضبط کردہ اسمگل شدہ گاڑیوں کی نیلامی کیلیے 15جون 2002 کوجاری کردہ کسٹمز جنرل آرڈر نمبر بارہ میں ترامیم کی جائیں۔

پولیس کی زمینوں پر پیٹرول پمپ، دکانیں، فلیٹ اور دفاتر کی تعمیر کا انکشاف

کراچی: پولیس ویلفیئر کے نام پر تھانوں میں کمرشل سرگرمیاں کرنے کے کیس میں پولیس کو دی گئی زمینوں پر پیٹرول پمپ، دکانیں، گودام، فلیٹ اور دفاتر تعمیر ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کی رپورٹ سندھ ہائی کورٹ میں پیش کردی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ضلع کیماڑی میں ایک پیٹرول پمپ اور 6 دکانیں تعمیر کی گئی ہیں۔ کراچی سٹی میں 304 دکانیں، 66 فلیٹ 8 گودام اور 62 دفاتر تعمیر ہیں۔ ضلع وسطی میں 70 دکانیں، ملیر میں ایک پیٹرول پمپ پولیس کی زمین پر قائم ہے۔

اسی طرح حیدرآباد میں ایک پیٹرول پمپ، 247 دکانیں، 271 فلیٹ، 29 گرام اور 100 دفاتر شامل ہیں۔ دادو میں 51 دکانیں، بدین میں 4 دکانیں، میرپور خاص میں 57 دکانیں ہیں۔

نوابشاہ میں 169، سکھر 117، خیرپور 121 دکانیں قائم کی گئیں۔ گھوٹکی 70 لاڑکانہ میں 62 کشمور 27، جیکب آباد 92 دکانیں قائم کی گئیں۔ سندھ پولیس کو دی گئی زمین پر صوبے بھر میں 4 پیٹرول پمپ 1397 دکانیں بنائی گئی ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 338 فلیٹ، 37 گودام اور 162 دفاتر بنائے گئے۔ صوبے بھر میں کل 32 مقامات پر کمرشل سرگرمیاں چل رہیں۔

ضلع وسطی کراچی کی 70 دکانوں سے حاصل ہونے والے رینٹ کے مد میں 6.4 ملین جمع ہیں۔ ضلع وسطی میں حاصل ہونے والی آمدن پولیس حکام کے فوری ریلیف کے لیے استعمال کی جاتی تھی، جس میں تدفین وغیرہ کے اخراجات شامل ہیں۔

نارتھ ناظم آباد پولیس اسٹیشن کی زمین پر 1987ء میں 70 دکانیں تعمیر کی گئی تھیں۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد دکانداروں کو دکانیں خالی کرنے کا کہا گیا تھا۔ دکانداروں نے نوٹسز کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے معاملہ سندھ ہائیکورٹ کو ارسال کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کو تمام فریقوں کو سن کر معاملے کا جائزہ لینے کا حکم دیا تھا۔

پاکستان کے اخراجات آمدنی سے زیادہ ہیں، عالمی بینک

اسلام آباد: عالمی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان کے اخراجات آمدنی سے زیادہ ہیں۔

جنوبی ایشیا کے لیے عالمی بینک کے ریجنل ڈائریکٹر میتھیو ورغیس نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) اور عالمی بینک کے زیراہتمام مالیاتی اور گورننس اصلاحات پرہونے والے مباحثہ سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ موجودہ معاشی بحران سے نمٹنے کیلیے اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہناتھا کہ پاکستان کے اخراجات آمدنی سے زیادہ ہیں جس کے نتیجے میں ملکی اور بیرونی قرضوں میں اضافہ ہورہاہے۔
تقریب سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم الحق، پائیڈ کی جوائنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر درنایاب اور دیگر نے خطاب کیا۔

کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ملوث 3 بھارتی شہری گرفتار

ٹورنٹو: کینیڈا کی پولیس نے سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کیس میں تین بھارتی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس سپرنٹنڈنٹ مندیپ موکر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے کیس میں تینوں ملزمان پر قتل اور اقدام قتل کی فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔

ملزمان کی شناخت 22 سالہ کرن برار، 22 سالہ کمل پریت سنگھ اور 28 سالہ کرن پریت سنگھ کے نام سے ہوئی جو کہ صوبہ البرٹا کے شہر ایڈمنٹن کے رہائشی ہیں۔

انہوں نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے اپنا حلیہ بھی تبدیل کیا تھا۔ ملزمان تین سے پانچ سال قبل بھارت سے کینیڈا آئے تھے۔

کینیڈین پولیس نے ملزمان کے خلاف مودی حکومت سے تعلقات کی بھی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ اس واقعے کی تفتیش میں امریکا متعدد غیرملکی سیکیورٹی ایجنسیاں بھی تعاون کر رہی ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان سے تفتیش کی روشنی میں نجر کے قتل میں ملوث مزید ملزمان کی گرفتاریاں بھی جلد عمل میں لائی جائیں گی۔

واضح رہے کہ 45 سالہ ہردیپ سنگھ نجر کو جون 2023ء میں کینیڈا کے شہر وینکوور میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اس قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔

سمیں بلاک کرنے میں رکاوٹ بننے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد: موبائل سمیں بلاک کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد میں رکاوٹ بننے کی کوشش کرنیوالوں کے خلاف حکومت نے قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب کے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر اجلاس میں کیا گیا جس میں اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں ایف بی آر کے حکام نے وزیر خزانہ کو پانچ لاکھ سے زائد سمیں بلاک کرنے کی فیصلے سے متعلق بریفنگ دی، اس موقع پر فیصلے پر عملدرآمد میں پی ٹی اے کے عدم تعاون پر بھی بات ہوئی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ فیصلے میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوششیں کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔
اجلاس میں وزیر خزانہ نے آرمی چیف کیساتھ ملاقات کا بھی ذکر کیا جوکہ نان فائلرز کی سمیں بلاک کرنے کے فیصلے کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسی شخص کی جانب سے سمیں بلاک کرنے کے فیصلے کی مخالفت کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔

ادھر چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر)حفیظ الرحمن میڈیا کو جاری ایک بیان میں سمیں بلاک کرنے کے اقدام اور ٹیلی کام آپریٹرز کی سرمایہ کاری کے تحفظ کے درمیان توازن پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا اولین مقصد ریگولیٹری فریم ورک اور متعلقہ قانونی شقوں کی پاسداری اور ٹیلی کام صارفین کے مفادات کا تحفظ ہے۔

ذرائع کے مطابق اگرچہ پانچ لاکھ افراد کے سم کارڈ بلاک کئے جا رہے ہیں، تاہم متاثرہ شخص کے نیا موبائل کنکشن حاصل پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔ وزیرخزانہ کو بتایا گیا کہ ریٹرن فائل کرنیوالوں کی سمیں بحال کرنے کا میکانزم بھی تیار کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں وزیر خزانہ نے ریٹیلرز کی لازمی رجسٹریشن فوری شروع کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں 27کھرب روپے کے متنازعہ ریونیو کے مسئلے پر بھی بات ہوئی، اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صرف ان کیسز کو فوری نمٹانے کیلئے اعلیٰ عدالتوں میں لے جایا جائیگا۔

دورہ آئرلینڈ و انگلینڈ؛ کوچنگ اسٹاف کا اعلان ہوگیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کیلئے کوچنگ اسٹاف کا اعلان کردیا۔

آئرلینڈ کے خلاف 3 ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز 10 سے 14 مئی تک کھیلی جائے گی، بعدازاں قومی ٹیم 22 مئی سے 30 مئی تک انگلینڈ کیخلاف 4 ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

سابق فاسٹ بالر اظہر محمود کو سیریز کیلئے ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا ہے، گیری کرسٹن اور جیسن گلسپی کی آمد کے بعد وہ اسسٹنٹ کوچ کی ذمہ درایاں نبھائیں گے۔

اظہر محمود کیساتھ وہاب ریاض سینئر ٹیم منیجر کے فرائض انجام دیں گے جبکہ محمد یوسف کو بیٹنگ کوچ اور سعید اجمل اسپن بالنگ کوچ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب آل راؤنڈر شاداب خان اور فاسٹ بولر حسن علی آئرلینڈ میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔

پاکستانی ٹیم کے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئے سپورٹ اسٹاف:

گیری کرسٹن کی ٹیم میں شمولیت کے بعد وہاب ریاض (سینئر ٹیم منیجر)، منصور رانا (ٹیم منیجر)، اظہر محمود (آئرلینڈ کے لیے ہیڈ کوچ اور انگلینڈ کیلئے اسسٹنٹ کوچ)، محمد یوسف (بیٹنگ کوچ)، آفتاب خان (فیلڈنگ کوچ)، کلف ڈیکن (فزیو تھراپسٹ)، ارتضیٰ کومیل (چیف سیکیورٹی آفیسر)، محمد عمران (مساجر)، محمد خرم سورور (ٹیم ڈاکٹر)، طلحہ بٹ (تجزیہ کار)، رضا کچلو (میڈیا اور ڈیجیٹل منیجر)، اور ڈریکس سائمن (سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ) ہوں گے۔

احمد علی بٹ کی سیریز ‘ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ پر سخت تنقید

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف کامیڈین اداکار و میزبان احمد علی بٹ نے بھارتی فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی ویب سیریز ‘ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ پر تنقید کی ہے۔

احمد علی بٹ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام کی اسٹوری میں ویب سیریز ‘ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ کا پوسٹر شیئر کیا جس پر سب سے پہلے اُنہوں نے سیریز کا نام تبدیل کیا۔

اداکار نے سیریز کے نام کا مذاق اُڑاتے ہوئے اُسے ‘ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ سے ‘کھیرامنڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ لکھا۔
اُنہوں نے سیریز کی ویڈیو پر تنقید کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ یہ سیریز وژیلوز کی حیرت انگیز تباہی ہے۔

احمد علی بٹ کی یہ انسٹاگرام اسٹوری سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہورہی ہے جہاں پاکستانی اور بھارتی صارفین نے ایک ہوکر اداکار پر تنقید کی۔

واضح رہے کہ یکم مئی کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی ویب سیریز ‘ہیرا منڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ کے ذریعے ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی نے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر قدم رکھا ہے۔

اس سیریز کی میگا کاسٹ میں سوناکشی سنہا، منیشا کوئرالہ، ادیتیہ راؤ حیدری، ریچا چڈھا، سنجیدا شیخ، شرمین سیگل اور فردین خان شامل ہیں۔

‘ہیرا منڈی’ کو 1940 کے دور میں سیٹ کیا گیا ہے اور اس میں دربار والوں اور طوائفوں کے درمیان تعلقات پر کہانی کی بنیاد رکھی گئی ہے۔

ایف بی آر کا وصولیوں کیلیے جامع حکمت عملی وضع کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر ) نے مختلف عدالتوں میں زیر التوا قانونی ٹیکس مقدمات میں پھنسے ہوئے اربوں روپے کے ریونیو کی جلد از جلد وصولی کے لیے جامع حکمت عملی وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور محصولات کی وصولی کے حوالے سے ایف بی آر کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلیے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس کے دوران چیئرمین ایف بی آر نے وفاقی وزیر کو رواں مالی سال کے لیے ایف بی آر کی محصولات اکٹھا کرنے کی کوششوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
چیئرمین نے ایف بی آر کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اس کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے ٹیکس ٹو جی ڈی پی کے تناسب کو بڑھانے اور محصولات کی وصولی کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے لیے حکمت عملی وضع کرنے پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے رواں مالی سال کے محصولات کی وصولی کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے پر زور دیا۔