All posts by Muhammad Saqib

پختونخوا کابینہ میں بجٹ منظوری کیخلاف درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس

پشاور: پختونخوا کابینہ میں بجٹ منظور کیے جانے کے خلاف درخواست پر عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔

جسٹس اعجاز انور اور جسٹس شاہد خان پر مشتمل پشاور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے صوبائی کابینہ کی بجٹ منظوری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی، جس میں عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔

وکیل امین الرحمٰن یوسفزئی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں۔ مارچ کے مہینے کا بجٹ اسمبلی میں پیش کیا گیا اور منظور کیا گیا، تاہم اپریل کے مہینے کے بجٹ کے لیے پراسس کو فالو نہیں کیا گیا اور کابینہ سے منظوری لے لی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بجٹ منظوری کے لیے جس قانون کا سہارا لیا گیا ہے یہ صرف نگراں حکومت کے لیے ہے۔ اب اسمبلی موجود ہے، بجٹ منظوری کے لیے اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور منظوری لی جائی گی۔ مختلف پراجیکٹس کے لیے فنڈز کو بھی استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ صوبائی حکومت کا فنڈ استعمال کرنا بھی غیر قانونی ہے۔

عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 2 مئی تک ملتوی کردی۔

ضمنی الیکشن دھاندلی زدہ تھے، بے نقاب کرنے والے صحافیوں پر تشدد کیا گیا، عمر ایوب

 اسلام آباد: سنی اتحاد کونسل کے رکن اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن دھاندلی زدہ تھے، گجرات میں دھاندلی بے نقاب کرنے پر صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

اسپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اظہار خیال کرتے ہوئے سب سے پہلے مطالبہ کیا کہ ہمارے دو ممبران کی رکنیت کو معطل کیا گیا جس پر نظر ثانی کی ضرور ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن دھاندلی زدہ تھے اور پولیس و آر اوز نے قانونی اجازت کے باوجود بھی ہمارے امیدواروں کو پولنگ اسٹیشنز میں داخلے سے زبردستی روکا۔

عمر ایوب نے ایاز صادق کو مخاطب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ’جناب اسپیکر ایوان کا سربراہ ہونے کی حیثیت سے آئین اور الیکشن قوانین کا تحفظ کرنا آپ کی ذمہ داری ہے‘۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ حکومتوں کا آنا جانا رہتا ہے یہ آپ اور میں دیکھ چکے ہیں، آج جو لوگ ادھر (اپوزیشن میں بیٹھے ہیں) وہ چار ماہ بعد حکومت میں آسکتے ہیں کیونکہ پاکستان میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔

اپوزیشن لیڈر کے اظہار خیال پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ الیکشن قوانین سے متعلق شکایت الیکشن کمیشن کو درج کروائیں یہاں کچھ نہیں ہوسکتا۔

عمر ایوب کی گفتگو کے دوران اپوزیشن اراکین کی ہنگامہ آرائی پر اسپیکر برہم ہوئے اور کہا کہ ایوان کا ماحول خراب کرنے کے لیے کسی کی ضرورت نہیں اس کے لیے اپوزیشن کے اراکین ہی کافی ہیں۔

سینیٹر شبلی فراز سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر

 اسلام آباد: سینیٹر شبلی فراز کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر کر دیا گیا۔

شبلی فراز کے ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر مقرر ہونے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے سید شبلی فراز کی بطور اپوزیشن لیڈر سینیٹ نامزدگی کی تھی۔ سینیٹر شبلی فراز اس سے قبل قائد ایوان، وفاقی وزیر اطلاعات اور سائنس ٹیکنالوجی رہ چکے ہیں۔

سندھ بھر میں سڑکیں اور شاہراہیں بند کرنے پر پابندی عائد، مقدمہ درج کرنے کا حکم

  کراچی: آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن نے شاہراہیں اور سڑکیں بلاک کرنے پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق غلام نبی میمن نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ سندھ میں شاہراہیں اور سڑکیں بلاک کرنے والے کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص یا جماعت کو احتجاج کے لئے شاہراہیں اور سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ شاہراہیں اور سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہوتا ہے۔

غلام نبی میمن نے ہدایت کی کہ سندھ بھر میں کسی بھی سڑک کو احتجاج کے نام پر بند کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بابر اعظم کو گاڑی دینے کا وعدہ پورا کردیا

 لاہور: پشاور زلمی کے اونر جاوید آفریدی نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے بابر اعظم کو کار کا تحفہ دیدیا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 میں اسٹار بیٹر نے سنچری بنائی تو جاوید آفریدی نے کہا تھا کہ پاکستان میں بنائی جانے والی ایم جی کار کو سب سے پہلے ڈرائیو کرنے کا موقع انہیں دیا جائے گا۔

babar car1

پیر کو پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے بابر اعظم کو کار کی چابی دے دی۔

babarcar2

یاد رہے کہ پشاور زلمی کے کپتان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ میں ناقابل شکست سنچری اسکور کی تھی۔

babarcar3

بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر 111 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تھی۔

7 اکتوبر کا حملہ روکنے میں ناکامی پر اسرائیلی انٹیلیجنس چیف مستعفی

اسرائیل کے انٹیلی جنس چیف نے 7 اکتوبر کے حملے کو روکنے میں ناکامی پر استعفیٰ دے دیا۔

اسرائیلی حکومت نے انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ اہارون ہالیوا کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔

وہ حماس کے حملے کو روکنے میں ناکامی پر سبکدوش ہونے والے پہلے اعلیٰ عہدے دار ہیں جس کے بعد فوج سے مزید افسران کے استعفوں کی توقع کی جارہی ہے۔

اہارون ہالیوا اپنے قائم مقام کا تقرر کرنے کے بعد اسرائیلی ڈیفنس فورس میں 38 سال خدمات انجام دیکر سبکدوش ہوجائیں گے۔

اہارون ہالیوا نے فوج کی طرف سے جاری کیے گئے استعفیٰ کے خط میں لکھا کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس نے اچانک حملہ کیا۔

انہوں نے لکھا کہ میرے زیر کمان انٹیلی جنس ڈویژن نے اُس کام کو پورا نہیں کیا جو ہمیں سونپا گیا تھا، میں تب سے اس سیاہ دن کو یاد رکھتا ہوں اور ہمیشہ اس خوفناک درد کو محسوس کروں گا۔

چند صارفین کی عدم ادائیگی پر سب کی بجلی منقطع کرنے والوں کیخلاف ایکشن ہوگا، ناصر شاہ

  کراچی: صوبائی وزیر توانائی و ترقیات و منصوبابندی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بجلی کے بل ادا نہ کرنے والے چند صارفین کی وجہ سے دیگر گھروں کی بجلی منقطع کرنا پاپبندی کے ساتھ بجلی کے بل جمع کرنے والوں کے ساتھ زیادتی ہے۔

کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت چند صارفین کی وجہ سے بل ادا کرنے والوں کو سزا دینے کے معاملے پر جلد ایکشن لے گی۔

وزیر توانائی سندھ نے اس موقع پر کہا کہ صوبہ میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو زائد بلنگ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بلاوجہ بجلی کاٹنے جیسی صارفین  کی بڑھتی ہوئی شکایات پر حکومت کو تشویش ہے جس کے تدارک اور چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کیلئے محکمہ توانائی سندھ حکمت عملی تیار کررہا ہے تاکہ صارفین کی شکایات کو دور کیا جاسکے اور اس حوالے سے جلد ہی ایکشن لیا جائے گا۔

ناصر حسین شاہ اپنے خطاب میں مزید کہا کہ متبادل توانائی وقت کی انتہائی اہم ضرورت ہے جبکہ صوبہ سندھ میں متبادل توانائی کے ذرائع لامحدود ہیں۔ محکمہ توانائی سندھ ان قدرتی متبادل توانائی کے ذرائع کے استعمال کرنے کیلئے عملی اقدامات میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کا وژن ہے کہ صوبے کے ہر گھر کو روشن کیا جائے اور انھیں سولرائیزیشن کے ذریعے بجلی فراہم کی جائے، اسی وژن کے تحت محکمہ توانائی سندھ صوبے کے انتہائی پسماندہ علاقوں کو پانچ لاکھ گھرانوں کو سولر سسٹم فراہم کررہا ہے، اسکے علاوہ عالمی بینک کے تعاون سے بھی دو لاکھ گھرانوں کو سولرائیزیشن کے ذریعے بجلی فراہم کرنے کا کام جاری ہے۔

تحریک انصاف کا ضمنی الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جمعے کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر برائے قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں بھی بدترین دھاندلی کر کے اپنے امیدواروں کو جتوایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے زیادہ لیگی امیدوار کو ووٹ ملنا ہی دھاندلی ہے، لاہور اور گجرات میں جعلی طور پر امیدواروں کو ہروایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نقل کیلیے بھی عقل چاہیے مگر بدقسمتی سے یہاں عقل کا فقدان ہے۔ عمر ایوب نے الزام عائد کیا کہ ڈی پی او گجرات بھی دھاندلی میں ملوث تھے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں دھاندلی کے خلاف جمعے کے روز احتجاج کریں گے، تحریک کا آغاز فیصل آباد سے ہوگا اور پانچ مارچ کو کراچی میں جلسہ ہوگا۔

بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن سے ضمنی الیکشن میں جیتنے والے امیدواروں کی کامیابی کے نوٹی فکیشن روکنے کی استدعا کرتے ہوئے عدالت سے مبینہ دھاندلی پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

بلوچستان میں پہلی ایئرایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان

کوئٹہ: بلوچستان میں حکومت نے صوبے کی پہلی ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ میرسرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ  بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار ایئر ایمبولینس کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔

میر سرفراز بگٹی  کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان کے دو طیاروں میں سے ایک کو ایئر ایمبولینس بنایا جائے گا اورپیپلز ایئر ایمبولینس مریضوں کی ہنگامی منتقلی کے لیے متعین ہوگی۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ہیلتھ سروسز سمیت تمام شعبوں میں سروس ڈلیوری کو بہتر بنایا جاررہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ سازی کی ترجیحات بدل کر خاطر خواہ نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

جمشید دستی اور اقبال خان کی رکنیت بحال، ایوان میں داخلے کی اجازت مل گئی

 اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی نے سنی اتحاد کونسل کے جمشید دستی اور اقبال خان کی رکنیت بحال کرتے ہوئے انہیں اجلاس میں شرکت کی اجازت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر ایاز صادق کی زیر قیادت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں پیش آئی آئی کے اراکین کی رکنیت معطل کرنے اور داخلے پر پابندی کے خلاف تحریک پیش کی۔

ایوان نے اس تحریک کو کثرت رائے سے منظور کیا جس کے بعد اسپیکر اسمبلی نے جمشید دستی اور اقبال خان کی ایوان میں داخلے پر پابندی کے احکامات واپس لے لیے۔

اسپیکر کے احکامات واپس لینے کے بعد جمشید دستی اور اقبال خان کی رکنیت بحال اور دونوں کو ایوان میں حاضری لگانے کی اجازت مل گئی۔

واضح رہے کہ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر ایاز صادق نے جمشید دستی اور محمد اقبال خان کی ہنگامہ آرائی اور آواز کسنے پر قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کردی تھی۔