All posts by Muhammad Saqib

سعودی عرب کا اعلی سطح کا تجارتی وفد آج پاکستان پہنچے گا

اسلام آباد: سعودی عرب سے 50 افراد پر مشتمل اعلی سطح کا تجارتی وفد آج پاکستان پہنچے گا۔

تجارتی وفد میں اہم شخصیات شامل ہیں جو پاکستان میں تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع کا جائزہ لیں گے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے مختلف شعبوں میں تجارتی تبادلہ ہو گا۔

سعودی تجارتی وفد میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 30 کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں ۔ ان کا تعلق ٹیکنالوجی، توانائی، ہوابازی، تعمیرات، مائننگ اور ہیومن ریسورسز سے ہے۔

لاہور کراچی میں پاسپورٹ دفاتر اتوار کو بھی کھلے رکھنے کا اعلان

لاہور اور کراچی میں پاسپورٹ دفاتر 24 گھنٹے کھلے رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عوام کی سہولت کے لئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے دونوں شہروں میں پاسپورٹ دفاتر 24 گھنٹے کھولنے کا فیصلہ کیا۔

محسن نقوی نے لاہور اور کراچی میں پاسپورٹ دفاتر 24 گھنٹے کھلے رکھنے کا اعلان ”ایکس“ پر جاری ایک بیان میں کیا۔

انھوں نے کہا کہ دفاتر 24 گھنٹے کھولنے سے عوام کو سہولت میسر ہوں گی۔

آسٹریلیا میں چاقو سے حملہ کرنے والے نوجوان کو پولیس نے مار ڈالا

مغربی آسٹریلیا میں ایک نوجوان نے چاقو سے حملہ کرکے ایک شخص کو شدید زخمی کردیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران نوجوان کو مار ڈالا۔ یہ واقعہ مغربی آسٹریلیا کے صدر مقام پرتھ کا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ نوجوان کو دہشت گردی کی آن لائن تربیت دی گئی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ ہفتے کی رات کا ہے۔ اس سے قبل مقامی مسلم کمیونٹی کی طرف سے پولیس کو کالز موصول ہوئی تھیں جن میں دہشت گردی کے کسی واقعے کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔

پرتھ کے مضافات مین وِلیٹن میں رونما ہونے والے واقعے کو پولیس نے اب تک باضابطہ طور پر دہشت گردی قرار نہیں دیا ہے۔

اس حوالے سے شواہد کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ نوجوان کے حملے میں زخمی ہونے والا شخص اسپتال میں ہے اور اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

مغربی آسٹریلیا کے وزیرِاعظم راجر کُک نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اب تک تو یہی اندازہ ہوتا ہے کہ یہ واقعہ 16 سالہ نوجوان نے اپنے طور پر کیا اور اُس کی پشت پر کوئی گروہ یا جماعت نہیں۔

یہ واقعہ 15 اپریل کو نیو ساؤتھ ویلز کے شہر سڈنی میں لائیو خطاب کرنے والے ایک بشپ پر قاتلانہ حملہ کرنے والے چند نوجوانوں پر دہشت گردی کے حوالے سے مقدمہ چلائے جانے کے بعد رونما ہوا ہے۔

جُھنڈ میں آزادانہ اڑنے والی روبوٹک مکھیاں

برلن: سائنس دانوں نے ایک ایسی بڑی بائیونک مکھی بنائی ہے جو جُھنڈ کے ساتھ اڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

جرمنی کی آٹو میشن کمپنی فیسٹو کے بائیونک لرننگ نیٹورک سے تعلق رکھنے والے سائنس دانوں کی جانب سے بنائی گئی یہ مکھی 22 سینٹی میٹر لمبی اور پروں کے ساتھ 24 سینٹی میٹر چوڑی ہے جبکہ اس کا وزن 34 گرام کے قریب ہے اور یہ جُھنڈ میں آزادانہ طور پر اڑ سکتی ہے۔

سائنس دانوں کی یہ ٹیم اس مکھی سے قبل چیونٹیوں، کینگرو اور آکٹوپس کے گرپر سے متاثر ہوکر روبوٹ بنا چکی ہے لیکن یہ بائیونک مکھی ان کی سب سے چھوٹی اڑنے والی شے ہے۔
مکھی کے سانچے کے اندر سائنس دانوں نے پروں کے پھڑپھڑانے والے ایک نظام کے ساتھ ایک مواصلاتی کٹ نصب کی ہے۔ یہ مواصلاتی کٹ مکھی کو مرکزی کمپیوٹر اور پروں کے پرزوں سے جوڑ کر رکھتی ہے جس سے حقیقی مکھیوں کی سمت شناسی کی طرح پروں میں حرکت ہوتی ہے۔

کمپنی سے تعلق رکھنے والے ڈینس مگرور نے بتایا کہ ہر مکھی میں ایک جی پی ایس سسٹم ہے لہٰذا وہ اپنی جگہ سے تھری ڈی اسپیس میں کام کر سکتا ہے اور جُھنڈ میں موجود دیگر روبوٹ مکھیوں کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کر سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مکھیوں کے درمیان یہ مواصلات، حقیقی جُھنڈ میں مشاہدہ کیے گئے رابطہ قائم کرنے کے پیچیدہ طریقے کی نقل کے لیے اہم ہوتا ہے۔

کچے میں پولیس اور رینجرز سے مقابلے میں ڈاکو ہلاک، 2 پولیس رضا کار زخمی

گھوٹکی میں پولیس اور رینجرز سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا، جبکہ 2 پولیس رضا کار زخمی ہوگئے۔

پولیس اور رینجرز کا ڈاکوؤں سے فائرنگ کا تبادلہ رونتی کے کچے کےعلاقے میں دوران کارروائی ہوا۔

فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو کی ہلاکت اور پولیس کے دو رضا کاروں کے زخمی ہونے کے بعد مزید نفری طلب کرلی گئی۔

’سر فخر سے بلند کردیا‘ وزیراعظم کی صادق خان کو میئر لندن منتخب ہونے پر مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے صادق خان کو لندن کا میئر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ تیسری بار میئر منتخب ہونا صادق خان کی عوامی خدمت کا ثبوت ہے۔

انھوں نے کہا کہ مستقبل میں صادق خان کی مزید کامیابیوں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ برطانوی پاکستانی نے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کردیا۔

عرب ملک میں 16 سال کے بچوں کو امام مسجد منتخب کرنے کا اعلان

متحدہ عرب امارات میں جہاں دنیا تعلیم کے حوالے سے اہم اقدامات اٹھائے جاتے ہیں، وہیں مذہبی تعلیم سے متعلق بھی خبر سامنے آئی ہے۔

دبئی میں امام بننے کا شوق رکھنے والے بچوں کے حوالے سے دبئی کے ادارے کی جانب سے دلچسپ قدم اٹھایا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ دبئی کے شہزادے شیخ حمدان بن محمد بن راشد المختوم کی جانب سے کم عمر بچوں کو امام بننے کے حوالے سے نئے پراجیکٹ امام الفارج کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم اب اس پراجیکٹ کے حوالے سے باقاعدہ طور پر عرب میڈیا کی جانب سے معلومات شیئر کی جا رہی ہیں۔

اسلامک افیئرز اور چیرٹیبل ایکٹیوٹیز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل احمد درویش المحیری کی جانب سے کہنا تھا اس اقدام کا مقصد دبئی کی مساجد میں نوجوان امام کو لانا ہے جبکہ دبئی کی سوسائٹی میں تعلیم اور اگاہی کے حوالے سے اپنا حصہ ہی ڈالنا ہے۔

امام ال فارج پراجیکٹ کے تحت 16 سال سے 21 سال تک کے درمیان کے بچے چار ماہ کے عرصے میں ٹریننگ حاصل کریں گے، جنہیں مختلف مساجد میں اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی۔

ادارے کی جانب سے 70 مساجد کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں والدین اپنے بچوں کو یکم مئی سے نماز ظہر کے بعد بھیج سکتے ہیں جہاں ان کی ٹریننگ کا اغاز کیا جائے گا۔

اس پراجیکٹ میں دو اہم کردار سامنے آئے ہیں امام الفارج اور موذن الفارج جبکہ امام الفارج کے لیے بچوں کی عمر 16 سے 21 سال تک رکھی گئی ہے جبکہ معظم الفارج کے لیے چھ سال سے 15 سال تک کے بچوں کا انتخاب کیا جائے گا۔

اس دوران بچوں کو امامت نماز اور قرآن کے حوالے سے تعلیم دی جائے گی جبکہ حفظ قرآن بھی کرایا جائے گا۔

شمال سے جنوب! غزہ “مکمل قحط” کا شکار ہے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے سربراہ نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی غزہ “مکمل قحط” کا شکار ہوگیا ہے اور یہ جنوب کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔

غیرملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے سربراہ سنڈی میک کین نے بتایا کہ غزہ کے موجودہ حالات کو دیکھنا بہت مشکل ہے اور سننا اس سے زیادہ دشوار ہے!، وہاں وحشت کا ماحول ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی پوری کوشش کررہے ہیں کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان ہر ممکن حد تک کشیدگی کم کرکے جنگ بندی معاہدہ کرواسکیں۔

دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کے انسانیت سوز مظالم کا سلسلہ تاحال جاری ہے جبکہ غزہ کیلئے آنے والی امداد کو بھی شہر میں جانے نہیں دیا جارہا۔

ادھر اسرائیل کے سرپرست امریکا کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے قطری وزیراعظم کو پیغام پہنچایا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی اور حماس کے ہاتھوں اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا معاملہ طے نہ ہونے کی صورت میں حماس قیادت کو ملک سے بے دخل کردیا جائے۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں اور جنگی جرائم کے نتیجے میں 35 ہزار سے زائد شہادتیں ہوچکی ہیں جس میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔

گیری کرسٹن بھارت سے ویڈیو کال پر قومی کرکٹرز سے مخاطب ہوگئے

لاہور: گیری کرسٹن بھارت سے ویڈیو کال پر قومی کرکٹرز سے مخاطب ہوگئے۔

وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن ویڈیو کال پر قومی کرکٹرز سے مخاطب ہوگئے، ان دونوں آئی پی ایل مصروفیات کی وجہ سے بھارت میں موجود سابق پروٹیز اسٹار نے اپنے پلانز سے آگاہ کیا۔

یکجا ہوکر ویڈیو کال پر بات کرنے والے کھلاڑیوں نے ان سے مختلف سوالات کرتے ہوئے رہنمائی حاصل کی۔

یاد رہے کہ آئرلینڈ میں اظہر محمود ہی ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے،گیری کرسٹن انگلینڈ میں قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

مجھے اور محمد عامر کو بابر اعظم سے کوئی مسئلہ نہیں، عماد وسیم

لاہور: آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا ہے کہ انہیں اور محمد عامر کو کپتان بابر اعظم سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

عماد وسیم نے کہا ہے کہ مجھے اور محمد عامر کو بابر اعظم سے کوئی مسئلہ نہیں، وہ پاکستان ٹیم کے کپتان اور ہم سب انھیں سپورٹ کرتے ہیں، بابر شاید اسی لیے کپتان بنے ہیں تاکہ ہمیں ورلڈکپ جتواسکیں۔

قیادت میں مشاورت دینے کے سوال پر عماد وسیم نے کہا کہ ہم سب کا مقصد جیت ہے، اس لیے ہر انداز میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے۔