All posts by Muhammad Saqib

جمشید دستی کے خلاف پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو دھمکیوں کا مقدمہ درج

مظفرگڑھ: رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے خلاف پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو دھمکیاں دینے اور کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مقدمہ جمشید دستی اوران کے 20 ساتھیوں کے خلاف تھانہ صدر مظفر گڑھ میں درج ہوا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ثنااللہ ریاض نے مراد آباد میں سبزی اور مرغی فروش کو مہنگی اشیا بیچنے پر جرمانے کیے۔

ایف آئی آر کے مطابق جمشید دستی نے جرمانے کی رسیدیں پھاڑڈالیں ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو دھمکیاں دیں ، جمشید دستی 15 سے 20 ساتھیوں سمیت موقع پرپہنچے اور رکن قومی اسمبلی نے سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچا کر کار سرکار میں مداخلت بھی کی۔

پاکستانی اینکر مونا خان یونان گرفتار

 اسلام آباد: سرکاری ٹی وی کی اینکرپرسن مونا خان کو یونان میں حراست میں لے لیا گیا۔

خاتون صحافی اور اینکر پرسن مونا خان ہائیکنگ کے لیے گئی تھیں ۔ ان کا موبائل فون بھی پولیس نےقبضے میں لے لیا۔

مونا خان کے کوچ یوسف کا کہنا ہے کہ  مونا خان کو یونان میں  پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ میرا مونا خان سے رابطہ رہا ہے جو کہ اپنے بیٹے کو ایتھنز میں چھوڑ کر ہائیکنگ کیلئے گئیں تھیں۔  پاکستان سے مونا خان اپنے بیٹے کے ہمراہ بیرون ملک روانہ ہوئیں تھیں۔

مونا خان  کی مبینہ گفتگو بھی منظر عام پر آگئی جس میں ان کا کہنا ہے کہ میرے ساتھ یونانی پولیس نے بدسلوکی کی۔  تمام ہائیکرز ایک ساتھ جمع ہوئے تھے اس دوران جب میں نے پاکستانی پرچم نکالا تو پولیس نے مجھے حراست میں لے لیا۔  مجھ سے سوال کیا گیا کہ آپ پاکستان کا پرچم لہرائیں گی تو میں نے جواب دیا ’’جی‘‘ میں پاکستان کا پرچم لہراؤں گی جس کے بعد مجھے حراست میں لے لیا گیا۔ مونا خان کے کوچ یوسف نے حکومت سے اپیل کی ہے کے مونا خان کی رہائی کیلیے اقدامات کیے جائیں ۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ یونان میں پاکستانی سفارت خانہ مونا خان کی گرفتاری کی وجوہات معلوم کررہا ہے۔ یونانی حکام سے مونا خان تک قونصلر رسائی مانگی ہے۔

’’اپنے والد کی گاڑی کی جاپی آپکو دے دونگی! بابراعظم پاکستان کو میچ جتوائیں‘‘

انگلینڈ میں موجود قومی ٹیم کی خاتون مداح نے انگلینڈ کیخلاف میچ میں کپتان بابراعظم کو سینچری بنانے اپنے والد کی مرسڈیز تحفے میں دینے کی پیشکش کردی۔

ٹک ٹاک پر قومی ٹیم کی خاتون برطانوی نژاد پاکستانی مداح نبیہہ خان ویڈیو تیزی وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اپیل کررہی ہیں کہ آج انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن میں ہونے والے میچ میں کامیابی سمیٹیں، میڈیکل کی طالبہ ہونے کے باوجود اہلخانہ کے ہمراہ ٹیم کو سپورٹ کرنے آؤں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو کھیلنے پر توجہ دینی چاہیے اور ہماری نظریں ان پر ہیں، اور ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ وہ میچ جیتیں، خاص طور پر بابراعظم، براہ کرم ہمیں مایوس نہ کریں!۔

نبیہہ خان کپتان بابراعظم کی خصوصی اشعار بھی کہتے ہوئے کہا کہ اگر بابراعظم آج انگلینڈ کیخلاف میچ میں سینچری اسکور کرتے ہیں تو وہ انہیں اپنے والد کی مرسڈیز تحفے میں دیں گی۔

تندور مالکان نے 15 روپے سے کم روٹی فروخت کرنے سے انکار کر دیا

 لاہور: روٹی اور نان کی قیمتیں کم کرنے پر تندور مالکان اور حکومت کے درمیان ٹھن گئی۔

تندور مالکان نے 15 روپے سے کم روٹی فروخت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اخراجات بڑھ گئے ہیں روٹی 15 پیسے کم فروخت نہیں کریں گے۔

حکومت پنجاب نےلاہور میں روٹی 14 روپے 20روپے نان کی قیمت مقرر کی ہے تاہم تندوروں میں روٹی 15، نان 25 اور کلچہ 30 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔

شہر بھر میں نان روٹی قیمت پر تندورمالکان اور شہریوں میں توں تکرار کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے مقرر کردہ ریٹس پر روٹی اور نان فروخت ہوگا، روٹی اور نان کی قیمت زائد وصول کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایات جاری کی ہیں، روٹی اور نان کی مقررہ کردہ قیمتوں کے حوالے سے افسران مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر پر حملے یا مشکوک سرگرمی کے شواہد نہیں ملے، رپورٹ

تہران: ایرانی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے کی ابتدائی تحقیقات میں کسی مشکوک سرگرمی کے شواہد نہیں ملے۔

ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کی ابتدائی تحقیقات میں کسی مشکوک سرگرمی یا ہیلی کاپٹر پر حملے کے ثبوت نہیں ملے۔

ہیلی کاپٹرحادثے کی تحقیقات کرنے والے  ایرانی فوج کے جنرل اسٹاف نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی جس میں بتایا گیا ہےکہ بلندی پر پہاڑی سلسلے سے ٹکرانے کے بعد ہیلی کاپٹر میں آگ لگ گئی تھی۔ ایرانی صدر کے  ہیلی کاپٹر کے ملبے میں بھی  گولی کا کوئی سوراخ موجود نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق حادثے سے ایک منٹ  قبل واچ ٹاور اور فلائٹ کریو کے درمیان ہوئی آخری گفتگو میں کوئی مشتبہ بات سننے کو نہیں ملی۔ ہیلی کاپٹر کا ملبہ شمال مغربی پہاڑی سلسلے سے ملا جسے ایرانی ڈرونز نے تلاش کیا جب کہ سرچ آپریشن کے دوران شدید دھند اور انتہائی کم درجہ حرارت سے امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہےکہ ایرانی فوج کی جانب سے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے سے متعلق  بیان میں کسی پرالزام عائد نہیں کیا گیا ہے۔  اس حوالے سے ایرانی فوج مزید تفصیلات جاری کرے گی جس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

ایران کے صدر 19 مئی کو ایران اور آذر بائیجان کی سرحد پر ڈیم کا افتتاح کر کے واپس آ رہے تھے کہ ان کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا تھا۔ حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی، ایرانی وزیرخارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام جاں بحق ہو گئے تھے۔

جسٹس محسن اختر کیانی کے خط پر توہینِ عدالت کیس میں عدالتی معاون کا تقرر

 اسلام آباد: ہائی کورٹ نے جسٹس محسن اختر کیانی کے خط پر توہینِ عدالت کیس میں عدالتی معاون مقرر کردیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل عدالت عالیہ کے لارجر بینچ نے جسٹس محسن اختر کیانی کے خط پر توہینِ عدالت کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جسٹس محسن اختر کیانی کے خط پر توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کی گئی ، وقاص ملک ایڈووکیٹ ، صحافی مطیع اللہ جان اور طلعت حسین کو نوٹس جاری کیا جاتا ہے ، آئندہ سماعت سے قبل فریقین اپنے جواب عدالت میں جمع کرائیں ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ پیمرا وقاص ملک کے انٹرویوز کا ٹرانسکرپٹ تیار کرے اور آئندہ سماعت سے قبل عدالت میں جمع کرائے۔ عدالت نے سینئر صحافی حامد میر ، صدر پی ایف یو جے ، سینئر قانون دان احمر بلال صوفی اور سید احمد حسن شاہ کو عدالتی معاون مقرر کرتے ہوئے توہینِ عدالت کیس کی آئندہ سماعت 30 مئی کو مقرر کردی۔

بالی ووڈ اداکارہ نتاشا اور بھارتی کرکٹر پانڈیا کے درمیان طلاق کی تصدیق

 ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ نتاشا اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان ہاردک پانڈیا کے درمیان طلاق کی تصدیق ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نتاشا اور کرکٹر ہاردک پانڈیا کے درمیان طلاق ہوچکی ہے جس کے بعد اب پانڈیا کی 70 فیصد جائیداد کی مالکن اُن کی سابقہ اہلیہ نتاشا بن جائیں گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ طلاق لینے کا فیصلہ ہاردک پانڈیا کا تھا، وہ اپنی اہلیہ نتاشا سے علیحدگی چاہتے تھے تاہم ابھی تک دونوں کے درمیان طلاق کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔

ہاردک پانڈیا اور اداکارہ نتاشا (Natasa Stankovic) کی علیحدگی کی خبروں نے اُس وقت جنم لیا تھا جب مداحوں نے دیکھا کہ نتاشا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل سے پانڈیا کا نام ہٹا دیا ہے۔

اس سے قبل انسٹاگرام پر نتاشا اپنا نام نتاشا اسٹینکووچ پانڈیا لکھتی تھیں، صرف یہی نہیں اداکارہ نے اپنے ہینڈل سے پانڈیا اور اپنی چند تصاویر بھی ڈیلیٹ کردی ہیں۔

دوسری جانب سوشل میڈیا ویب سائٹ ریڈٹ پر ایک صارف نے پوسٹ شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ نتاشا اور ہاردک پانڈیا کے درمیان علیحدگی کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کیونکہ دونوں کچھ عرصے سے ایک دوسرے کے لیے سوشل میڈیا پر کوئی اسٹوری یا پوسٹ شیئر نہیں کررہے۔

پوسٹ میں کہا گیا کہ نتاشا نے اپنے انسٹاگرام ہیںڈل سے پانڈیا کا نام بھی ہٹا دیا ہے جبکہ 4 مئی کو نتاشا کی سالگرہ پر بھی ہاردک پانڈیا کی جانب سے کوئی پوسٹ یا اسٹوری شیئر نہیں کی گئی۔

صارف نے کہا کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران بھی نتاشا نے اپنے شوہر ہاردک پانڈیا کی سپورٹ میں کوئی پیغام جاری نہیں کیا اور نہ ہی اُنہوں نے پانڈیا کے کسی بھی میچ میں شرکت کی۔

پوسٹ کے مطابق نتاشا نے انسٹاگرام سے اپنی اور پانڈیا کی تمام تصاویر کو ڈیلیٹ کردیا ہے، سوائے اُن تصاویر کے جس میں اُن کا بیٹا اُن کے ساتھ ہے۔

واضح رہے کہ ہاردک پانڈیا نے مئی 2020 میں ممبئی کی ایک عدالت میں اداکارہ نتاشا سے شادی کی تھی اور گزشتہ سال فروری میں پانڈیا نے دوبارہ نتاشا سے شادی کی تھی، اس جوڑی کا ایک بیٹا بھی ہے۔

گوادر میں اربوں روپے مالیت کی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

 کوئٹہ: گوادر میں اربوں روپے مالیت کی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناد ی گئی۔

پاکستان کوسٹ گارڈز نے گوادر کے علاقے میرین ڈرائیو میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 273 کلو اعلیٰ کوالٹی کی منشیات برآمد کرکے اربوں روپے مالیت کی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈزکو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ سمندر کے راستے بیش قیمت منشیات اسمگل ہونے کا خدشہ ہے، جس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز نے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں سرچ آپریشن کرنے کے احکامات جاری کیے۔

علاقہ کمانڈرنے موبائل گشت پارٹیاں تشکیل دے کر مشکوک مقامات کی نگرانی شروع کر دی اور اس دوران جھنڈا پوسٹ(میرین ڈرائیو) میں کارروائی کرتے ہوئے مشکوک بوٹ کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 273 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی میتھ آئس برآمد کر لی گئی۔

پکڑی جانے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 54.3 ملین ڈالر کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے۔

آٹو انڈسٹری کی آئندہ بجٹ میں استعمال شدہ گاڑیاں مہنگی کرنے کی تجویز

 اسلام آباد: آٹو انڈسٹری کی جانب سے حکومت کو آئندہ مالی سال 2024-25 کے وفاقی بجٹ میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر عائد ڈیوٹی و ٹیکس بڑھانے اور نان فائلرز کے لیے گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کرنے کی تجاویز دی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں آٹو انڈسٹری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کا شفاف میکنزم یقینی بنایا جائے جس کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو صرف ان کے خاندان کے استعمال کے لیے گاڑیوں کی درآمد کی اجازت مل سکے۔

آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ تجاویز کے حوالے سے ایف بی آر اور وزارت تجارت و وزارت خزانہ کے حکام سے ملا قاتوں کے بعد پاکستان آٹو پارٹس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن ( پاپام )کے چیئرمین کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انڈس موٹرز کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) علی اصغر جمالی کا کہنا تھا کہ آٹوموبائل مینوفیکچررز و پارٹس مینوفیکچررز نے حکومت کو آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے لیے تجاویز دیدی ہیں۔

آٹومینوفیکچررز کی تجاویز کو بجٹ میں شامل کرنے سے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں آٹو موبائل سیکٹر سے حکومت کو 60 سے 70 ارب روپے کا اضافی ٹیکس ریونیو حاصل ہوسکے گا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ موجودہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مقامی آٹو انڈسٹری کو بحران سے نکالنے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے معاون اقدامات کرے گی۔

انڈس موٹرز کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو علی اصغر جمالی نے مزید کہا کہ مقامی آٹو انڈسٹری نے وفاقی حکومت سے آئندہ بجٹ میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر ڈیوٹی اور ٹیکسز میں اضافے کی درخواست کی ہے، تاکہ مستحکم شرح مبادلہ اور شرح سود میں متوقع کمی سے معاشی حالات میں ہونے والی ابتدائی بہتری کا مقامی آٹو انڈسٹری کو فائدہ پہنچایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کی وجہ سے نئے سال کے آغاز سے وابستہ توقعات کے برعکس سال 2024 میں بھی پاکستان کی آٹو انڈسٹری کے لیے کسی بہتر تبدیلی کا آغاز نہیں ہوسکا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات اہم ہے کہ فروری 2024میں گاڑیوں کی فروخت میں 28فیصد کی بہتری دیکھنے میں آئی اور فروری 2023 کی 3642 یونٹس کی فروخت کے مقابلے میں فروری 2024 کی فروخت 7953یونٹس رہی۔

دوسری جانب استعمال شدہ کاروں کی درآمدات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے صرف فروری میں 711 فیصد (3,213 یونٹس کے مقابلے میں 396) اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو پرزہ جات فراہم کرنے والی صنعت اپنا کاروبار اس غیریقینی کاروباری ماحول کی وجہ سے بند کرنے پر مجبور ہو جائے گی جب کہ گاڑیاں تیار کرنے والے پلانٹس گزشتہ کئی ماہ سے 25سے 30فیصد پیداواری گنجائش پر چلا رہے ہیں۔

آٹو انڈسٹری کی طلب پوری کرنے کے لیے وینڈرز انڈسٹری کی اپنی پیداواری گنجائش بڑھانے میں کی گئی بھاری سرمایہ کاری بھی بروئے کار نہیں لائی جارہی اورصرف گاڑیوں کے تقریباً ایک لاکھ یونٹس پر پرزے تیار کر رہی ہے۔ پاپام کے چیئرمین نے بھی اپنے حالیہ بیان میں بتایا کہ لوکل آٹو انڈسٹری نے 2.5ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جب کہ مالی سال 2022میں قومی خزانے میں 400ارب روپے کے محصولات جمع کرائے اور براہ راست و بالواسطہ روزگار کے 25 لاکھ مواقع مہیا کیے، جو اس بحرانی کیفیت کی وجہ سے خطرے میں پڑے ہوئے ہیں۔

جولائی 2023 تا اپریل 2024 استعمال شدہ گاڑیوں کی اوسطاً ماہانہ درآمد 3068یونٹس رہی، جس سے مقامی صنعت کا کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس کا نتیجہ بے روزگاری اور ٹیکسوں میں معاشی نقصان کی شکل میں نکل سکتا ہے۔ استعمال شدہ کاروں سے متعلق غیر ملکی ادائیگیوں کے لیے غیر قانونی مالیاتی چینلز کا استعمال جاری ہے۔

دوسری طرف مقامی آٹو انڈسٹری ملک میں پرزے لانے کے لیے تمام قانونی ذرائع استعمال کرتی ہے، جو مقامی صنعت کے لیے بدستور ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کے لیے ایک شفاف میکنزم کو یقینی بنانا چاہیے، جس کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو صرف ان کے خاندان کے استعمال کے لیے گاڑیوں کی درآمد کی اجازت مل سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ استعمال شدہ گاڑیوں کی بڑے پیمانے پر درآمدات نے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو بھی نقصان پہنچایا اور روپے کی قدر میں کمی کے ساتھ ساتھ معاشی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے مستقبل کی سرمایہ کاری کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹویوٹا کی نئی متعارف کرائی گئی ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل – ٹویوٹا کرولا کراس کی پہلی سہ ماہی کی کارکردگی تسلی بخش رہی ہے۔ ٹویوٹا کرولا کراس اپنی کٹیگری میں مقامی پرزہ جات کے بلند ترین تناسب کی حامل گاڑی ہے، جس میں مقامی پرزوں کا تناسب 50 فیصد سے زیادہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تقریباً 13 برانڈز مجموعی طور پر 40 سے زیادہ ماڈلز مقامی طور پر تیار کر رہے ہیں، جن کی مشترکہ پیداواری صلاحیت سالانہ 5 لاکھ یونٹس پیدا کرنے کی ہے، لیکن استعمال شدہ درآمدی کاریں مقامی آٹو انڈسٹری کی بقا کے لیے چیلنجز پیدا کر رہی ہیں۔

انہوں نے آٹو انڈسٹری کو درپیش صورتحال بتاتے ہوئے مزید کہا کہ مقامی آٹو انڈسٹری کو سپورٹ کرنے کے لیے حکومت سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمدات پر درآمدی ٹیکس کو معقول بنائے، تاکہ مقامی مارکیٹ کو بحال کرنے اور مقامی صنعت کاروں کے مفادات کے تحفظ اور بے شمار ملازمتوں کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے درآمدی گاڑیوں کی آمد کو روکا جا سکے۔

کراچی میں ایم کیو ایم لندن کا انتہائی مطلوب ملزم حامد پیا گرفتار

  کراچی: پاکستان رینجرز اور ضلع سٹی پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے عید گاہ سے انتہائی مطلوب ملزم محمد حامد عرف پیا کو گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے ایک دستی بم بھی برآمد ہوا ہے ۔

ملزم 2009 میں ایم کیو ایم حقیقی کے لیے کام کرتا تھا اس کے بعد ایم کیو ایم لندن گروپ میں شامل ہوگیا۔

ملزم کراچی میں لسانی ، سیاسی ، اور اپنے مخالفین کی ٹارگٹ کلنگ کے علاوہ ڈکیت گروہ کا سر غنہ بھی رہا ہے ۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے 1994 سے اپریل 2014 تک ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا ہے ملزم نے ایک پولیس اہلکار کو بھی شہید کیا تھا۔

ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر 4 جیولری شاپس سے 123 تولہ سونا لوٹنے اور قیمتی بھی لوٹا ہے۔

ملزم لیاری گینگ وار کے ساتھ ملکر بھتہ خوری میں بھی ملوث رہا ہے اور بینک لوٹنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔ ملزم کلاشنکوف ، ایک ایم جی اور ہزاروں کی تعداد میں اسلحہ بھی سپلائی کرتا رہا ہے ۔اس کے خلاف مختلف تھانوں میں 11 مقدمات درج ہیں۔ ، ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔