کراچی: ڈسٹرکٹ ایسٹ کے علاقے گلستان جوہر میں مسلح ملہزمان دن دہاڑے شہری کو گاڑی سمیت اغوا کر کے فرار ہوگئے۔

واردات کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گزشتہ روز گلستان جوہر کے علاقے کانٹینیٹل بیکری کے قریب کھڑی ہوئی ہنڈا سوک کار رجسٹریشن نمبر بی یو ایم 999 ماڈل 2021 میں شہری سوار ہوتا ہے.

اس دوران عقب میں دوسری جانب سڑک پر سفید رنگ کی ٹویوٹا کرولا کار آکر رکتی ہے جس میں سے شلوار قمیض پہنے ہوئے 3 ملزمان اترتے ہیں اور انتہائی دیدہ دلیری کے ساتھ 2 ملزمان کار کے پچھلا دروازہ کھول کر اندر بیٹھ جاتے ہیں۔

تیسرا ملزم ڈرائیونگ سیٹ کا دروازہ کھول کر اسلحے کے زور پر زبردستی سوار ہوتا ہے اور کار کا اسٹیئرنگ خود سنبھال کر کار سوار کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر فرار ہوجاتے ہیں۔

گاڑی چھیننے والے ملزمان نے مغوی ڈرائیور کو سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب اتار دیا اور اس کی گاڑی لیکر فرار ہوگئے جبکہ گلستان جوہر پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس کے حوالے کر دی ۔