All posts by Muhammad Saqib

عمران عباس کا اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر فحش مواد سے لاتعلقی کا اظہار

 اسلام آباد: پاکستانی فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہونے سے متعلق مداحوں کو خبردار کردیا۔

حالیہ عرصے میں کئی بار معروف شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہونے سے متعلق خبریں سامنے آئی ہیں، ہیکرز ناصرف اکاؤنٹ ہیک کرتے ہیں بلکہ اُن شخصیات کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے اُن کے ہیک سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر فحش مواد بھی پوسٹ کرتے ہیں۔

اس حوالے سے اب عمران عباس نے اپنے مداحوں اور دوستوں کو پہلے ہی خبردار کردیا ہے، اداکار نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر پاکستانی اسٹامپ پیپر کی تصویر پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے فحش مواد سے متعلق اظہارِ لاتعلقی کیا۔

عمران عباس نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ حالیہ دنوں میں ایک خطرناک اور سنگین سلسلہ شروع ہوچکا ہے، خدا نخواستہ! اگر آپ کے ساتھ ایسا ہوا تو آپ کو اپنی صفائی میں کچھ کہنے تک کا موقع بھی نہیں ملے گا۔

اداکار نے کہا کہ سوشل میڈیا پر آپ کے اکاؤنٹ کو ہیک کیا جارہا ہے اور اس پر گستاخانہ فرقہ وارانہ اور فحش مواد شئیر کیا جارہا ہے، ایسی صورتحال میں اگر میرے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اس طرح کی کوئی غیر اخلاقی یا گستاخانہ پوسٹ یا میسج شئیر ہوتا ہے تو اس سے میرا کسی قسم کا کوئی تعلق یا واسطہ نہیں ہوگا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ میرے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایسا کچھ مواد شیئر ہوتا دیکھیں تو آپ ذاتی طور پر مجھ سے رابطہ کرکے مجھ سے وضاحت طلب کر سکتے ہیں۔

بابر اعظم کے نام کھلا خط؟

ڈیئر بابر، امید ہے آپ امریکا کے خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہو رہے ہوں گے،یقینی طور پر ٹیم کے ورلڈکپ میں پہلے ہی راؤنڈ سے اخراج پر آپ کو بہت دکھ ہوا ہو گا کیونکہ آپ تو کپتان ہیں، البتہ اب کچھ ہو نہیں سکتا۔

اگر اتوار کو آئرلینڈ کیخلاف میچ ہو تو اسے جیت کر کم از کم ہم وطنوں کے کچھ تو آنسو پونچھ دیں، ہر پاکستانی کی طرح میں بھی آپ کی بیٹنگ کا مداح ہوں لیکن معذرت کے ساتھ بطور کپتان آپ نے کبھی متاثر نہیں کیا، میں نے سنا تھا کپتان نیچرل ہوتے ہیں بنائے نہیں جاتے، اب یہ بات دیکھ بھی لی، ایک بات کہوں بْرا تو نہیں مانیں گے،ویسے آپ کو تو کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن ذرا سی بات کر دیں تو فینز ناراض ہو جاتے ہیں، انھوں نے آپ کو کرکٹ کا عمران خان (سیاسی ) بنا دیا ہے۔

کوئی سوشل میڈیا پر جس طرح خان صاحب کے خلاف بات کرے تو اس کی خیر نہیں ہوتی ویسے ہی بابر اعظم کے بارے میں منفی بات کرنا خود کو ٹرولز کے سامنے پیش کرنے سے کم نہیں، کچھ لوگ کہتے ہیں کہ آپ کی مینجمنٹ ٹیم نے سوشل میڈیا پر ’’پیڈ سروسز‘‘ حاصل کی ہوئی ہیں البتہ میں اس سے متفق نہیں، بھلا بابر اعظم کے جیسے کھلاڑی کو پیسے دے کر سوشل میڈیا پر نام بنانے کی کیا ضرورت ہے، وہ تو ویسے ہی لاکھوں دلوں کی دھڑکن ہے۔

بابر آپ دل پر ہاتھ رکھ کر کہیں کہ کیا ورلڈکپ میں اتنی ناقص کارکردگی کے بعد آئندہ پھر سے قیادت کے اہل ہیں؟ آپ ویراٹ کوہلی کی مثال لیں قیادت چھوڑنے کے بعد ان کی بیٹنگ میں کتنا نکھار آ گیا، آپ بھی دباؤ سے آزاد ہو کر کھیلیں گے تو کارکردگی مزید بہتر ہو گی، ہر روز خبر آتی ہے کہ بابر نے فلاں ریکارڈ توڑ دیا یا بابر اس ریکارڈ میں کوہلی سے آگے نکل گئے لیکن سچ بتائیں کیا اس سے آپ کو دلی سکون ملتا ہے؟

اگر کوئی ریکارڈ توڑے بغیر ایسی خبریں آئیں کہ بابر نے پاکستان کو فلاں میچ جتوا دیا یا بابر نے ٹیم کو ورلڈ چیمپئن بنوا دیا تو کتنا اچھا لگے گا، یقینی طور پر آپ جان بوجھ کر سلو نہیں کھیلتے ہوں گے لیکن اب کرکٹ تبدیل ہو گئی ہے، خود کو اس کے لحاظ سے ڈھالنا ہوگا، ضروری نہیں کہ ہر میچ میں سنچری یا ففٹی بنائیں ، مختصر اننگز میں بھی کلاس نظر آنی چاہیے، شاید قیادت کی وجہ سے آپ محتاط ہو گئے کہ بقیہ بیٹنگ لائن کا بھروسہ نہیں میں جتنی دیر تک کریز پر رہوں اچھا ہوگا، اس سوچ سے فائدے کے بجائے الٹا آپ کو نقصان ہی ہوا ہے۔

کیا یہ اچھا نہیں کہ آئرلینڈ کیخلاف میچ کے بعد آپ پی سی بی سے خود کہیں کہ میں قیادت جاری رکھنا نہیں چاہتا کیونکہ یہ اچھا نہیں لگے گا کہ آپ کو برطرف کیا جائے، ابھی یہ خبریں دیکھیں کہ آپ کو ٹیسٹ میں کپتانی نہیں دی جائے گی، وہ تو پہلے بھی آپ کے پاس نہیں تھی شان مسعود کو ہٹانے کا تو کبھی اعلان نہیں ہوا، شاید ایسی باتیں کر کے عوامی غصہ کم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، مسئلہ یہ ہے کہ آپ کو جب سے کوہلی کے ساتھ ملایا جانے لگا بْرا نہ مانیے گا کرکٹ کی زبان میں آپ کے کالر کھڑے ہو گئے۔

میڈیا کو تو آپ کبھی کچھ نہیں سمجھتے تھے سابق کرکٹرز کو بھی لفٹ کرانا چھوڑ دی، جب کسی سے بات ہوئی وہ یہی کہتا کہ بابر اپنے آپ کو عقل کل سمجھتا ہے کبھی ہم سے مشورہ نہیں لیتا، اسی طرح وہ فینز جو آپ کیلیے لڑنے مرنے پر تیار ہو جاتے ہیں آپ کی ایسی ویڈیوز بھی آئیں جس میں انھیں نظر انداز کر رہے تھے یا رویہ متکبرانہ تھا، بابر ڈیئر دنیا میں بڑے بڑے کرکٹرز آئے اور گئے، یاد وہی رکھے جاتے ہیں جو اچھا کھلاڑی ہونے کے ساتھ بااخلاق بھی تھے۔

شاہد آفریدی جیسے کرکٹرز  اس کی مثال ہیں، آپ کے اپنے دوست کیوں دور ہو گئے وجہ یقینی طور پر جانتے ہوں گے، بیچارہ شاہین آفریدی جو آپ کیلیے بورڈ تک سے بھڑنے کو تیار تھے آپ نے کپتانی قبول کرتے وقت ان کو اعتماد میں ہی نہیں لیا، یہ کیسی دوستی تھی، کئی دیگر دوست بھی یہی کہتے ہیں کہ بابر بدل گیا،البتہ بعض دوستوں کیلیے آپ نے سب کی مخالفت بھی مول لے لی اور ناکامیوں کے باوجود انھیں کھلاتے رہے، اس کی وجہ سمجھ نہیں آتی۔

ورلڈکپ آپ کے لیے سیکھنے کا بھی سنہری موقع ہے، اپنے شخصیت کا بھی جائزہ لیں، یہ سوچیں کہ انگلینڈ اور امریکا جانے سے قبل آپ لوگ سب کی آنکھ کا تارا تھے اب تنقید بھی ہو رہی ہے، ٹیم امریکا سے ہار گئی، اس سے پہلے بھی آپ کی کپتانی میں کئی چھوٹے حریفوں سے شکست ہوئی تھی، یہ سب سگنلز  تھے کہ قیادت چھوڑ کر بیٹنگ پر توجہ دیں لیکن آپ نے ان کو اہمیت نہ دی، بیچارے سرفراز احمد کی ہی مثال سامنے رکھیں انھوں نے کپتانی پر تمام تر توجہ دیتے ہوئے اپنی بیٹنگ کو نظرانداز کیا۔

پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی جتوائی مسلسل فتوحات کا ریکارڈ بنایا مگر ایک ’’بڑے صاحب‘‘ کی حکم عدولی پر وہ باہر ہو گئے، جب تک ٹیم جیتتی رہی سب کو سرفراز ہیرو نظر آتا جہاں ہارنے لگی لوگ ان کے ریکارڈز نکال کر لے آئے کہ اتنی ایوریج ہے، آپ خوش قسمت ہیں کہ بیٹنگ فارم اتنی متاثر نہیں ہوئی، ریکارڈز کے معاملے میں تو آپ ویسے ہی کنگ ہیں،کنگ سے یاد آیا ڈیئر لوگوں کی باتوں میں نہ آیا کریں، کنگ، بادشاہ فلاں کیا کیا کہتے ہیں، آسمان پر چڑھا دیتے ہیں، پھر جب ٹیم ہارے تو زور سے زمین پر لا کر پٹخ دیتے ہیں۔

آپ کو تھوڑا تھوڑا اس کا اندازہ تو ہو رہا ہو گا، بابر بھائی کرکٹ ہے تو آپ ہیں، پلیز خود کو کھیل سے بڑا نہ سمجھیں، اپنے قدم زمین پر رکھتے ہوئے صرف بیٹنگ پر توجہ دیں، پھر دیکھیں اتنے ریکارڈز توڑیں گے کہ لوگ شمار نہیں کر پائیں گے، یہ خط آپ تک رضا راشد پہنچا ہی دیں گے، جو بہتر سمجھیں وہ کریں لیکن پاکستان کو بطور بیٹر آپ کی ضرورت ہے، مستقبل کا فیصلہ کرتے ہوئے اس بات کو ضرور مدنظر رکھیے گا۔

ٹی 20 ورلڈکپ؛ پاکستان آج آئرلینڈ سے ٹکرائے گا

کراچی: پاکستان ٹیم آج ورلڈکپ میں اپنا آخری میچ آئرلینڈ سے کھیلے گی تاہم مقابلے میں موسم کی دخل اندازی کا خطرہ بدستور موجود ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈکپ میں اپنا آخری میچ اتوار کو آئرلینڈ کے خلاف لاؤڈرہل میں کھیلے گی تاہم اس کے بھی موسم کی وجہ سے متاثر ہونے کا خطرہ موجودہے، گرین شرٹس پہلے ہی سپر8 راؤنڈ کی دوڑ سے باہر ہوچکے ہیں۔

گروپ اے سے بھارت اور امریکا اگلے راؤنڈ میں جگہ بناچکے ہیں جبکہ پاکستان کو ان دونوں ٹیموں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا، اس نے اب تک کھیلے گئے 3 میچز میں سے صرف ایک میں کینیڈا کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے۔

فلوریڈا میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال ہے، لاؤڈرہل میں خراب آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے ہی امریکا اور آئرلینڈ کا میچ ختم قرار دیدیا گیا تھا جس میں ایک قیمتی پوائنٹ حاصل کرکے امریکا نے ورلڈ کپ میں اپنی ہی انٹری کو دوسرے راؤنڈ میں رسائی سے یادگار بنالیا۔

پاکستانی الیون میں کم سے کم 2 تبدیلیوں کا امکان ہے، ابرار احمد اور عباس آفریدی کو موقع مل سکتا ہے۔

ٹی20 ورلڈکپ؛ عماد وسیم نے بھارت سے شکست کا ذمہ دار خود کو ٹھہرا دیا

ٹی20 ورلڈکپ میں آئرلینڈ کیخلاف میچ سے قبل قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے بھارت کیخلاف میچ میں شکست کا ذمہ دار خود کو ٹھہرا دیا۔

میگا ایونٹ میں امریکا، بھارت کے ہاتھوں شکست اور پھر کینیڈا کیخلاف کم مارجن سے کامیابی نے قومی ٹیم کو ایونٹ کے پہلے راؤنڈ سے باہر کردیا ہے تاہم اب رسمی طور پر پاکستان آج آئرلینڈ کیخلاف آخری گروپ میچ میں حصہ لے گا۔

میچ سے قبل پری میچ کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے نیویارک میں بھارت کے خلاف میچ میں شکست کا ذمہ دار خود کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ہماری ناکامیوں کی وجہ ہمارا ذہنیت ہے دیگر ٹیمیں نئی سوچ کیساتھ آگے بڑھ رہی ہیں لیکن ہم پیچھے رہ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کی ضرروت ہے لیکن یہ میرا ڈومین نہیں، نیویارک کی پچز مشکل تھیں لیکن ہمیں جیت حاصل کرنی چاہیے تھی۔ فلوریڈا میں امریکا اور آئرلیںڈ کا اہم میچ بارش کی نذر ہوا لیکن اسکا الزام آئی سی سی پر نہیں لگا سکتے۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم آج فلوریڈا کے فورٹ لاڈر ہل اسٹیڈیم میں آئرلینڈ کے مدمقابل آئے گی۔

پروسٹیٹ کینسر کی بہتر انداز میں تشخیص کرنے والا اے آئی ماڈل

محققین نے ایک ایسا مصنوعی ذہانت کا ماڈل وضع کیا ہے جو پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص اسپتال کے ڈاکٹروں سے بہتر انداز میں کر سکتا ہے۔

نیدرلینڈز کی ریڈ بوڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک ایسا کمپیوٹر سسٹم بنایا ہے جس کی تربیت اور آزمائش 10 ہزار سے زائد پروسٹیٹ ایم آر آئی معائنوں میں پر کی گئی ہے۔

تحقیق میں معلوم ہوا کہ مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے نصف تعداد میں ’غلط مثبت‘ نتائج سامنے آئے۔

ڈاکٹروں کا ماننا ہے کہ یہ نظام مردوں کو لاحق ہونے والے سب سے عام کینسر میں بغیر علامت تشخیص اور غیر ضروری سرجریز کی تعداد کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

محققین کے مطابق اے آئی کو استعمال کرتے ہوئے اسکین کا معائنہ دنیا بھر میں میڈیکل ایمیجنگ کی بڑھتی مانگ کو پورا کرنے میں اہم ہوگا۔

اپنی نوعیت کی پہلی تحقیق میں بین الاقوامی محققین کی ٹیم نے نیدرلینڈز میں 9ہزار 129 مریضوں کے 10 ہزار 207 ایم آر آئی معائنوں کو استعمال کرتے ہوئے ٹیکنالوجی وضع کی۔

بعد ازاں اس کو مزید 1000 مریضوں کے اسکینز پر آزمایا گیا تاکہ اس بات کا تعین کیا جاسکے کہ یہ افراد کینسر میں مبتلا ہیں یا نہیں اور اگر ہیں تو ان کا مرض کتنا شدید ہے۔

اس ٹیکنالوجی کا موازنہ 20 ممالک کے 60 ریڈیو لوجسٹ کے ساتھ کیا گیا جن کا ایم آر آئی اسکین پڑنے کا تجربہ اوسطاً پانچ سے 10 سال کے درمیان تھا۔

دنیا کا سب سے پستہ قد شادی شدہ جوڑا

برازیل کے جوڑے نے دنیا کا سب سے پستہ قد شادی شدہ جوڑا ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

اکتیس سالہ پاؤلو گیبریل ڈا سلوا باروس اور 28 سالہ کاٹیوسیا لی ہوشینو پہلی بار 2006 میں ملے تھے، شادی کے بندھن میں بندھنے سے قبل یہ جوڑا 15 سال سے زیادہ عرصے تک لونگ پارٹنر شپ میں تھا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق جوڑے کی مشترکہ اونچائی 181.41 سینٹی میٹر (5 فٹ 9 انچ) ہے۔ پاؤلو کی اونچائی 90.28 سینٹی میٹر (35.54 انچ) ہے جبکہ کیٹیوسیا کی اونچائی 91.13 سینٹی میٹر (35.88 انچ) ہے۔

اس جوڑے کا کہنا ہے کہ ہم چھوٹے ضرور ہیں لیکن ہمارے دل بڑے ہیں اور ہماری زندگی میں ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ ہر ایک کے لئے بہت پیار ہے۔ ہماری زندگی چیلنجز سے خالی نہیں لیکن ہم بہت خوش ہیں کہ ہم مل کر ان مشکلات سے نمٹ سکتے ہیں۔

گوگل پوڈکاسٹ ایپ کب بند کی جائے گی؟

کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی گوگل آئندہ چند دنوں میں ایک اور مشہور ایپ پوڈکاسٹ بند کرنے جا رہی ہے۔

گوگل پوڈ کاسٹ ایپ صارفین کے لیے 2018 سے پلے اسٹور پر دستیاب ہے۔ تاہم، چند ہی دنوں میں یہ ایپ بند کردی جائے گی۔

کمپنی کی جانب سے یہ سروس امریکا میں پہلے ہی بند کی جا چکی ہے اور دیگر ممالک میں 24 جون کو بند کر دی جائے گی۔

اگرچہ گوگل پوڈ کاسٹ صرف گوگل پلے اسٹور سے 50 کروڑ بار ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔ اس کے باوجود کمپنی چاہتی ہے کہ صارفین پوڈکاسٹ سننے کے لیے یوٹیوب میوزک ایپ کا استعمال کریں۔

گزشتہ برس گوگل نے اس سے متعلق اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم پوڈکاسٹ کے سنہرے دور میں رہ رہے ہیں اور یہ وہ وقت ہے جب اس کے لیے ایک جگہ مختص کیا جائے۔

گوگل کے اس فیصلے پر صارفین نے انتہائی ناراضی کا اظہار کیا ہے، اور کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ وہ یوٹیوب میوزک استعمال نہیں کرنا چاہتے۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ریڈ اِٹ پر ایک صارف کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں لگتا کہ یوٹیوب میوزک پر وہ تمام پوڈ کاسٹ موجود نہیں ہوں گے جو گوگل پوڈ کاسٹ میں دستیاب ہیں۔

شہریار منور اور ماہین صدیقی کی شادی کی خبریں زیرِ گردش

پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار شہریار منور اور اداکارہ ماہین صدیقی کی شادی کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں۔

شریار صدیقی کا شمار پاکستان کے باصلاحیت اور پُرکشش اداکاروں میں ہوتا ہے، اُنہوں نے زندگی گلزار ہے، آسمانوں پہ لکھا، پہلی سی محبت اور کچھ اَن کہی جیسے ڈراموں سے شہرت حاصل کی۔

وہ اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ مصنف، پروڈیوسر اور ہدایت کار بھی ہیں، مداحوں نے اسکرین پر اُنہیں اداکارہ مایا علی کے ساتھ خوب پسند کیا ہے اور مداح یہی چاہتے ہیں کہ شہریار منور اصل زندگی میں بھی مایا علی سے شادی کرلیں لیکن افواہیں اس کے برعکس ہیں۔

سوشل میڈیا کے معروف اور مختلف پیجز پر شہریار منور کی شادی سے متعلق سے افواہیں گردش کررہی ہیں، ان افواہوں کے مطابق شہریار منور رواں سال دسمبر میں ماہین صدیقی سے شادی کریں گے۔

پوسٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ شہریار منور نے ماہین صدیقی کی حالیہ تصاویر پر کمنٹ کرتے ہوئے دل والا ایموجی بنایا، جس سے یہ تاثر جارہا ہے کہ شاید، دونوں فنکاروں کے درمیان واقعی میں محبت کا رشتہ قائم ہے۔

اس خبر پر مداحوں کی جانب سے ملے جلے ردعمل سامنے آرہے ہیں، کچھ مداح اس خبر پر حیران ہوئے جبکہ کچھ مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

چند مداحوں نے ماہین صدیقی اور گلوکار و اداکار اذان سمیع خان کی شادی کی افواہ پر بھی تبادلہ خیال کیا جو نومبر 2022 میں پھیلی تھیں۔

ٹی20 ورلڈکپ؛ آسٹریلیا نے اسکاٹ لینڈ کو ہرا کر انگلینڈ کو بچالیا

سینٹ لوشیا: آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے 35 میچ میں آسٹریلیا نے اسکاٹ لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

آسٹریلیا نے اسکاٹ لینڈ کا 181 رنز کا ہدف 19.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

کینگروز کے بیٹسمین ٹریوس ہیڈ سب سے نمایاں بیٹسمین تھے جنہوں نے 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، مچل مارش نے 8، گلین میکسویل 11 اور مارکوس اسٹوئنس نے 59 رنز کی اننگز کھیلی، ٹم ڈیوڈ 24 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے سفیان شریف اور مارک واٹ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ بریڈ وہیل نے 1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، اسکاٹ لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔

اسکاٹ لینڈ کے برینڈن میکمولن سب سے نمایاں بیٹسمین تھے جنہوں نے 34 گیندوں پر 60 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، برینڈن کی اننگز میں 6 بلند و بالا چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔

جارج مونے 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، میتھیو کراس 18 رنز بنا سکے، جبکہ اسکاٹ لینڈ کے کپتان رچی بیرنگٹن نے ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کے لیگ اسپنر ایڈم زمپا اس میچ میں صرف ایک ہی وکٹ لے سکے، ناتھن ایلس اور ایشٹن ایگر نے بھی 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کینگروز آف اسپنر گلین میکسویل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ گروپ بی سے آسٹریلیا پہلے ہی سپر 8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے۔

آسٹریلیا میگا ایونٹ کے گروپ بی میں 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، اور وہ پہلے سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے جبکہ انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ 5،5 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہے۔

مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں عید الاضحیٰ کی نماز ادا کر دی گئی

مکہ مکرمہ: مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں عید الاضحیٰ کی نماز کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔

نماز کی ادائیگی کے بعد فضا عید کی تکبیرات کے ورد اور اللہ اکبر کی صداؤں سے گونج اٹھی، عید الضحیٰ کی نماز کے لیے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں لاکھوں عازمین حج اور مقامی افراد شریک ہوئے۔

سعودی عرب میں عید الضحیٰ کی نماز کے سب سے بڑے اجتماع کے موقع پر حرم شریف کے شیخ الحدیث عبدالرحمان السدیس نے عید کی نماز کا خطبہ دیا۔

حجاج کرام سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کریں گے اور قربانی کے بعد احرام کھول دیے جائیں گے۔

اس موقع پر اسلام کی سر بلندی، امتِ مسلمہ کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔