اوپن مارکیٹ میں ایرانی ریال کی قیمت میں غیر معمولی پیشرفت سامنے آئی ہے۔
پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ایک کروڑ ریال کا بنڈل آٹھ ہزار سے دس ہزار پاکستانی روپے کے درمیان فروخت ہو رہا ہے۔
ریال کی قیمت میں تیزی کا رجحان برقرار ہے، لاہور، کراچی اور کوئٹہ کے کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ایرانی ریال کی مانگ میں اضافے کی وجہ سے بین الاقوامی ریٹ کے برعکس ایرانی ریال کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اضافے کی ایک وجہ یہ ہے کہ بڑے ٹریڈرز اور انفرادی سرمایہ کاراس لیے ریال خریدنے میں مصروف ہیں کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ ہونے اور پابندیوں کے خاتمے کے بعد ریال کی قدر بڑھ سکتی ہے اور انہیں بڑا منافع حاصل ہونے کی امید ہے۔
ماہرین نے ایرانی کرنسی خریدنے والے کو خبردار کیا ہے کہ ایرانی ریال انٹرنیشنل سطح پر غیر مستحکم کرنسی ہے، مقامی مارکیٹ میں قیمتیں کسی بھی تبدیلی کی وجہ سے کم ہو سکتی ہیں۔






































