All posts by Khabrain News

پاکستانی بالرز نے نیوزی لینڈ کیخلاف آخری 10 اوورز میں کتنے رنز دیے؟

چیمپئینز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستانی بالرز نے نیوزی لینڈ کیخلاف ایک مرتبہ پھر آخری 10 اوورز میں رنز کے انبار لگادیے۔


گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں پاکستان کیخلاف 320 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا تھا جبکہ ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس 47.2 اوورز میں 260 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔

ابتدائی پاور پلے اور درمیانی اوورز میں پاکستانی بالنگ لائن نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور 30 اوور میں کیویز نے 150 جبکہ اگلے 10 اوورز یعنی 40ویں اوور تک 200 رنز بنائے تھے۔

مقابلہ حسن جیتنے والی امریکی دوشیزہ جان لیوا حادثے کا شکار

امریکا کی مقابلہ حسن جیتنے والی 18 سالہ دوشیزہ کیڈانس فریڈرکسن ایک خطرناک حادثے کا شکار ہوگئیں۔

کیڈانس فریڈرکسن نے کم عمری میں ہی ’’مس اوکالوسا کاؤنٹی ٹین یو ایس اے‘‘ کا مقابلہ حسن جیتا تھا اور انھیں حال ہی میں کالج کےلیے 40 ہزار ڈالر اسکالر شپ ملی تھی۔

رپورٹس کے مطابق، کیڈانس 17 فروری کو فلوریڈا کی ایک شاہراہ پر گاڑی چلا رہی تھیں جب ان کی گاڑی ایک ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کیڈانس موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ پولیس حکام اس حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ اس کے اصل اسباب کا پتہ چل سکے۔

فلوریڈا ہائی وے پیٹرول کے مطابق کیڈینس کا کار حادثہ پیر کے روز اسٹیٹ ہائی وے 4 پر پیش آیا، جہاں ان کی گاڑی ایک ٹریکٹر ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ 56 سالہ ٹریکٹر ڈرائیور معمولی زخمی ہوا، جبکہ کیڈینس کی موت ہو گئی۔

کیڈانس کی والدہ نے بتایا کہ یہ حادثہ ان کے گھر سے محض تین منٹ کی دوری پر پیش آیا۔ کیڈانس کی ناگہانی موت نے ان کے خاندان، دوستوں اور پورے علاقے کو سوگوار کردیا۔

کیڈینس فریڈرکسن نے 7 فروری کو اپنے انسٹاگرام پر بتایا تھا کہ انہیں ایلیسن میک کرینی انگرم فاؤنڈیشن کی طرف سے اسکالرشپ ملی ہے۔ انہوں نے یہ خوشی کا اعلان اپنی موت سے صرف ایک ہفتہ قبل کیا تھا۔

کیڈینس  نے اپنے انسٹاگرام پر لکھا تھا، ’’یہ فراخدلانہ تعاون میرے مستقبل کو سنوارنے اور میرے خوابوں کو پورا کرنے میں مدد دے گا۔ انگرم فیملی، فاؤنڈیشن، اور اس میں شامل ہر شخص کا شکریہ!‘‘

خاندان کے افراد کے مطابق کیڈینس کو نو کالجوں سے آفر مل چکی تھی، اور وہ ویٹرنیرین بننے کا خواب دیکھ رہی تھیں۔

2017 میں جب کیڈینس کو لِٹل مِس نارتھ ویسٹ فلوریڈا کا تاج پہنایا گیا تھا تو انہوں نے ’’کیڈا پرومِس‘‘ نامی ایک چیریٹی پروگرام شروع کیا، جو فوسٹر کیئر، بے گھر اور تشدد کے پناہ گاہوں، اور اسپتالوں میں بچوں کو ٹیڈی بیئرز اور کمبل فراہم کرتا تھا۔

کیڈینس نے ’’کیڈا پرومِس‘ کے ذریعے چیریٹی کے کام کے علاوہ رونالڈ میک ڈونلڈ ہاؤس کےلیے 25 ہزار ڈالر بھی جمع کیے تھے۔

مصطفیٰ عامر قتل کیس: ملزم کا نوجوان کو زندہ جلانے کا اعتراف

اغوا کے بعد دوست کے ہاتھوں قتل کیے جانے والے نوجوان مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تحقیقات کے دوران سنسنی خیز انکشافات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزم ارمغان نے دوران تفتیش نوجوان کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملزم  نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ فولڈنگ راڈ سے پہلے مصطفیٰ کے ہاتھوں اور پیروں پر مار کر زخمی کیا، اس کے بعد اپنی رائفل اٹھا کر مصطفیٰ کی جانب تین فائر بھی کیے لیکن فائر مصطفیٰ کو نہیں لگے،  فائر وارننگ دینے کے لیے کیے تھے۔

ملزم  نے انکشاف کیا کہ 8 فروری کو پولیس کے چھاپے کے دوران پولیس کو  بنگلے میں داخل ہوتا دیر سے دیکھا،  پولیس کو بروقت دیکھ لیتا کو پولیس سے فائرنگ کا تبادلہ اور طویل ہو سکتا تھا، خیابان محافظ سے دریجی تک میں مصطفیٰ کی گاڑی خود ڈرائیو کرکے پہنچا۔

ملزم ارمغان نے انکشاف  کیا کہ  ہم نے مصطفیٰ کے منہ پر ٹیپ لگایا تھا اور ہاتھ پاؤں باندھ دیے تھے، مصطفیٰ کی گاڑی کو آگ لگائی تو مصطفیٰ زندہ اور نیم بیہوشی کی حالت میں تھا۔

ذرائع کے مطابق پولیس حکام نے ملزم ارمغان کے بیان کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی، گرفتار ملزم کے پلان بی، شیروں اور فارم ہاؤس سے متعلق تفتیش جاری ہے۔

پولیس حکام نے دعویٰ  کیا کہ ارمغان خود نشہ فروخت بھی کرتا تھا اور نشہ استعمال بھی کرتا تھا، ارمغان نے نشہ فروخت کرنے کے بعد کال سینٹرکا کاروبار شروع کیا، ارمغان کے گھر سے جس خاتون کا ڈی این اے ملا تھا، اس لڑکی نشاندہی ہوگئی۔

پولیس حکام  کے مطابق پولیس نے مذکورہ لڑکی کی تلاش شروع کردی، مذکورہ لڑکی نیوایئرنائٹ پر ارمغان کے تشدد سے زخمی ہوئی تھی۔

کچھ لوگ سازشیں کرکے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے رہے، عظمی بخاری

وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ کچھ لوگ سازشیں کرکے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کرتے رہے۔

پنجاب کی وزیراطلاعات عظمی بخاری نے لاہور میں صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ فروری کا مہینہ مل کی تاریخ میں اہمیت کا حامل ہے۔ 8 فروری کے الیکشن کے وقت قوم ڈیفالٹ کے دہانے پر تھی۔ کچھ لوگ سازشیں کرکے ملک کو نقصان پہنچاتے رہے۔ مریم نواز نے 26 فروری کو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف لیا۔ مریم نواز کی پنجاب حکومت نے ایک سال میں مفروضوں کو غلط ثابت کیا اور کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے۔ نارووال میں سڑکوں کا افتتاح جلسے کی شکل اختیار کرگیا۔

عظمی بخاری نے کہا کہ یہ ان تجزیہ کاروں اور نام نہاد صحافیوں کےلئے سبق ہے جو کہتے تھےن لیگ ختم ہو گئی۔ عوام کو گالی گلوچ اور وفاق پرحملہ کرنا پسند نہیں۔ خدمت کا مقابلہ کریں دلیل ختم ہوجاتی ہے تو آواز اونچی ہو جاتی ہے۔ گھٹیا باتیں اور الزامات وہ لگاتے ہیں جن کی تربیت نہیں ہوتی۔ مریم نواز کی عوامی خدمات کا مقابلہ کریں۔ آپ نے اپنے صوبے کو کیا دیا۔ کارکردگی اور خدمت ن لیگ کا طرہ امتیاز ہے۔ اگلا سال اس سے بھی بہترین ہوگا۔ا۔

چیمپئینز ٹرافی؛ بھارت کیخلاف بنگلادیش نے ابتدائی 5 وکٹیں محض 10 اوورز میں گنوادیں

آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے دوسرے میچ میں بنگلادیش کی آدھی ٹیم بھارت کیخلاف محض 10 اوورز میں 39 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔


دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلادیش کا آغاز نہایتی مایوس کُن رہا، اوپنر سومیا سرکار اور کپتان نجم الحسن شانتو بغیر کوئی رن بنائے جبکہ مہدی حسن 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ تنزید حسن واحد بیٹر تھے جنہوں نے 25 رنز بنائے تاہم وہ بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی اور اکشر پٹیل نے 2، ، 2 جبکہ ہرشیت رانا ایک کھلاڑی کو پویلین کی واہ دیکھائی

بنگلادیشی ٹیم کے کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نےکہا کہ کوشش ہوگی حریف ٹیم کیخلاف زیادہ سے زیادہ رنز اسکور کرسکیں۔

اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ کوشش ہوگی بنگال ٹائیگرز کیخلاف اٹیک کریں اور میچ میں فتح سمیٹیں۔

بنگلادیش کا اسکواڈ:

کپتان نجم الحسین شانتو، تنزید حسن، سومیا سرکار، توحید ہردوئے، مشفق الرحیم، جیکر علی، مہدی حسن میراز، رشاد حسین، تسکین احمد اور تنظیم حسن

بھارت کا اسکواڈ:

کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس آئیر، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، اکشر پٹیل، کلدیپ یادیو، ہرشیت رانا اور محمد شامی

26 نومبر احتجاج؛ پی ٹی آئی کارکنوں کو فوری رہا کرنے کا حکم

عدالت نے 26 نومبر احتجاج  کے کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کارکنوں کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 26  نومبر احتجاج کے تناظر میں گرفتار 120 سے زائد پی ٹی آئی کارکنوں کی ضمانتیں منظور  کرلیں اور انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے ملزمان کی ضمانتیں منظور کیں۔ عدالت نے 120 گرفتار پی ٹی آئی کارکنوں کو بیان حلفی پولیس اسٹیشن میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ بیان حلفی دیں کہ آئندہ ایسا جرم نہیں کریں گے۔

دوران سماعت وکیل علی بخاری ، بابر اعوان ، مرتضیٰ طوری و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے 20 ہزار روپے کے مچلکے اور ایک شورٹی جمع کرانے کا حکم دیا۔

چیمپئنز ٹرافی: پاک بھارت ٹاکرے کیلئے قومی ٹیم دبئی روانہ

آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی میں اپنا اہم ترین میچ کھیلنے کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کراچی سے دبئی کیلئے روانہ ہوگئی۔

قومی ٹیم چیمپئینز ٹرافی کے ہائی وولٹیج ٹاکرے کیلئے دبئی روانہ ہوگئی ہے تاہم نیوزی لینڈ کیخلاف انجری کا شکار ہونیوالے فخر زمان ٹیم کے ہمراہ نہیں جاسکے۔

گزشتہ روز نیوزی لینڈ کیخلاف میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے فخر زمان پٹھوں میں موچ آجانے کے سبب انجری کا شکار ہوئے تھے جبکہ فخر کے متبادل کا اعلان آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کی اجازت کے بعد ممکن ہوگا۔

فخر زمان کے ممکنہ متبادل کھلاڑیو میں امام الحق یا عبداللہ شفیق شامل ہیں، جن میں سے کسی ایک کو کھیلنے کا موقع ملے گا، قبل ازیں ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل صائم ایوب ٹخنے کی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوگئے تھے۔

بھارت کے خلاف میچ میں ناکامی پاکستان کو چیمپئینز ٹرافی کی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردے گی، قومی ٹیم کیلئے یہ میچ کرو یا مرو کی صورتحال اختیار کرچکا ہے۔

پاکستان ٹیم دبئی پہنچنے کے بعد آج آرام کرے گی جبکہ جمعہ کو پریکٹس سیشن میں حصہ لے  گی۔

انسداد دہشتگردی کیلیے پُرعزم؛ پاک ترکیہ افواج کی مشترکہ مشقیں ختم

انسداد دہشت گردی کے لیے پُرعزم پاکستان اور ترکیہ کی افواج کی مشرکہ مشقیں ختم ہو گئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک ۔ ترکیہ اتاترک ۔ XIII کے عنوان سے پاک فوج اور جمہوریہ ترکیہ کی افواج کے درمیان انسداد دہشت گردی کے شعبے میں مشترکہ مشق کی اختتامی تقریب چراٹ میں منعقد ہوئی۔

یہ دو ہفتوں پر محیط مشق 10 فروری کو شروع ہوئی تھی، جس میں پاکستان آرمی کے اسپیشل سروسز گروپ  کی 2کمبیٹ ٹیموں اور جمہوریہ ترکیہ کی اسپیشل فورسز کے 36 اہلکاروں نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈر 11 کور تھے جب کہ جمہوریہ ترکیہ سے بریگیڈیئر جنرل احمد عاشق نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

 مشق کے دوران دونوں ممالک کے فوجی دستوں نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔

مشق کا مقصد مشترکہ تربیت کے ذریعے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید نکھارنا اور دوستانہ ممالک کے درمیان تاریخی عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔  مشق میں شریک فوجی دستوں نے اس مشترکہ تربیت سے بھرپور استفادہ کیا۔

نتاشا بیگ کی شادی؟ گلوکارہ نے راز کھول دیا

پاکستان کی مشہور گلوکارہ نتاشا بیگ نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنی شادی سے متعلق انکشافات کیے ہیں، جس نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے۔

نتاشا بیگ کا کہنا ہے کہ اگرچہ ان کا فی الحال شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے، لیکن ان کی خواہش ہے کہ وہ کسی کورین اداکار سے شادی کریں۔

نتاشا نے انٹرویو میں بتایا کہ وہ کورین ڈراموں کی بہت بڑی مداح ہیں اور اب انہیں وہاں کے مردوں کی خوبصورتی اور شخصیت کا احساس ہوچکا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ کورین زبان سیکھ رہی ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ کورین زبان کے کئی الفاظ اردو اور ان کی مادری زبان بروشسکی سے مشابہت رکھتے ہیں۔

کوک اسٹوڈیو سے شہرت پانے والی گلوکارہ نے مزید بتایا کہ اگرچہ فی الحال ان کا شادی کا کوئی منصوبہ نہیں، لیکن ان کی خواہش ہے کہ ان کی شادی کسی کورین اداکار سے ہو، عام مرد سے نہیں۔ انہوں نے اپنے پسندیدہ دو کورین اداکاروں کے نام بھی بتائے جنہیں وہ دل سے پسند کرتی ہیں۔

نتاشا بیگ نے انٹرویو میں یہ بھی بتایا کہ انہیں ان کی شکل و صورت کی وجہ سے زیادہ تر لوگ چینی سمجھتے ہیں اور جب وہ اردو میں بات کرتی ہیں تو لوگ مزید حیران ہوجاتے ہیں کہ چینی خاتون اردو بھی صاف بول لیتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ بچپن میں کرکٹر تھیں اور انہوں نے تقریباً 19 سال کی عمر تک کرکٹ کھیلی۔

نتاشا بیگ کے اس انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قسم کے ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ لوگ ان کی خواہش کو مزاحیہ قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ لوگ ان کی خواہش پوری ہونے کی دعا دے رہے ہیں۔

حجاب پر نئی پابندی: فرانس میں مسلم خواتین کے لیے مشکلات بڑھ گئیں

پیرس: فرانسیسی سینیٹ نے کھیلوں کے مقابلوں میں حجاب سمیت تمام مذہبی علامات پر پابندی کے بل کی منظوری دے دی، جس پر انسانی حقوق کے کارکنوں اور بائیں بازو کے سیاستدانوں نے سخت تنقید کی ہے۔

فرانس کی دائیں بازو کی اکثریت والی سینیٹ نے 210 ووٹوں کے مقابلے میں 81 ووٹوں سے اس متنازعہ بل کو منظور کیا، جس کے تحت تمام کھیلوں کے مقابلوں میں ایسے نشانات یا لباس پہننے پر پابندی ہوگی جو سیاسی یا مذہبی وابستگی ظاہر کرتے ہوں۔

یہ بل ابھی قانون بننے کے لیے نیشنل اسمبلی میں منظوری کا محتاج ہے، تاہم دائیں بازو کی حکومت نے اس کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

بل کی حمایت کرنے والے سیاستدانوں کا کہنا ہے کہ یہ قانون فرانس میں سیکولر ازم کے اصولوں کے مطابق ہے اور کسی بھی قسم کی مذہبی علامتوں کو کھیلوں سے باہر رکھنا ضروری ہے۔ تاہم، بائیں بازو کے سیاستدانوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور مسلم کمیونٹی نے اسے امتیازی اور اسلاموفوبیا پر مبنی اقدام قرار دیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے خبردار کیا کہ یہ قانون مسلم خواتین کے خلاف مذہبی، نسلی اور صنفی امتیاز کو مزید بڑھا دے گا۔ اقوام متحدہ کے ماہرین نے بھی فرانس میں حجاب پر عائد پابندیوں کو غیر متناسب اور امتیازی قرار دیا ہے۔

فرانس کے وزیر داخلہ فرانسوا-نویل بفے نے بل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک میں علیحدگی پسندی کے خلاف ایک اہم قدم ہے۔ دائیں بازو کے سینیٹر مائیکل ساوین نے کھیلوں میں مذہبی نشانات پر پابندی کو فرانسیسی سیکولر اصولوں کے تحفظ کے لیے ضروری قرار دیا ہے۔